مسلسل بارشوں سے گندنہ میں مکانات کو جزوی نقصان

ڈوڈہ//تین روز تک مسلسل ہونے والی بارشوں سے ضلع ڈوڈہ گندنہ علاقہ میں بہت سارے مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے اور فصلوں ، باغات اور اراضی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔علاقہ کو ضلع ہیڈکوارٹر سے ملانے والی سڑک متعدد مقامات پر بند پڑی ہے جس وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔گذشتہ روز بادل پھٹنے کی وجہ سے علاقہ میں سیلابی صورتِ حال پیدا ہوئی۔بہت سارے نالوں میں طغیانی آئی اور علاقہ کے اکثر کھیت مٹی ،پتھر اور کیچڑ کا سیلاب کی زد میں آ گئے جس وجہ سے سبزیاں اور فصلیں تباہ ہوئی،باغات کو شدید نقصان پہنچا ، متعدد گھراٹ بہہ گئے اور بہت سارے مقامات پر زمین کا نقشہ ہی بدل گیا جسے قابلِ کاشت بنانے کے لئے ایک عرصہ درکار ہو گا۔مقامی معززین عبدالرحمن میر اور عبدالعزیز بٹ نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ  بہت سارے مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔بہت سارے غریب لوگوں کی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں اور اُن کے پاس کچھ بھی نہیں بچا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ گندنہ سرک بہت سارے مقامت پر بند ہو چکی ہے جس وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،مگر متعلقہ حکام نے سڑک کو کھولنے کے لئے ابھی تک کوئی قدم نہیں اُٹھایا ہے۔اُنہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک پر سے ملبہ فوری طور ہٹا کر اسے قابلِ آمدو رفت بنایا جانا چاہیے اور علاقہ میں ایک خصوصی ٹیم بھیجی جانی چاہیے جو نقصان کی رپورٹ تیار کر کے حکومت اور انتظامیہ کو پیش کرے اور  اُس کے مطابق متاثرین کو امداد فراہم کی جانی چاہیے۔