مزید خبریں

شوپیان کے کئی علاقے پینے کے پانی سے محروم

عوام برہم،انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل

شاہد ٹاک
 شوپیان//شوپیان میں پینے کے پانی کی قلت سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ حکومت اور جل شکتی محکمہ آئے روز یہ دعویٰ کرتے ہیں ’’ہر گھر کو نل سے جل‘‘یعنی ہر ایک گھرانے تک پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گاتاہم شوپیان ضلع میں کچھ ایسے علاقے ہیں جنہیں گھوڑوں اور ریڈیوں پر کئی کلومیٹر دور سے پانی حاصل کرنا پڑتا ہے۔ ضلع ہیڈکوارٹر شوپیان سے قریب 14 کلومیٹر دور چک چھوٹی پورہ علاقے کے گورسی محلہ اور نائک محلہ کے لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ 5 برسوں سے انکے علاقے کو پینے کے صاف پانی سے محروم رکھا گیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق انہیںپینے کا صاف پانی حاصل کرنے کیلئے کئی کلومیٹر دور سیدھو جانا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ کئی بار اگرچہ اعلیٰ حکام کی نوٹس میں یہ معاملہ لایاگیالیکن گزشتہ 5 برسوں سے کوئی سدباب نہیں ہورہا ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ اور گورنر انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔
 

فوج کی جانب سے اننت ناگ میںروڑ سیفٹی پروگرام 

سرینگر //فوج کے 19RRکی جانب سے ڈورو اننت ناگ میں روڑ سیفٹی کاایک پروگرام منعقد ہوا کیاجس دوران لوگوں کو ٹریفک کے حوالے سے جانکاری دی گئی۔پروگرام میں سکولی بچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر ایک پینٹنگ مقابلے کا اہتمام بھی ہوا ہے جس میں بچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ہے ۔پروگرام کے اختتام پر ایک ریلی بھی نکالی گئی ۔میونسپل کمیٹی ڈورو کے چیئر من محمد اقبال آہنگر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے جبکہ فوج کے کئی افسر بھی شامل رہے۔
 

نوگام سے 5پنچایتی ممبران کی اپنی پارٹی میں شمولیت 

صوبائی صدرکشمیرنے خیر مقدم کیا، بشارت بخاری سے متعلق خبرکی تردید

سرینگر//اپنی پارٹی کے مطابق ایس کے باغ نوگام سے کئی پنچایتی ممبران نے ہفتہ کے روز اُن کی جماعت میں شمولیت اختیار کر لی۔ موصولہ بیان کے مطابق اِن پنچایتی اراکین میں محمد صادق ڈار سرپنچ، غلام محی الدین ڈار پنچ، الطاف حسین ڈار پنچ، فردوس احمد بٹ پنچ اور غلام احمد ہارون کے علاوہ دیگر سیاسی کارکنان شامل ہیں۔ اس موقع پر پارٹی کے صوبائی صدر کشمیر محمداشرف میر، ڈی ڈی سی چیئرمین سرینگر ملک آفتاب، سیکریٹری اور ضلع صدر بڈگام منتظرمحی الدین، ڈی ڈی سی وائس چیئرپرسن بلال بٹ، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی اور یوتھ لیڈر جاوید جنید موجود تھے۔ میر نے نئے ساتھیوں کا جماعت میں خیر مقدم کیا اور متعلقہ پنچایت زون میں لوگوں کے مسائل حل کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کے مسائل کا ازالہ منتخب پنچایت ممبران کا اہم مقصد ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اپنی پارٹی لوگوں کے روز مرہ مسائل کو حل کرنے کی وعدہ بند ہے۔ایس کے باغ نوگام سے نئے شامل ہونے والوں نے بہترین سیاسی پلیٹ فارم فراہم کرنے پر پارٹی لیڈرشپ کا شکریہ ادا کیا۔اس دوران پارٹی ترجمان نے ہفتہ کے روز چند ٹیلی ویژن چینلوں پر نشر اُن خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیاگیاتھاکہ نیشنل کانفرنس لیڈر بشارت بخاری نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ترجمان نے کہا ’’یہ ایک بے بنیاد خبر ہے جس میں کوئی سچائی نہیں، بدقسمتی سے ایسی خبریں غلط اراد ے سے نشر کی جاتی ہیں‘‘۔
 
 

الیکٹرکل ایمپلائز یونین کا اظہار تعزیت

سرینگر//جموں وکشمیر الیکڑیکل ایمپلائیز یونین کا ایک تعزیتی اجلاس زیر صدارت عبدالرشید سانبوری منعقد ہوا۔ جس میں سنٹر ل عہدیداروں ، سرکل پریذیڈنٹ اور ڈسٹرکٹ پریذیڈنٹ نے شرکت کی۔ تعزیتی اجلاس میں سینئر ٹریڈ یونین لیڈر غلام محی الدین راتھر کے والد کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا گیا اور چیف آرگنائز بشیر احمد مولوی کے والد نسبتی کے برادر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ 
 
 

اُترا کھنڈ میں سرینگر کے انجینئر کی موت 

 اپنی پارٹی کاغمزدہ کنبے سے اظہار یکجہتی

سرینگر//اپنی پارٹی کے صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر نے اُتراکھنڈ میں انجینئر بشارت احمد زرگر کی موت واقع ہونے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے قدرتی آفت کے سبھی متاثرہ کنبوںکے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے ایصال ِ ثواب کے لئے دعا کی ہے۔ میر نے سانحہ کو بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے گزارش کی کہ متاثرین میں ایکس گریشیا ریلیف فراہم کی جائے اور اُن کی بازآبادکاری کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا’’یہ واقعہ دل دہلا دینے والا اور انتہائی افسوس ناک ہے، اپنی ارٹی غمزدہ کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے‘‘۔
 

ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ تعزیت

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے بزرگ رکن غلام محمد وازہ ساکن پیٹھ مکہامہ بیروہ اور سابق آئی اے ایس افسر خواجہ خضر محمد وانی ساکن اجس حال باغات برزلہ کے انتقا ل پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دونوں مرحومین کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحومین کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر ، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈر عبدالرحیم راتھر ، اراکین پارلیمان محمد اکبر لون اور حسنین مسعودی ،صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر ، میر غلام رسول ناز نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ 
 

عوامی مجلس عمل کااظہار تعزیت  

سرینگر// عوامی مجلس عمل نے تنظیم سے تعلق رکھنے والے کئی اہم شخصیات جن میں سینئر ایڈوکیٹ محمد امین ملک ساکن ملک صاحب گوجوارہ حال عمر کالونی لال بازار سرینگر اور کشمیر کے ایک سرکردہ قانون دان اور بار ایسو سی ایشن سرینگر کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ جی این شاہین کی والدہ ساکن ترال ، بزرگ سیاسی رہنما غلام نبی سمجھی ساکن بجبہاڑہ کی شریک حیات، مظفر احمد متو ولد مرحوم غلام مصطفی متو ساکن قاضی یار زینہ کدل ، غلام حسن خان ساکن بہوری کدل سرینگر کی اہلیہ ،قاضی غلام حسن ساکن کادی کدل حال نشاط کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔بیان میں مرحومین کو انکے الگ الگ دائرہ کار میں سیاسی اور سماجی خدمات کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے تنظیمی قیادت خاص طور پر میرواعظ محمد عمر فاروق کی جانب سے سوگوار کنبوںکے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت کیلئے دعا کی۔
 
 

انسداد منشیات ٹاسک فورس

جموںاور سرینگر میں پولیس تھانوں کا قیام

سید امجد شاہ
 
جموں// محکمہ داخلہ نے جموں اور سرینگر میں انسداد منشیات ٹاسک فورس (اے این ٹی ایف) کے دو پولیس تھانے قائم کئے۔ حکومت نے اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس (اے این ٹی ایف) جموں اور اے این ٹی ایف سرینگر کے دفتر کو دائرہ اختیار رکھنے والے پولیس اسٹیشن قرار دیا ہے۔ منشیات متعلقہ سرگرمیوں سے متعلق اور اس سے متعلق جرائم کی تحقیقات ، منشیات اور نفسیاتی مضامین ایکٹ ، 1985 (این ڈی پی ایس) اور کسی بھی دوسرے قوانین کے تحت جرائم کی تحقیقات کے مقاصد کے لئے ان کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔محکمہ کے ایک بیان میںکہا گیا ہے کہ ان دفاتر میں تعینات ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی وائی ایس پی) اپنے متعلقہ پولیس اسٹیشنوں کے اسٹیشن ہاؤس افسر ہوں گے۔ایک عہدیدار نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے پارسے وادی کشمیر اور راجوری پونچھ اضلاع میں منشیات کو اسمگل کیا جارہا ہے ۔ اے این ٹی ایف میں کام کرنے والے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ یہ فورس جو منشیات کے لعنت کے خلاف لڑنے کے لئے قائم کی گئی ہے۔انہوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ’’لائن آف کنٹرول کے پار سے منشیات جو جموں و کشمیر میں اسمگل کی جاتی ہے وہ خالص شکل میں ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ اے این ٹی ایف بہت سے پہلوؤں پر کام کر رہی ہے اور اسے کچھ برتری حاصل ہوئی ہے اور بہت سے معاملات پر تحقیقات جاری ہے۔
 

منشیات سے نجات

گنڈ کنگن میںگلیشیر ٹائمزکے اہتمام سے پروگرام

غلام نبی رینہ 
کنگن//گورنمنٹ ہائر سکنڈری سکول گنڈ کنگن میں سنیچر کو گلیشیر ٹائمز میڈیا گروپ نے کشمیر نیوز ٹرسٹ اور ہیومن رائٹس اور انٹی کرپشن فورم  کے اشتراک سے ڈرگ ڈی ایڈکشن پروگرام کا اہتمام کیا جس میں سماج کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ طلباء نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔پروگرام میں ڈپٹی کمشنر گاندربل شفقت اقبال بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ ایس ایس ڈی ایم کنگن حکیم تنویر، ایس ڈی پی او کنگن یاسر قادری،ایس ایچ او گنڈ لطیف علی ، ایس ایچ او کنگن آفتاب احمد ، ڈی آئی او گاندربل، نائب تحصیلدار گنڈ ، ڈاکٹر محمد رفیق بہار ، ڈاکٹر امراز، ہیومن رائٹس سے وابستہ ضلع صدر گاندربل فاروق احمد کھٹانہ اور دیگر ممبران بھی مہمانوں میں شامل تھے۔اس موقع پر اخبار کے مدیر عمر نبی اور ایگزیکٹو ایڈیٹر بھی موجود تھے۔ پروگرام میں منشیات کی بدعت کے خلاف لوگوں میں جانکاری دینے پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر گاندربل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کو نشیلی اشیاء سے دور رکھنے کے لئے ہر کوئی اپنا اپنا رول نبھائے ۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی بْری لت سے دور رکھنے کے لئے ہر سطح پر اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے گلیشیر ٹائمز کی اس طرح کے پروگرام کیلئے سراہنا کی۔تقریب سے ایس ڈی پی او کنگن یاسر قادری ،ایس ایچ او گنڈ لطیف علی اور ایس ایچ اوکنگن آفتاب احمد ، ایس ڈی ایم کنگن ،گلیشیر ٹائمز کے ایگزیکٹو ایڈیٹر اورگورنمنٹ مڈل سکول رامواری کے سائنس ٹیچر محمد عمران نے کہا کہ منشیات کی بدعت کو دور کرنے کے لئے سماج کے ہر فرد کو اپنا رول ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں نوجوانوں کو آگاہ کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی ایم کنگن حکیم تنویر نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دیکر منشیات کے اس ناسور سے دور رکھنے کی ہر کوشش کریں۔
 

کپوارہ میں تعلیمی کانفرنس 

بچو ں کو بہتر تعلیم سے آراستہ کرنا اساتذہ کی ذمہ داری:ڈپٹی کمشنر کپوارہ 

اشرف چراغ 
 
کپوارہ//موسم سرما کی لمبی چھٹیا ں ختم ہونے سے قبل ٹیچرس فورم کپوارہ نے ٹائون ہال کپوارہ میں ایک تعلیمی کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں اساتذہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر کپوارہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شامل ہوئے ۔ چیف ایجو کیشن آفیسر کپوارہ عبد الحمید فانی نے کانفرنس کی صدارت کی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کپوارہ نے کہا کہ بچے مستقبل کے ضامن ہوتے ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے بچے تعلیم کے میدان کے شہسوار بنیں اور اپنی خواہش کو پورا کرنے کے لئے وہ بچو ں کو اکثر اپنی ہمت سے زیادہ وسائل فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں لہٰذا اساتذہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بچو ں کو بہتر تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے بھر پور کوشش کریں ۔اس موقع پر چیف ایجو کیشن آفیسر کپوارہ عبد الحمید فانی نے سکول کھلنے کی تیاریو ں کا جائزہ لیا۔ اانہو ں نے کہا کہ چھٹیا ں ختم ہونے سے چھ روز قبل ہی سکولو ں میںصفائی کااہتمام کیا جائے گا اور کو ڈ 19کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر ہر حال میں عمل کیا جائے گا ۔انہو ں نے اساتذہ سے کہا کہ وہ سکولو ں میں کو ڈ 19کے پیش نظر بچو ں کو ماسک پہنانے کا پابند بنائیں ۔انہو ں نے اساتذہ سے کہا کہ جس طرح انہو ں نے گزشتہ سال سے ان کا ساتھ دیا اسی طرح وہ نئے تعلیمی سال کے دوران بھی انہیں اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں گے ۔چیف ایجو کیشن آفیسر نے امید ظاہر کی کہ کپوارہ ضلع تعلیم کے میدان میں ایک مثالی ضلع ہو نا چاہئے لیکن اس کے لئے اسا تذہ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بھر پور محنت کریں ۔اس موقع پر قابل اساتذہ کے کام کاج کو سراہا گیا اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سکولو ں میں اندراجی مہم کے دوران کپوارہ ضلع میں 27ہزار بچوں نے داخلہ لیا اور اس کے لئے سکولو ں میں تمام تیاریاں مکمل بھی کئی گئی ہیں ۔ٹیچرس فورم کے ضلع صدر منیر احمد خان نے کہا کہ چیف ایجو کیشن آفیسر کپوارہ نے اپنی ڈیو ٹی کے دوران اچھی کار کردگی دکھائی اور وہ مبارک بادی کے مستحق ہیں جبکہ چیف ایجو کیشن آفیسر کو ان کی بہتر کارکردگی دکھانے پر انہیں ٹیچرس فورم نے انعام سے نوازا اور ڈپٹی کمشنر کپوارہ امام الدین ہاتھو ں انہیں ایک شال اور ٹرافی تحفے میں پیش کی گئی ۔
 
 
 

پہلگام میں کیرلہ کا سیاح دل کا دورہ پڑنے سے فوت

عارف بلوچ
 
اننت ناگ //پہلگام میں کیرلہ کا ایک سیاح دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوگیا ۔65 سالہ کے ایم پردیپ ولد پی کے نئیر ساکنہ کوچن کیرالہ اہل خانہ کے ہمراہ پہلگام سے اننت ناگ کی طرف آرہے تھے۔اس بیچ راستے میں مذکورہ سیاح کو دل کا دورہ پڑا ۔اگر چہ اسے فوری طور اسپتال پہنچایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے اس سے مردہ قرار دیا ہے۔
 

زلزلہ سے کرناہ اور کنگن میں متعددمکانوںمیں دراڑیںپڑگئیں

اشرف چراغ +غلام نبی رینہ
 
کپوارہ+کنگن//وادی میں جمعہ کو ہوئے زلزلہ کی وجہ سے کرناہ میں متعدد رہائشی مکانوںمیں دراڑیں پڑ گئیں جس کے سبب مکینوںمیں خوف وہراس پایاجارہاہے۔ جمعہ کی شب ساڑھے10بجے آئے6.1کے شدت کے زلزلہ، جس کا مرکز تاجکستان میں تھا، سے کپوارہ ضلع میں لوگوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی اور وہ مکانوں سے باہر آکر کھلی جگہوںمیں جمع ہوگئے۔ زلزلہ کی وجہ سے حاجی نا ڑ ،باغ بیلا ،کنڈی ،پرڈاہ ،لو ٹھا ،گھبرا ، ٹاڈ اور دیگر علاقوں میں 20سے25رہائشی مکانو ں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں ۔ مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ دراڑیں پڑنے سے مکانوں نقصان پہنچا ہے ۔کرناہ انتظامیہ کے مطابق ٹیمو ں کو علاقوں میں روانہ کیا گیا ہے تاکہ نقصان کا تخمینہ لگایا جائے ۔ادھر جمعہ کی شام دیر گئے زلزلے کے جھٹکوں سے تحصیل گنڈ اور کنگن کے کئی علاقوں میں رہائشی مکانوں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ ضلع گاندربل کے تحصیل گنڈ اور کنگن میں زلزلہ کے جھٹکوں کے ساتھ ہی خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر آئے ۔ کنگن کے بارولہ،چھتر گل، وانگت، کنگن، پرنگ، رامواری گنڈ، ریول، کلن اور گوہی پورہ علاقوں میں کئی رہائشی مکانوں کو جزوی طورنقصان پہنچا ہے تاہم کسی بھی جگہ سے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
 

اوڑی میں گاڑی لڑھک گئی

۔3سی آئی ایس ایف اہلکار زخمی 

ظفر اقبال
 
اوڑی//سلام آباد اوڑی میں سینٹر انڈسٹریل سیکورٹی فورسز کی گاڑی لڑھکنے سے 3اہلکار زخمی ہوئے۔ سی آئی ایس ایف کی گاڑی زیر نمبر JK05/7458 این ایچ پی سی دوم چندیان سے اوڑی کی طرف جارہی تھی اور سلام آباد میں گاڑی لڑھک گئی۔ حادثہ میں 3اہلکار زخمی ہوئے جنہیںعلاج و معالجہ کیلئے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال اوڑی لے جایاگیا جہاں ان کی حالت مستحکم ہے۔
 

بانڈی پورہ میں دکانداروںسے 10500 روپے جرمانہ وصول

بانڈی پورہ// ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد کی ہدایت پر لیگل میٹرولوجی کے مارکیٹ چیکنگ اسکارڈ نے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران  ضلع میں 10500 روپے کا جرمانہ عائد کیا۔زائد قیمتوں کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے قیمتوں پر قابو پانے اور خلاف ورزیوں کی واقعات کے خلاف فوری کارروائی کرنے کے لئے ایک وسیع پیمانے پر ضلعی معائنہ مہم چلائی۔ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں آنے والی منڈیوں کا باقاعدہ معائنہ کو یقینی بنائیں اور زائد قیمتوں اور دیگر غلط کاموں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں۔اسسٹنٹ کنٹرولر کی سربراہی میں محکمہ لیگل میٹرولوجی نے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران نائیدکھئے ، عشم ، ایس کے بالا اور مین مارکیٹ میں سبزی ، پھل ، کریانہ ، بیکری ، گیس تقسیم کاری اور ایندھن کی فراہمی کے پمپوں سمیت مختلف کاروباری اداروں کا معائنہ کیا۔معائنے کے دوران 10 تاجروں پر مختلف قانونی میٹرولوجی قوانین کی خلاف ورزی پر مختلف قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا اور غلط کاروباری افراد پر 10500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔
 

وائس چانسلر سنٹرل یونیورسٹی کی مختلف شعبوں کے نمائندوں سے بات چیت

ارشاد احمد
 
گاندربل//سنٹرل یونیورسٹی کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر نے ہفتہ کے روز یونیورسٹی کے سینئر تعلیمی اور انتظامی کارکنوں کے ساتھ گرین کیمپس کے مختلف شعبوں کے نمائندوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔اس موقع پر پروفیسر معراج الدین میر نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اساتذہ سیکھنے کا عمل فیکلٹی ممبروں نے سخت سردی کے موسم میں گھر سے کام کرنے کے دوران شروع کیا تھا جس کے نتیجے میں طلباء نے اپنے نصاب کے کچھ حصوں کو مکمل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہا ’’ہمیں کوڈ 19 کی وجہ سے آزمائشی اوقات کے باوجود آگے بڑھنا ہے جس کے لئے اساتذہ نے ممبروں کو باقاعدہ آن لائن کلاسز لینے اور لاک ڈاؤن کے دورانیہ میں طلباء کی شرکت کو یقینی بنانے کی تعریف کی‘‘۔انہوں نے اساتذہ اور طلباء کو مطلوبہ مدد فراہم کرنے میں انتظامی عملہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔اس موقع پر وائس چانسلر نے طلباء کے سوالات اور شکایات سنیں اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے حقیقی مطالبات پورے کئے جائیں گے۔رجسٹرار پروفیسر ایم افضل زرگر نے نمایندوں کو اپنے شعبوں کے ساتھیوں کے ترجمان قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلباء برادری سے متصادم حقیقی معاملات کو اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی طلبا کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔اس موقع پر امتحانات کنٹرولر پروفیسر پروین پنڈت نے اپنے خطاب میں کہا کہ امتحانات اور تشخیص ونگ کوڈ – 19 کے اوقات میں طلباء کے اختتامی سمسٹر امتحانات منعقد کرنے میں کامیاب رہی ہے اور اس نے اپنے نتائج کو مقررہ مدت کے اندر بھی ظاہر کیا۔اس موقع پر انہوں نے امتحانات کا درجہ اور مختلف پروگراموں کے نتائج بھی دیئے۔ڈائریکٹر آئی کیو اے سی پروفیسر فاروق اے شاہ نے کہا کہ وائس چانسلر کے ساتھ طبقاتی نمائندوں کی باقاعدہ اجلاسوں کا مقصد طالب علم برادری کو درپیش مسائل اور ان کے حل سے واقف کرانا ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی موجودہ صورتحال کے دوران تدریسی تعلیم کو مزید بہتر بنانے کے طریقے اور ذرائع تلاش کرنے کی کوشش میں مصروف ہے.اپنے استقبالیہ خطبہ میں سربراہ اسٹوڈنٹس ویلفیئر ڈاکٹر معراج الدین شاہ نے کہا کہ طلباء اور انتظامیہ کے مابین پائے جانے والے فرق کو ختم کرنے میں کلاس نمائندوں کا بہت بڑا کردار ہے۔  انہوں نے سی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ بڑے پیمانے پر طلباء اور یونیورسٹی کے مفادات کے لئے متحرک طور پر کام کریں۔اس تقریب کا انعقاد ڈاکٹر آصف خان نے کیا تھا جبکہ اختتامی تقریب پر ڈاکٹر عشرت بشیر نے شکریہ کی تحریک ادا کی ۔
 

۔41سال سے روپوش ملزم گرفتار

سرینگر// پولیس نے کل سرینگر میں ایک مفرورملزم کو 41سال بعدگرفتار کیا ،جو طویل عرصے سے گرفتاری سے بچنے کیلئے روپوش تھا ۔ملزم کی شناخت مجید ٹانچہ ولد فتح ٹانچہ ساکن چیک دا راہارون حال اندرون کنگن گاندربل کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ پولیس تھانہ صدر کو ایف آئی آر نمبر 03/1980 زیر دفعات379RPC اور 6فارسٹ ایکٹ میں مطلوب تھا اور وہ پچھلے 41 برسوں سے گرفتاری سے بچ رہا تھا۔ملزم کو فاریسٹ مجسٹریٹ صدر کورٹ سرینگر کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔