سرینگر//حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں،پیپلز لیگ،لبریشن فرنٹ(ح) اورسالویشن مومنٹ نے ترال معرکہ میں جاں بحق ہوئے کم عمرجنگجو عادل چوپان کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سرفروش ہمارے کل کیلئے اپنے آج کو قربان کررہے ہیں۔ حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سرفروش ہمارے کل کیلئے اپنے آج کو قربان کررہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا’’ ہم ان کی جرأت اور جذبۂ آزادی کو سلام پیش کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دست بدعا ہیں کہ وہ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرکے اپنے انعامات اور اعزازات سے نوازے‘‘۔ گیلانی نے عادل کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزادی پسند قیادت اور پوری قوم ان کے غم میں برابر شریک ہے اور اللہ تعالیٰ سے دعا مانگتی ہے کہ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق نصیب کرے اور نعیم البدل سے نواز ے۔ انہوںنے کہا کہ ’یہ قربانیاں ہماری جدوجہدِ آزادی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں اور یہ ہماری تاریخ کے وہ درخشندہ ستارے ہیں، جو رہتی دنیا تک تاریخ کے صفحات میں محفوظ رہیں گے‘۔ اس دوران گیلانی کی ہدایت پر تحریک حریت ذمہ داران بشیر احمد قریشی اور عمر عادل ترال گئے جہاں انہوں نے سوگوار کنبے تک گیلانی کا تعزیتی پیغام پہنچایاجبکہ نمازِ جنازہ کی پیشوائی بشیر احمد قریشی نے انجام دی۔حریت (ع) نے عادل حمید اور کھار محلہ ہندوارہ میں جاں بحق ہوئے تین عسکریت پسندوںکو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر گزشتہ کئی دہائیوں سے اس خطے میں قتل و غارت گری کی بنیادی وجہ بنا ہوا ہے اور اس مسئلہ کے حل میں تاخیری حربے مستقبل میں بھی مزید قتل و غارت گری کا موجب بنتے رہیں گے ۔حریت ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے جائز حق کے حصول کیلئے جان و مال کی قربانیاں پیش کررہے ہیں اور بھارت کی جانب سے ہر طرح کے ظلم ، جبر اور زیادتیوں کا سامنا کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات کو نظر میں رکھ کر اس دیرینہ تنازعہ کے حل کیلئے اپنی مثبت کوششیں بروئے کار لائیں اور اس پورے خطے کو تشدد اور خونریزی سے نجات دلانے کیلئے بھر پور اقدام کریں ۔ترجمان نے کپوارہ ،پلوامہ اور شوپیاں اور اس کے ملحقہ دیہاتوں میں فوج اور فورسز کی جانب سے وسیع شبانہ کریک ڈائون ، گھر گھر تلاشیوں اور لوگوں کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر کو عملاً ایک پولیس سٹیٹ میںتبدیل کردیا گیا ہے اور مار دھاڑ ، ظلم و زیادتیاں ، قدغنیں اور ہراسانیاں یہاں روز کا معمول بنتی جارہی ہیں ۔ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقوق کو پامال کرنے کا فورسز کو لائسنس دیا گیا ہے ۔ پیپلز لیگ کے ایک دھڑے کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری ،لبریشن فرنٹ (ح)چیئرمین جاوید احمد میر اور سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے ترال،ہندوارہ اورکپوارہ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوںکو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ’ ہمارے نوجوان ایک عظیم مقصد کی خاطر اپنی عزیز جوانیاں لٹارہے ہیں ۔