مسلح افواج شہری انتظامیہ کی ہر ممکن مدد کر رہی ہیں: وزیر دفاع

نئی دہلی//یو این آئی// وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے میں وزارت دفاع اور تینوں افواج کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کا آج یہاں جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ موجودہ وبائی صورتحال سے نمٹنے میں سول انتظامیہ کو ہر ممکن مدد فراہم کی جارہی ہے ۔ مسٹر راجناتھ سنگھ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقدہ اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد سلسلہ وار ٹوئٹس میں کہا کہ وزارت دفاع اور مسلح افواج شہری انتظامیہ کو ہر ممکن مدد فراہم کررہی ہیں"۔انہوں نے بتایا کہ دارالحکومت میں ڈی آر ڈی او کے زیرانتظام سردار ولبھ بھائی پٹیل کووڈ اسپتال میں آج شام تک مزید 250 بستروں کا بندوبست کیا جائے گا۔