مسئلہ کشمیر کا حل طاقت اور تشدد کی پالیسی نہیں

سرینگر//عوامی مجلس عمل کے سربراہ اور حریت (ع)چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے تحریک آزادی کشمیر کے سرکردہ رہنما اور مسلم کانفرنس کے معروف قائد عبدالسلام دلال (مرحوم) کی تحریک آزادی کے تئیں خدمات اور قربانیوں کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’دلال صاحب نے مسلم کانفرنس کے بینر تلے کشمیری عوام کو ظالم اور جابر حکمرانوں سے نجات دلانے کیلئے جو انتھک کوششیں کیں اور اس راہ میں جن مصائب ، مشکلات اور آزمائشوں کا سامنا کیا ان کی وجہ سے ان کو کشمیریوں کی عصری تاریخ میں ایک منفرد مقام حاصل ہے‘۔مرحوم عبدالسلام دلال کی 59ویں برسی کی مناسبت سے عوامی مجلس عمل کے مرکزی دفتر واقع میرواعظ منزل سرینگر پر منعقدہ تقریب سے اپنے خطاب میں میرواعظ نے کہا کہ کشمیری عوام کی موجودہ تحریک آزادی ، مہاجر ملت ، شہید ملت جیسے قائدین کی جدوجہد کا تسلسل ہے اور اس تحریک میں دلال صاحب نے بھی جو گرانقدر رول ادا کیا ہے وہ اپنی جگہ ایک تاریخی حقیقت ہے‘ ۔میرواعظ نے کہا کہ آج کشمیری قوم اپنے جائز حق کے حصول میں روز مال و جان کی قربانیان پیش کررہی ہیں اور ہمارے نوجوان اپنی زندگیوں کو ایک عظیم مقصد کیلئے وقف کررہے ہیں ، اس تحریک کا تقاضا ہے کہ پوری قوم فکری اور ذہنی یکسوئی کے ساتھ اس مشن کے تئیں اپنی وابستگی کے عمل کو جاری رکھیں جس کیلئے ہمارے نوجوان اپنی زندگیوں کو قربان کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے اور اس مسئلہ کو طاقت اور تشدد سے حل کرنے کی بھارتی حکمرانوں کی پالیسی نہ ماضی میں کامیاب ہو چکی ہے اور نہ اب کے اس طرح کے جارحانہ طرز عمل سے اس مسئلہ کو حل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے خطے کو اگر غیر یقینی سیاسی صورتحال اورعدم استحکام سے نجات دلانا ہے تو مسئلہ کشمیر کا ایک منصفانہ حل ناگزیر بن جاتا ہے اور یہ ہندوستان کی سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹال مٹول اور وقت گزاری کی پالیسی سے باہر نکل کر اس مسئلہ کو یہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے بامعنی اقدامات کریں۔تقریب سے عوامی مجلس عمل کے کئی رہنمائوں جن میں حاجی غلام قادر بیگ، محمد شفیع خان، صوفی مشتاق احمد،مولانا ایم ایس رحمن شمس، پیر غلام نبی اور ایڈوکیٹ یاسر دلال شامل ہیں نے  اپنے خطابات میں مرحوم  رہنما کو انکی خدمات اور قربانیوں کیلئے خراج عقیدت پیش کیا۔