مزید خبریں

راجوری میں ’بھیرو جھانکی‘ نکالی گئی

سمت بھارگو
راجوری//سخت حفاظتی انتظامات ک موجودگی میں بھیرو جھانکی جمعہ کو راجوری کے مرکزی قصبے میں نکالی گئی جس میں ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے دس ہزار سے زیادہ لوگوں نے حصہ لیا۔حکام نے بتایا کہ جمعہ کی سہ پہر جھانکی تحصیل چوک کے قریب دیوی دوارہ مندر سے شروع ہوئی اور راجوری شہر کے مین بازار، مین بس اسٹینڈ، بھیرو مندر سے ہوتی ہوئی دیوی دوارہ مندر پر اختتام پذیر ہوئی۔جھانکی تقریباً چار گھنٹے تک جاری رہی جس میں دس ہزار سے زیادہ لوگوں نے حصہ لیا تھا۔وکی دتہ، سمت شرما، نیشو گپتا اور بھیرو کمیٹی کے دیگر اراکین نے بتایا کہ بھیرو جھانکی راجوری شہر کی دہائیوں پرانی روایت ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ یہ 1947 سے بھی پرانی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ راجوری کو برائیوں، خشک سالی اور وبا جیسی صورتحال سے محفوظ رکھنے کا رواج ہے جو کہ ابتدائی سالوں میں ایک عام مسئلہ تھا لیکن ایک عظیم سنت کی تجویز پر لوگوں نے اس جھانکی کا انعقاد شروع کرنے کے بعد اس کا خاتمہ ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ ذات پات، رنگ و نسل سے بالاتر ہوکر ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ اس جلوس میں حصہ لیتے ہیں جو کہ راجوری کی بھرپور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک مثال ہے کیونکہ اس میں مسلم کمیونٹی کے لوگ بھی شرکت کرتے ہیں۔
 
 
 

پنچایت کا تعمیراتی پلان دفتر میں بنانے کا شاخسانہ

مقامی لوگوں نے ملازمین کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا  

جاوید اقبال 
مینڈھر //بلاک بالاکوٹ کی پنچایت کانگڑھ گلہوتہ کے مکینوں نے و پنچایت ممبران نے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کیساتھ ساتھ ملازمین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ڈسٹر کٹ کپیکس بجٹ کے زیر تحت بنائے جانے والے تعمیر اتی پلان میں مقامی لوگوں و وارڈ ممبروں کو شامل ہی نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملازمین نے سرپنچوں کیساتھ بیٹھ کر پلان مرمت کئے ہیں جبکہ اجلاسوں کے پرانے فوٹو گراف لگا کر فائلیں جمع کروائی ہیں ۔انہوں نے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے مقامی عوام کو شامل کر کے مذکورہ پلان مرتب کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے لیکن محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین اس عمل کو یکسر نظر انداز کررہے ہیں ۔پنچایت کے مکینوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کو پنچایتوں میں بھیج کر پلان مرب کروائے جائیں جبکہ عوام کو نظر انداز کرنے والے ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔اے سی ڈی پونچھ نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ معاملہ کی تفصیل جمع کر کے کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
 
 
 

نوشہرہ میں میڈیکل کیمپ لگایا گیا 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //راجوری ضلع کے ٹھٹیالی گائوں میں فوج کی جانب سے ایک میڈیکل و ویٹرنری کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔اس طبی کیمپ کے دوران مذکورہ گائوں کیساتھ ساتھ ملحقہ دیہات کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کر کے ادویات کیساتھ ساتھ دیگر خدمات حاصل کیں ۔فوج نے بتایا کہ اس کیمپ کے ووران ڈاکٹروں کی ایک ماہر ٹیم نے مریضوں کا طبی معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ ان کو مفت ادویات بھی فراہم کیں تاہم اس دوران ڈاکٹروں نے عام لوگوں کو مختلف بیماریوں کے سلسلہ میں بھی جانکاری فراہم کی۔کیمپ کے دوران بڑی تعداد میں مویشیوں کا معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ ان کیلئے بھی ادویات فراہم کی گئیں ۔مقامی لوگوں نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی مذکورہ نوعیت کی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی ۔
 
 
 
 
 
 

منڈی میں پی ڈی پی کا اجلاس، بلاک سطحی باڈی تشکیل

عشرت حسین بٹ
منڈی//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے تحصیل منڈی کے ڈاک بنگلہ میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت ضلع صدر پونچھ شمیم احمد گنائی نے کی ۔ اجلاس میں بلاک منڈی کے لئے بلاک اور یوتھ باڈی کی ٹیم تشکیل دی گئی ۔ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع صدر پونچھ شمیم احمد گنائی نے پارٹی صدر محبوبہ مفتی کی ہدایت پر بلاک منڈی کے لئے پیرینٹ اور یوتھ باڈی کا اعلان پارٹی سینئر لیڈر جاوید اقبال ریشی، بلاک صدر لورن ولی محمد شاد، رشید بانڈے، طارق منظور، فاروق احمد نجار، تنویر تانترے، سجاد ملک، چوہدری عبدالحمید اور کئی دیگر ان کی موجودگی میں کیا۔ پیرینٹ باڈی کے لئے شکیل احمد پرے کو بلاک منڈی کا صدر نامزد کیا گیا جبکہ  غلام محمد بٹ کو بلاک نائب صدر بشیراحمد بانڈے کو بلاک جنرل سیکریٹری نامزد کیا گیا ۔اسی طرح عرفان راتھر کو منڈی بلاک کیلئے یوتھ صدر، محمد رفیق راٹھی کو نائب صدر، فاروق احمد کو جنرل سیکریٹری جبکہ محمد اسلم تانترے کو بلاک منڈی کا کوآرڈی نیٹر نامزد کیا گیا۔ لیڈران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی واحد وہ جماعت ہے جو جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کی اصلی ترجمان ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جب کہ جموں کشمیر کے اندر حالات ابتر ہیں ایسے وقت میں پارٹی صدر محبوبہ مفتی جموں کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بن کر کھڑی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں ایک بار پھر سے پی ڈی پی پی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی اور حکومت بنائے گی ۔شکیل احمد پرے اور دیگر عہدیداران نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے پارٹی اعلیٰ قیادت کو یقین دلایا ہے کہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے محنت و لگن کیساتھ کام کیا جائے گا ۔پارٹی ضلع صدر شمیم احمد گنائی نے تمام نئے عہدداروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس بات کا اعادا کیا کہ آنے والے وقت میں وہ پارٹی کی بہتری اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں گے۔
 
 
 
 

جامعہ ضیاء الاسلام منجا کوٹ میںجشن دستار بندی

پرویز خان 
منجا کوٹ //جامعہ ضیاء الاسلام منجا کوٹ میں عظیم الشان جشن دستار بندی کانفرنس منعقد کی گئی جس میں پیر سید نثار حسین شاہ سوکڑ کے ہاتھوں جامعہ ضیاء الاسلام منجا کوٹ کے طلباء کے سروں پر تاج پوشی کی گئی۔ اس موقعہ پر مہمان خصوصی مولانا فاروق نعیمی صدر انجمن علماء اہل سنت راجوری نے خطاب کے دوران تعلیم قرآن اور امت کی ذمہ داری بیان کرتے ہوئے جامعہ کی مختصر عرصہ میں تعمیر و ترقی اور تعلیمی معیار کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہاکہ ان پہاڑوں میں یہ منارہ علم و تربیت یقینا جموں کشمیر کی نئی نسل کے تابناک مستقبل کا ضامن ہے۔ انہوں نے اہلیان منجا کوٹ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر اپکا جامعہ کے مہتمم مولانا حافظ محمد الیاس سلطانی کے ساتھ اگر یہی ساتھ اور تعاون رہا تو وہ دن دور نہیں جب یہ ادارہ ملکی سطح پر اپنی پہچان پیدا کرے گا ۔اس موقع پر مولانا گلزار ،’سبکدوش ایکس ای این نثار حسین خان ،ڈاکٹر سید اشتیاق شاہ،کیپٹن اکبر خان ،صوبیدار منظور خان،حاجی شفیع ،مولوی محمد بشیر ،ڈاکٹر عبد الکریم،مرزا طارق و دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ اخر میں جامعہ ضیاء الاسلام کے مہتمم مولانا حافظ محمد الیاسنے فارغین کو و انکے اہل خانہ کو مبارک باد پیش کی اورتمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
 
 
 
 

پانی جمع کرنے والے ٹینکوں کا حال بے حال 

ارد گرد گندگی کے ڈھیر جمع ،عوام آلودہ پانی پینے پر مجبور 

حسین محتشم
پونچھ//قصبہ پونچھ میں محکمہ جل شکتی کی جانب سے عوام کو پانی فراہم کرنے کیلئے جو ٹینک بنائے گئے ہیں ان کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے ۔پانی کے ان ٹینکوں کے اردگرد گندگی کے ڈھیر جمع ہوئے ہیں جبکہ پانی سپلائی کرنے کے لئے لگائی گئی پائپ لائن بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس سے پانی بہہ کر ضائع ہو رہا ہے۔اس کے علاوہ ان ٹینکوں کے اندر گندگی چلی جاتی جو پانی کے ساتھ ملنے سے عوام کو آلودہ پانی سپلائی کیا جارہا ہے ۔اس سلسلہ میں ایڈوکیٹ ایم ایم خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی کے سپلائی ٹینکوں کی صفائی ستھرائی کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے ٹینک کبھی بھی صاف نہیں کئے جاتے جس کی وجہ سے یہ پانی آلودہ ہو گیا ہے اور لوگوں کی صحت کے لئے خطرناک ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام کے بارہا مطالبہ کے بعد بھی نہ تو ان اہم ٹینکوں کی مرمت کی گئی ہے نہ ہی ٹینکوں کو صاف کیا جاتا ہے اور نہ ہی پائپ لائن مرمت کی جا رہی ہے۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں مداخلت کر کے ان ٹینکوں کو صاف کرنے اور لوگوں کو صاف ستھرا پانی فراہم کرنے کے اقدام کریں۔رابطہ کرنے پر محمد قیوم اے ای ای محکمہ جل شکتی پونچھ نے بتایا کہ ان کے نوٹس میں نہیں ہے کہ کسی ٹینک کے اردگرد گندگی ہے یا پائپ ٹوٹی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود وہ ٹینکوں کا خود جائزہ لیں گے اگر کہیں گندگی ہوگی تو اس کو صاف کیا جائے گا اور خستہ حال پائپ کی مرمت کی جائے گی۔
 
 
 

ملدیالاں گائوں میں بیداری کیمپ منعقد

حسین محتشم
پونچھ//کھادی اینڈولیج انڈسٹری بورڈ کی جانب سے پونچھ ضلع کے علاقہ دیگوار ملدیالاں میں ایک بیداری کیمپ منعقد کیا گیا۔ اس کیمپ میں بے روزگار نوجوانوں کو خود روزگار حاصل کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی سکیموں سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ ضلع افسر کھادی اینڈ ولیج انڈسٹری بورڈ پونچھ محمد عزیز خان کی سرپرستی میں منعقدہ کیمپ میں نوجوانوں کو پی ایم ای جی پی، جے کے آر ای جی پی سکیموں کے بارے میں جا کاری دی گئی۔ لیڈ بینک مینیجر پونچھ نے ڈائریکٹر آر ایس ایس ٹی آئی پونچھ میں ڈی آئی سی کی طرف سے بے روزگار نوجوانوں کیلئے مختلف سکیموں سے فایدہ پہنچانے پر زور دیا۔ اس جانکاری کے مطابق منعقدہ کیمپ میں کئی نوجوانوں نے شرکت کی۔
 
 
 
 
 
 

خبر کا اثر 

شہید ڈی ایس پی منجیت سنگھ کی یادگار کی مرمت کروائی گئی 

حسین محتشم
پونچھ//ضلع پولیس پونچھ نے ایس ایس پی پونچھ کی ہدایت پر شہید منجیت سنگھ ڈی ایس پی کی یادگار جس کی خستہ حالی کی کشمیر عظمی میں شائع ہوئی خبر کے فوری بعد تعمیراتی کام شروع کروایا اور وہاں لائٹنگ اور صفائی ستھرائی کروائی گئی۔اس یادگار کی مرمت کئے جانے پر پونچھ کے سیاسی و سماجی کارکنان پولیس کی سرہانہ کر رہے ہیں اور ایس ایس پی کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔ سماج سیوا سوسائٹی پونچھ نے شہید ڈی ایس پی منجیت سنگھ یاد گار کی مرمتی کے معاملے میں فوری کارروائی کرنے پر پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔ صدر جگل کشور سمیت تمام سوسائٹی ممبران نے ایس ایس پی پونچھ اور پورے محکمہ پولیس کے اقدامات کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یادگار کی سجاوٹ اور لائٹنگ اچھی طرح سے کی گئی ہے اور ہمیں امید ہے کہ وقتاً فوقتاً مناسب دیکھ بھال کی جائے گی۔ابہوں نے کہا کہ یہ یادگار پورے پونچھ ضلع کیلئے فخر کی علامت ہے کیونکہ یہ پونچھ کے لوگوں کیلئے محکمہ پولیس کی قربانیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔
 
 

 جلسہ دستار بندی کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی// 21 مارچ کو جماعت اہل سنت تھنہ منڈی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی ’عشق مصطفی کانفرنس و جلسہ دستار بندی‘ کی تیاریوں کے سلسلے میں جمعہ کے روز حنفیہ جامع مسجد تھنہ منڈی ہسپلوٹ میں جماعت اہلسنت صوبہ جموں اکائی تھنہ منڈی کی جانب سے ایک اہم اجلاس کا انعقاد ہوا جس کی صدارت نامور عالم دین اور غوثیہ جامع مسجد کے امام و خطیب حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی نے کی۔ جلسہ کے بہترین انداز میں منظم کرنے کے لئے تمام رضا کاروں کو جوذمہ داریاں تفویض کی گئی تھیں اس کا جائزہ لیا گیا تاکہ جلسہ کے دوران مہمانوں کی آمد اور دیگر شہروں سے آنے والے عوام اور علماء کرام کو سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں مزید بہتری لائی جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ آئندہ 21 مارچ2022 کو حنفیہ جامع مسجد تھنہ منڈی ہسپلوٹ میں ایک عظیم الشان جلسہ بنام عشق مصطفی کانفرنس و جلسہ دستاربندی کا انعقاد کیاجا رہا ہے جس میں حنفیہ جامع مسجد سے متصل چلنے والے دارالعلوم فیضان غریب نواز سے درجہ حفظ میں فارغ ہونے والے حفاظ کرام کے سروں پر علمائے کرام و مشائخ عظام کے مقدس ہاتھوں سے دستار تکمیل حفظ کا تاج بھی سجایاجائے گا۔ اس موقع پر وادی کشمیر کے شعلہ بیاں مقرر فضیلتہ الشیخ الحاج مولانا عبدالرشید داؤدی، خطیب پونچھ مولانا مفتی فاروق حسین مصباحی، مولانا مفتی ڈاکٹر ابراہیم مصباحی اور مفتء اعظم جموں مفتی محمد اسلم رضا مصباحی کے خصوصی بیانات ہونگے۔ اس موقع پر ہندوستانی ایک مشہور ومعروف روحانی شخصیت پیر طریقت رہبر راہ شریعت صوفء باصفا مولانا صوفی عبدالوحید قادری راجستھان ناگور شریف کی سر زمین سے تشریف لا رہے ہیں۔ میٹنگ میں طے پایا کہ تلاوت کلام الہی اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت نچھاور کرکے جلسہ کی کاروائی کا آغاز ہوگا۔ حفاظ کرام کی خلعت دستار بندی بدست پیر طریقت سید نثار حسین شاہ،میاں الطاف احمد لاروی سجادہ نشین دربار لار شریف اور الحاج شیخ عبدالرشید داؤدی عمل میں لائی جائے گی۔ اس اہم اجلاس کی صدارت کر رہے ممتاز عالم دین حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی نے جملہ علماء کرام مشائخ عظام طلبہ اور عام المسلمین سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نورانی اجلاس میں بلا تفریق مذہب و ملت کثیر تعداد میں شرکت کرئیں اور علماء کرام کے علمی، روحانی، وعرفانی بیانات سے مستفیض و مستفید ہوکر ثواب دارین کے حقدار بنیں۔اس اہم مشاورتی اجلاس میں جن دیگر علمائے کرام نے شرکت کی ان میں مولانا سید عارف امام جامع مسجد چھڑنگ ، حافظ اسحاق خان ، حافظ ریاض قادری، حافظ خالد محمود ، حافظ محمد عرفان مصباحی ، مولانا شرافت حسین ، مولانا زاہد ، مولانا محمد اسلم ، مولانا نصیرحسین علیمی ، حافظ عبدالمجید ، حافظ فاروق احمد ، مولانا مقصود رضا ، مولانا شوکت حسین ، مولانا جاوید احمد ، مولانا جاوید علیمی ، مولانا رفیق احمد اور مولانا ساجد وغیرہ شامل تھے۔
 
 

بی ایس این ایل کی سروس انتہائی ناقص

سرنکوٹ میں صارفین پریشانیوں میں مبتلا

بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرحدی ضلع پونچھ کے سرنکوٹ سب ڈویژن میں بی ایس این ایل مواصلاتی کمپنی کا نظام انتہائی خستہ ہونے کی وجہ سے صارفین کئی طرح کے پریشانیوں میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔صارفین نے دیگر مواصلاتی کمپنیوں کیساتھ ساتھ بی ایس این ایل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ تین ہفتوں سے سروس انتہائی ناکارہ بنی ہوئی ہے لیکن اس کو درست کرنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔صارفین نے بتایا کے کمپنی کے بل مسلسل ادا کرنے کے باوجود بھی ان کو سہولیات دستیاب نہیں ہیں ۔غور طلب ہے کہ خطہ پیر پنچال میں گزشتہ کئی دنوں سے دیگر مواصلاتی کمپنیوں کی سروس بھی صارفین کیلئے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہیں ۔صارفین نے بتایا کہ مواصلاتی کمپنی کے زیر تحت کالنگ کیساتھ ساتھ انٹر نیٹ کی سپیڈ بھی معیاری نہیں ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کمپنی حکام کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ سروس کو بہتر بنایا جاسکے ۔
 
 

فضول خرچی سے ہر مسلمان اجتناب کرئے :امام سرنکوٹ 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// مرکزی جامعہ مسجد سرنکوٹ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران مرکزی جامع مسجد کے امام وخطیب عبدالمصطفٰے نے نمازیوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان بالکل قریب ہے اور اس قبل شب قدر کا بڑا دن مسلمانوں کے درمیان دوبارہ آ رہا ہے جس کے چلتے امت مسلماں کو چائے کہ وہ بُری عادتوں سے پرہیز کریں اور بچوں کوپٹاخوں و دیگر فضول خرچی کیلئے پیسے فراہم نہ کریں ۔مولا نا موصوف نے کہاکہ پٹاخوں کا استعمال جائزہ نہیں ہے بلکہ فضول خرچی کے زمر ے میں آتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ فضو ل خرچی کرنے سے بہتر ہے کہ غریبوں و مسکینوں کو کچھ رقم تقسیم کر دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ اسلام میں بڑے دن عبادت کے لئے ہوتے نہ کہ نہ کہ غیر شرعی رسومات کو انجام دینے کے لئے ہوتے ہیں۔ انہوں نے والدین سے سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں کو ساتھ رکھ کر عبادت کر یں اور ملک میں آپسی بھائی چارے و امن کی بحالی کیلئے خصوصی دعائیں کریں ۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سرنکوٹ میں پٹاخوں کے کاروبار پر پابندی عائد کی جائے ۔
 
 
 

 حد متارکہ کے قریب ڈینٹل کیمپ لگایاگیا

حسین محتشم
پونچھ//پونچھ ضلع میں حدمتارکہ کے قریب سابق فوجیوں، ویر ناریوں اور عام شہریوں کو مدد فراہم کرنے کی فوج نے مسلسل کوششوں کو جاری رکھا ہے۔ اس سلسلہ میں کرشنا گھاٹی سیکٹر میں ننگی ٹیکری بٹالین نے جھلاس بیس پر ایک میڈیکل کم ویکسی نیشن کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس موقعہ پر محکمہ صحت فیلڈ ہسپتال اور بلاک میڈیکل آفیسر، پونچھ کے میڈیکل افسروں ماہر امراض اطفال، گائناکالوجسٹ، ڈینٹل اور جنرل فزیشن کی موجودرہے۔جنہوں نے سینکڑوں مریضوں کا طبی معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ مقامی لوگوں نے کیمپ کے کامیاب انعقاد پر فوج کی کوششوں کو بے حد سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ میڈیکل کیمپ سے پہلے ایک ہفتہ کی طویل آگاہی مہم چلائی گئی۔