مسافرگاڑیوں کیلئے مقررہ روٹ اوروقت پر چلنا لازمی

سرینگر//صوبائی کمشنرکشمیر بصیر احمد خان نے ایک میٹنگ کے دوران وادی بھر میں ٹریفک نظام میں بہتری اور باقاعدگی کے لئے کئے جارہے اقدامات کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں آئی جی ٹریفک ،ٹریفک ایڈوائزر ،ایس پی ٹریفک رورل،آرٹی او کشمیر اور مختلف ٹرانسپورٹ یونینوں کے نمائندے موجود تھے۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے کہا کہ سرینگر میں ٹریفک نظام میں بہتری لانے کے لئے کئے گئے انتظامات کے مثبت نتائج سامنے آگئے ہیں ۔انہوں نے ٹریفک پولیس اورمحکمہ ٹرانسپورٹ کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کرنے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ ہر ایک مسافر بس کے لئے مقررہ روٹ اوروقت پر چلنالازمی ہے اوراس سلسلے میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔اس موقعہ پر ٹرانسپورٹ یونینوں نے مختلف معاملات اُٹھائے اور ترقیاتی کمشنر نے ان معاملات کے فوری حل کے لئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ ٹرانسپورٹروں کی سہولیات کے لئے دیہی سڑکوں پر غیر ضروری کئی چیک پوسٹ ہٹائے جائیں گے۔صوبائی کمشنر نے وادی کے ہر ضلع میں بس اڈوں کی صفائی ستھرائی پر بھی زوردیا۔