مزید خبریں

صوبائی کمشنر کااننت ناگ دورہ،صحت وطبی سہولیات کا معائنہ کیا |  کہامریضوں کی صحت کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے

اننت ناگ//کشمیرکے صوبائی کمشنر پی کے پولے،نے جمعہ کو اننت ناگ کادورہ کرکے وہاں کورونا سے وابستہ طبی وصحت سہولیات کا معائنہ کیا۔ان کے ہمراہ اننت ناگ کے ڈپٹی کمشنر پیوش سنگلا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر غلام حسن شیخ،ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنربشیراحمد، سب ضلع مجسٹریٹ بجبہاڑہ اور دیگر حکام تھے۔پولے نے ضلع میں طبی ڈھانچے اور آکسیجن کی دستیابی کاتفصیلی جائزہ لیااوروباء کی صورتحال کو قابو کرنے کیلئے اضافی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔بجبہاڑہ کے ٹرامااسپتال جسے کووِڈ کیلئے مخصوص رکھاگیا ہے ،صوبائی کمشنر نے نئے نصب کئے گئے 500لیٹرفی منٹ کے آکسیجن پلانٹ کا معائنہ کیا اور اس کے کام کامختصر جائزہ لیا۔انہوں نے صحت حکام پرزوردیا کہ وہ آکسیجن کی سپلائی کو منطقی طور استعمال کرے اوراس بات کو یقینی بنائیں کہ مریضوں کی صحت کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے۔صوبائی کمشنر نے ڈپٹی کمشنر اننت ناگ کے دفتر میں پکار نام کی ہیلپ لائن کابھی افتتاح کیاجو چوبیسوں گھنٹے کام کرے گی اور ضلع کے لوگوں کیلئے انتظامیہ سے اپنے مسائل کوحل کرنے کیلئے رابطے کاذریعہ ہوگی۔پی کے پولے نے مابعد اننتناگ کے میڈیکل کالج کابھی دورہ کیااوروہاں کووِڈ کیلئے مخصوص وارڈوں کے کام کاج کا جائزہ لیا۔انہوں نے وہاں حال ہی میں نصب کئے گئے ایک ہزار لیٹر فی منٹ صلاحیت کے آکسیجن پلانٹ اور پرانے 300 لیٹر فی منٹ آکسیجن پلانٹ کے کام کاج کا بھی جائزہ لیا۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج میں ٹرائیج سینٹر کے معقول کام کاج پرزوردیتے ہوئے صوبائی کمشنر محکمہ صحت کے حاکموں پرزوردیا کہ وہ اس کے کام کاج کی روزانہ نگرانی کریں اور کورونامریضوں کوان کی ضروریات کے مطابق سہولیات فراہم کریں۔ڈاکٹروں کی ایک ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے غیرہنگامی جراحیوں کوالتواء میں رکھنے پرزرودیا تاکہ انسانی اورمیٹریل وسائل کو کووِڈ مریضوں کیلئے استعمال کیا جائے۔انہوں نے کووِڈ وارڈوں میں تیمارداروں کی کم سے کم تعداد کوداخلہ دینے کی بھی ہدایت دی۔
 
 

ڈپٹی کمشنر پلوامہ کا کووِڈ رہنماخطوط کی پاسداری پرزور

پلوامہ//ڈپٹی کمشنر پلوامہ نے جمعہ کوایک میٹنگ کے دوران کووِڈ مشکلات کو کم کرنے کیلئے جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران کووِڈ سے متعلق حکومت کی ایڈوائزریوں کے نفاذ اور ہدایت کی عمل آوری پر تفصیلی بحث مباحثہ کیا گیا۔میٹنگ میں صحت کی نگرانی اور احتیاطی تدابیر سمیت دیگر سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیاگیا۔ اس موقعہ پرضلع مجسٹریٹ نے صورتحال سے سفارش کی گئی ضوابط کے مطابق نمٹنے پرزوردیاگیا۔انہوں نے کہا کہ صحت حکام کو معاملوں پر مسلسل نظر رکھنی چاہیے اور ان کی اطلاع دینی چاہیے اور جس کسی بھی شخص میں کووِڈ پائے جانے کی علامات ظاہر ہونے کا خدشہ ہو،اُسے فوری طورمنتقل کیا جاناچاہیئے۔انہوں نے حکام پرزوردیا کہ وہ تندہی اور لگن کے ساتھ کام کریں تاکہ کورونا سے پیداشدہ صورتحال سے نمٹنے میں آسانی ہو۔
 
 

کورونامتاثرہ زچہ بچہ کودودھ پلا سکتی ہے | ماں کے دودھ سے بچوں میں وائرس منتقل نہیں ہوتا: ڈاک 

سرینگر//ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر نے کہا ہے کہ کووِڈ متاثرہ خواتین نوزائید بچوں کو اپنا دودھ پلاسکتی ہیں۔ بچوںکو ماں کے دودھ سے انفیکیشن نہیں ہوگا اور ناہی وائرس دودھ کے ذریعے بچے میں منتقل ہوسکتا ہے ۔ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ہے کہ نوزائید بچوں کیلئے ان کے ماں کا دودھ سب سے مقوی غذا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ کووِڈ متاثرہ خواتین اپنے نوزائید بچوں کو دودھ دے سکتی ہیں ۔ ڈاک صدر نے کہا ہے کہ اگر ماں بچے سے الگ ہے، تو وہ پمپ کا استعمال کرکے دودھ کو بوتل میں ڈال سکتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ تاہم بچے کو دودھ پلانے کے دوران صحت وصفائی کا خاصل خیال رکھنے کی ضرورت ہے ۔ ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ہے کہ پمپ سے دودھ نکالنے سے پہلے اور دودھ نکالنے  کے بعد ہاتھوں کو دھونا ضروری ہے ۔ ڈاک صدر نے کہا ہے کہ ابھی تک کی گئی تحقیق میں یہ بات کہیں سامنے نہیں آئی ہے کہ دودھ پلانے والی مائوں سے بچوں میں وائرس منتقل ہوا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ نوزائید بچوں کیلئے دودھ بہترہے جس سے ان بچوں کو بیماریوں سے لڑنے کی طاقت ملتی ہے ۔ ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا کہ دودھ پلانے کے دوران ماں کو چاہئے کہ وہ ہاتھوں کو دھونے کے ساتھ ساتھ منہ پر ماسک ضرور رکھیں ۔ انہوںنے کہا 2سال تک عمر والے بچوںکو ماسک لگانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا کہ جنم کے ایک گھنٹے بعد ہی بچے کو ماں کا دودھ پلانا چاہئے اور 6ماہ تک اس کے علاوہ کوئی چیز بچوں کو نہیں دینی چاہئے ۔ 
 
 

ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کا کووِڈ کنٹرول روموں کا دورہ

بانڈی پورہ//ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے منی سیکریٹریٹ میں مختلف کنٹرول روموں کا دورہ کیا اور ان کے کام کاج کاجائزہ لیا۔ڈاکٹر اویس نے ضلع کنٹرول روم،ہوم ائسولیشن کنٹرول روم اور رابطوں کی کھوج کے کنٹرول روم کا دورہ کیا۔انہوں نے متعلقہ حکام پرزوردیا کہ وہ تندہی اور لگن کے ساتھ کام کریں ۔اس موقعہ پر انہوں نے کووِڈ مثبت مریضوں کی صحت سے متعلق جانکاری بھی حاصل کی اور انہیں فراہم کی جارہی طبی سہولیات سے متعلق بھی آگاہی طلب کی۔ڈپٹی کمشنر نے انتظامیہ اور طبی عملے پرزوردیا کہ وہ تال میل کے ساتھ کام کریں اوراس بات کو یقینی بنائیں کہ کووِڈکنٹرول روم نوڈل افسر باضابطہ مسلسل فیڈ بیک حاصل کرہا ہے۔مابعد ڈپٹی کمشنر نے نوڈل افسروں سے کووِڈ سے متعلق مختلف معاملات کافیڈ بیک حاصل کیا۔
 
 

قرنطین میں رہنے والے افراد | خود کو انڈور گیمز،  ورزش اورعبادت میں مصروف رکھیں:ماہرنفسیات

سری نگر//یواین آئی//ماہر نفسیات ڈاکٹر محمد مقبول ڈار نے لاک ڈائون کی وجہ سے اپنے گھروں تک ہی محدود لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خود کو مختلف سرگرمیوں جیسے انڈور گیمز، ورزش اور عبادتوں میں مصروف رکھیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے اس دور میں نفسیاتی بیماریاں بھی بڑھ گئی ہیں اور دبائو و بے چینی جیسے نفسیاتی امراض میں اضافہ ہو رہا ہے ۔گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر میں شعبہ ذہنی صحت کے سربراہ ڈاکٹر محمد مقبول ڈار نے جمعے کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا،’’گھروں تک ہی محدود لوگوں کو اپنے ذہنی صحت کا خاص خیال رکھنا ہوگا۔ اگر کسی نے قرنطینہ اختیار کیا ہے تو وہ انڈور یا اپنے آنگن میں آئوٹ ڈور گیمز کھیل سکتا ہے ۔‘‘انہوں نے کہا،’’گھروں تک ہی محدود لوگ ورزش بشمول یوگا کر سکتے ہیں۔ عبادتیں کر سکتے ہیں۔ ایسا کرنے سے ان کا ذہنی صحت ٹھیک رہ سکتا ہے‘‘۔ڈاکٹر مقبول نے کہا کہ کورونا وبا کے اس دور میں نفسیاتی بیماریوں کا گراف بھی بڑھ گیا ہے اور دبائو و بے چینی جیسے نفسیاتی امراض میں اضافہ درج ہو رہا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھاکہ ہم نے آن لائن کونسلنگ کے لئے اپنے نمبرات جاری کر دیے ہیں۔ اگر کسی کو ذہنی صحت سے متعلق کچھ پوچھنا ہو تو وہ ہمیں کال کر سکتے ہیں۔
 
 

 انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ فائنا نس کارپوریشن کے 1100منصوبے |  شفافیت اورجلد عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے: منوج سنہا

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو ایک کمپینڈیم جاری کیا ، جس میں جموں و کشمیر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ فائنا نس کارپوریشن (جے کے آئی ڈی ایف سی) کے 1555.16 کروڑ روپے کے عوامی اہمیت کے 1100 منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔لیفٹیننٹ گورنر نے منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ بیک وقت کووڈ مناسب طرز عمل سے متعلق ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جے کے آئی ڈی ایف سی سے کہا کہ وہ رواں مالی سال کے دوران مزید 1000 منصوبوں کو مکمل کرنے کے ہدف کے حصول کے لئے جامع اقدامات کرے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کارپوریشن کے ذریعہ عوامی ترقیاتی کاموں سے متعلق معلومات کو سامنے لا کر کاموں کے عمل میں شفافیت کو برقرار رکھنے کے علاوہ منصوبوں کی جلد عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے باقاعدہ مانیٹرنگ پر بھی خصوصی زور دیا۔بتایا گیا کہ کمپینڈیمز کی اشاعت کارپوریشن کے کام میں شفافیت اور احتساب کو بڑھانے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ اسے ای بْک فارمیٹ میں بھی دستیاب کیا جائے گا۔جے کے آئی ڈی ایف سی نے جیو ٹیگنگ ، آن لائن بلنگ اور ادائیگیوں پر عملدرآمد ، اور سینئر کارکنوں کے ذریعہ نگرانی کے نظام جیسے جدتوں کا نیا کلچر لایا ہے ، جس کے لئے ڈیش بورڈ تیار کیا گیا ہے جس سے منصوبے کے نفاذ کی حیثیت کے کلیدی پہلوؤں سے متعلق ہوتا ہے۔ ڈیش بورڈ شہریوں کی نگرانی کے لئے عوامی ڈومین میں بھی دستیاب ہے۔اس سے قبل ، کارپوریشن نے بالترتیب 500 اور 800 منصوبوں کے مجموعے شائع کیے تھے۔2019-20 کے دوران ، جے کے آئی ڈی ایف سی کے تحت 500 منصوبے مکمل ہوئے ، جبکہ-21 2020 کے دوران 600 مزید منصوبے مکمل ہوچکے ہیں۔
 
 

دستکاروں اورہنرمندوں کی حالت زار تشویشناک | قرضوں کی معافی اور خصوصی پیکیج ناگزیر :کمال

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے جموں وکشمیر کے دستکار طبقہ کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سیکٹر صدیوں سے ایک وسیع آبادی کے روزگار کا ذریعہ رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ گذشتہ کچھ برسوں کے حالات و واقعات اور اب کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال سے یہ سیکٹر دم توڑنے کی دہلیز پر پہنچ گیا ہے کیونکہ اس سے منسلک کاریگر اور ہنرمند مجبوراً دوسرے کاموں کی طرف راغب ہورہے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے اپنے ایک بیان میں دستکاری شعبے سے وابستہ افراد کیلئے خصوصی پیکیج کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ طبقہ گذشتہ کئی برسوں سے مصائب و مشکلات سے دوچار ہے۔ انہوںنے کہاکہ 2014کے سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد اگر اس طبقہ سے وابستہ افراد نے پھر سے اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کی کوشش کی لیکن 2016سے شروع ہوئی بے چینی اور 2017میں جی ایس ٹی کے لاگو اور 5اگست2019کے بعد کے حالات اور اب کورونا کے دہرے وار سے جموں وکشمیر کا محنت کش طبقہ افلاس اور غربت کے شکنجوں میں بری طرح پھنس گیا ہے اور بیشتر نان شبینہ کے محتاج بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوزنی، قالین بافی، شال سازی، نمدہ اور گبّا اور رفل اور پٹو ،آری، کریول ، ووڈ کارونگ، پیپر ماشی، سنگتراشی اور دیگر کاموں کیساتھ منسلک کنبے اس وقت بہت ہی زیادہ کسمپرسی کی حالت میں ہیں۔ کمال نے کہاکہ حکومت کو اس طبقے کی فلاح و بہبود اور راحت رسانی کیلئے ٹھوس اور کارگر اقدامات کرنے چاہئیں، اس طبقہ سے وابستہ افراد کے قرضوں کو معاف کیا جانا چاہئے اور انہیں امداد کے علاوہ بغیر سود کے نئے قرضے فراہم کئے جانے چاہئیں تاکہ یہ اپنی روزی روٹی کے ساتھ ساتھ اپنا کاروبار پھر سے شروع کر سکیں۔اس کے علاوہ اس طبقہ کو مرکزی سرکار کی مختلف سکیموں کے دائرے میں بھی لایا جائے تاکہ ان لوگوں کی پریشانیاں ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائیں۔
 
 

تازہ لاک ڈائون سے سماج کا کمزورطبقہ متاثر | کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاامداد کا مطالبہ

سرینگر//کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا ہے کہ تازہ لاک ڈائون سے روزانہ دن کو کماکر شام کو کھانے کا انتظام کرنے والوں کو فاقہ کشی پر مجبور کیا ہے اور ان متاثرین کیلئے لیفٹینٹ گورنرانتظامیہ کو مالی امداد کا اعلان کرناچاہیے ۔ایک بیان میں کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عاشق نے کہا تجارت پیشہ طبقہ5اگست2019کے بعد پیدا شدہ صورتحال سے ہوئے نقصانات کی بھرپائی کی کوششیں ہی کررہاتھا کہ تازہ لاک ڈائون نے بہت سے کنبوں کو تباہی کے دہانے لاکھڑا کیا ہے جو روزانہ کماکر کھاتے ہیں ۔چیمبر کے صدر نے کہا کہ ٹرانسپورٹروں سے لیکر شکارا والوں تک ،چھوٹے دکانداروں سے لیکرزندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں جیسے مزدور،چھاپڑی فروش ایک بھی پائی نہیں کمارہے ہیں ۔شیخ عاشق نے کہا کہ ایسے کنبوں کے حالات کااندازہ لگایا جاسکتا ہے جو موجودہ حالات میں کچھ نہیں کماسکتے۔انہوں نے کہا کہ متعددریاستوں نے پہلے ہی ایسے متاثرین کیلئے خصوصی مالی پیکیج کااعلان کیا ہے اور اب یہ راج بھون کی ذمہ داری ہے کہ وہ جموں کشمیر میں بھی ایسے ہی متاثرہ لوگوں کیلئے مالی پیکیج کااعلان کریں۔عاشق نے کہا کہ جمہوری طور منتخب سرکار کی عدم موجودگی میں سبھی نگاہیں راج بھون پر ٹکی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ راج بھون کو کووِڈ مریضوں  اور ان کے تیمارداروںکیلئے مفت کھانے کاانتظام کرنا چاہیے۔چیمبر نے کورونا کے خلاف جنگ کو کامیاب بنانے کیلئے عوامی تعاون طلب کیا۔
 
 

اشفاق جبار کا لیفٹینٹ گورنر سے ٹیلی فون پر تبادلہ خیال

گاندربل//ارشاداحمد//نیشنل کانفرنس کے سینئررہنما اور گاندربل کے سابق ممبراسمبلی اشفاق جبار نے ضلع ترقیاتی کونسل کی چیئرپرسن نزہت اشفاق کے ہمراہ لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ ٹیلی فون پر بات کی اوران سے گاندربل کے مختلف ترقیاتی امورپر تبادلہ خیال کیا۔دونوں نے جموں کشمیرمیں کووِڈ سے نمٹنے میں لیفٹینٹ گورنرانتظامیہ کے رول کی تعریف کی۔اشفاق جبار نے مطالبہ کیا کہ آکسیجن کی فراہمی اوردیگر سہولیات ضلع کے دیگر اسپتالوں میں بھی بہم رکھی جائیں ۔اس موقعہ پر لیفٹینٹ گورنر نے جوڑے کے تحفظات کوسراہااوران پرزوردیا کہ وہ جموں کشمیر میں پرامن ماحول کو فروغ دینے کیلئے کام کریں۔
 
 

’’قرآن حکیم اور فکر اقبال‘‘ | اقبال انسٹی ٹیوٹ کے اہتمام سے آن لائن سمینار

سرینگر/ اقبال انسٹی ٹیوٹ آف کلچر اینڈ فلاسفی کشمیر یونیورسٹی کے اہتمام سے 7مئی کو ’’قرآن حکیم اور فکر اقبال‘‘ کے عنوان سے ایک آن لائن سمینار منعقد ہوا جس کی صدارت کشمیر یونیورسٹی کے ڈین آرٹس پروفیسر عادل امین کاک نے کی جبکہ رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد میر نے بطور مہمان خصوصی شمولیت کی۔ سمینار کے آغاز میں انسٹی ٹیوٹ کے کوارڈی نیٹر ڈاکٹر مشتاق احمد گنائی نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے اقبال انسٹی ٹیوٹ کی تاریخ اور کارکردگی پر مختصر تبصرہ کیا۔ سمینار میں دہلی یونیورسٹی کے پروفیسر ایمریٹس پروفیسر عبدالحق نے اپنے کلیدی خطبے میں کہا کہ اقبال کے فکری نظام کا بنیادی ماخذ قرآن ہے اور اُن کی شاعری اور تحریروں میں اس کی جھلک دکھائی دے رہی ہے۔ سمینار میںمہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک کشمیر یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد نے اپنے خطبے میں اقبال انسٹی ٹیوٹ کے کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے انسٹی ٹیوٹ کی ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ سمینار میں پروفیسر حمید نسیم رفیع آبادی نے علامہ اقبال کو توحید کا شاعر اور مفکر قرار دیتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے قرآن کو اپنارہنماء اور امام بنایا سلئے اقبال کے کلام اور فلسفے میں قرآن کی بھرپور ترجمانی کی گئی ہے۔ سمینار میں اپنے صدارتی خطبے میں ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر عادل امین کاک نے اقبال انسٹی ٹیوٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان مشکل حالات میں سمینار منعقد کرانا ایک بڑی اچھی بات ہے اور یقین دلایا کہ فیکلٹی کی طرف سے اقبال انسٹی ٹیوٹ جیسے ادارے کی ترقی کیلئے جو بھی کچھ کرنا ممکن ہوگا ،کیا جائے گا۔ سمینار کے آخر میں پروفیسر عبدالرشید بٹ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ 
 
 

پی ایچ ڈی چیمبرس آف کامرس نے کویڈ 19سے نپٹنے کیلئے جموں وکشمیر انتظامیہ کی تعریف کی

 جموں //پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جموں و کشمیر نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے جموں و کشمیر میں کوڈ  19 کا مقابلہ کرنے کی کوششوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔پی ایچ ڈی چیمبر نے کورونا وائرس کوویڈ 19 کی دوسری لہر سے نپٹنے کیلئے جموں و کشمیر انتظامیہ کی تعریف کی اور سرکاری اور نجی شعبے کے تمام ہیلتھ ورکرز ، ڈاکٹروں کا شکریہ بھی ادا کیا ،انہوں نے پولیس اور سیکورٹی اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مشکل حالات میں عوام کا ساتھ دیا ہے ۔چیئرمین پی ایچ ڈی سی سی آئی بلدیو سنگھ رانانے کہا کہ چیمبر تمام سرکاری محکموں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے تاکہ اس بیماری کی روکتھام ممکن بن سکے ۔انہوں نے کہا کہ چیمبر کو معلوم ہے کہ موجودہ صورتحال کا اثر تمام معاشی شعبوں پر پڑتا ہے ، چاہے وہ مقامی ہو یا بین الاقوامی ۔انہوں نے کہا کہ اس سے سیاحی مہمان نوازی سمیت چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے کاروبار متاثر ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر کورونا کی دوسری لہر نے شدت اختیار کر لی تو اس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے اور غریبوں کا روزگار متاثر ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایک فرد کی حیثیت سے اور بحیثیت تنظیم اپنے علاقوں ، تعلقات ، دوستوں میں کمزور برادریوں اور افراد تک پہنچنا چاہئے اور اس کے علاوہ ہمیں بزرگوں اور بچوں کی مدد کرنے کی بھی ضرورت ہے۔
 
 

نسوبانڈی پورہ میں نوجوان کی پراسرار موت

عازم جان 
بانڈی پورہ//نسوبانڈی پورہ میں ایک پچیس برس کے نوجوان کو گھرمیں مردہ پایا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ وسیم پرہ ولدغلام محی الدین پرہ ساکن نسو کو گھر میں پراسرار حالت میں بیہوش پاکر گھر والوں نے اُسے قدیم ضلع اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔اس سلسلے میں پولیس نے قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد کیس درج کرکے لاش لواحقین کے حوالے کی۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

 معمولی معدنیات کی کان کنی | شوپیان میں ماحولیاتی تحفظات کے نفاذ کیلئے عوامی دربار

 
شوپیان // ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شوپیان کی سربراہی میں ایک ٹیم نے یہاں بالا نو پورہ آہگام میں ندی نالوںسے معدنیات نکالنے کیلئے مقامی لوگوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی رائے ، نظریات اور تجاویز کے لئے ایک دربارکا اہتمام کیا۔ اے ڈی سی کے ہمراہ صوبائی افسر ، پی سی سی شوپیاں ، ضلعی معدنی افسر اور نائب تحصیلدار کیگام شامل تھے۔اس موقع پر پروجیکٹ کی نمائندگی کرنے والے ماحولیاتی مشیر نے پروجیکٹ کے بارے میں ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی اور سامعین کو اس منصوبے کے نفاذ میں اختیار کیے جانے والی سائنسی کان کنی اور ماحولیاتی حفاظتی فوائد کے بارے میں آگاہ کیا۔اے ڈی سی نے اپنے خطاب میںعوام کو بتایا کہ ماحولیاتی حفاظتی انتظامات کی دیکھ بھال کرنے والے مجوزہ معمولی معدنی منصوبوں میں سائنسی کان کنی کی جائے گی۔ اس منصوبے سے علاقے میں معمولی معدنیات کی دستیابی میں آسانی ہوگی۔ڈی ڈی سی ممبران اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے دربارمیںشرکت کی۔ 
 
 

پولیس کی منشیات مخالف مہم | بڈگام میں3افرادگرفتار،چرس اور نشیلی ادویات ضبط

 
سرینگر// بڈگام پولیس نے 3افرا کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چرس اور نشیلی ادویات برآمدکی ہیں۔پولیس چوکی سویہ بگ کی پولیس پارٹی نے وڈون چوک میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک سنٹر و گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK04A-4106 کو روکا جس میں دو افراد سوار تھے۔ ان کی تلاشی کے دوران 190گرام چرس ،کنٹرول میڈیکل اینکسٹ 345 ٹکیہ اور گاڑی بھی ضبط کی۔گرفتار کئے گئے افراد کی شناخت جاوید احمد بیگ ساکن نصراللہ پورہ بڈگام اور مشتاق احمد شیخ ساکن گلوان پورہ بڈگام کے طور پر ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 116/2021درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی۔ایک او ر کارروائی کے دوران کھاگ تھانہ کی پولیس پارٹی نے ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شخص کو مشتبہ حالت میں پا یا اور اُس کی ذاتی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے ایک سو گرام چرس نمو شے برآمد ہوئی۔مذکورہ شخص کی شناخت منظور احمد بیگ ساکن ملہ پورہ کھاگ کے بطور ہوئی ہے ۔ کھاگ تھانہ نے اس کے خلاف کیس زیر ایف آئی آر نمبر24/2021 درج کرلیا ہے۔
 
 
 

یوم القدس ملت کیلئے احیائے نو کا دن:مولانا قمی

 
سرینگر//پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے عالمی یوم القدس کے موقع پر اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کوفلسطین سے بء دخل کرانے کے لئے جلد از جلد قرار داد پاس کرکے انسانی اور قانونی تقاضوں کے مطابق قدس کی آزادی کا اعلان کرے۔ مولانا نے کہا کہ یوم القدس یوم مستضعفینِ جہاں کا دن ہے اس دن نہ فقط اسرائیل بلکہ دنیا کے کونے کونے میں ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ یوم القدس کے برکات سے ہی آج دنیا کے گوشہ و کنار میں انقلابی تحریکیں پھوٹ پڑی ہیں اور بیشتر ممالک میں ظالم و جابر حکمرانوں کا بستر گول ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم القدس کسی مخصوص مکتب فکر یا مسلک و ملت کا دن نہیں ہے بلکہ عالمگیر سطح پر ظالموں کے خلاف اعلان جنگ کا دن ہے ۔انہوں نے آیت اللہ امام خمینی ؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسی بزرگ و جید رہنما کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ غیور مسلمان اسرائیل اور امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اس کا مقابلہ کررہے ہیں۔مولانا نے تمام عالم انسانیت سے اپیل کی کہ وہ انسانیت کی بقاء کے لئے یوم القدس شاندار انداز میں منانے کا اہتمام کریں۔
 
 
 

اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائی جائے | آثار شریف پنجورہ  کے متولی کی انتظامیہ سے اپیل

سرینگر//آثار شریف پنجورہ شوپیان کے متولی بشیر احمد نے شب قدر اور عیدالفطر کے پیش نظرلیفٹیننٹ گورنرانتظامیہ بالخصوص چیف انجینئر پبلک ہیلتھ ،ڈائریکٹر فوڈ اینڈ سپلائز اور ڈپٹی کمشنر سے پرزور اپیل کی ہے کہ اشیائے ضروریہ کی دستیابی کے ساتھ ساتھ بجلی اور پینے کے پانی کی سپلائی میں معقولیت لائی جائے۔انہوں نے سٹریٹ لائٹوں کو بحال کرنے اورسڑکوں کی مرمت کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
 
 
 

رفیق مسعودی کا اظہار تعزیت

سرینگر//سابق سیکریٹڑی کلچرل اکادمی رفیق مسعودی نے معروف شاعرمرحوم غلام نبی ڈولوال (جانباز کشتواڑی) کی رفیقہ حیات سکینہ بیگم کے انتقال پرسوگوار خاندان خاصکر انجینئر زبیر ، شمیمہ ڈولوال، جہاں آرا جانباز اور عالم آرا جانباز سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحومہ کے لئے جنت نشینی کی دعا کی ہے۔مسعودی کے مطابق اس خانوادے کے ساتھ اُس کے قریبی روابط رہے ہیں اور شمیمہ ڈولوال تو کلچرل اکادمی ساتھی بھی رہی ہیں۔مرحومہ کی جسدِ خاکی کو جموں سے کشتواڑلایا گیا اور وصیت کے مطابق اپنے شوہرمرحوم جانباز کشتواری کے نزدیک سپرد لحد کیا گیا۔