راجوری //راجوری ضلع کے سرحدی علاقوں میں دراندزی کے خدشات کے بعد ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ سیکورٹی فورسز کی گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے ۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ سندر بنی میں پیش آئے واقعہ کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں نے مزید دراندزی کی کوششوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس کے بعد سیکورٹی فورسز کو متحرک کردیا گیا ہے ۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ حد متارکہ پر سیز فائر کامعاہد ہ ہوا ہے تاہم ملی ٹینٹوں کی دراندزی کا خدشہ ابھی بھی موجود ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سرحدی علاقوں میں صورتحال کچھ عرصہ تک ٹھیک رہنے کے بعد ملی ٹینٹوں کی سر گرمیوں سے دوبارہ سے تنائو والی بنی ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ا س سلسلہ میں حفاظتی ایجنسیوں کی جانب سے دونوں سرحدی اضلاع میں مزید واقعات پیش آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس کی وجہ سے دونوں اضلاع میں حد متارکہ کے قریبی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کو متحرک کر دیا گیا ہے وہ کسی بھی صورتحال کیساتھ نمٹنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ سندر بنی ،نوشہرہ ،کیری ،منجا کوٹ ،بالاکوٹ ،کرشنا گھاٹی مینڈھر ،پونچھ ،ساوجیاں ودیگر سرحدی علاقوں میں پہلے سے ہی سخت نگرانی کی جارہی ہے ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ دس دنوں سے راجوری ضلع کے سرحدی علاقوں میں در اندزی کی دو کوششیں کی گئی ہیں جبکہ سندر بنی میں ایک کارروائی کے دورا ن دو ملی ٹینٹوں کو ہلاک بھی کیا گیا ہے ۔