مزید خبریں

راجوری میں پٹوار ایسوسی ایشن کی ہڑتال جاری 

راجوری//جموں و کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن کے بینر تلے محکمہ مال کے پٹواریوں کی ہڑتال ضلع ہیڈ کوارٹر راجوری میں مسلسل جاری ہے جبکہ اس دوران مذکورہ ملازمین ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کے دفتر کے سامنے دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں ۔احتجاج کرنے والے پٹواری جموں میں دو پٹواریوں کی حالیہ گرفتاری کے خلاف ہیں اور وہ گرفتار شدہ ملازمین کی جلداز جلد رہائی کا مطالبہ بھی کررہے ہیں ۔پٹواریوں نے کہا کہ محکمہ کے دو پٹواریوں کو جموں میں گرفتار کیا گیا ہے اور کچھ دیگر ریٹائرڈ ملازمین کو بھی زمین کا ریکارڈ غائب ہونے کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ ملازمین کو ہراساں کیاجارہا ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ پٹواری حکومت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں لیکن انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے حتیٰ کہ ان کے پٹوار دفاتر کے قیام جیسے بنیادی مطالبات کو بھی نظر انداز کیا جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جب تک جموں میں زیر حراست پٹواری کو رہا نہیں کیا جاتا اور ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے تب تک یہ ہڑتال جاری رہے گی ۔
 
 
 

محکمہ دیہی ترقی نے6ماہ سے’ آر ٹی آئی‘ کا جواب نہ دیا 

رضار کار دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ،انتظامیہ سے کارروائی کی مانگ 

جاوید اقبال 
مینڈھر //محکمہ دیہی ترقی مینڈھر کے دفتر میں دائر کی گئی ایک آر ٹی آئی کا جواب گزشتہ 6ماہ سے نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے آر ٹی آئی رضا کاری معصوم حسین شاہ گزشتہ کئی ماہ سے سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہے ۔معصوم حسین شاہ نے بتایا کہ انہوں نے 2021میں محکمہ دیہی ترقی کے زیر تحت ہوئے تعمیراتی کاموں کیساتھ ساتھ دیگر پروجیکٹوں کے سلسلہ میں بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر مینڈھر کے دفتر میں جموں وکشمیر حق اطلاعات قانون کے تحت ایک آر ٹی آئی فائل کی تھی لیکن مقرر ہ مدت میں جواب نہ ملنے کے بعد انہوں نے دسمبر 2021میں اے سی ڈی پونچھ کے دفتر میں اپیل کی ۔موصوف نے بتایا کہ اپیل کرنے کے بعد آفیسر موصوف نے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کو طلب کیا تاہم مقررہ تاریخ پر بی ڈی او مینڈھر مبینہ طورپر حاضر ہی نہیں ہوا جس کے بعد اے سی ڈی پونچھ کی جانب سے ایک نوٹس جاری کیا گیا لیکن اس کے باوجود بھی ابھی تک مذکورہ آر ٹی آئی کا کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ ملک میں سابقہ’’فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ، 2002 ‘‘کی جگہ لینے والی آر ٹی آئی کا بل 15 جون 2005 کو ملک کی پارلیمنٹ نے منظور کیا اور 12 اکتوبر 2005 سے نافذ العمل ہواتاہم سابقہ ریاست جموں و کشمیر میں خصوصی پوزیشن ہونے کی وجہ سے اس کو ’جموں و کشمیر رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ‘کے طورپر 2009میں نافذ کیا گیا لیکن اس کے باوجود بھی کئی محکموں کی جانب سے مذکورہ ایکٹ کے تحت اطلاع فراہم کرنے میں تاخیر کی جاتی ہے ۔معصوم حسین شاہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری محکمہ میں مبینہ طورپر ہوئے غیر قانونی کاموں کی وجہ سے اس میں تاخیر کی جارہی ہے ۔انہوں نے محکمہ کے ڈائریکٹر کیساتھ ساتھ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ آفیسران کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ ان کو اطلاع فراہم کی جائیں ۔
 
 

پی ایم اے وائی سکیم کے تحت مستحقین نظر انداز 

اڑی پلیسر پنچایت کا وفد ایس ڈی ایم سے ملاقی 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی پنچایت اڑی پلیسر کا ایک وفد ایس ڈی ایم مینڈھر سے ملاقی ہوا ۔سرپنچ پنچایت عبدالمجید کی قیادت والے وفد نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پنچایت کو پردھان منتری اواس یوجنا کے زیر تحت یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پنچایت میں ایک بڑی تعداد ایسے غریبوں کی رہائش پذیر ہے جو کہ خطہ افلاس سے نیچے کی زندگی بسر کررہے ہیں لیکن متعلقہ محکمہ کی جانب سے بنائی گئی فہرستوں میں سبھی مستحقین کو نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔پنچایتی اراکین کے ہمراہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔وفد میں شامل اراکین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین نے جان بوجھ کر مستحقین کو نظر انداز کر دیا ہے ۔انہوں نے آفیسر موصوف سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ مستحقین کو فہرستوں میں شامل کروایا جائے جبکہ لاپرواہی میں ملوث ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ایس ڈی ایم نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں متعلقہ آفیسران کیساتھ بات چیت کی جائے گی ۔
 
 
 

سماج میں منشیات کے مضر اثرات 

راجوری بس اسٹینڈ پر نکڑ ناٹک کا اہتمام کیا گیا 

راجوری//منشیات کے استعمال کے خلاف بیداری پیدا کرنے اور اس برائی کے برے اثرات کے بارے میں سماج کو بیدار کرنے کے مقصد سے نٹرنگ تھیٹر گروپ نے جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ مل کر مین بس اسٹینڈ راجوری میں ایک اسٹریٹ پلے کا انعقاد کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی راجوری وویک شیکھر شرما، ڈپٹی ایس پی ہیڈکوارٹر ونود شرما، ایس آئی دانش مقبول ڈار، کئی سیاسی، سماجی کارکنان اور سول سوسائٹی کے ارکان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ڈرامے کا انعقاد مین بس اسٹینڈ پر کیا گیا تھا جس کا مقصد ڈرائیوروں، کلینرز، کنڈیکٹرز، مسافروں اور ہزاروں دیگر عام لوگوں کومنشیات کے مضر اثرات کے سلسلہ میں بیدار کرنا تھا ۔اس نکڑ ناٹک کے تحت لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ منشیات کیخلاف جنگ میں اپنا رول ادا کر کے سماج کر اس مضر لت سے پاک رکھنے میں مددکریں ۔اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ایس پی راجوری وویک شیکھر شرما نے کہا کہ اگرچہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی اس لعنت کے خاتمے میں ایک اہم پہلو ہے لیکن اس سے بچاؤ کا بنیادی ذریعہ معاشرے میں بیداری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس لعنت کو ختم کرنے کیلئے گھریلو سطح سے آگاہی اور روک تھام ضروری ہے۔
 
 

چیئرپرسن بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ ابھیان کا پونچھ دورہ 

حسین محتشم
پونچھ//معروف سماجی کارکن ریکھا شرما جوکہ چیئرپرسن بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ ابھیان (JKUT) بھی ہیںنے اسپورٹس اسٹیڈیم پونچھ میں راہول ڈریوڈ کرکٹ اکیڈمی ( RDCA)  میں تربیت حاصل کرنے والی خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ اور اکیڈمی کی انتظامیہ سے ملاقات کر کے ان سے تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران انہوں نے اکیڈمی  کی خواتین کھلاڑیوں کی تعریف کی اور انہیں مستقبل میں سخت محنت کرنے کی ترغیب دی۔انہوں نے کہا کہ ان کیلئے کھلاڑیوں سے ملاقات قابل فخر ہے اور خاص طور پر ان نوجوانوں بچیوں سے بات چیت کرنا ایک اعزاز ہے جو زندگی میں بلندیوں تک پہنچنے کے خواہشمند ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس اکیڈمی میں خواتین کو دی جانے والی تربیت، کوچنگ اور دیگر امداد سے بہت متاثر ہوئی ہیں۔ انھوں نے کہا پرویز ملک آفریدی نوجوانوں کو جس طرح سے بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں وہ  بھی بغیر کسی فیس کے غیر معمولی کام نہیں ہے۔انہوں نے راہول ڈریوڈ کرکٹ اکیڈمی کو مدد کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ اکیڈمی کی بہتری کے لیے ہر طرح کی کوشش کریں گی۔پرویز ملک آفریدی نے ان کے لیے وقت نکالنے پر انہیں گلدستہ اور شیلڈ پیش کی۔انہوں نے مستقبل کی کوششوں کے لیے کھلاڑیوں کے ساتھ اچھے الفاظ اور عزم کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔ 
 
 

جموں کشمیر ’اپنی‘ پارٹی نے پونچھ میں یوم تاسیس منایا

حسین محتشم
پونچھ//جموں کشمیر اپنی پارٹی کا یوم تاسیس پونچھ میں بھی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔پونچھ کے صدر مقام پر شاہ محمد تانترے سابق ایم ایل اے پونچھ کی قیادت میں ان ہی کی رہائش گاہ پرلوگوں کے ایک بڑے اجتماع نے شرکت کی۔ اس موقع پر پارٹی رہنما الحاج بشیر احد خاکی، سرجن سنگھ، پیرزادہ بلال مخدومی، چوہدری بشیر کامران، حاجی چوہدری یار محمد، چوہدری محمد صفیر، عبدالجبار تانترے، حاجی محمد اکرم، حاجی اکبر ، الحاج بشیر میر ، گرودیو سنگھ، ایس آر راجندر سنگھ،تنویر چوہدری، عمران خان، غلام رسول تانترے، اقبال تانترے، فاروق ٹھاکر، محمد فاروق ٹھاکر، چوہدری محمد اعظم،چوہدری جاوید ، چوہدری جلا، الحاج بشیر نائیک  نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق ایم ایل اے شاہ محمد تنترے کی بہترین کارکردگی کو دیکھتے ہوئے پونچھ میں پارٹی مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے۔ تانترے نے اپنے خطاب میں جموں و کشمیر کے لوگوں سے پارٹی میں شامل ہونے اور سید الطاف بخاری کی قیادت پر بھروسہ کرنے کی اپیل کی جو ریاست کی قیادت کرنے اور مرکز اور ریاست کے درمیان پل بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مختصر نوٹس پر تقریب میں شامل ہونے پر لوگوں کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ہمیشہ عوام کی بلا امتیاز خدمت کریں گے، جیسا کہ ماضی میں ہوتا رہا ہے۔ اس موقع پر چوہدری محمد اعظم ساکن بھینچ کو بلاک صدر پونچھ، حاجی چوہدری محمد اسماعیل کو ایس ٹی ونگ کا بلاک صدر، جاوید چوہدری کو بلاک صدر ایس ٹی سیل، گرودیو سنگھ ضلع صدر اقلیتی سیل، راجندر سنگھ بلاک صدر ، سلاتری کے شکیل شیخ او بی سی پونچھ صدر نامزد کیا گیا۔ .
 

 لیگل سروس اتھارٹی کا سرنکوٹ میں پروگرام 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// تحصیل لیگل سروسز کمیٹی سرنکوٹ کی جانب سے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول سرنکوٹ میں منظور احمد خان چیئرمین تحصیل لیگل سروس کمیٹی سرنکوٹ کی قیادت  میں عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس بیداری پروگرام میں وکلاء عدلیہ کے دیگر ملازمین ،پرنسپل گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول سرنکوٹ افتخار حسین شاہ ،سٹاف ممبران کے علاوہ بچوں نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں مقررین نے سماج کی تعمیر وترقی میں خواتین کے رول کے سلسلہ میں اپنی تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے خواتین کے حقوق کے سلسلہ میں عوام بالخصوص بچیوں کو بیدار کیا ۔
 
 

محمد لطیف چوہدری نے ڈپٹی سی ای او پونچھ کا چارج سنبھالا

مینڈھر// محمد لطیف چوہدری نے ڈپٹی چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ ہیڈ کوارٹر مینڈھر کا چارج سنبھال لیا۔زیڈ ای اوپورن چند،صدر ٹیچر ایسوسی ایشن مشتاق خان مینڈھر،نذیر مغل صدر ٹیچر ایسوسی ایشن منکوٹ، شفیق چودھری جنرل سیکرٹری ٹیچر ایسوسی ایشن مینڈھر کے علاوہ  شعبہ تعلیم سے جڑے کئی دیگر افراد نے ان کا استقبال کیا۔اس سے پہلے وہ پرنسپل گورنمنٹ بوائز ہائراسکینڈری سکول کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ اس سلسلے میں سٹاف ممبران کی جانب سے سکول کیمپس میں ایک الوداعی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔اس موقعہ پر بی ڈی سی چیئرمین امان اللہ چودھری،ڈاکٹر اعجاز چوہان، ماسٹر عنایت خان، لیکچرار شفیق خان، اسٹاف سیکریٹری ناصر خان، سینئر لیکچرر شکور خان ،سینئر لیکچرر محمد عارف چودھری، لیکچرر میر عالم چودھری، سینئر لیکچرار برکت چودھری، لیکچرر شاہنواز قریشی، سینئر لیکچرار قربان حسین شاہ اور ڈاکٹر شبیر چودھری بھی موجود تھے۔سکول کے نئے پرنسپل سلیم شاہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ لطیف چوہدری نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ادارہ ترقی کی جانب گامزن رہے گا اور وہ طلباء￿  کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ وہ بھی اپنی طرف سے ادارے کی بہتری کی کوشش کریں گے۔اپنے خطاب میں محمد لطیف چودھری نے تمام اسٹاف ممبران کاشکریہ اداکرتے ہوئے طلباکی کامیابی کی دعاکی۔ذوالفقار علی نقوی پرنسپل گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول مینڈھر نے تقریب کی صدارت کی۔