مسعود اظہر عالمی دہشت گرد

پلوامہ// نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے سے وادی کشمیر کی صورتحال میں کوئی خاص بدلائو نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی حافظ سعید پر پابندی عائد کی گئی لیکن کچھ نہیں بدلا۔عمر عبداللہ نے ہفتہ کے روز یہاں اننت ناگ پارلیمانی نشست کے پارٹی امیدوار جسٹس حسنین مسعودی کے حق میں منعقدہ انتخابی جلسے کے حاشئے پر نامہ نگاروں کو بتایا 'اس سے زمینی سطح پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اس سے پہلے حافظ سعید کو بھی عالمی دہشت گرد قرار دیا گیا۔ کیا کچھ بدلا، کچھ خاص بدلا نہیں۔ مجھے نہیں لگتا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دئیے جانے سے جموں وکشمیر میں زمینی سطح پر کوئی خاص بدلائو آئے گا'۔عمر عبداللہ نے الزام لگایا کہ پاکستان کی نسبت ہندوستان میں انتخابات جموں وکشمیر کے نام پر لڑے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا 'اکثر یہاں سے یہ شکایت جاتی تھی کہ جب پاکستان میں الیکشن ہوتے ہیں تو وہ جموں وکشمیر کی بات کرتے ہیں۔ لیکن اب لگتا ہے کہ پاکستان کی نسبت ہندوستان میں الیکشن جموں وکشمیر کے نام پر لڑا جاتا ہے'۔