سرینگر/نئی دلی میں این آئی اے کے ہاتھوں پوچھ تاچھ کے بعد حریت کانفرنس (ع) کے چیئر مین میرواعظ عمر فاروق نے جمعہ کو کہا کہ کشمیر کی قیادت جبر کی وجہ سے مسئلہ کشمیر کے بارے میں اپنا مؤقف تبدیل نہیں کرے گی۔
وہ نماز جمعہ سے قبل تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نمازیوں سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کی لیڈرشپ کو مسئلہ کشمیر حل کرنا ہی پڑے گا۔
میرواعظ نے کہا'' انتخابات ہوتے رہیں گے اور حکومتیں بدلتی رہیں گی لیکن مسئلہ کشمیر تب تک موجود رہے گا جب تک اس کو حل نہ کیا جائے''۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں بھارت کی فورسز بھی کنزیوم ہورہی ہیں لیکن اس کے باوجود بھارت سرکار مسئلے کو حل کرنے کی سنجیدہ کوشش نہیں کررہی ہے۔
واضح رہے کہ میرواعظ گذشتہ روز نئی دلی سے لوٹ آئے جہاں تین روز تک این آئی اے کے صدر دفتر میں مبینہ فنڈگ کیس کے سلسلے میں اُن کی پوچھ تاچھ ہوئی۔