مزید خبریں

 

مینڈھر میںشراب سمگلنگ کی کوشش ناکام 

پولیس نے 100شراب کی بوتلوں سمیت سمگلر گرفتار کیا 

جاوید اقبال 
مینڈھر //جموں وکشمیر پولیس نے مینڈھر سب ڈویژن میں شراب کی غیر قانونی سمگلنگ کیخلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے بڑی مقدار میں شراب ضبط کر کے سمگلروں کو گرفتار کرلیا ۔پولیس نے بتایاکہ ایک گشت ٹیم کی جانب سے سخی میدان علاقہ میں ایک ناکے کے دوران ایک شخص کو مشکوک نقل و حرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ موقعہ پر موجود پولیس ٹیم نے اس مشکوک شخص کو روک کر اس کی تلاشی کی جس کے دوران اس کے قبضہ سے شراب کی 100چھوٹی بوتلیں ضبط کر لی گئی ۔سمگلرکی شناخت شبونکر سرکار ولد گوپال سرکار سکنہ اتر پردیش کے طورپر ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ شراب ضبط کرنے کیساتھ ساتھ سمگلر کو بھی موقعہ سے ہی گرفتار کرلیاگیا جبکہ اس سلسلہ میں مینڈھر پولیس سٹیشن میں ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 292/2021درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔
 
 

بڈھا امر ناتھ یاتریوں کے کووڈ ٹیسٹ کئے گئے 

جاوید اقبال 
مینڈھر //سرحدی ضلع پونچھ کے بڈھا امر ناتھ کیلئے یاترا کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جبکہ اس دورا ن بھمبر گلی چیک پوسٹ پر یاتریوں کے کووڈ ٹیسٹ کئے گئے ۔غور طلب ہے کہ سرحدی ضلع پونچھ میں مقامی یاتریوں کا عمل شروع ہوا ہے جبکہ دیگر علاقوں کے یاتریوں کو اجازت نہیں ہے ۔مقامی یاتریوں کی پہلی بس کے بھمبر گلی پہنچنے پر محکمہ صحت کی جانب سے پولیس کے اشتراک سے کووڈ ٹیسٹ کئے گئے۔بھمبر گلی میں قائم کر دہ پولیس چوکی کے انچارج غفور چوہدری نے بتایا کہ بھمبر گلی میں انتظامیہ کی جانب سے پوسٹ قائم کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس اور محکمہ صحت کی ٹیم کے آپسی اشتراک سے ٹیسٹنگ عمل چوبیس گھنٹوں جاری رہتا ہے جبکہ ضلع میں کسی بھی گاڑی کو بغیر ٹیسٹ کے داخل نہیں ہونے دیا جاتا ۔
 
 

گریف محکمہ کا مزدور کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل ،1زخمی 

محمد بشارت 
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ میں محکمہ گریف سے وابستہ ایک مزدور بجلی کا کرنٹ لگنے کی وجہ سے لقمہ اجل بن گیا جبکہ ایک مزدور شدید زخمی ہوگیا ۔سب ڈویژن کے بدھل علاقہ میں پیش آئے واقعہ کے دوران لقمہ اجل بننے والے مزدور کی شناخت محمد صغیر ولد محمد بشیر سکنہ راجنگر بدھل کے طورپر ہوئی ہے جبکہ زخمی کی شناخت محمد عظم ولد کالا خان سکنہ کیول بدھل کے طور پر ہوئی ہے ۔ذرائع نے بتا یا کہ دونوں مزدور بدھل علاقہ میں محکمہ گریف کیساتھ کام کررہے تھے تاہم اس دوران دونوں بجلی کی تار کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گئے جس کے بعد مکینوں نے ان کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے ایک مزدور کر مردہ قرار دے دیا ۔دوسرے شدید زخمی مزدور کو گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا گیا ہے جہاں پر اس کا علاج معالجہ کیا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے مذکورہ حادثہ رونما ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی عرصہ سے بجلی کے نظام کی مرمت کا مطالبہ کیا جارہا ہے لیکن محکمہ کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے ملازمین کیخلاف سخت کارروائی کرنے کیساتھ ساتھ مزدوروں کے اہل خانہ کو ریلیف فراہم کی جائے ۔
 
 

دراج تا سلٹھ بس سروس شروع ہونے پر لوگ خوش 

محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے دراج تا سلٹھ علاقوں کی عوام کیلئے بس سروس شروع کر دی گئی ہے جس پر مکینوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ سروس سے ان کی پریشانیاں کم ہو جائیں گی ۔اس بس سروس کا آغاز بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل بدھل اولڈ کوٹرنکہ کے چیئر مین جاوید اقبال چوہدری نے معززین کی موجود گی میں کیا ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ بس سروس کی مدد سے کئی ایک دیہا ت کی عوام کو آمد ورفت کے سلسلہ میں پیش آرہی مشکلات کم ہو جائیں گی جبکہ کئی ایک دیہات کو مذکورہ بس سروس کے ذریعہ آپس میں جوڑ دیا جائے گا۔بی ڈی سی چیئر مین نے کہاکہ مکینوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے بس سروس شروع کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سروس سے غریب عوام کو فائدہ پہنچے گا ۔موصوف نے کہاکہ سابقہ حکمرانوں نے عوامی تعمیر وترقی کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جس کی وجہ سے اس وقت دیہات کی ایک بڑی آبادی بنیادی سہولیات سے محروم ہو گئی ہے ۔مکینوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بی ڈی سی چیئر مین کا شکریہ ادا کیا ۔
 

میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کیخلاف مکینوں کا احتجاج | فنڈز کے استعمال میں بھاری خرد برد کا الزام 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی میں میونسپل کمیٹی کی جانب سے امتیازی اور جزوی رویہ کے خلاف وارڈ نمبر 8 کے مکینوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر جم کر نعرے بازی بھی کی گئی۔مکینوں نے احتجاج کے دوران الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کمیٹی کی جانب سے ان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک رواں رکھا جارہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ میونسپل کمیٹی فنڈز کا ناجائز استعمال کر رہی ہے اور عوامی پیسے کی کھلے عام لوٹ کھسوٹ جاری ہے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ایس بی ایم ، آئی ڈی ایم ٹی ، ڈسٹرکٹ پلان ، پی ایم اے وائی ، ایس ڈی آر ایف ، 14ویں ایف سی اور دیگر کئی سکیموں کے تحت کروڑوں روپے کے فنڈز کا میونسپل اتھارٹی نے گزشتہ تین برسوںکے دوران مبینہ طورپر غلط استعمال کیا گیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ سکیموں سے با اثر افراد کو مستفید کیا گیا ہے جبکہ وارڈ نمبر 8 کو مکمل طور پر ان کے حقوق سے محروم رکھا گیا ہے اور صرف 1.5 لاکھ روپے کی قلیل رقم کے سوا کچھ نہیں ملا۔ مظاہرین نے ایل جی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر راجوری راجیش کمار شاون سے بھی مطالبہ کیا کہ میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے ذریعہ کروڑوں روپے کے گھوٹالے کی مکمل تحقیقات کروا کر غریبوں کا ان کا حق دیا جائے ۔
 
 

کرگل دیوس پر راجوری پونچھ میں فوج نے پروگرام منعقد کئے 

حسین محتشم
پونچھ//گرگل وجے دیوس کے موقعہ پر پونچھ اورراجوری اضلاع میں بھی فوج کی جانب سے پروگرام منعقد کئے گئے ۔ سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقا م پررن فار یونٹی کا اہتمام کیا گیا۔ہند فوج کی جانب سے اس دوڑ کا انعقاد کیا گیا جس میں تقریبا ڈیڑھ سو افراد نے شرکت کی جن میں بچے، نوجوان، سرکاری ملازم اور فوجی اہلکار شامل ہوئے۔گلپور ہیلی پیڈ سے شروع ہوکر مختلف علاقوں سے گزر کر دوبارہ ہیلی پیڈ پر اختتام پذیر ہوگئی ۔رن فار یونٹی میں حصہ لینے والے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ آنے والے وقت میں بھی ایسے پروگراموں کا اہتمام ہونا چاہئے تاکہ نوجوان نسل جو نشہ جیسی بری عادتوں میں مبتلا ہوئی ہے وہ ان برائیوں سے دور ہوکر کھیل سرگرمیوں میں حصہ لیں اور اپنے مستقبل کے ساتھ ساتھ اپنی صحت کو بھی بہتر کر سکیںریس میں کئی کم عمر بچوں نے بھی شرکت کی۔اس دوران فوج کے افسران نے اپنے خطاب میں کہا اس دوڑ کامقصدآپسی یکجہتی کو عیاں کرنا تھا ۔انہوں نے دوڑ میں حصہ لینے والے نوجوانوں سے تلقین کی کہ وہ پڑھائی اور کھیل کے شعبوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے تاکہ بھارت کا نام دنیا بھر میں مزید روشن ہو سکے۔انھوں نے وجے دیوس پر بھی روشنی دالتے ہوئے کہا کہ 26جولائی کو ہی ہند فوج نے گرگل میں شاندار فتح حاصل کی تھی اس لئے اس دن کو پورے ملک میں ہر سال شان و شوکت سے منایا جاتا ہے۔انھوں نے کہا اس کا مقصد جہاں اپنے شہداء کو خراج پیش کرنا ہے وہیں نوجوان نسل منشیات جیسی بری عادتوں میں مبتلا ہونے سے بچانا ہے۔انھوں نے کہا کہ آج جب دنیا کوڈ 19کی وبائی صورت حال سے دوچار  ہے فوج کی طرف سے ایسے وقت میں ان پروگراموں کا اہتمام کرنا لوگوں خاص کر نوجوان نسل کے لئے ایک واضح پیغام ہے کہ بری عادتوں سے دور ہوکر اپنی صحت کا خیال رکھیں اور خوشحال زندگی بسر کریں۔اس دوران شام لال ہاکی کلب ، راہول ڈریوڈ کرکٹ اکیڈمی ، ایشوس فاؤنڈیشن پونچھ ، اور پاور ہاؤس ہاکی کلب پونچھ کے پلیئرز اور کوچز نے حصہ لیا۔کرنل پونیت ڈوالو کمانڈر 93 انفڑی بریگیڈ مہمان خصوصی تھے جنھوں نے کارگل جنگ میں ہندوستانی فوج کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقعہ پر ہاکی کوچ پون کمار اور کرکٹ کوچ پرویز ملک آفریدی کو اوردیگر شرکاء کو سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات سے نوازاگہا۔اسی طرح راجوری ضلع کے مختلف علا قو ں میں بھی پروگرام منعقد کئے گئے ۔
 
 

پیپلز موئومنٹ کے صدر نے بیدار کا دورہ کیا 

حسین محتشم
پونچھ//جموں کشمیر پیپلز موومنٹ کے ضلع صدر پونچھ انجینئر رِدھم پریت سنگھ نے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے گائوں بیدار کا پارٹی کارکنان اور لیڈران کے ہمراہ دورہ کیا۔ا س دوران انھوں نے گائوں کے لوگوں کے ساتھ ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔اپنے دورہ کے دوران انھوں نے حالیہ بارشوں میں تباہ ہوئے ایک مکان کا بھی جائزہ لیا اور اہل خانہ کے افراد سے ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی۔انھوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اس غریب شخص کی امداد کریں تاکہ وہ اپنا گھر دوبارہ تعمیر کر سکے۔اس دوران انھوں نے نائب سرپنچ حلقہ پنچایت بیدار محمد شفیع اور دیگر پنچایت ممبران کے ساتھ بھی ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے ۔ انھوں نے محکمہ دیہی ترقیات، محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری، محکمہ سماجی بہبود کے افسران کو گائوں بیدار جو کہ نہایت ہی پچھڑا ہوا گائوں ہے  کی طرٖ توجہ دے کر وہاں سرکاری اسکیموں کے تحت ترقیاتی کام کروانے،راشن، تین خاکی ، رسوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بزرگ اور بے سہارا افراد کی پنشن لاگو کرنے اور دیگر مسائیل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔مقامی لوگوں نے ردھم پریت سنگھ اور دیگر پارٹی کارکنان اور لیڈارن کا شکریہ اداکیا۔
 
 
 

ڈاکٹر انضمام خان کا منجا کوٹ میں والہانہ استقبال 

پرویز خان
منجا کوٹ //ڈاکٹر انضمام خان کو پی ڈی پی کے یوتھ وینگ کا ضلع صدر نامزد کئے جانے کے بعد منجا کوٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر میں والہانہ استقبال کیا گیا ۔یوتھ لیڈر کے منجا کوٹ پہنچنے پر پارٹی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے جمع ہو کر ان کا استقبال کیا ۔کارکنوں نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کو سیاسی سرگرمیوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کیلئے معقول جگہ فراہم کی جارہی ہے ۔ڈاکٹر انضمام نے نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے پارٹی ہائی کمان نے ان کو مذکورہ ذمہ دار سونپی ہے ۔انہوں نے یوتھ وینگ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے یکجا ہو کر کام کریں ۔