بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے مسجد آنگن واگورہ دیہات کی آبادی پچھلے 20 روزسے پینے کے صاف پانی سے محروم ہیںجس کے نتیجے میںمقامی لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای پرالزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ لوگوں کوپینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہواہے جس کی وجہ سے لوگ پینے کا صاف پانی کی ایک ایک بوند کیلئے ترس رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اگر چہ سرکار نے یہاں ایک واٹر سپلائی اسیکم تعمیر کی تھی تاہم ابھی تک اُسے چالو نہیں کیا گیا ۔ ایک مقامی شہری شیخ وسیم نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کو سردیوں کے ان ایام میںبھی لمبی مسافت طے کرکے ندی نالوںکاگندہ پانی استعمال کرناپڑتا ہے، جس کے باعث لوگوں خاصکر بچوں میں وبائی بیماریوںکا خطرہ لا حق ہے ۔مقامی لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ پانی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں کو رحت مل سکے۔اس سلسلے میں پی ایچ ای کے ایگزیکیٹو انجینئر بارہمولہ ظفر احمد فکتو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقے میں پانی کی سپلائی بحال کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جارہے ہیں۔
مسجد آنگن واگورہ پینے کے صاف پانی سے محروم
