مسابقتی امتحانات کی نئی تاریخوں پر نظرثانی کی جائے: نیشنل کانفرنس

سری نگر// جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے پی ایس سی کی طرف سے گذشتہ ماہ ملتوی شدہ مسابقتی امتحانات کی نئی تاریخوں پر نظرثانی کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی نوٹس کے مطابق اُمیداروں کو امتحانات کی تیاری کے لئے صرف 6 دن کا وقت دیا گیاہے، جو مذکورہ اُمیدواروں کیساتھ سراسر ناانصافی ہے۔
 
پارٹی کی صوبائی ترجمان عفراء جان نے اپنے ایک بیان میں مسابقتی امتحانات کی نئی تاریخوں پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ماہ امتحان کے ایک روز قبل یعنی9مارچ2022کوشام کے وقت امتحانات کو ملتوی کردیاگیا تھا، جس کے بعد اُمیدوار اپنی اپنی روز مرہ کی زندگی کیساتھ جڑ گئے ، بعض اُمیدوار دوسرے امتحانات کی تیاریوں میں لگ گئے جبکہ ایسے بھی اُمیدوار ہیں جو باہری ریاستوں میں روزگار ، پڑھائی یا دیگر کاموں کیلئے بھی واپس چلے گئے۔
 
انہوں نے کہاکہ امتحان 8اپریل سے 17اپریل 2022 تک رمضان کے مہینے میں منعقد کیا جا رہا ہے وہ بھی 3 سے 6 بجے تک کے بیچ میں، یعنی افطار سے عین قبل اس وقت جب (روزہ سے) امیدواروں کے پاس کوئی توانائی باقی نہیں بچی ہوگی۔
 
انہوں نے کہا کہ نئے شیڈول سے مسلمان اُمیدواروں کو یقینی طور پر زیادہ نقصان پہنچے گا تاہم مختصر نوٹس کی وجہ سے تقریباً ہر اُمیدوار متاثر ہوئے بنا نہیں رہ سکتا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے نے امتحان کے انعقاد کیلئے جتنا کم وقت رکھاہے اُس میں دور دراز علاقوں میں رہنے والے اُمیدواروںکو اپنے لئے رہائشی انتظامات کرنے کا بھی محال ہوجائے گا۔
 
عفراءجان نے کہا کہ پی ایس سی کی طرف سے امتحانات کے انعقاد کرانے کی جو عجلت دکھائی جارہی ہے اُس کا کوئی جواز نہیں بنتا اور ضرورت اس بات ہے کہ اُمیدواروں کو نئے سرے سے امتحانات کی تیاریوں کیلئے وقت فراہم کیا جائے۔