مسئلہ کشمیر کے تمام متعلقین کو مرکز کی مذاکراتی پیشکش

نئی دہلی //مرکز نے کہا ہے کہ وہ  جموں و کشمیر کے مختلف متعلقین سے بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے اگر وہ تشدد کا راستہ ترک کرکے اس بات پر راضی ہیں کہ وہ بھارتی آئین کے تحت کام کریں گے۔راجیہ سبھا میں وزیر مملکت برائے امور داخلہ ہنس راج اہیر نے کہا’’ حکومت ان لوگوں کیساتھ بات چیت کیلئے ہر وقت تیار ہے جو تشدد کا راستہ ترک کرکے بھارتی آئین کے تحت کام کرنے پر راضی ہوں‘‘۔وہ اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ کیا حکومت کے پاس ایسا کوئی منصوبہ ہے کہ جموں و کشمیر میں امن لانے کیلئے یہاں کے متعلقین کیساتھ بات چیت کی جائے۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیر موصوف نے کہا’’ وہ مسلم کنبے، جنہوں نے وادی کی صورتحال کی وجہ سے جموں یا ملک کے دیگر علاقوں میں نقل مکانی کی ہے ،وہ بطور کشمیری مائیگرنٹ حکومت کے پاس1990سے رجسٹر ہیں‘‘۔انکا کہنا تھا کہ 1990میں وادی سے62,001لوگوں نے نقل مکانی کی جس میں2252کنبے مسلمان ہیں۔