مسافروں سے بھری منی بس پہاڑی سے ٹکرائی،متعدد زخمی

 بانہال // جموں سرینگر شاہراہ واقع کھڑی سے بانہال کی طرف آنے والی ایک منی بس ایک بڑے حادثے کا شکار ہوتے ہوتے بچ گئی اور ڈرائیور کی حاضر دماغی کی وجہ سے گاڑی نیچے نالہ میں گرنے کے بجائے پچھلی طرف پہاڑی کے ساتھ ٹکرائی گئی۔ اس حادثے میں منی بس میں سوار ایک خاتون اور ایک بزرگ سمیت کئی افراد کو چوٹیں آئیں تاہم مجموعی طور پر تمام مسافر بچ نکلے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ کھڑی سے بانہال کی طرف آنے والی منی بسJK06 1442جمعہ کی صبح شاہراہ پر واقع شیر بی بی کے نزدیک سلاڑھ علاقے میں ایک پہاڑی سے ٹکرائی جس کی وجہ سے گاڑی میں سوار کئی مسافروں کو چوٹیں آئیں اور انہیں بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کی ہے۔