مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل ضروری :امیر جماعت

 سرینگر//مرادپورہ شوپیان میں جامع مسجد کی افتتاحی تقریب پر عوام الناس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی جموںوکشمیر ڈاکٹر عبدالحمید فیاض نے اْمت مسلمہ کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالی اور اس سے نجات پانے کے لیے اسلامی تعلیمات پر کاربند ہونے اور آپسی اتحاد و اتفاق کو ہر سطح پر مضبوط و مستحکم کرنے کی خاطر مسلکی اختلافات سے بالاتر ہوکر دینی اصولوں کی تعلیمات کو عام کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے موجودہ پرفتن دور میں پیغمبر رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کے اْسوہ حسنہ کی پیروی کو ہی نجات کا واحد ذریعہ قرار دیا اور اس اْسوہ حسنہ کو دعوت و تبلیغ کے ذریعے قریہ قریہ پہنچانے کی افادیت پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔ مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو اْجاگر کرتے ہوئے انہوں نے ہندوپاک کی دونوں حکومتوں پر زور دیا کہ وہ اس دیرینہ مسئلے کا پائیدار اور منصفانہ حل تلاش کرنے کی خاطر کشمیری عوام سے مل کر کارگر اقدامات کا آغاز کریں تاکہ برصغیر کے اس خطہ علی الخصوص کشمیر میں جاری خون خرابہ بند ہو جہاں بے گناہ لوگوں کی جانیں آئے روز اسی مسئلے کے متنازعہ رہنے کی وجہ سے تلف ہورہی ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے جماعت کے اس دیرینہ موقف کا اعادہ کیا کہ جماعت اس مسئلے کو پرامن بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی خواہشمند ہے اور کسی بھی صورت میں خونریزی اور مال و جان کے زیاں کو پسند نہیں کرتی ہے بلکہ اس طرح کے تمام مسائل کو منصفانہ بنیادوں پر متعلقہ عوام کی خواہشات اور اْمنگوں کے مطابق حل کرانے پر یقین رکھتی ہے۔ اس موقعے پر امیر ضلع شوپیان شہزاد اورنگ زیب ندوی نے بھی حاضرین پر زور دیا کہ وہ آپسی اتحاد و اتفاق کو ہر صورت میں قائم رکھیں اور انتشار پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھتے ہوئے ان کی مذموم کوششوں کو ناکام بنائیں۔