قاتلوں کو پھانسی دینے کی مانگ
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کئی تنظیموں نے تھنہ منڈی کے نوجوان کے مبینہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کو پھانسی دینے کی مانگ کی ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں پی ڈی پی لیڈر محمد فاروق انقلابی نے جاری ایک بیان میں کہا کہ نام نہادگائو رکشکوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ راجوری کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کو ناکام بنایاجاسکے ۔موصوف نے کہاکہ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ امن و مان کی صورتحال بحال رکھنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے تاکہ جرائم پیشہ افراد اس طرح کی کارروئیاں نہ کر پائیں ۔ان کے علاوہ سب ڈویژن کی کئی سیاسی و مذہبی تنظیموں نے قاتلوں کو پھانسی کی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
جڑانوالی گلی میں نائب تحصیلدار بھاٹہ دھوڑیاں کیخلاف احتجاج | مقامی آفیسر کو جلداز جلد تبدیل کرنے کا مطالبہ ،معاملہ حل کروادیا گیا :ایس ڈی ایم
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن نے جڑانولی گلی علاقہ میں دکانداروں نے جموں پونچھ شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کرتے ہوئے نائب تحصیلدار بھاٹہ دھوڑیاں کیخلاف احتجاج کیا ۔اس دوران مظاہرین نے آفیسر موصوف کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کو کووڈ کے مشکل وقت میں بھی ہراساں کیا جارہا ہے۔مظاہرین نے کہاکہ نائب تحصیلدارغریب لوگوں کو ہراساں کرنے میں مصروف ہے تاہم لوگوں کے دفتر میں کام بھی نہیں کئے جارہے ہیں ۔مظاہرین نے کہاکہ مقامی ہونے کی وجہ سے آفیسر موصوف عام لوگوں کیساتھ ذاتی معاملات کو لے کر ان کو مبینہ طورپر ہراساں کرنے میں ملوث بھی ہے ۔مظاہرین نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کیساتھ ساتھ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مقامی نائب تحصیلدار کو جلدازجلد تبدیل کر کے کسی دوسرے آفیسر کو بھاٹہ دھوڑیاں میں تعینات کیا جائے تاکہ عام لوگوں کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔دکانداروں کے احتجاج کی وجہ سے کچھ عرصہ تک نقل و حرکت بھی بند رہی تاہم ایس ایچ او گورسائی کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی جنہوں نے دکاندروں کے مسائل کو بغور سننے کے بعد اس معاملہ کو ختم کروایا جبکہ اس سلسلہ میں اعلیٰ حکام سے رابطہ کی بھی یقین دہانی کروائی گئی جس کے بعد شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے کھو ل دیا گیا ۔ایس ڈی ایم مینڈھر نے بتایا کہ مذکورہ احتجاج کسی ذاتی رنجش پر کیا گیا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ تحصیلدار مینڈھر کی ہدایت پر نائب تحصیلدار بھا ٹہ دھوڑیاں نے ماسک و دیگر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جس کے بعد مذکورہ دکانداروں نے احتجاج کیا ۔انہوں نے کہاکہ سماج کے ہر ایک فرد کو چاہئے کہ وہ اس مشکل وقت میں اپنا کاروبار کرنے کیساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کرئے ۔آفیسر موصوف نے بتایا کہ بعد میں معاملہ کو حل کر دیا گیاہے اور دکانیں بھی کھولی گئی تھی۔
بی ڈی سی چیئر مین نے آکسیجن کنسنٹریٹر عطیہ کیا
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین بلاک سرنکوٹ نظیر چوہدری نے پرائمری ہیلتھ سنٹر مرہوٹ آکسیجن کنسنٹریٹر عطیہ کیا تاکہ مریضوں کو مشکل وقت میں سہولیات میسر ہو سکیں ۔اس موقعہ پر بلاک میڈیکل آفیسر سرنکوٹ چوہدری ذوالفقار ،سرپنچ ایسوسی ایشن کے صدر ،بلاک سرنکوٹ سید واحسین حسین شاہ ،بی ڈی او سرنکوٹ ،تحصیلدارمرہوٹ اور پنچایتی اراکین بھی موجود تھے ۔اس دوران مقررین نے کووڈ کے پھیلائو کے سلسلہ میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ اس کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اشد ضروری ہیں ۔محکمہ صحت نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ وائرس کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں جبکہ بھیڑ والی جگہوں پر جانے سے بھی احتیاط کریں ۔بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین نے کہا کہ مشکل وقت میں احتیاطی تدابیر اختیار کر کے وائرس کے پھیلائو کیساتھ ساتھ لوگوں کی جان بھی بچائی جاسکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ڈبلیو ایچ او نے انتباہ دیا کہ ملک میں کووڈ کی تیسری لہر دستک دے سکتی ہے تاہم عام لوگوں کو چاہئے کہ ابی سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا شروع کر دیں ۔
عنایت اللہ خان کیساتھ اظہار تعزیت
جاوید اقبال
مینڈھر //سبکدوش ڈی ایس پی اور سنیئر سماجی کارکن عنایت اللہ خان کی اہلیہ کی ہوئی وفات کے سلسلہ میں مینڈھر سب ڈویژن کے کئی سیاسی ،سماجی اور مذہبی لیڈران و تنظیموں نے مرحومہ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے ان کیلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔یہاں جاری ایک تعزیتی بیان میں سابقہ ایم ایل سی مرتضی خان ،سابقہ ایم ایل سی راحیم داد ،نثار احمد خان ،سابقہ ایم ایل سی اخلاق خان ،پی ڈی پی زونل صدر حاجی محمد عظم ساگر ،ڈی ڈی سی ممبر انجینئر واجد بشیر خان ،ڈی ڈی سی وائس چیئر مین محمد اشفاق چوہدری ،ڈی ڈی سی ممبر عمران ظفر ،کانگریس لیڈر پروین سرور خان ،ڈی ڈی سی ممبر مسرت جبین ،بی ڈی سی چیئر مین بالا کوٹ شمیم اختر ،بی ڈی سی چیئر مین منکوٹ امان اللہ چوہدری ،بی ڈی سی چیئر مین مینڈھر طاہرہ جبین ،ماسٹر عنایت اللہ خان ،محمد عظم فانی ،جاوید گلشن ،بار ایسوسی ایشن صدر جاوید خان ،ایڈوکیٹ بشارت خان ،ایڈوکیٹ شوکت چوہدری کے علاوہ بیو پار منڈل مینڈھر ،ٹرانسپورٹ یونین مینڈھر ،میڈیکل ایسوسی ایشن مینڈھر کیساتھ ساتھ کئی لیڈران اور فلاحی تنظیموں کے اراکین نے مرحومہ کی وفات پر لواحقین کیساتھ دلی ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے دعائے مغفرت بھی کی ہے ۔
ٹریفک حکام کی مینڈھر میں کارروائی
کئی گاڑیاں کے چالان ،جرمانہ بھی عائد کیا گیا
جاوید اقبال
مینڈھر //ٹریفک پولیس کی جانب سے مینڈھر سب ڈویژن کی مختلف رابطہ سڑکوں پر ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی شروع کی گئی جس کے دوران کئی گاڑیوں کے چالان کرنے کیساتھ ساتھ جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔ڈی ایس پی ٹریفک افتاب شاہ کی قیاد ت میں شروع کر دہ مہم کے دوران ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے زیادہ کرایہ وصول کرنے ،گاڑیوں کے کاغذات مکمل نہ ہونے ،اور لوڈنے ودیگر قوانین کیخلاف ورزی کرنے والوں پر 62سو روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ اس دوران 7گاڑیوں کے چالان کئے گئے ۔ٹریفک انچارج پونچھ نے بتایا کہ مینڈھر سب ڈویژن میں ڈرائیوروں کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزیوں کی شکایت موصول ہونے کے بعد محکمہ کی جانب سے کارروائی شروع کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ضلع میں کسی بھی سڑک پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کر برداشت نہیں کیاجائے گا ۔انہوں نے ڈرائیوروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ قاعدہ پر سختی کیساتھ عمل کریں تاکہ مسافروں کو پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے ۔
دہلی میٹنگ میں پہاڑی طبقہ کو نمائندگی دینے کا مطالبہ
جاوید اقبال
مینڈھر // سب ڈویژن مینڈھرکے پہاڑی لیڈران نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ آئندہ روز نئی دہلی میں منعقد ہونے والی آل پارٹی میٹنگ میں راجوری پونچھ کے پہاڑ ی لیڈران کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ خطہ پیر پنچال میں رہائش پذیر پہاڑی طبقہ ایک لمبے عرصہ سے انصاف کی لڑائی لڑرہا ہے تاہم ابھی تک انتظامیہ طبقہ کے مسائل کو سنجیدگی کیساتھ نہیں لے رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا قیادت والی مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر کی تمام بڑی پارٹیوں کے لیڈران کو دہلی میں آل پارٹی میٹنگ کیلئے دعوت دی ہے تاہم اس اجلاس میں پہاڑی لیڈران کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔پہاڑی لیڈران نے کہاکہ بھاجپا کی مرکزی حکومت کیساتھ پارٹی کے ریاستی صدر کو چاہئے کہ وہ اس وقت اپنے وعدے کے مطابق پہاڑی طبقہ کی مانگ کو آل پارٹی میٹنگ میں اجاگرکریں ۔انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ طبقہ کو اس اجلاس میں نمایاں نمائندگی دی جائے اور ان کے مسائل و مانگوں کی جانب غور کیا جائے ۔
ڈاکٹر کی تبدیلی کا حکم منسوخ کرنے کی مانگ
محمد بشارت
کوٹرنکہ //پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سنیئر رکن و سرپنچ محمد فاروق انقلابی نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے پرائمری ہیلتھ سنٹر بدھل میں تعینات واحد ایم بی بی ایس ڈاکٹر کو تبدیل کر کے راجوری تعینات کیا گیا جس کی وجہ سے بدھل کی عوام بالخصوص مریضوں کو معیاری سہولیات فراہم نہیں ہو نگی ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے بدھل کی عوام کیساتھ نا انصافیاں کی جارہی ہیں ۔یہاں جاری بیان میں موصوف ن کہاکہ پرائمری ہیلتھ سنٹر بْدھل میں تعینات واحد ایم بی بی ایس ڈاکٹر اجاز احمد کو بدھل سے راجوری منتقلی جان بوجھ کر کی جارہی ہے جبکہ اس عمل سے عوام کو انصاف نہیں ملے گا۔فاروق انقلابی نے ڈاکٹر اعجاز احمد کی منتقلی کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر تبادلے کا حکم منسوخ نہ کیا گیا تو وہ لوگوں کو ساتھ لے کر بدھل میں محکمہ صحت کے خلاف احتجاج کریں گے۔ فاروق انقلابی نے کہا کہ بْدھل کے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس معاملہ میں ذاتی مداخلت کریں تاکہ بدھل کی عوام کو انصاف مل سکے ۔
نوشہرہ میں 2ہتھ گولے برآمد کئے گئے
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن میں سیکورٹی فورسز نے دو ہتھ گولے برآمد کرتے ہوئے ان کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سب ڈویژن کے سیری گائوں میں دو ہتھ گولے سڑک کی تعمیر کے دوران باز یاب ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر کے ودران تعمیر ات بالخصوص زمینی کی کٹائی کے دوران دونوں گرینڈ موصول ہوئے جبکہ مقامی لوگوں نے اس سلسلہ میں پولیس کو اطلاع فراہم کی جسکے بعد نوشہرہ پولیس سٹیشن سے پولیس کی ایک ٹیم فوج کے ہمراہ مذکورہ علاقہ میں پہنچی اور دونوں ہتھ گولوں کو اپنی تحویل میں لے کر ان کو ایک کنٹرول دھماکے کے ذریعے تباہ بھی کردیا گیا ہے ۔
پونچھ قصبہ میں ٹریفک جام سے راہگیر پریشان
حسین محتشم
پونچھ//ضلع صدر مقام پونچھ میں ٹریفک جام کی وجہ سے عام راہگیروں کیساتھ ساتھ مسافر اور تاجر پیشہ افراد بھی پریشان ہوگئے ہیں ۔ٹی بی ہسپتال کے سامنے اور دیگر سڑکوں پرہر روز بدترین ٹریفک جام دیکھنے کو ملتا ہے اس دوران سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں جس کی وجہ سے شہری گھنٹوں جام میںپھنسے والے ٹریفک جام میں پریشان ہو جاتے ہیں یہاں تک کہ جام میں مریضوں کو لے کر آنے والی گاڑیاں بھی پھنسی رہتی ہیں۔پونچھ شہر کی اہم سڑکوں پر جگہ جگہ پارکنگ بھی ٹریفک جام کا باعث بن رہی ہے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے انتظامی سطح پر کوئی منصوبہ سازی نظر نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ یہ روز کا معمول بن گیا ہے جہاں لوگوں کو ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ روز بہ روز گاڑیوں میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ راستے وہی پرانے ہیں۔روڈ کو وقت کے ساتھ ساتھ کشادہ کیا جانا چائیے تاکہ عوام کو راحت محسوس ہو۔ واضح رہے کہ انتظامیہ کی جانب سے اور پولیس کی جانب سے غلط پارکنگ پر مکمل پابندی عائد ہے، تاہم حکم نامہ کا اثر زمینی سطح پر دور دور تک دکھائی نہیں دے رہا ہے۔
ڈسٹر کٹ انفارمیشن آفیسر کا صحافیوں کیساتھ اجلاس
حسین محتشم
پونچھ//ضلع اطلاعات آفیسر (ڈی آئی او) پونچھ نے اپنے دفتر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ ایک تعارفی اجلاس منعقد کیا جس کے دوران صحافیوں کے مختلف مسائل کے سلسلہ میں تفصیلی بات چیت بھی کی گئی ۔نمائندوں نے برادرانہ امور سے متعلق بہت سارے معاملات اٹھائے جن میں سر فہرست پونچھ میں پریس کلب کے قیام ہے۔ اس میٹنگ میں کے ڈی مینی ، منجیت سنگھ ۔،گورچرن سنگھ ، جے بی سنگھ ، تنویر چودھری ، انھوبھو مسری ، کوشل شرما ، بھوپندر سنگھ ، ثقافتی اسسٹنٹ راسمیت سنگھ، شبیر احمد، دھنوج شرما، راکیش کمارشرما ،راجیش کھجوریا نے میڈیا کے افرادسرکاری امور میںفعال بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب پونچھ میں الیکٹرانانک اور پریس میڈیا کے نماندے موجود ہیں تو یہاں جموں کے نمائندوں کو فون کر کے نہ بلایا جائے۔ ڈلی آئی او منجیت سنگھ نے تمام شرکا کو بغور سننے کے بعد تمام معاملات کو اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ جلد از جلد تمام مسائل کو حل کرانے کی کوشش کریں گے۔
پونچھ میں نرجلہ ایکادشی کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منایا گیا
حسین محتشم
پونچھ//پورے ملک کی طرح پونچھ میں بھی نرجلہ ایکادشی کا تہوار جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ۔واضح رہے کہ نرجلہ ایکادشی ہندو تہوار ہے۔پونچھ میں عوام نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار بھی ذات ، نسل ، مذہب اور رنگ سے بالاتر ہو کر پوری نوع انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی پوجا کی۔ صبح سویرے سے ہی مختلف مندروں می عقیدتمند پہنچے اور اپنی عقیدتوں کا اظہار کیا۔ کچھ عقیدت مندوں نے بھگوان وشنو کی خوشنودی حاصل کرنے اور اپنے گناہوں کا کفارہ ادا کرنے کے لئے سارا دن روزہ رکھا اور ضرورت مندوں کو نقد مالی امداد بھی کی۔ شدید گرمی میں مختلف مندروں کے باہر سبیلیں لگا کر لوگوں کو میٹھا اور ٹھنڈا پانی پلایا گیا۔ غیر سرکاری تنظیم وائی پی ایس فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر ادیش پال شرما کی قیادت میں فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے لوگوں کی خدمت کرتے ہوئے مختلف مقامات پر 1000 سے زیادہ جوس کے پیکٹ تقسیم کئے اور بھگوان وشنو سے وبائی بیماری کا خاتمہ اور ہندوستان کو مزید مضبوط اور خوشحال بنانے کی دعا کی۔
میرخاندان کو صدمہ،ٹھیکیدار صفدر حسین انتقال کر گئے
حسین محتشم
پونچھ// میرخاندان کے مرحوم ٹھیکیدار غلام احمد کے بڑے فرزند،سابق ایکس این این محمد علی میر کے برادر نسبتی،سابق ایس پی اعجاز حسین میر کے بڑے بھائی ٹھیکیدار صفدر حسین میر سکونت محلہ کھوڑی ناڑ پونچھ طویل علالت کے بعدکل انتقال کر گئے۔ واضح رہے کہ مرحوم خاندانی روایات کے حامل انتہائی خلیق ، ملنسار اور ایک باکردار انسان تھے جنہوں نے انتہائی یکسوئی کے ساتھ اپنی زندگی گذاری اور بالاآخر21جوں2021 پیرکی شب جموں میں ایک نجی ہسپتال میں علاج کے دوران دار فانی سے کوچ کر گئے۔مرحوم کی نماز جنازہ جعفریہ قبرستان ڈونگس پونچھ میں ادا کی گئی جس میں بلا لحاظ مذہب وملت تمام طبقہ فکر کے معززین نے شرکت کی بعد از آن انھیں اس قبرستان میں سپرد خاک کیاگیا ۔اس دوران کوویڈ19کی صورتحال کے پیش نظراحتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کیاگیا ۔ قائد ملت جعفریہ مولانا سید مختار حسین جعفری نے مرحوم کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ ۔شیعہ فیڈریشن کے سینئر نائب صدر شیخ سجاد، صوبائی نائب صدر محمد بشیر میر، ضلع صدر الحاج جعفرر حسین ونتو،سکریٹڑی نجم جعفری،اصغر علی میر، انور حسین ونتو،سید تعظیم حسین شاہ، سید زید حسین جعفری ، کفایت حسین صوفی، اصغر علی میر، الحاج عارف حسین میر ، احتشام حسین بٹ، سید عظمت حسین جعفری، شبہ الحسن وار،محمد سبطین انصاری، ماسٹر سید مظفر حسین جعفری ،سرپرست وبانی انجمن رضائے آل محمد ساتھرہ سید شوکت حسین کاظمی،سابق ضلع ترقیاتی کمیشنر سید انور حسین شیرازی نے مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے
گائوں کلائی میں بجلی کی بحالی
اقدامات کیلئے ایکس ای این محکمہ کی ستائش
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے گائوں کلائی میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا تھا ۔اس دوران ایک خاتون جو کہ انڈونیشیا کی ہیں اور کلائی میں ان کی شادی ہوئی ہے نے ٹیلی فون کر کے محکمہ بجلی کے ایکس ای این کو اپنی پریشانی سے روشناس کیا ۔جس کے فورا بعد ایکس ای این نے محکمہ کے ماہرین کے ایک ٹیم وہاں روانہ کی جنہوں نے موقعہ کا جائزہ لے کے ان کے پاس رپورٹ کی۔جس کے بعد ایکس ای این نے فوری کاروائی کرتے ہوئے اس محلہ کے لئے ضرورت کے مطابق پول اور تاریں فراہم کرائیں اور تین روز کے اندر اندر تمام کام سر انجام دینے کی ہدایت کی۔ شہریوں نے ایکس ای این کی فوری کاروائی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے ان کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا ہے۔انڈونیشیا کی ختون جنھوں نے اپنا نام حمیدہ بیٹی بتایا نے کہا کہ ایکس ای این ارشاد حسین نے۔ ان کی درخواست پر جس طرح فوری ردِعمل ظاہر کیا وہ ان کی قابلیت کا بہت بڑا ثبوت ہے۔انھوں نے کہا کہ وہ موصوف کا اے ای ای محمد افضل اور ٹی او جہانگیر احمد کی مشکور ہیں جنہں نے ان کی مشکلات کو سمجھتے ہوئے ان کے ازالے کے لئے اقدام شروع کئے۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ اب ان کو بجلی
کی قلت کا مزید سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔