سرینگر //کورونا مریضوں کی تعداد میںسنیچر کو ایک بار پھر اضافہ ہوا اور مزید8نمونوں کی رپورٹ مثبت آنے کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں متاثرین کی کل تعداد341ہوگئی ہے ۔ سرکاری ترجمان روہت کنسل نے اپنے ٹیوٹ میں لکھا’’ جموں سے کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی، کشمیر سے 13کی رپورٹ مثبت آئی ہے ‘‘(13افراد میں سے شوپیاں کے وہ5 مریض بھی شامل ہیں جو کشمیر عظمیٰ نے سنیچر کو شائع ہونے والی خبر میں شامل کئے تھے)۔ انہوں نے مزید لکھا’’ جموں میں کورونا وائرس مریضوں کی تعداد 54جبکہ کشمیر میں یہ تعداد 287ہوگئی ہے‘‘۔سنیچر کو مثبت قرار دئے گئے 8مشتبہ مریضوں میں 2 کی رپورٹ سی ڈی اسپتال جبکہ سکمز سے 6 کی رپورٹیں مثبت قرار دی گئیں۔
سی ڈی اسپتال
گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے ترجمان ڈاکٹر محمد سلیم خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ 17اپریل کی شام5بجے سے18اپریل شام 5بجے تک 24گھنٹوں میں کل324نمونوں کی تشخیص کی گئی جن میں317منفی قرار دئے گئے جبکہ7کی رپورٹ مثبت آئی)سی ڈی اسپتال میں مثبت قرار دئے گئے 7مریضوں میں سے 5کا تعلق شوپیاں ضلع سے ہے جو کشمیر عظمیٰ نے جمعہ کو ہی خبر میں شامل کئے تھے) جبکہ 2کا تعلق ضلع اننت ناگ سے ہے۔ انہوں نے کہا’’96نمونوں کی تشخیص کا عمل جاری ہے جبکہ مزید137نمونے موصول ہوئے ہیں ‘‘۔ انہوں نے کہا ’’مثبت قرار دئے گئے2 نمونے جی ایم سی اننت ناگ سے موصول ہوئے تھے‘‘۔22مارچ کے بعد سنیچر کو پہلی مرتبہ سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ میں کسی بھی مشتبہ مریض کا داخلہ نہیں ہوا ۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد سلیم ٹاک نے بتایا ’’ یہ راحت کی بات ہے کہ سی ڈی اسپتال میں کوئی نیا مشتبہ مریض داخل نہیں ہوا جبکہ اسپتال میں زیر علاج 15کورونا وائرس مریضوں میں سے 5کو صحتیاب ہونے کے بعدگھر بھیج دیا گیا ۔ انہوں نے کہا ’’ 30 کورونا وائرس مریضوں میں سے 2کی موت ہوئی ہے جبکہ18کو گھر روانہ کردیا گیا ہے ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ آئیسولیشن وارڈ میں 10ابھی بھی زیر علاج ہیں‘‘۔
سکمز
میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان نے کہا ’’مختلف اسپتالوں کے 174نمونوں کی تشخیص باقی رہ گئی تھی اور انکی تشخیص کا عمل سنیچر کو مکمل ہوا لیکن ان سبھی نمونوں کی رپورٹ منفی آئی ‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ 174نمونوں کے علاوہ نئے 150نمونوں کی تشخیص ہوئی جن میں 6کی رپورٹ مثبت قرار دی گئی‘‘۔انہوں نے کہا کہ مثبت قرار دئے گئے 6مریضوں میں سے ایک کا تعلق بڈگام جبکہ دیگر 5کا تعلق بانڈی پورہ ضلع سے ہے۔ ڈاکٹر جان نے بتایا ’’ سکمز میں صحتیاب ہونے والے 4کورونا وائرس مریضوں کی 2رپورٹیں 24گھنٹوں میں منفی آئی اوربعد میں انہیں گھر روانہ کردیا گیا‘‘۔چیف میڈیکل آفیسر بانڈی پورہ ڈاکٹر تجمل حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’بانڈی پورہ سے کل 65نمونے تشخیص کیلئے بھیجے گئے جن میں 41کی رپورٹ موصول ہوئی جبکہ 24مشتبہ مریضوں کی رپورٹ کا انتظار ہے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ 41مریضوں میں سے 5کی رپورٹ مثبت جبکہ36کی رپورٹ منفی قرار دی گئی‘‘۔ ڈاکٹر تجمل نے بتایا ’’ 5مثبت مریضوں میں سے 2کا تعلق گنڈ دچھنہ،ایک قویل مقام، ایک پیٹھ کوٹ اور ایک کا تعلق گرورہ بانڈی پورہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سبھی کورونا وائرس مریضوں کے ساتھ رابطے میں آنے کی وجہ سے وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ سکمز کے شعبہ عوامی رابطہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادوشمار میںبتایا گیا ہے کہ ابتک کل387مشتبہ مریضوں کا داخلہ کیا گیا جن میں سے 330مریضوں کو قرنطینہ کی مدت مکمل کرنے کے بعد گھر روانہ کردیا گیا جبکہ17مثبت قرار دئے گئے مریضوں کو گھر بھیجا گیا اور 12کو جے وی سی اسپتال بمنہ منتقل کیا گیا ۔ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ آئیسولیشن وارڈوں میں ابھی بھی 18مریض زیر علاج ہیں۔ ابتک لیبارٹری میں کل3118نمونوں کی تشخیص کی گئی جن میں سے2693کو منفی قرار دیا گیا جبکہ181مریضوں کی رپورٹ مثبت قرار دی گئی ہے۔
سرکاری بیان
حکومت نے کہا ہے کہ سنیچر کورونا وائرس کے 13نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیںاور ان سبھی کا تعلق کشمیر صوبے سے ہیںاوراس طرح جموںوکشمیر میں مثبت معاملات کی تعداد341تک پہنچ گئی ہے۔حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے روزانہ میڈیا بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے 341 مثبت معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے 285سرگرم معاملات ہیں ۔ 51مریض شفایاب ہوئے اور 5 0کی موت واقع ہوئی ہے ۔ علاوہ ازیں اب تک 60,419افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفر ی پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ ان میں 6,071 اَفراد کو ہوم کورنٹین میں رکھا گیا ہیجس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے کورنٹین مراکز بھی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ252 اَفراد کو ہسپتال کورنٹین میں رکھا گیا ہے۔285کو ہسپتال آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ 25,692 اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اسی طرح بلیٹن کے مطابق28,114اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔اس کے علاوہ مزید 09مریض صحتیاب ہوئے ہیں جن میں سے پانچ کو آج سی ڈی ہسپتال سری نگر اور 04 کو سکمز صورہ سے رخصت کیا گیا۔بلیٹن کے مطابق 18؍اپریل 2020ء کی شام تک 6,596 نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے ۔بلیٹن کے مطابق ضلع بانڈی پورہ میں اب تک 80 مثبت معاملات سامنے آئے ہی جن میں سے 68 سرگرم معاملات ہیں ، 11 مریض صحتیاب ہوئے ہیںجبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔اُدھر سری نگر میں اب تک کورونا وائرس کے 78 معاملات کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 60 سرگرم معاملات ہیں ۔17 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ01 کی موت واقع ہوئی ہے۔ضلع بارہمولہ میں اب تک کورونامریضوں کی تعداد 42 ہوئی ہیں جن میں سے 40سرگرم معاملات ہیں اوردومریضوں کی موت واقع ہوئی ہیں۔اِدھر بڈگام میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد اب تک 13ہوئی ہیںجن میں سے 6سرگرم ہیں اور07اَفراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔پلوامہ ضلع میں کووِڈ ۔19کے 3 معاملات کی تصدیق ہوئی ہے جن میں دو سرگرم ہیں اور ایک صحتیاب ہوا ہے ۔ضلع شوپیان میں 22 مثبت معاملات سامنے آئے ہیں جن میں 20 سرگرم ہیں اور دو صحتیا ب ہوئے ہیںجبکہ کپواڑہ میں 27مثبت معاملات درج کئے گئے ہیں اور سبھی کے سبھی سرگرم معاملات ہیں ۔ اسی طرح گاندربل اور کولگام میں بالترتیب 14اور 5 مثبت معاملات پائے گئے ہیںاور اننت ناگ میں تین مثبت معاملے سامنے آئے ہیں۔اسی طرح جموں میں وائر س کے 26مثبت معاملات پائے گئے ہیں جن میں 22سرگرم ہیں اور 4 شفایاب ہوئے ہیں۔اودھمپور ضلع میں اب تک کورونا مریضوں کی کُل تعداد 20 ہوئی ہیں جن میں سے 14معاملات سرگرم ہیں۔ 5صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔دریں اثنأ راجوری ضلع میں کورونا کے اب تک 3 مریض پائے گئے ہیںجو اب تک صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ سانبہ میں 04 مثبت معاملے کی تصدیق ہوئی ہے اور یہ سب سرگرم معاملات ہیں اور کشتواڑ میں سامنے آیا ایک معاملہ پوری طرح سے صحتیاب ہوا ہے۔