مسجد نبویؐ میں ہلال احمر نے زائر کی زندگی بچالی

یواین آئی

مدینہ منورہ// سعودی عرب میں حج کے سلسلے میں دنیا بھر سے عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں سعودی حکومت کی جانب سے زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں۔سعودی خبر رساں ادارے اخبار 24کی رپورٹ کے مطابق مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں سعودی ہلال احمر نے ایک اور زائر کی جان بچالی، سعودی ہلال احمر نے مسجد نبویؐ کے بیرونی صحن میں بروقت طبی امداد فراہم کرکے ایک زائر کی قیمتی جان بچالی۔منگل کو 2 بجکر 37 منٹ پر ہلال احمر اتھارٹی کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کو اطلاع ملی کہ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بیرونی صحن میں ایک شخص کی حالت نازک ہے۔اطلاع ملتے ہی ’قریبی موجود ٹیم موقع پر پہنچ گئی، ابتدائی معائنے سے معلوم ہوا کہ 60 سالہ زائر دل کا دورہ پڑنے کے بعد بے ہوشی کی حالت میں ہے اور دل کی دھڑکن بھی بند ہوچکی ہے۔ایسے میں ہلال احمر کے کارکنوں نے ’مریض کو فوری طور پر ہنگامی طبی امداد فراہم کی کارڈیو پلمونری ریسیسیٹیشن کی کارروائی اور بجلی کے جھٹکے دیے گئے۔جس سے مریض کی دل کی دھڑکن بحال ہوگئی اور مریض کو علاج کیلیے الصافیہ صحت مرکز منتقل کردیا گیا۔واضح رہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امراض قلب میں مبتلا افراد کو ضرورت پڑنے پر ہنگامی طبی امداد کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ’کارڈیک الیکڑک شاک ڈیوائس‘نصب بھی موجود ہوتی ہیں۔