مزید خبریں

جموں کشمیر کے سپیشل سیکریٹری فائنانس ڈاکٹر شمیم احمد وانی انتقال کرگئے

بھٹناگر ، بصیر خان،ڈی جی پی،کے اے ایس افسران،الطاف بخاری،تاریگامی اور ایجیک کا اظہار رنج 

سرینگر//جموںکشمیر میںکورونا وائرس کی د وسری لہر کے بیچ سپیشل سیکریٹری ،محکمہ فائنانس اور سابق ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر شمیم احمد وانی سنیچر کو کورونا وائرس میں مبتلاء ہوکر انتقال کرگئے۔ ڈاکٹر شمیم کورونا وائرس میںمبتلا ہونے کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں زیر علاج تھے جہاں سنیچر کی صبح انہوں نے آخری سانس لی۔اُن کی عمر 54سال تھی ۔موصوف1999بیچ کے کے اے ایس آفیسر تھے۔ادھر ڈاکٹر شمیم احمد وانی کے انتقا ل پر کئی سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں اور سماج کے مختلف طبقوں سے وابستہ افراداورانجمنوں نے اظہار تعزیت کیا ہے ۔ موصوف اپنے پیچھے بیوی اور ایک بیٹی کو چھوڑکر گئے ۔ کے اے ایس افسران،بھٹناگر ، بصیر خان،الطاف بخاری،تاریگامی اورایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ڈاکٹر شمیم احمد وانی کے انتقال پر کے اے ایس افسران نے غم اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کے اے ایس افسران نے مرحوم افسر کے اہل خانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ غمزدہ کنبے کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی ہمت عطا ہو ۔انہوں نے جموں و کشمیر حکومت سے پُر زور اپیل کی کہ وہ سوگوار خاندان کی ہر ممکن مدد کرے ۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے غم اور افسوس کا اظہار کیا ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں مشیربھٹناگر نے کہا کہ یہ افسر ایک سرشار اور نیک آدمی تھا جو ہمیشہ اپنے فرایض پیشہ وارانہ اور تندہی سے ادا کرتا تھا ۔ بھٹناگر نے سوگوار خاندان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ابدی سکون اور غمزدہ کنبہ کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی توفیق کی دعا کی ۔ بصیر خان نے اپنے تعزیتی پیغام میںکہا کہ یہ آفیسر ایک قابل اور نیک آدمی تھے جو ہمیشہ اپنے فرائض منصبی پیشہ وارانہ اور تندہی سے ادا کرتے تھے۔مشیر خان نے سوگوار خاندان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ابدی سکون اور غمزدہ کنبے کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی توفیق کی دعا کی ۔ چیف سکریٹری بی وی آر سبرامنیم نے سوگوارکنبے سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مرحوم کی روح کو ابدی سلامتی اورلواحقین کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی عطا کرے۔چیف سکریٹری نے ڈاکٹرشمیم کو ایک نیک اورمحنتی افسر قرار دیا جس نے ڈپٹی کمشنر کولگام ، اسپیشل سیکرٹری خزانہ اور کمشنر ریاستی ٹیکس کے عہدیداروں کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیں۔ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے سوگوار کنبے سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر ایک محنتی افسرسے محروم ہوگئی ۔انہوں نے مرحوم کے روح کی شانتی کیلئے دعا کی۔  اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ بخاری نے ڈاکٹر وانی کو ایک انتہائی مخلص ،نرم اور ایماندارافسرا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال سے نہ صرف انتظامی حلقوں بلکہ جموں و کشمیر بھر میں اس کے خلا پیدا ہوگیا ۔ محکمہ ٹیکس کے کمشنر اور ایڈیشنل کمشنر (کشمیر ) نے گہرے صدمے اور غم کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر شمیم نے انتظامیہ کے اہم عہدوں پر خدمات انجام دی تھیں جن میں ایکسائز کمشنر اسٹیٹ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ بھی شامل ہے۔سی پی آئی (ایم) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے محکمہ خزانہ کے سپیشل سکریٹری ڈاکٹر شمیم احمد وانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر پرازیکیوشن پرشوتم لال کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے ہفتے کو حکومت سے اپیل کی کہ وبائی بیماری کے مزید پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے فوری اقدامات کریں۔ ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی جموں کشمیر (ایجیک)کے صدر فیاض احمد شبنم نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری ملازمین برادری خصوصاً ایجیک قیادت ان کے دکھ درد میں شریک ہے۔
 
 
 

ڈپٹی کمشنر سرینگر نے عیدالفطر انتظامات کا جائزہ لیا

راشن کی تقسیم کاری 12 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت

سرینگر// عیدالفطر کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اسد نے ہفتے کے روز مختلف محکموں کے افسران کا اجلاس طلب کیا تاکہ راشن اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کا جائزہ لیا جاسکے۔انہوں نے ایف سی ایس اور سی اے کے افسران کو ہدایت دی کہ عید سے قبل مئی کے مہینے میں راشن کی تقسیم کا عمل مکمل کریں اور یقینی بنائیں کہ سری نگر میں کوئی بھی گھر راشن کے بغیر نہیں رہ جائے ۔انہوں نے تمام ٹی ایس اوز کو ہدایت دی کہ راشن گھاٹوں پر کسی بھی قسم کے ہجوم سے بچنے کے لئے ایک موثر طریقہ کار وضع کریں۔بجلی اور پانی کی فراہمی کے سلسلے میں ، ڈی سی نے پی ایچ ای اور پی ڈی ڈی افسران پر زور دیا کہ وہ سرینگر کے تمام علاقوں خصوصاً شب قدر اور عید کے دنوں میں پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کو تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے افسروں سے یہ بھی ہدایت کی کہ وہ ضلع میں مارکیٹ چیکنگ کو تیز کریں تاکہ لوگوں کو سرکاری نرخوں پر معیاری غذائی اجناس ملیں۔انہوں نے متعلقہ انفورسمنٹ ونگ کو ہدایت دی کہ گوشت ،مرغ ،میوہ ، سبزیوں ، بیکری اور دیگر لوازمات کے معیار اور نرخوں پر کڑی نگرانی رکھیں تاکہ کسی بھی طرح کے ذخیرے اور منافع خوروں کو روکا جاسکے۔ اس سے قبل ڈی سی کو بتایا گیا کہ سرینگر میں تقریبا 2. 2.42 لاکھ راشن کارڈ ہولڈر ہیں اور راشن کی تقسیم شروع کردی گئی ہے۔ ڈی سی کو یقین دہانی کرائی گئی کہ تمام اہل راشن کارڈ ہولڈروں کو عید سے قبل راشن مہیا کیا جائے گا۔ایڈیشنل کمشنر سرینگر ، خورشید احمد ، سی پی او سرینگر ، محمد یٰسین ، ایف سی ایس اینڈ سی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹروں اور تمام ٹی ایس اوز اور لائن ڈیپارٹمنٹس کے دیگر افسران اجلاس میں شریک تھے۔
 
 
 

 فلسطین میں جارحیت پر اقوام عالم کی خاموشی افسوسناک:ساگر

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے یوم القدس کے موقع پر فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہے اور اقوام عالم کی خاموشی پر زبردست تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کو فلسطین کے مسئلہ کے حل کیلئے اپنا رول نبھانا چاہئے اور اسرائیلی مسلسل جارحیت کو روکنے کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔ ساگر نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر بھی زور دیا کہ وہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لیں اور فلسطینیوں کیخلاف جاری ظلم و جبر کو روکنے کیلئے اپنا کردار نبھائیں۔ 
 
 
 

لیلۃ القدر اور عرس ِعلمدار کشمیرؒ

ڈاکٹر فاروق ، مولانا ہمدانی اورمولانا اخضر کی مبارکباد

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے شب قدر کی مقدس تقریب پر عالم اسلام خصوصاً ریاست کے فرزندان توحید کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ اِس مقدس اور فضیلت والے شب میں عالم اسلام کی سربلندی ، عالم انسانیت کی بقا وخوشحالی ،جموں وکشمیر کو موجودہ چیلنجوں سے نجات اور کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے اللہ کے دربار میں سربسجود ہوکر دعا کریں۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے علمدارِ کشمیر حضرت شیخ نور الدین نورانیؒ کے عرس پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عالم اسلام کو درپیش چیلنجوں اور کورونا وائرس سے نجات کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔انہوں نے کہا کہ علمدار کشمیرؒ کی سیرت مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے حضرت شیخ العالم شیخ نور الدین نورانیؒ کے عرس پر ریاستی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اِس ولی کامل  نے قرآن و حدیث کی تعلیم عام کرکے مسلمانوںکو دین اسلام کی نعمت سے فیضیاب کیا۔ادھر پارٹی کے سینئر لیڈر عبدالرحیم راتھر نے بھی عرس  پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے شب قدر اور عرس مبارک کے دوران مکمل انتظامات کرنے کی تاکید کی۔ ادھر انجمن علمائے احناف کے بانی صدر مولانا اخضر حسین نے لیلتہ القدر کے مقدس موقعہ پر کہا ہے کہ اس رات کی برکات اور عنایات اتنی عظیم اورلامحدود ہیں کہ کہ اہل ایمان معمولی سے معمولی عمل کا کئی گنا اجر حاصل کر سکتے ہیں۔مولانا اخضر نے کہا کہ اس رات میں قیام،ذکر واذکار اور استغفار کی کثرت سے ضرورت ہے تاکہ ہم پوری دنیا پر نازل موجودہ وباء سے نجات حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک رات جہاں ملت کیلئے اللہ عزوجل کی طرف سے ہزار راتوں کی عبادات اور عنایات کا موقعہ بھی فراہم کرتی ہیں وہاں اس رات میں اللہ تعالی سے اپنے گناہوں کی بخشش کے ساتھ ساتھ بڑی سے بڑی مصیبتوں اور پریشانیوں کا مداوا بھی موجود ہے۔مولانا  اخضر نے لوگوں سے اپیل کی کہ ہم اس عظیم اور بابرکت رات میں اپنے اپنے گھروں میں ہی قیام کر یں اور اس کے فیوض وبرکات کو سمیٹنے کے ساتھ ساتھ اللہ تعالی کو وبائی بیماری کو ختم کر نے لئے بھی راضی کریں تاکہ دنیا اور انسان کے وجود کو لاحق خطرہ سے نجات حاصل ہو سکے۔آ پ نے لوگوں سے گزارش کی کہ وبائی بیماری کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلے تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل کر کی بھی اپیل کی ہے۔
 
 

میر کا بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر زور 

 سرینگر// جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر جی اے میر نے حکومت پر زور دیا کہ وہ شب قدر کے موقع پر لوگوں کو ضروری سامان ، بجلی اور دیگر مطلوبہ سہولیات کی مناسب فراہمی کو یقینی بنائے۔ ایک بیان میں میر نے کہا کہ موجودہ حالات میں لوگوں کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا کئے بغیر ضروری سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ وہ پہلے ہی پریشان کن صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں ۔
 
 

پارمپورہ میں نامعلوم افراد نے ٹرک ڈرائیوروں سے موبائل فون اڑالئے 

سرینگر// پارمپورہ سرینگرشاہراہ پر نا معلوم افراد نے2غیرمقامی ٹرک ڈارئیوروں سے مبینہ طور ان کے موبائل فون اور نقدی لوٹ لی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ دو ٹرک ڈرائیوروں نے پارمپورہ تھانہ میں شکایت درج کی کہ ان کا ٹرک فروٹ منڈی سرینگر کے سامنے شاہراہ پر کھڑا تھا اور اس دوران تین نوجوان سامنے آئے اور ان سے نقدی اورموبائل فون لوٹ لئے۔پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ ان ٹرک ڈرائیوروں نے اپنی شکایت میں دعویٰ کیا ہے کہ ان لوگوں کے پاس پستول بھی تھا اور انہوں نے اُن سے فون اور دس ہزار روپے چھین لئے ۔شکایت کرنے والوں کی شناخت آشیش رتوری ولد گنگا پرساد ساکن پنجاب اور منویندر سنگھ ولد گورمیل سنگھ ساکن لدھیانہ پنجاب کے بطور کی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔ واضح رہے کہ ماضی میں پولیس نے بہت سارے بھتہ خوروں کو گرفتار کیا جو کھلونا بندوقوں سے غیر مقامی ڈرائیوروں کو لوٹ لیاتھا۔
 
 
 
 

پروفیسر طلعت اور دلباغ سنگھ کا مسعود چودھری سے اظہار تعزیت

سرینگر// وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر طلعت احمد نے ہفتے کے روز پروفیسر مسعود چودھری ، سابق وائس چانسلر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کی اہلیہ کے غمزدہ انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ایک تعزیتی پیغام میں پروفیسر طلعت ، رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد میر ، جوائنٹ رجسٹرار ڈاکٹر اشفاق اور وائس چانسلر کے خصوصی سکریٹری ڈاکٹر تنویر اے شاہ نے غم کی اس گھڑی میں سوگوار کنبہ خصوصا پروفیسر چودھری سے اظہار تعزیت کیا۔ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے سابق اے ڈی جی پی مسعود چودھری کی اہلیہ اور ایس ایس پی خلیل پوسوال کی والدئہ نسبتی نورجہاں چودھری کے انتقال پردکھ کا اظہار کیا ہے جو جموں میں کل سہ پہر سے انتقال کرگئیں۔ڈی جی پی نے مرحومہ کی روح کے ابدی سکون اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔
 
 

عوامی نیشنل کانفرنس کا اظہار تعزیت

سرینگر//عوامی نیشنل کانفرنس کی صدر بیگم خالدہ شاہ،سینئر نائب صدر مظفر شاہ اور پارٹی کے دیگر عہدہداراں نے پارٹی کے نائب صدر افتخار بانڈے کے برادر فاروق بانڈے کی وفات پر گہرے دکھ اورصدمے کا اظہار کیا۔انہوں نے مرحومکی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔