مزید خبریں

کالا کوٹ میں کانگریس کارکنوں کا احتجاج 

راجوری //ایندھن کی قیمتوں میں ہورہے اضافے کیخلاف کالا کوٹ میں کانگریس کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے مر کزی حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر کی قیادت میں پارٹی کارکنوں نے بڑی تعداد میں جمع ہو تے ہوئے مرکزی حکومت کی پالیسیوں کیخلاف نعرے بازی کی ۔کانگریس لیڈروں کی ایک بڑی تعداد کالا کوٹ مین چوک میں جمع ہو ئی جس کے بعد ایک بڑی ریلی بھی نکالی گئی جو کہ تحصیل دفتر کالا کوٹ میں جاکر اختتام پذیر ہوئی ۔پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نے بھاجپا کی مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس وقت تیل کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں جس کی وجہ سے عام زندگی بُری طرح سے متاثر ہورہی ہے تاہم حکومت غریب عوام کی مشکلات کو بھی یکسر نظر انداز کر رہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے بڑھتی ہوئی قیمتوں کو جلدازجلد کنٹرول کیا جائے ۔
 
 

ڈی سی راجوری نے کالا کوٹ کا دورہ کیا 

راجوری //ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کے شون نے کالاکوٹ اسمبلی حلقہ کا دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل و انتظامیہ کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا ۔اس سلسلہ میں منعقدہ ایک کیمپ کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ آفیسران سے علا قہ میں جاری تعمیر اتی پروجیکٹوں کیساتھ ساتھ مرکزی حکومت کی جانب سے چلائی جارہی سکیموںکی عمل آوری کے سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ طلب کی تاہم انہوں نے مقامی لوگوں کی مشکلات اور مانگوں کے سلسلہ میں شکائتیں بھی سنی ۔اس دورا ن آفیسر موصوف نے کالا کوٹ کے سیاحتی مقامات کا بھی دورہ کیا جبکہ کیسر گالہ سیاحتی مقام کے سلسلہ میں ڈی سی نے ڈی ایف او راجوری اور شعبہ سیاحت کے اے ڈی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ ایکو ٹورازم کے تحت پلان مرتب کیا جائے تاکہ مذکورہ علاقہ کو جلد ہی سیاحتی نقشہ پر لایا جاسکے ۔اپنے دورے کے دوران ڈی سی راجوری نے کوئلہ کان موگلہ کا دورہ کرتے ہوئے کان کنی کے سلسلہ میں کام کررہے مزدور پیشہ افراد کے مسائل کا بھی جائزہ لیا ۔انہوں نے اسسٹنٹ لیبر کمشنر راجوری کو ہدایت جاری کرتے ہو ئے کہاکہ مزدوروں کے مسائل کو جلدازجلد حل کیا جائے ۔اس کے بعد انہو ں نے تا تا پانی چشمہ کا دورہ بھی کیا ۔اس دوران آفیسر موصوف کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کالا کوٹ ،ڈی ایف او راجوری ودیگر اعلیٰ آفیسران بھی موجود تھے ۔
 
 
 

تھنہ منڈی میں پولیس کی کووڈ سے متعلقہ بیداری مہم 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی //راجوری ضلع کی تحصیل تھنہ منڈی میں پولیس نے کووڈ کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے عوام کو بیدار کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے ۔اس سلسلہ میں ایس ایچ او تھنہ منڈی فرید چوہدری نے ڈرائیور طبقہ اور دکانداروں کے ساتھ کوڈو- 19 کے بڑھتے رجحان کے پیش نظر تھنہ منڈی میںبیداری مہم کے دوران مکینوں سے اپیل کہ کہ وہ کووڈ ایس او پی پر مکمل عمل کریں جبکہ ماسک کا معقول استعمال اور آپسی دوری اختیار کریں تاکہ اس خطرے ناک وباء کے مزید پھیلائو کو روکا جاسکے ۔پولیس آفیسران نے کہاکہ یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کہ دنیا بھر میں اس وقت کووڈ۔19 سے متعلق معاملات میں اضافہ ہورہا ہے۔ پولیس آفیسر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں واضح اورٹھوس لائحہ عمل اختیار کریں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اس وباء کی سنگینی کو سمجھنے اور گائیڈ لائنس پر عمل کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہمیں یہ سیکھنا ہوگا کہ اس وائرس کے ساتھ ساتھ کیسے زندگی گزار سکتے ہیں۔فرید چوہدری نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی سفارشات کے مطابق لوگوں کو بار بار صابن سے ہاتھ دھونے چائیے اور ماسک کا استعمال کرنا چائیے اور بیماری کی صورت میں ڈاکٹر کے مشورے سے ضروری ادویات کا استعمال بھی کرنا چاہیے۔انھوں نے لوگوں سے کہا کہ ’کورونا وائرس پر قابو پانے کا بہترین حل یہ ہے کہ حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ رہنما اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے منہ کو ماسک کے ذریعے ڈھانپ کر رکھیں، اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح باقاعدگی سے دھوئیں اورپُر ہجوم جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔انھوں نے لوگوں کو یہ ہدایت کی ہے کہ اپنے ہاتھوں کو کم سے کم 20 سیکنڈز تک دھوئیں، بغیر ہاتھ دھوئے آنکھ ،ناک اور منہ کو نہ چھوئیں۔فرید چودھری نے ڈرائیوروں سے کہا کہ اپنی گاڑیوں میں بنا ماسک کے کسی سواری کو نہ بٹھائیں اور خود بھی ماسک کا استعمال کریں بصورت دیگر ایسے عناصر کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور حکومتی ہدایت کے مطابق ان پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔
 

سیلاں میں سبز درختوں پر بجلی کی تاریں آویزاں | مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ،انتظامیہ سے توجہ کا مطالبہ 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے علاقہ سیلاں کے محلہ ڈھکراں میں بجلی کی تاریں سبزہ درختوں پر آویزاں ہو نے کی وجہ سے عام صارفین کو شدید مشکلات کا سامناکرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ متعدد دیہات میں محکمہ پی ڈی ڈی کے نظام مکمل طورپر تباہ ہو چکا ہے جو کہ اب عا م صارفین کیلئے ایک بڑا خطرے بن چکاہے ۔انہوں نے کہاکہ بجلی نظام کو درست کرنے کیلئے کئی مرتبہ لائن مین سے لے کر اعلیٰ آفیسران تک رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک اس طرف کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا ہے ۔صارفین نے بتایا کہ بارشوں میں جہاں بجلی بند ہو جاتی ہے وہائیں کئی مقامات پر درختوں کیساتھ باندھی گئی تاریں ٹوٹ کر زمین پر بھی گرجاتی ہیں جو کہ عام لوگوں کیساتھ ساتھ مویشیوں کیلئے بھی خطرہ بن جاتی ہیں ۔سیلاں کے صارفین نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں بجلی سپلائی کیلئے پختہ کھمبے نصب کرنے کیساتھ ساتھ پورے نظام کو معیاری بنایا جائے تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔
 

سابقہ ایس ڈی پی او کے اعزاز میں الوادعی تقریب 

منجا کوٹ //ایس ڈی پی او منجا کوٹ نثار کھوجہ کے تبادلے کے سلسلہ میں منجا کوٹ پولیس سٹیشن میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔اس تقریب میں ایس ایچ ا و منجا کوٹ فاروق احمد ،سب انسپکٹر للت سلاریہ کے علا وہ سرپنچوں و پنچوں کی ایک بڑی تعدا د نے بھی شرکت کی ۔تقریب کے دوران معززین نے ایس ڈی پی او کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے منجا کوٹ میں اپنی تعیناتی کے دوران عوامی فلاح و بہبود کیلئے کئی ایک کارنامے انجام دئیے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سابقہ ایس ڈی پی او نے تحصیل کے مختلف علا قوں میں کووڈ کی بیداری کیلئے پروگراموں کا انعقاد کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو منشیات کی جانب راغب ہونے سے بچانے کیلئے بھی نمایاں کام کئے ہیں ۔غور طلب ہے کہ کووڈ شروع ہونے کیساتھ ہی آفیسر موصوف نے تحصیل کے مختلف علا قوں میں پروگرام منعقد کر کے بڑے پیمانے پر عوام کو بیدار کرنے کیلئے ایک مہم شروع کر کے رکھی ہوئی تھی جبکہ اس کیساتھ ساتھ منشیات سمگلنگ اور جرائم کو ختم کرنے کیساتھ ساتھ اس لت میں گرفتار نوجوانوں کو باہر نکالنے کیلئے بھی کمر بستہ رہے ہیں ۔مکینوں نے کہاکہ ایس ڈی پی او نثاز کھوجہ کی منجا کوٹ میں تعیناتی سے ہی عوام اور پولیس کے درمیان بہترین تال میل بنا ۔انہوں نے آفیسر موصوف کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔
 
 

عاشق خان کا دورہ پونچھ | ڈپٹی کمشنر کو شیعہ آبادی کے مسائل سے آگاہ کیا

پونچھ //شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں کے صدر عاشق حسین خان نے پونچھ کا دورہ کیا جس دوران انہوں نے حالیہ اموات پر تعزیت پرسی کے ساتھ ساتھ المصطفی پبلک سکول موہڑہ بچھائی کی ایک تقریب میں بھی شرکت کی۔دورے کے دوران انہوں نے ضلع میں حال ہی میں وفات پاچکے افراد کے لواحقین سے تعزیت کی جس کیلئے وہ گورسائی کے علاوہ پونچھ، منڈی اور دیگر علاقوں میں بھی گئے۔ انہوں نے موہڑہ بچھائی میں منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے موڑہ بچھائی میں ایک جنرل مٹینگ بھی منعقد کی جس میں فیڈریشن کے سرپرست اعلیٰ مولانا سید مختار حسین جعفری بھی موجود تھے۔ میٹنگ میں ضلع پونچھ کی شیعہ برادری کو درپیش مسائل اوران کے حل پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس میٹنگ میں فیڈریشن کے دیگر رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔دریں اثناعاشق حسین خان کی قیادت میں ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر پونچھ اندرجیت کمار بھگت سے بھی ملاقات کرکے شیعہ طبقہ کے مسائل کے بارے میں انہیں آگاہی دی۔وفد میں کئی دیگر ارکان بھی شامل تھے۔اس موقعہ پر عاشق حسین خان نے ڈپٹی کمشنر کو بتایاکہ ضلع پونچھ کی کئی شیعہ بستیاں بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور جہاں سڑک روابط کا فقدان پایاجارہاہے وہیں بجلی کی ترسیلی لائنیں سرسبز درختوں سے لٹک رہی ہیں۔انہوں نیبتایاکہ وہ گورسائی کے مختلف علاقوں کے علاوہ منڈی،پلیرہ اورسرنکوٹ میں بھی گئے جہاں انہوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھاکہ لوگ اب بھی پیدل چلنے پر مجبور ہیں کیونکہ کئی علاقوں تک سڑک نہیں پہنچ پائی جبکہ پانی اور بجلی کی سپلائی کا حال بھی کچھ بہتر نہیں ہے۔انہوں نیکہاکہ اگرچہ کچھ علاقہ جات تک سہولیات فراہم کی گئی ہیں لیکن ابھی بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام مسائل سننے کے بعد یقین دلایاکہ وہ ان کو حل کریں گے۔وفد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران سے بھی ملاقات کی۔
 
 
 

سیڑھی چوہانہ میں35سالہ شخص نے خودکشی کر لی

حسین محتشم
پونچھ//سیڑھی چوہانہ گائوں سے تعلق رکھنے والے ایک35سالہ شخص نے پیر کے روز دریائے سُرن میں چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا چراغ گل کر دیا۔جس کے بعد پولیس ، این ڈی آر ایف اور مقامی لوگ اس کی لعش کی تلاش کر رہے ہیں۔ نوجوان نے نامعلوم وجوہات کی وجہ سے دریائے سُرن میں چھلانگ لگا کر خودکشی کی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق محمد رفیق ولد محمد دین قوم بکروال سیڑھی چوہانہ میں سُرن دریا کے قریب ایک چوٹی پر کافی دیر تک بیٹھا کچھ سوچ رہا تھا پھر اچانک اس نے اپنے کپڑے اتار کر دریا میں چھلانگ لگادی اس دوران کچھ لوگ دوڑتے ہوئے وہاں پہنچے اور اس کی تلاش کی لیکن وہ نہ ملا جس کے بعد پولیس کو خبر دی گئی تو ڈی وائی ایس پی کی قیادت میں پولیس اہلکاران اور این آر ڈی ایف کے رضاکاروں نے اس شخص کی تلاش شروع کر دی لیکن آخری اطلاع ملنے تک لعش برآمد نہ ہو سکی۔ ڈی وائی ایس پی نواز نے بتایا کہ اس شخص نے خود کشی کیوں کی اس کی وجہ ابھی تک معلوم نہ ہو سکی۔انہوں نے کہا کہ لعش کی تلاش جاری ہے ل جیسے ہی لعش برآمد ہو گی اس کے بعد مزید کاروائی بھی کی جائے گی۔
 
 

پونچھ میں نگر کرتن کااہتمام کیا گیا 

حسین محتشم
پونچھ//ضلع گردوارہ پر بندھک کمیٹی کے زیر اہتمام پیر کے روز ہولہ محلہ کے سلسلہ میں گردوارہ سنگھ سبھا پونچھ سے ایک نگر کرتن نکالا گیا جو صدر بازار سے قلعہ پونچھ کے قریب پہنچا اور وہاں سے ناخواں والی سڑک کے راستے پھر گردوارہ سنگھ سبھا میں اختتام پذیر ہوا۔ اس نگر کرتن میں سینکڑوں عقیدتمندوں نے شرکت کی ۔ہولہ محلہ سکھوں کا ایک سالانہ تہوار ہے، اس تہوار کا آغاز گروگوبند سنگھ نے کیا تھا اور اس کا مقصد سکھوں کو بدنی ریاضتیں کرانا تھا۔ سکھوں کا ماننا ہے کہ گرو گوبند سنگھ اس کے ذریعے معاشرے کے کمزور اور دبے کچلے طبقے کی ترقی چاہتے تھے۔پونچھ میں نکلنے والے اس نگر کرتن کے دوران شرکاء نے ہاتھ میں نشان صاحب اٹھا کر اور تلواروں کے کارنامے دکھا کر ہمت اور خوشی کا مظاہرہ کیا۔پنج پیارے اس جلوس کی قیادت کرتے ہوئے مخصوص پانی کی برسات کرتے رہے اور نوجوان لڑکے ننگی تلواروں کے کارنامے دیکھاتے ہو ئے آگے بڑھ رہے تھے جبکہ اس دوران گردواروں کی سجاوٹ کی گئی تھی۔اور احاطہ صاحب میں بڑے لنگر کا اہتمام کیا گیاتھا۔ ضلع گردوارہ پر بندھک کمیٹی کے صدر نریندر سنگھ نے کہا کہ کہتے ہیں گرو گوبند سنگھ (سکھوں کے دسویں گرو) نے خود اس میلے کی شروعات کی تھی۔انہوں نے کہا کہ وہ ملک کی پوری عوام کو اس موقعہ پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
 

ملک کی اہم تعلیمی شخصیات کا دورہ پونچھ | آل انڈیا ریڈیو پونچھ میںخصوصی نشست

حسین محتشم
پونچھ// ہندستان کی نامور شخصیات پربھات شرما ہماچل بورڈ آف سکول ایجوکیشن کے سابقہ سیکریٹری رمیش چندر مستانہ سینئر لکچرر و صحافی اور پروفیسر وائے کے ڈوگرا نے  سرحدی ضلع پونچھ کا دورہ کیا۔اپنے دورہ کے دوران انہوں نے کئی ضلع کی اہم شخصیات سے ملاقات کی اور آل انڈیا ریڈیو سٹیشن پونچھ کا بھی درورہ کیا ۔اس دورہ کے دوران انہوں نے آفس و پروگرام ہڈ سْمت شرما سے ملاقات کی جنہوں نے ان کا گرم جوشی کے ساتھ استقبال کیا۔ اس موقع پر آل انڈیا پونچھ کی جانب سے ان شخصیات کے ساتھ ایک خصوصی پروگرام ریکارڈ کیا گیا۔ پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے پربھات شرما نے بتایا کہ پونچھ ایک زرخیز زمین ہے یہاں ادب نواز لوگ رہتے ہیں اور یہاں کا پہاڑی گوجری کلچر اپنی مثال آپ ہے ۔دیگر مہمانوں نے بھی پونچھ کی فضاوں اور یہاں کی عوام دوستی کی تعریف کی ۔ آفس و پروگرام ہڈ سمت شرما نے اس ریڈیو اسٹیشن کی کارگردگی کو اطمنان بخش کرار دیتے ہوئے کہا یہاں کا عملہ بھی محنت و لگن سے عوامی خدمات سر انجام دے رہا ہے ۔