فاروق خان نے کولگام میں کووڈ تخفیف کی کوششوں کا جائیزہ لیا
کولگام //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق احمد خان نے ضلع کولگام کا دورہ کیا اور کووڈ تخفیف کوششوں کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے ضلع ہسپتال کولگام کا بھی دورہ کیا اور انہیں کووڈ اور غیر کووڈ مریضوں کی دیکھ بھال کی سہولیات کے بارے میں بریف کیا گیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بھٹ ، ایس پی کولگام ، اے ڈی سی ، اے سی آر ، سی ایم او اور دیگر افسران موجود تھے ۔ اپنے دورے کے دوران مشیر نے نئے کمیشنڈ 1000 ایل پی ایم آکسیجن پلانٹ کا معائینہ کیا اور اس کے کام کا مختصر جائیزہ لیا ۔ انہوں نے وارڈوں میں آکسیجن کی دستیابی ، کووڈ کئیر اور دیگر ضروری ادویات کے حصول کا بھی جائیزہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بھٹ نے مشیر کو ہسپتال کے مجموعی کام کے بارے میں بتایا ۔ انہوں نے مشیر کو آگاہ کیا کہ ضلع ہسپتال میں 120 آکسیجن بستروں کی دستیابی ہے اور کافی تعداد میں بلک سلنڈر، کونٹریٹر دستیاب ہیں ۔ اس موقعہ پر مشیر نے صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کو انسانی جانوں کو بچانے کیلئے ان کے کردار کی تعریف کی ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کو بڑھایا ہے اور نظام کو بڑھاوا دینے کا عمل جاری رہے گا ۔ بعد ازاں انہوں نے ریسٹ ہاوس چاولگام میں منعقدہ افسران کی میٹنگ کی صدارت کی اور ضلع کے ترقیاتی منظر نامے اور سماجی شعبے کی اسکیموں پر عملدرآمد کا جائیزہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے پاور پوائینٹ پرذنٹیشن کے ذریعہ ضلع کی مجموعی پروفائیل پیش کی اور مختلف پروجیکٹوں کی پیش رفت پر بھی روشنی ڈالی جن پر عملدرآمد کرنے والی مختلف ایجنسیوں کا عمل جاری ہے ۔ مشیر کو بتایا گیا کہ پی ایم ڈی پی کے تحت ضلع میں 6 کام کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن میں این ٹی پی ایچ سی سرانڈو ، ضلع ہسپتال میں آئی پی ڈی بلاک ، ایس ڈی ایچ ڈی ایچ پورہ ، ایس ڈی ایچ قائمو اور قائمو میں انڈور سٹیڈیم شامل ہیں جن میں سے ایم سی ایچ کلگام اور پی ایچ سی سرانڈو مکمل ہو چکے ہیں ۔ سماجی شعبے کی اسکیموں کا جائیزہ لیتے ہوئے مشیر نے افسران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو مختلف فلاحی منصوبوں کے بارے میں روشناس کرائیں تا کہ وہ ان اسکیموں سے استفادہ کر سکیں ۔ بعد میں متعدد وفود نے مشیر سے ملاقات کی جس میں ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن ، ٹریڈرز ایسوسی ایشن ، فروٹ ایسوسی ایشن ، کلگام اوقاف کمیٹی کے ممبران اور قبائلی وفود شامل ہیں جنہوں نے انہیں درپیش مسائل اور مطالبات پیش کئے ۔ اس سے قبل مشیر خان نے اسپورٹس اسٹیڈیم کلگام کا دورہ کیا اور انڈور سٹیڈیم کی تعمیر کیلئے مجوزہ سائیٹ کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے یو ٹی سطح پر کھیلوں کے مختلف زمرے میں میڈلز اور ایوارڈ جیتنے والے لڑکوں اور لڑکیوں کو بھی نوازا۔ ادھر فاروق احمد خان نے کولگام میںڈی ڈی سی ، بی ڈی سی ، سرپنچ اور پنچوں سے ملاقات کی ۔ چئیر پرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل محمد افضل پرے ، وائس چئیر پرسن شازیہ جان اور دیگر ڈی ڈی سی ممبران کے علاوہ بی ڈی سی چئیر پرسن ، سرپنچ اور پنچ بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ میٹنگ کے دوران ضلع کے ترقیاتی منظر نامے کو فروغ دینے کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ان ممبروں نے مشیر کو اپنے حلقہ ہائے انتخاب میں مختلف امور اور مسائل سے بھی آگاہ کیا اس کے علاوہ عوامی اہمیت کے مختلف دیگر امور بھی اٹھائے ۔ ان ممبروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے مشیر نے کہا کہ حکومت نے پنچائت راج اداروں کو بااختیار بنایا ہے کہ وہ دیہات کی ترقی کے سلسلے میں قابل قبول تبدیلی کو یقینی بنائیں ۔ مشیر نے کہا کہ ایل جی حکومت پی آر آئی کے قیام اور ان کو بااختیار بنانے کیلئے پُر عزم ہے ۔ اس سے قبل ڈپٹی کمشنر کلگام ڈاکٹر بلال محی الدین بھٹ نے مشیر کو آگاہ کیا کہ سال 2021-22 کے ضلع منصوبہ کو ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی اور پی آر آئی ممبروں کی فعال شرکت اور شمولیت کو یقینی بنایا ہے ۔ ڈی ڈی سی چئیر پرسن نے کووڈ 19 وباء پر قابو پانے کیلئے ضلع انتظامیہ کے اقدامات کی تعریف کی ۔
لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطلب کھلی چھوٹ نہیں: ڈی سی سرینگر
سرینگر//32روزبعدسوموارکوبازار کھلنے کے ایک روز بعدضلع مجسٹریٹ سرینگر اعجاز اسد نے یہ واضح کیاہے کہ لاک ڈائون میں نرمی کاقطعی مطلب کھلی چھوٹ نہیں ہے ۔انہوں نے لوگوں سے کورونا گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی ۔ضلع مجسٹریٹ نے یہ بھی واضح کیاکہ سری نگرکے96کنٹینمنٹ زون والے علاقوں میں لاک ڈائون نافذ رہے گا۔انہوں نے خبردارکیا کہ سری نگر اورینج زون ہے، اگر پروٹوکال کی خلاف ورزی کی گئی تو شہرریڈ زون میں جا سکتا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق ڈپٹی کمشنر سری نگراعجاز اسد جوکہ ضلع مجسٹریٹ سری نگر اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین بھی ہیں ،نے منگل کے روز اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہاکہ کورونا لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطلب کھلی چھوٹ نہیں ہے۔موصوف کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطلب کھلی چھوٹ نہیں ہے بلکہ لوگوں کو کورونا پروٹوکال پر سختی سے عمل کرنا چاہئے۔ اعجاز اسد نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوران اگر ذرا سی بھی غلطی کی گئی تو اس کا خمیازہ پورے معاشرے کو بھگتنا پڑے گا۔ضلع مجسٹریٹ سری نگر نے لوگوں سے کورونا گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنے کی تاکیدکی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سری نگر میں96 علاقوں کو کنٹینمنٹ زون قرار دیا گیا جہاں مکمل لاک ڈاؤن ہی نافذ رہے گا۔انہوں نے اپنے بیان میں خبردارکیا کہ سری نگر اورینج زون ہے، اگر پروٹوکال کی خلاف ورزی کی گئی تو شہرریڈ زون میں جا سکتا ہے۔
بڈگام ، بانڈی پورہ اور گاندربل ضلع ترقیاتی کمشنروں کی میڈیا بریفنگ
کورونا سے لڑنے میں عوام لاپرواہی نہ برتے
بڈگام+بانڈی پورہ+گاندربل // بڈگام، بانڈی پورہ اور گاندربل کے ضلع ترقیاتی کمشنروں نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا نے پریس بریفنگ دینے کے دوران کہا کہ اس وقت ابھی بھی ضلع میں 2,232 مثبت معاملات سر گرم ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ اَب تک 9,914مریض شفایاب اور صحتیاب ہوئے ہیں جس کی شرح فیصد 82 فیصد تک پہنچ چکی ہے ۔ یہ اچھی بات ہے کیوں کہ روزانہ رِپورٹ معاملات میں نمایاں کمی واقعی ہوئی ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ مثبت معاملات کی شرح میں بھی بہت حد تک بہت حد تک کمی واقع ہوئی ہے اور اب یہ 4.05فیصد ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ ۔19 وَبائی بیماری سے نمٹنے کے لئے تمام متعلقہ اَفراد کی کوششوں کو دوگنا کیا گیا ہے ۔ ٹیکہ کاری کی صورتحال کے بارے میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ 45برس عمر یا اس سے زیادہ عمر کے اَفراد کی ٹیکہ کاری مہم جاری ہے اور اب تک اس گروپ کے تحت تقریباً 75فیصد ہدف حاصل چکے ہیں۔اب ضلع انتظامیہ کی توجہ 18برس عمر اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کو ٹیکے لگانے پر مرکوز ہے ۔ اِس کے لئے 36 سائٹیں کام کر رہے ہیں ۔ڈی سی نے ایک بار پھر عوام الناس سے اپیل کہ وہ تمام ایس او پیز اور دیگر کووِڈ ۔19رہنما اَصولوں پر من و عن پیر ا رہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام نے نرمی کے بارے میں واضح کیا کہ تمام رہنما اصولوں اور ایس او پیز کی پاسداری ، ضلع کی مارکیٹیں حکم کے مطابق عمل کریں گی اور 33فیصد دکانیں متبادل بنیادوں پر تین میں ایک دکان کھلی رہیں گی۔دیہی علاقوں میں واقع تنہا دکانوں کے بارے میں اُنہوں نے کہاکہ وہ روزانہ کھلی رہیں گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ سنیچروار اور ایتوار کو کورونا کرفیو مکمل طور نافذ ہوگا۔ قارئین سرکاری ٹویٹر اکائونٹ ڈی سی بڈگام @DC_Budgam اور@dicbudgamپر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ادھر ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے عوام الناس کو کووِڈ ۔19رہنما اصولوں اور ایس او پیز پر کووِڈ لاک ڈائون میں نرمی کے دوران سختی سے عمل پیرا رہنے کی اپیل کی۔ڈاکٹر اویس احمد نے اِن باتوں کا اِظہار میڈیا کو بریفنگ دینے کے دوران کیا۔اُنہوں نے کہا کہ وائرس پر قابو پانے میں آسانی کو نہیں لیا جانا چاہیئے کیوں کہ وَبائی بیماری کے خلاف جنگ ابھی بھی جاری ہے اور اِس میں نرمی کی کسی بھی طرح کی گنجائش نہیں ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ انفیکشن ابھی بھی موجود ہے اور اس بیماری سے متاثر ہونے سے بچنے کے لئے ہمیں اَب اِضافی محتاظ رہنے کی ضرورت ہے۔اُنہوں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کووِڈ ۔19 کے رہنما اَصولوں پر عمل کریں اور کووِڈ مناسب طرز، عمل کو سختی سے اَپنائیں۔اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ نے لاک ڈائون میں نرمی کی ہے اور بازاروں میں بھیڑ سے بچنے کے لئے عقلی بنیاد پر دُکانیں کھولنے کی اِجازت دی ہے ۔ اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ضرورت پڑنے پر ہی بازاروں کا رُخ کریںاور غیر ضروری بازاروں میں نکلنے سے گریز کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ضلعی اِنتظامہ کووِڈ۔19 وَبائی بیماریوں سے نمٹنے کے لئے انتھک محنت کر رہی ہے اور ضلع کے لوگوں نے اپنا بھر پور تعاون دیا اور دے رہے ہیں جس کی وجہ سے گزشتہ دِنوں کے دوران اِس میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ڈاکٹر اویس احمد جانکاری دی کہ اِس وقت ضلع میں 898 مثبت معاملات سر گرم ہیں جن میں سے صرف 69 مریض ہسپتال آئیسولیشن میں ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ یومیہ بنیاد پر 1500 سے 2000 ٹیسٹ کئے جاتے ہیں اور مثبت معاملات میں مئی مہینے میں 19 فیصد سے کم ہو کر آج5 فیصد ہو گئی ہے۔ڈی سی بانڈی پورہ نے 45 برس سے زیادہ عمر کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ جلد سے جلد کووِڈ ۔19 حفاظتی ٹیکے لگائیں تاکہ کورونا وائرس کی چین کو توڑا جاسکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ویکسین وَبائی بیماری کے خلاف ایک بہت مضبوط ہتھیار ہے اور اہل عمر کے صد فیصد کوریج کو یقینی بنانے کے لئے گھر گھر جا کر ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا گیا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اَب تک 82 فیصد آبادی کو کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔قارئین سرکاری ٹویٹر اکاؤنٹ نمبر (@dcbandipora) :https://Twitter.com/dcbandipora?s=08 and (@dicbandipora) :https://Twitter.com/dicbandipora?s=08پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنرکمشنر گاندر بل کریتکا جیوتسنا نے 19 ویں بلڈنگ آپریشن اور کنٹرولنگ اتھارٹی ( بی او سی اے ) کی میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گاندر بل ، چیف ٹاؤن پلانر ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ( ممبر سیکرٹری ) ایس ڈی اے ، ڈویژنل ہیڈ ایکولوجی اینڈ ماحولیات سرینگر ، ایس ای آر اینڈ بی ، ڈی ایف او سندھ جنگلات ڈویژن اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ اس میٹنگ کا مقصد سربل اور بال تل میں بور ویل کی تعمیر کیلئے اجازت دینے اور لاش پتھری سونہ مرگ میں نیل گراٹ ٹنل کیلئے ای ایم کی تعمیر پر غور کرنا تھا ۔ میٹنگ کے دوران متعلقہ ایجنسی کو اجازت دینے کیلئے مختلف پہلوؤں پر مختصر غور و خوض کیا گیا ۔ بعد میں ڈی ڈی سی نے تمام ممبروں کو ہدایت دی کہ وہ جائے وقوع پر مشترکہ معائینہ کریں اور مزید کاروائی کیلئے رپورٹ ڈی سی آفس کو پیش کریں ۔
ہفتہ میں 2دن تجارت کی اجازت مذاق: ٹریڈ الائنس
سرینگر //کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار نے کہا ہے کہ ہفتہ میں صرف 2دنوں میں کاروبار کی اجازت دینا تاجروں اور دکانداروں سے مذاق ہے۔ اعجاز شہدار نے انتظامیہ کی جانب سے ایک ماہ طویل لاک ڈائون کے مرحلہ وار بنیادوں پر ختم کرنے کے احکامات سے پیدا شدہ اضطرابی کیفیت پر برہمی کا اظہار کیا کرتے ہوئے کہا کہ سرکار سنجیدگی کے ساتھ اس معاملے کی وضاحت کرنے میں ناکام ہوئی۔انہوںنے کہا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہفتہ میں متبادل ایام میں صرف2روز کاروبار کی اجازت تاجروں اور دکانداروں کے ساتھ بھونڈا مذاق ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس منطق سے ہفتے میں دکاندار کو صرف ایک روز ہی دکان کھولنا پڑے گی اور واس دن بھی اس کو ہفتے بھر کی گرد و غبار اور دھول صاف کرنے میں لگے گا۔ شہدار نے کہا کہ اگر صورتحال کورونا کے حوالے سے اس قدر خطرناک ہے تو انتظامیہ کو چاہئے تھا کہ وہ ایک اور ہفتے کا انتظار کرکے ان لاک کا سلسلہ شروع کرتی کیونکہ دکانداروں نے جہاں ایک ماہ سے زائد عرصے سے نقصانات کا سامنا کیا وہی ایک اور ہفتے کا بھی انتظار کرتے۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں ہفتے میں ایک دن کا ایام کار نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اصل میں یہ عمل تاجروں سے ٹیکسوں کی وصولی کیلئے کیا جا رہا ہے۔شہدار نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سنجیدگی کے ساتھ ان لاک کرنے کیلئے نقشہ راہ ترتیب دیں تاکہ دکانداروں اور صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا نہ پڑے۔
معیاری عملیاتی طریقہ کی خلاف ورزیاں
1لاکھ33ہزار روپے جرمانہ وصول،182افراد گرفتار
سرینگر//لاک ڈائون کی خلاف ورزیاں کرنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 182افراد کو گرفتار کرکے 89ایف آئی آر درج کئے اور1,33,840روپے جرمانہ وصول کیا۔ پولیس نے کووڈ19کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کیخلاف خصوصی مہم شروع کی ہے۔ پولیس نے گزشتہ24گھنٹوں کے دوران182شہریوں کو گرفتار کیا اور 1181افراد سے 1,33,840روپے جرمانہ وصول کیاگیا۔ پولیس نے عوام سے کہا ہے کہ وہ معیاری عملیاتی طریقہ کارپر عمل کریں اور یہ مہم وادی کے تمام اضلاع میں جاری رہے گی۔
ویری ناگ میں نالہ ساندرن سے نوجوان کی لاش بر آمد
عارف بلوچ
اننت ناگ // ضلع اننت ناگ کے ویری ناگ علاقے سے منگل کو ایک شہری کی لاش نالہ ساندرن سے بر آمد کی گئی۔ 35 سالہ ریاض احمد چچی ولد عالم دین چچی ساکن ہالن ویری ناگ کو پولیا ویری ناگ کے قریب نالہ سندرن میں مردہ پایا گیا۔اہل خانہ کے مطابق مہلوک کئی عرصہ سے بیمار تھا اور وہ پیر سے لاپتہ تھا۔مہلوک اپنے پیچھے اہلیہ اور4 بیٹیاں چھوڑ گیا ہے ۔پولیس نے قانونی لوازمات کے بعد نعش لواحقین کے حوالے کی ہے۔
مغل شاہراہ کو مستقل طور کھلا رکھاجائے: قیوم وانی
سرینگر// سول سوسائٹی فورم چیئرمین عبدالقیوم وانی نے پورے سال مغل شاہراہ کو کھولنے کی مانگ کی ہے۔ قیوم وانی نے مریضوں ، طلاب اور ملازمین کو درپیش پریشانی کو دیکھتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ پورے سال کشمیر میں مغل شاہراہ کوکھولنے کو یقینی بنائیں۔ انہوںنے ایک بیان میں کہا کہ راجوری اور پونچھ کے عوام خاص طور پر مریضوں ،طلاب اور راجوری اور پونچھ میں کام کرنے والے ملازمین اور دیگر کاروباری طبقے کو ایک اہم متبادل شاہراہ کے بار بار بند ہونے سے سبب سے زیادہ تکلیف ہو رہی ہے۔ مغل شاہرہ ان دو اضلاع کو وادی کشمیر کے باقی حصوں سے مختصر ترین راستہ کے طور پر جوڑتا ہے۔وانی نے کہا کہ طلاب اور ملازمین کو جموں تک پہنچنے کے لئے پونچھ سے200 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے اور پھر وہ کشمیر تک پہنچنے کے علاوہ سفر کرتے ہیں جو تقریبا 500 کلو میٹر کا سفر بن جاتا ہے جو معاشی نقصان اور ذہنی و جسمانی تھکن کا سبب بنتا ہے۔انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مغل شاہراہ کو مستقل طور پر کھلا رکھنے اور اس کی مرمت کے انتظامات کریں۔
کشمیر یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویٹ طلاب کی فریاد
امتحانی فیس میں رعایت کرنے کی مانگ
یو این آئی
سرینگر// کشمیر یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں پوسٹ گریجویشن کر رہے طلاب نے الزام عائد کیا ہے کہ یونیورسٹی حکام ان سے بھاری امتحانی فیس وصول کر رہے ہیں جس کا موجودہ حالات میں ادا کرنا ان کے بس کی بات نہیں ہے ۔طلاب کے ایک وفد نے یو این آئی کو بتایا کہ آن لائن امتحان دینے کے پیش نظر امتحانی فیس کافی کم ہونا چاہئے تھا لیکن اس میں کوئی کمی نہیں کی گئی ہے ۔وفد میں ایک طالب علم نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا: 'آن لائن امتحانات میں یونیورسٹی کو کوئی خرچہ ہی نہیں آتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی ہمارا امتحانی فیس زائد از 2 ہزار روپے ہے جس کا موجودہ حالات میں ادا کرنا ہمارے بس کی بات نہیں ہے '۔انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہماری مالی حالات اس قدر خراب ہے کہ گھر کے اخراجات کو پورا کرنا ناممکن بن گیا ہے ،ایسے حالات میں ہمارے والدین بھاری امتحانی فیس کا بندوبست کرنے سے قاصر ہیں۔ایک اور طالب علم نے بتایا کہ کشمیر یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنا غریب طالب علم کے بس کی بات نہیں کیونکہ وہاں بعض پرائیویٹ یونیورسٹیوں سے بھی زیادہ داخلہ و امتحانی فیس ادا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجوہ حالات میں فیس میں کوئی رعایت نہیں کی گئی جبکہ آن لائن امتحان دینے سے ان کا کوئی خرچہ ہی نہیں ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر میں دو نہیں بلکہ تین برسوں سے لاک ڈاؤن ہے اس دوران ہمارے مالی حالات اس قدر خراب ہیں کہ دو وقت کی روٹی کی سبیل بمشکل ہی ہوتی ہے ایسے حالات میں بھاری بھرکم امتحانی فیس کی ادائیگی ممکن ہی نہیں ہے ۔ طالب علم نے کہا کہ اگر اس فیس میں رعایت نہیں کی گئی تو کئی طلاب امتحان دینے سے رہ سکتے ہیں۔وفد نے یونیورسٹی حکام سے امتحانی فیس میں بھر پور رعایت کرنے کی اپیل کی۔
ٹنگسا لیہہ میں تیل سے بھرے ٹینکر کو حادثہ
ڈرائیور لقمۂ اجل، کنڈیکٹر شدید زخمی
غلام نبی رینہ
کنگن//ٹنگسا لیہہ میں سڑک کے ایک حادثے میں ڈرائیور ہلاک اورکنڈیکٹر زخمی ہوا۔سرینگر سے لداخ جارہا تیل ٹینکر زیر نمبرJK02BU/5825 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ٹنگسا لیہہ کے مقام پر گہر کھائی میں جاگرا جس کے نتیجے میں ڈرائیور کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ حادثہ میں کنڈیکٹر شدید طور پرزخمی ہوا جس کو علاج و معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ایس ایچ او پولیس تھانہ لیہہ امتیاز حسین نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ فوت ہوئے ڈرائیور کی شناخت نہیں ہو پارہی ہے ۔ لیہہ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
پٹن میں چاول کی366بوریاں ضبط،2ڈرائیور گرفتار
فیاض بخاری
بارہمولہ // سرکاری چاول کو کالا بازار میں فروخت کرنے کے الزام میں بارہمولہ پولیس نے پٹن میں 2ٹرکوں کوضبط کیا اور دو ڈرئیوروں کو بھی گرفتار کرلیا ہے ۔ پولیس کاکہنا ہے کہ انہیں ایک مصدقہ اطلاع ملی کہ ایف سی آئی بارہمولہ گودام سے لوڈ ہوئی 2ٹرکوں جن کے نمبرات,JK09-3233 JK02V-6397 ہیں، سے چاول کی بوریاں کو کپوارہ لے جانا تھا تاہم وہ سرینگر کی طرف جارہی تھیںجہاں اس چاول کو کالا بازار میں فروخت کرنے کا منصوبہ تھا ۔پولیس پٹن کی ایک ٹیم نے ایس ڈی پی او ظفر مہدی کی نگرانی میں بروقت کارروائی عمل میں لاکر چاول کی 366بوریوں سے لدی دونوں ٹرکوںکواپنی تحویل میں لیکر ضبط کیا ۔ گرفتار کئے گئے ڈرائیوروں کی شناخت محمد جمال حجام اور جہانگیر احمد بٹ کے بطور ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں پٹن پولیس نے کیس زیر ایف آئی آر نمبر 152/2021 درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔
رامحال ہندوارہ میں ریچھ کے حملہ میں چرواہا زخمی
اشرف چراغ
کپوارہ// رامحال ہندوارہ میں ریچھ ایک حملے میں جواں سال چرواہابری طرح زخمی ہو گیا جو سرینگر کے صدر اسپتال میں زیر علاج ہے ۔اس واقعہ کے بعد پورے علاقہ میں خوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی ہے ۔معلوم ہو ا ہے کہ رامحال کے ککروسہ جنگلات میں معروف زمان خان ساکن شاہ چنی پتھ راجوری اپنے مویشیو ں کے ساتھ تھا کہ اس دروان ایک ریچھ نمو دار ہوا اور معروف زمان پر حملہ کر کے اس کو شدید زخمی کیا ۔معروف زمان کی چیخ و پکار سن کے آس پاس کے لوگ جمع ہوئے اور خون میں لت پت جواں سال چرواہاکو ریچھ کے چنگل سے چھڑا دیا ۔لوگو ں نے موصوف کو ضلع اسپتال ہندوارہ میں داخل کیا جہا ں ڈاکٹرو ں نے انہیں نازک حالت میں صدر اسپتال سرینگر منتقل کیا جہا ں وہ زیر علاج ہورہاہے ۔
تمباکو نوشی سے اجتناب کے فوائد
ہائیر سیکنڈری سکول کنزر میں ویبنار
ٹنگمرگ// گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول کنزر نے انسداتمباکو نوشی کے عالمی دن پر ایک ویبنار منعقد کیا۔ اس منفرد پروگرام میں ماہرین تعلیم اورطلاب نے حصہ لے لیا۔ پرنسپل ہائیر سینڈر سکول کنزر عبدالرشید ملہ ، پرنسپل ہائیر سیکنڈر سکول اوڑی مشتاق سوپوری ، چیف ایجوکیشن دفتر بارہمولہ کے عہدیداروں سمیت ڈسٹرکٹ کلچرل کوآرڈی نیٹر نذیر احمد ، زیڈ ای او کنزر ، کوارڈی نیٹر کلچرل ونگ کنزر عبدالاحد ٹھوکر، آزاد بخاری اور سید مدحت نے شرکت کی۔ویبنار کی نظامت کے فرائض احمد کشمیری نے انجام دئے۔ مقررین نے موضوع کے مختلف شعبوں پرسیر حاصل بحث کی اور تمباکونوشی سے اجتناب کے فوائد سے آگاہ کیا۔پروگرام میں طلاب نے اپنا نقطہ نظر پیش کیا اور اس لعنت کو روکنے کے لئے اقدامات تجویز کیے۔ کنزر ہائیر سیکنڈری سکول کی مہک لطیف، سہیل ایوب، بٹ فرقان اور شعیب مجید نے اہم پہلوئوں پر بات کی۔
انجمن نصرۃ الاسلام کا اظہار تعزیت
سرینگر// انجمن نصرۃ الاسلام نے نصرۃ الاسلام ٹرسٹ اننت ناگ کے سابق چیئرمین خواجہ حبیب اللہ دین مرحوم کے فرزند خورشید احمد دین جو خود بھی ٹرسٹ کے ایک طویل عرصے تک چیرمین رہے ہیں، کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔بیان کے مطابق مرحوم خورشید احمد دین کی ادارہ کے تئیں تعلیمی اور علاقہ بھر میں بے لوث سماجی اور سیاسی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔بیان میںکہا گیا کہ کھنہ بل اسلام آباد کا دین خاندان نہ صرف صدیوںسے میرواعظ خاندان کے ساتھ پر خلوص عقیدت و محبت رکھتا ہے نصرۃ الاسلام ، انجمن اوقاف جامع مسجد ، جموںوکشمیر عوامی مجلس عمل اور دارالخیر میرواعظ منزل کے مشن کو آگے بڑھانے کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور علاقہ بھر میں ان کے خاندان کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور ان کی بے لوث خدمات کی سراہنا کی جاتی ہے ۔ انجمن نے صدرمیرواعظ محمد عمر فاروق کی جانب سے دین خاندان ، لواحقین بالخصوص مرحوم کے برادر ارشد حسین دین اور دیگر سوگواروں سے تعزیت کی ہے۔
باغبان پورہ کے حکیم خاندان کیساتھ انجمن شرعی شیعیان کا اظہار تعزیت
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے تنظیم کے ایک انتہائی دیرینہ اور بزرگ کارکن حکیم محمد یوسف باغبان پورہ کے برادر حکیم محمد امین کے سانحہ ارتحال پر گہرے صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے پسماندگان و لواحقین بالخصوص برادر حکیم محمد یوسف سے تعزیت کی مرحوم ایک صالح کردار و عمل اور دین شناس شخصیت کے مالک تھے اور ایک ایسے خانوادہ سے تعلق رکھتے تھے جس خاندان نے سیاسی اور دینی سطح پر خدمات انجام دی ہے۔ آغاحسن نے مرحوم کے بلند درجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔