آنگن واڑی ورکرز اور ہیلپرز انتظامیہ سے ناراض
حسین محتشم
پونچھ// جموں کشمیر آئی سی ڈی ایس ورکرز اینڈ ہیلپرز ایسوسی ایشن ضلع پونچھ تحصیل آفس کمپلیکس منڈی میں آنگن واڑی ورکرز اور ہیلپرز کے دیرینہ مطالبات کے حق میں ایک پرامن مظاہرہ کیا۔اس دوران تنظیم کے لیڈران نے کہا کہ آنگن واڑی ملازمین کو ہر لحاظ سے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے آج تک کی زیر التواء تنخواہ واگزار کرنے اور مستقبل میں ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں غیر ضروری تاخیر نہ کر کے ماہانہ بنیادوں پر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ تمام آنگن واڑی ورکرز محکمہ کی طرف سے فراہم کردہ ’پوشن ٹریکر‘موبائل سم استعمال کر رہی ہیں لیکن انہیں اپنی جیب سے ری چارج کرنا پڑتا ہے جو کہ آنگن واری ورکرز پر 400 روپے کا اضافی ماہانہ بوجھ ہے۔ انھوں نے آنگن واڑی کارکنوں کی تنخواہ 12 ہزار تک کرنے کا مطالبہ کیا جیسا کہ مہاراشٹر، دہلی اور دیگر ریاستوں میں دی جا رہی ہیں۔انھوں نے آنگن واڑی ملازمین کے حق میں سالانہ انکریمنٹ دیگر ریاستی حکومتوں کی طرح مقررہ تاریخ پر ان کی تنخواہ میں شامل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انھوں نے گریجویٹ آنگن واڑی ورکرز کی ترقی کو 5 سال بعد محکمہ آنگن واڑی میں طے شدہ اصولوں کے مطابق منظم کرنے کی بھی اپیل کی، اسی طرح میٹرک پاس ورکرز کو محکمہ کے طے شدہ ماضی کی پریکٹس کے مطابق 10 سال کے طے شدہ اصولوں کے مطابق اگلے اعلیٰ عہدے اور گریڈ پر ترقی دی جائے۔ انہوں نے کہاآنگن واڑی کارکن جنہوں نے وبائی مرض کے دوران ہنگامی ڈیوٹی انجام دی تھی انہیں فرنٹ لائن ورکرز کے طور پر شمار نہیں کیا گیا ہے اور مہینوں تک ایک ساتھ انتہائی ضروری ڈیوٹی انجام دینے کے بعد بھی انہیں مراعات نہیں دی گئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں ہر اضافی ڈیوٹی کے لئے مراعات فراہم کی جائیں۔
راجوری میں انٹر بلاک ٹور نامنٹ کا فائنل کھیلا گیا
راجوری //راجوری میں ضلع سطح پر شروع ہوئے انٹر بلاک ٹورنامنٹ کے دوران کھو کھو ،کبڈی اور والی بال مقابلوں کا فائنل راجوری کے منی سپورٹس سٹیڈیم میں کھیلا گیا ۔اس سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین شبیر احمد خان بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔ان کے ہمراہ دیگر معززین کیساتھ ساتھ سپورٹس شعبہ کے ڈسٹر کٹ آفیسر سنیل سنگھ سمبیال اور مختلف زونوں کے زیڈ ای پی او بھی موجود تھے ۔مہمان خصوصی نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ وہ پڑھائی کیساتھ ساتھ کھیلوں کے شعبہ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں تاکہ آئندہ وہ اپنے علاقہ ،والدین اور ملک کا نام روشن کرسکیں ۔اس دوران کامیاب بلاکوں کی ٹیموں و کھلاڑیوں کو انعامات بھی دئیے گئے ۔
پولیس اہلکار کی مشکوک موت
راجوری //ڈسٹر کٹ پولیس لائن راجوری میں تعینات ایک پولیس اہلکار ایک گھر میں مردہ حالت میں پایا گیا جس کے بعد پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر مزید تحقیقات کا عمل شروع کر دیا ہے ۔پولیس اہلکار کی شناخت افتخار احمد ولد منظور حسین سکنہ اڑی مینڈھر کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ اہلکار اپنے ایک دوست پولیس اہلکار کے گھر گیا ہوا تھا جس کے دوران اس کی لاش گھر کے پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی ۔انہوں نے بتایا کہ اہل خانہ نے جیسے ہی لاش کو پنکھے سے لٹکے ہوئے پایا تو انہوں نے پولیس کو اطلاع فراہم کی جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم نے موقعہ پر جاکر لاش کو اپنی تحویل میں لینے کیساتھ ساتھ دیگر صورتحال کا جائزہ بھی لیا ۔انہوں نے بتایا کہ لاش کو گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں قانونی لورزامات مکمل کرنے کیلئے منتقل کیا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں ایک معاملہ بھی درج کرلیا گیا ہے ۔
سڑک حادثے میں 1ہلاک
راجوری //راجوری ضلع میں ہوئے ایک سڑک حادثے میں ایک 27سالہ نوجوان لقمہ اجل بن گیا ۔حادثہ ضلع کے ٹھوڈی علاقہ میں ایک موٹر سائیکل کو حادثہ پیش آیا جس کے دوران ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا تاہم مکینوں نے اس کو گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار راجوری سے پلمہ جارہا تھا کہ اسی دوران اس کو حادثہ پیش آیا جس کے دوران وہ شدید زخمی ہوگیا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ مرنے والے نوجوان کی شناخت سشیل کمار شرما ولد سدیش کمار سکنہ کوٹ دھڑہ کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں معاملہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔