مسرت عالم پیش عدالت، اگلی سماعت کیلئے نئی تاریخ مقرر ،جموں منتقل

سرینگر//مسلم لیگ کے محبوس چیرمین مسرت عالم بٹ کو کورٹ بلوال جیل جموں سے سرینگر لایا گیا جہاں انھیں کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن کی طرف سے عائد کئے گئے ایف آئی آرنمبر50/2010 کے تحت مذکورہ تھانہ نے سی جے ایم سرینگرکے سامنے پیش کیا۔ دلائل سننے کے بعد جج موصوف نے اس کیس کی اگلی سماعت 4/5/2018ء کو مقررکی جس کے ساتھ ہی مسرت عالم بٹ کو بھاری پولیس حصارمیں وآپس کورٹ بلوال جیل منتقل کیا گیا۔مسلم لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں ، انصاف پسند دانشوروں ، قلم کاروں اور منصف مزاج انسانوں کے لئے یہ چشم کشا ہے کہ ایک ایسا انسان جسے صرف اور صرف مخالف سیاسی نظریہ رکھنے کی بنیاد پر بدترین انتقام گیری اور ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیااور 36پی ایس اے عائد کئے گئے جو اپنی نوعیت کا منفرد اور عالمی ریکارڈ ہے ، کی خاطر انصاف و قانون کے پیمانے جس طرح بدل دئے جاتے ہیں اورفرضی اور من گھڑت کیسوں کا سہارا لے کر ان کی اسیری کو طول دیا جاتا ہے وہ پوری دنیا کی بشری حقوق کی تنظیموں،دانشوروں اور قلم کار وں کے لئے لمحہ فکریہ ہے کہ آج کے جمہوری دور میں جب ہر طرف بشری حقوق کے بڑے بڑے بلند بانگ دعوے کئے جاتے ہیں وہ مسرت عالم بٹ کے تئیں اپنائی جا رہی اس عظیم نا انصافی کو اجاگر کرنے اور ان کی رہائی کیلئے راستہ ہموار کر نے کے متعلق گونگے اور بہرے بن جاتے ہیںجس سے یہ عیاں ہوتا ہے کہ انصاف کا قتل کرنے میں یہ ادارے اور اشخاص برابر کے شریک ہیں۔