مسلسل بارشوں کا قہر:تحصیل منڈی میں متعدد سڑکیں تباہ

منڈی+ مینڈھر//گزشتہ دو دن کی مسلسل بارش نے جہاں پوری ریاست میں تباہی مچائی ہے وہیں ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں بھی شدید بارش کی وجہ کافی نقصان ہوا ہے۔مزیدتفصیلات کے مطابق  تحصیل کے دور دراز علاقہ جات میں عوامی املاک کو نقصان پہنچا وہیں 14سے زائد رہایشی مکانات کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے ۔شدید بارش کی وجہ سے گزشتہ روز منڈی کے بائیلہ علاقہ میں بھاری پسی گرنے کی وجہ سے ایک ٹاٹا موبائل تباہ ہو گئی تھی جس میں سوار دو افراد لقمہ اجل بن گئے تھے اور ایک شخص شدید زخمی ہو گیا تھا جسے میڈیکل کالج جموں علاج کے لیے لے جایا گیا تھا جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔زرائع کے مطابق تحصیل منڈی کے مختلف علاقہ جات میں مسلسل بارش کے سبب متعدد رہائشی مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے جبکہ تحصیل کے علاقہ چھمبر میں چار رہائشی مکان زمین بوس ہو گئے ہیں ۔چھمبر کناری کے سرپنچ محمد الطاف کے مطابق چھمبر علاقہ میں بھاری پسی گرنے کی وجہ سے عبدل سبحان ولد رحمان نائیک،عبدل حفیظ ولد عبدل خالق،منظور احمد ولد عبدالخالق اور سارا بیگم بیوہ عبدل خالق کے رہائشی مکانات زمین بوس ہوگئے البتہ مکانوں کے علاوہ علاقہ میں کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ادھر نایب تحصیلدار منڈی محمد منیر نے کشمیر عظمی کو جانکاری دیتے ہوئے  کہا کہ کے تحصیل کے دور دراز علاقہ جات میں 9 رہائشی مکانوں کو جزوی طور پر نقصان کی اطلاع موصول ہوئی ہے ۔ ادھر موسمی نا مساعد حالات کی وجہ سے تحصیل کے دور دراز علاقوں کو جانے والی سڑکوں کو بھی کافی حد تک نقصان پہنچا ہے ۔منڈی تا ساوجیاں جانے والی سڑک پر جگہ جگہ پسیاں گرنے کی وجہ سے جمعہ کو سڑک بند رہی تاہم بعد دوپہر سڑک سے ملبہ ہٹا کر کے سڑک کو گاڑیوں کی آمد ورفت کے لیے کھول دیا گیا۔علاوہ ازیںمسلسل بارشوں سے مینڈھرکے مختلف علاقوں میں جہاں سڑکوں کونقصان پہنچاہے وہیں بعض مقامات پررہائشی ڈھانچوں کوجزوی نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ذرائع کے مطابق گلہوتہ کے محمداکرم ولدولایت خان کی رسوئی گزشتہ روز شدیدموسلادھاربارشوں کی وجہ سے منہدم ہوگئی تاہم کوئی نقصان نہ ہوا۔اسی طرح دھارگلون بالاکوٹ میں ظہیراحمدولد عبدالجبارکے مکان کاایک کمرہ منہدم ہوگیاجوکہ باندی پرآگراجس میں موجوددوبھینسیں شدیدزخمی ہوگئیں۔گلہوتہ اوردھارگلون کے سرپنچوں نے انتظامیہ سے غریب کنبوں کے مکانات کوپہنچے جزوی نقصان کامعاوضہ دینے کی اپیل کی ہے۔