سرینگر// جنوبی کشمیر میں مزید دو نوجوانوں نے مسلح عسکری گروپ سے ناطہ توڑ کر گھر واپسی اختیار کی ہے۔ پولیس نے بتایا ’جنوبی کشمیر میں مزید دو نوجوانوں نے والدین کی اپیل پر تشدد کا راستہ چھوڑ کر گھر واپسی اختیار کی ہے‘۔ تاہم انہوں نے گھر واپسی اختیار کرنے والے نوجوانوں کی شناخت ظاہر کرنے سے اجتناب کیا۔ ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں کہا ’مزید دو لڑکوں نے تشدد کا راستہ ترک کرکے اپنے گھرکی راہ پکڑ لی ہے۔ آپ کا اپنے گھروں میں خیرمقدم کرتے ہیں‘۔ فوج کی ویکٹر فورس کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) میجر جنرل بی ایس راجو نے بتایا ’سیکورٹی وجوہات کی بناء پر اب خودسپردگی اختیار کرنے والے جنگجوؤں کی تفصیلات منکشف نہیں کی جائیں گی‘۔ انہوں نے بتایا کہ خودسپردگی اختیار کرنے والے جنگجوؤں کو ان کی دلچسپی اور صلاحیتوں کے عین مطابق بحال کیا جائے گا۔پولیس سربراہ ڈاکٹر وید کا کہنا ہے کہ ’یہ انتہائی حوصلہ افزاء رجحان ہے۔ میں دوسرے مقامی جنگجوؤں کی ماؤں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے بچوں سے واپس آنے کی اپیل کریں‘۔
مزید 2 نوجوانوں کی گھر واپسی: ڈی جی پی
