مزید خبریں

لگن اور شفافیت کے ساتھ عوام کی خدمت کریں: چیف سیکریٹری 

جموں و کشمیر ایک ذمہ دار ، جوابدہ ، شفاف انتظامیہ کی طرف واضح تبدیلی کا گواہ 
سانبہ //چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے سنیچر کو ضلع انتظامیہ کے کام کاج کا جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ چیف سیکرٹری نے خطے میں بہتر حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے شروع کئے جانے والے کئی اقدامات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا’’ جموں اور کشمیر کا مرکزی علاقہ ایک زیادہ ذمہ دار ، جوابدہ اور شفاف نظام کی طرف واضح تبدیلی کا مشاہدہ کر رہا ہے ‘‘ ۔ چیف سیکرٹری نے افسران پر زور دیا کہ وہ پورہ لگن اور شفافیت کے ساتھ عوام کی خدمت کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کی طرف سے کوئی کوتاہی نہ ہو ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں فلاحی اسکیموں اور ترقیاتی کاموں کو انجام دیتے ہوئے مقررہ ٹائم لائینز پر سختی سے عمل کریں ۔ انہوں نے تمام سڑکوں کی بلیک ٹاپنگ کی تکمیل کیلئے جون کے آخر تک کی آخری تاریخ مقرر کی اور افسران سے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس سلسلے میں پیش رفت کی نگرانی کریں ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ضلع میں استفادہ کنندگان کی سیچوریشن کو یقینی بنائیں اور سرحدی پٹی پر توجہ دیں ۔ ڈپٹی کمشنر انورادھا گپتا نے رواں مالی سال کے دوران ضلع میں ریکارڈ کی گئی طبعی اور مالی کامیابیوں کا تفصیلی جائیزہ پیش کیا ۔بعد ازاں چیف سیکرٹری نے ضلع ترقیاتی کونسل کے اراکین ، بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کے اراکین ، خواتین سرپنچوں ، صنعتی ایسوسی ایشنز ، لوکل باڈیز کے چیئر مینوں اور مقامی لوگوں کے وفود سے ملاقات کی ۔ ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹر راگھو لانگر ، ایم ڈی جے کے آر ایل ایم ڈاکٹر سید سحرش اصغر ، ڈائریکٹر ٹورازم وویکا نند رائے ، ڈائریکٹر کمانڈ ایریا راجندر سنگھ تارا ، ڈائریکٹر ایس ڈبلیو ڈی وویک شرما ، ڈائریکٹر آئی اینڈ سی انو ملہوترا ، ایم ڈی سڈکو سمیتا سیٹھی ، ڈائریکٹر آر ڈی ڈی ، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن ، پروجیکٹ ڈائریکٹر سماگرا شکشا کے علاوہ جموں ڈویژن کے دیگر ایچ او ڈیز اور ضلعی افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔ 
 
 

دورانِ ڈیوٹی انتقال کر چکے پولیس اہلکار کے اہل خانہ کی مدد 

 ڈی جی پی نے 1 کروڑ روپے کے مالی امداد پیکیج کو منظوری دی  

جموں // ڈیوٹی کے دوران انتقال کر جانے والے پولیس اہلکاروں اور ایس پی اوز کے اہل خانہ کو مالی امداد فراہم کرنے کے مقصد سے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے ایسے افراد کیلئے خصوصی فلاحی ریلیف کے طور پر ایک کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔ پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ متوفی پولیس اہلکاروں ایس آئی بلبیر سنگھ، اے ایس آئی مشتاق حسین، ایچ سی فیاض احمد اور پیروکار ستیش کمار کے زیر کفالت افراد قانونی ورثاء کے حق میں 22 لاکھ روپے کی خصوصی فلاحی ریلیف کو منظور دی گئی ہے۔ یہ ہلکار سروس کے دوران بیماری یا قدرتی موت کی وجہ سے انتقال کر گئے ہیں۔ ان متوفی پولیس اہلکاروں کو ان کے متعلقہ یونٹوں کے ذریعے آخری رسومات ادا کرنے کیلئے ایک ایک لاکھ روپے پہلے ہی ادا کیے جا چکے ہیں۔ خصوصی ویلفیئر ریلیف کنٹریبیوٹری پولیس ویلفیئر فنڈز سے منظور کیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ ڈی جی پی نے متوفی ایس پی او اومکار ناتھ اور شکیل احمد راتھر کے اہل خانہ کے حق میں 6-6 لاکھ روپے بھی منظور کیے جو بیماری کی وجہ سے محکمہ کے ساتھ اپنی مصروفیات کے دوران انتقال کر گئے تھے۔ فوری امداد کے طور پر ان کی آخری رسومات ادا کرنے کیلئے متوفی ایس پی اوز کے اہل خانہ کو 50 ہزار روپے پہلے ہی ادا کیے جا چکے ہیں۔
 
 

پلوامہ کے65سالہ لاپتہ شہری کی لاش اونتی پورہ سے برآمد

سید اعجاز
 
اونتی پورہ// پلوامہ کے محکمہ بجلی کے سبکدوش لاپتہ65سالہ ملازم کی لاش جنوبی قصبہ اونتی پورہ میں دریائے جہلم سے24روز بعد برآمد کر لی گئی ہے ۔پولیس نے بتایا جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ سے گذشتہ24 روز سے لاپتہ 65سالہ سبکدوش سرکاری ملازم کی لاش ہفتے کے روز دریائے جہلم سے اونتی پورہ میں تحصیل آفس کے نذدیک سے بر آمد کر لی گئی ہے۔پولیس نے مہلوک کی شناخت عبدالغنی بٹ ولد محمد صدیق بٹ ساکن پلوامہ کے طور کی ہے جو 16 فروری کو لاپتہ ہوا تھا اس دوران مزکورہ شہری کا تلاش پولیس نے عام لوگوں کی مدد کی ۔پولیس نے اس حوالے سے ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔ 
 
 

 بیروہ بڈگام میں المناک واقعہ

 سفیدے کی لکڑی پھسل جانے سے 50 سالہ شہری لقمہ اجل
ارشاد احمد
 
بڈگام//بڈگام کے بیروہ علاقے میں ہفتہ کے روز المناک حادثہ میں سفیدے کی لکڑی اچانک پھسل جانے سے 50 سالہ شہری لکڑی کے نیچے دب کر لقمہ اجل بن گیا۔بیروہ کے مقامی لوگوں کے مطابق سفیدے کی لکڑی کاٹنے کے بعد اُسے ٹریکٹر میں چڑھایا جارہا تھا کہ اس دوران رسی سے کھنچنے کے دوران اچانک لکڑی رسی سے پھسل گئی جس کے نتیجے میں 50 سالہ مزدور عبدالحمید ڈار ولد محمد اکبر ساکنہ پیر پورہ بڈگام اس کے نیچے دب گیا ۔ اگرچہ اُسے دیگر ساتھیوں کی مدد سے فوری طور پر نزدیکی طبی مرکز منتقل کیا گیا جہاں موجود ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔پولیس تھانہ بیروہ کے اعلیٰ حکام نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے اس معاملے کی نسبت مقدمہ درج کرکے قانونی لوازمات مکمل کرکے لاش پسماندگان کے سپرد کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ۔مہلوک کی لاش جب آبائی علاقہ میں لائی گئی تو وہاں صف ماتم بچھ گئی۔
 
 

فروٹ منڈی جبلی پورہ میں جگہ کی الاٹمنٹ

 مقامی لوگوں کو ترجیح ملنی چاہیے: محبوبہ

سرینگر // شعبہ باغبانی سے وابستہ اننت ناگ کے کاشتکاروں کے ایک وفد نے سنیچر کو پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی سے ملاقات کی اور انہیں علاقے میں پھل کاشتکاروں کی برادری کو درپیش مشکلات کے بارے میں آگاہ کیا۔وفد نے کہا کہ اُن میں سے بہت سے کاشتکاروں نے تقریباً ایک دہائی قبل فروٹ منڈی جبلی پورہ میں جگہ کی الاٹمنٹ کیلئے تمام ضروری رسمی کارروائیاں پوری کر دی تھیں اور فیس بھی جمع کرائی تھی ،اب انہیں جگہیں الاٹ کیے بغیر رقم واپس کر دی گئی ہے ۔محبوبہ نے وفد کو صبر سے سنا اور انہیں ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ اس موقع پر محبوبہ نے کہا کہ فروٹ منڈی جبلی پورہ میں جگہ مختص کرنے کے عمل میں مقامی لوگوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
 
 

چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے تیار: کانگریس

پاٹل، میر، بھلہ، قرہ کا پارٹی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب 

سرینگر// کانگریس نے منگل کو سیاسی استحصال اور عوام کے تئیں بی جے پی کی غلط پالیسیوں کو شکست دینے کے لیے بڑے جوش و خروش کے ساتھ آگے بڑھنے کا عزم کیا۔اے آئی سی سی انچارج جے اینڈ کے رجنی پاٹل (ایم پی) اور جے کے پی سی سی کے صدر غلام احمد میر نے سرینگرکے پارٹی دفتر میں کشمیر کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔کے این ایس کے مطابق کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے، اے آئی سی سی جموں و کشمیر انچارج رجنی پاٹل نے ریلی میں موجود پارٹی کارکنوں میں زبردست جوش و خروش اور اعتماد کو دیکھ کر اطمینان کا اظہار کیا، اور پارٹی کے تئیں ان کی محنت لگن کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کافی مضبوط محسوس کرتی ہے، متحد ہوکر چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے، وہ عوام کیلئے کام کرتی رہے گی، جو پارٹی کی میراث ہے، پاٹل نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کانگریس موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کو شکست دے گی جو افراتفری خصوصاً بڑھتی ہوئی بے روزگاری، مہنگائی اور ملک بھر میں لوگوں سے متعلق مختلف اہم مسائل کے لیے ذمہ دار ہیں۔پاٹل نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کے پروگراموں اور پالیسیوں کو عوام کے ہر طبقے تک پہنچائیں۔ انہوں نے جے کے پی سی سی کے اس متحرک کردار کی بھی ستائش کی جو بی جے پی کی طرف سے سیاسی انتقام کا نشانہ بننے کے باوجود یہ ادا کر رہی ہے۔پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے جے کے پی سی سی کے صدر غلام میر نے کہا کہ کانگریس نے ماضی میں کئی نشیب و فراز کا سامنا کیا ہے لیکن پارٹی نے بڑے پیمانے پر تعمیری کردار ادا کرتے ہوئے اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔جے کے پی سی سی صدر نے سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کی ستائش کرتے ہوئے ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ پارٹی کے ہر کارکن قیادت کے پیچھے کھڑے رہیں گے اور پارٹی کو نچلی سطح پر مضبوط کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جے کے پی سی سی کے ورکنگ صدر رمن بھلا نے کہا کہ کشمیر میں پارٹی کارکنوں کے اعتماد اور ہمت کو دیکھ کر یہ ایک دل دہلا دینے والی صورتحال ہے جبکہ متاثر کن ورکرز کنونشن کو اس بات کا اشارہ ہے کہ کانگریس پارٹی مقابلہ کرنے کی کافی صلاحیت رکھتی ہے۔اس موقع پر سی ڈبلیو سی کے ممبر طارق حمید قرہ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملک میں ہر طبقہ عوام موجودہ نظام حکومت کی غلط پالیسیوں کا شکار ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو روزگار، مہنگائی کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے۔ اور ترقی کا فقدان، اگرچہ بی جے پی حکومت کی جانب سے ترقی کے بلند و بانگ دعوے کیے جا رہے ہیں، لیکن حقیقت میں عوام کو ہر محاذ پر نقصانات کا سامنا ہے۔جے کے پی سی سی کے نائب صدر حاجی عبدالرشید ڈار نے کیڈروں پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھنے کے لیے مضبوط محسوس کریں۔کیونکہ یہ کانگریس ہی ہے جو بی جے پی کو شکست دے سکتی ہے، اس معاملے کے لیے، پارٹی کارکنوں کو اپنے فعال کردار کو ذمہ داری کے ساتھ انجام دینے کے لیے موقع اٹھانے کی ضرورت ہے۔سینئر پارٹی لیڈر، بشیر احمد ماگرے (سابق ایم ایل سی)، گلزار احمد وانی (سابق ایم ایل اے)، پی سی سی جنرل سکریٹری سریندر سنگھ چنی، اندو پوار مہیلا صدر اور سابق۔ ایم ایل اے، ایڈووکیٹ دیپیکا راجاوت کے ترجمان، پی وائی سی صدر اْدے، بانو چِب، سیوا دل کے صدر، کشمیر کے سینئر پارٹی لیڈروں کے ڈی سی سی صدور، بلاک صدور، اے آئی سی سی ممبران، فرنٹل آرگنائزیشنز اور دیگر کئی لیڈروں نے خطاب کیا۔
 
 

پہلے ریاستی درجہ کی بحالی پھر انتخابات :رجنی پاٹل

سرینگر // کانگریس کمیٹی کی جموں و کشمیر امور کی انچارج اور رکن پارلیمان رجنی پاٹل کا کہنا ہے کہ انتخابات سے پہلے جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں کانگریس کو ایک مضبوط سنگٹھن بنانے کی ضرورت ہے ۔یو این آئی کے مطابق موصوف انچارج نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں پارٹی ورکروں کے ایک اجلاس کے اختتام پر نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔پارٹی ورکروں کے اس اجلاس میں غلام احمد میر کے علاوہ کئی سینئر لیڈروں اور ورکروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔انہوں نے کہا ’’ابھی چناؤ کا اعلان بھی نہیں ہوا حد بندی کمیشن کی سفارشات بھی آنی ہے ہم سوچ رہے ہیں ک پہلے ریاست کا درجہ بحال ہونا چاہئے جیسا کہ امیت شاہ جی نے وعدہ کیا ہے ‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پہلے جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال ہوجائے پھر انتخابات کا انعقاد ہوجائے ۔پنجاب انتخابات کے بارے میں پوچھے جانے پر رجنی پاٹل نے کہا’’ہار کی وجہ لیڈروں کی اندرونی رسہ کشی بھی ہو سکتی ہے اس کیلئے سی ڈبلیو سی کی میٹنگ ہونے والی ہے جس میں تمام معاملات پر بات کی جائے گی‘‘۔اترپردیش انتخابات میں پارٹی کی ہار کے متعلق ان کا کہنا تھا’’وہاں ایک مضبوط سنگٹھن کی ضرورت ہے ہماری پرینکا جی یا راہل جی اکیلے کب تک کریں گے ۔‘‘
 
 

 برنوار بڈگام میں نوجوان کی مبینہ خودکشی

 لاش گھرمیں لٹکتی ہوئی پائی گئی ، تحقیقات شروع :پولیس

ارشاد احمد
 
بڈگام//بڈگام کے برنوار علاقے میں ہفتہ کے روز 23 سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر گلہ میں پھندہ ڈال کر زندگی کا خاتمہ کردیا۔پولیس کے مطابق بڈگام کے علاقہ برنوار میں 23 سالہ نوجوان ہفتہ کے روز صبح اپنے گھر پر لٹکا ہوا پایا گیا۔اس موقع پر مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی، جنہوں نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی مکمل کرکے لاش لواحقین کے سپرد کردی۔پولیس کے مطابق واقعہ کے سلسلے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ ابتدائی طور پر یہ خودکشی کا معاملہ لگتا ہے، تاہم مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔ 
 
 

ہندوارہ حادثہ میں زخمی خاتون دم تو ڑ بیٹھی 

اشرف چراغ 
 
کپوارہ//کپوارہ کے ہندوارہ میں چار روز قبل سڑک حادثہ میں زخمی خاتون سرینگر اسپتال میں دم تو ڑ بیٹھی ۔معلوم ہوا ہے کہ چار روز قبل ماور علاقہ سے تعلق رکھنے والی 35سالہ سعیدہ بیگم توطی گنڈ ودھپورہ میں سڑک سے جارہی تھی کہ اس دوران ایک تیز رفتار ٹپر JK02AK.1706نے اُسے شدید ٹکر مار دی جس دوران سعیدہ شدید زخمی ہوگئی ۔زخمی خاتون کو فوری طور ضلع اسپتال ہندوارہ میں داخل کیا گیا ،جہا ں ڈاکٹرو ں نے اُسے ابتدائی علاج کے بعد سرینگر کے صدر مقام منتقل کیا ۔بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹرو ں نے زخمی خاتون کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا ،تاہم ہفتہ کو سعیدہ زخمو ں کا تاب نالاکر دم تو ڑ بیٹھی ۔جب اس کی لاش کو اس کے آبائی گائو ں پہنچایا گیا تو وہا ں کہرام مچ گیا ۔پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ۔
 
 
 

ٹرانسپورٹ فیس سے متعلق FFRC کا حکم ناقابل قبول

ان کا مینڈیٹ نہیں، عدالت میں چیلنج کیا جائیگا: پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن

سرینگر//پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن نے فی فگزیشن کمیٹی (ایف ایف آر سی) کی جانب سے ٹرانسپورٹ چارجزمیں اضافہ پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر منطق بنیادوں پر فیصلہ ہے جس پر عمل ہمارے لئے قابل قبول نہیں ہوسکتا ہے ۔ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ کرایہ کا تعین کمیٹی کے دائرہ کار میں نہیں آتا ، ایسوسی ایشن نے کہا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ FFRC نے کس بنیاد پر ٹرانسپورٹیشن چارجز پر آرڈر جاری کیا ہے جو اُن کا مینڈیٹ نہیں ہے۔سکول ایسوسی ایشن نے بیان میں کہا ہے کہ  FFRC اصل میں اسکولوں میں تعلیمی فیس کو ریگولیٹ کرنے کیلئے بنایا گیا تھا اور ان کے آئین میں کہیں بھی یہ نہیں لکھا ہے کہ وہ ٹرانسپورٹیشن فیس کو بھی ریگولیٹ کر سکتے ہیں۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ ایف ایف آر سی اپنے کردار کو صرف تعلیمی فیس تک محدود رکھے اور اس طرح کے احکامات ان کے دائرہ کار سے باہر غیر ضروری تنازعہ پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ احکامات نہ صرف والدین اور اسکول انتظامیہ کے درمیان بداعتمادی پیدا کرتے ہیں بلکہ اسکولوں کے کام پر بھی اثر ڈالتے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آر ٹی او صرف 28دنوں کیلئے 80ہزار روپے چارج کرتا ہے اور اگر اس ادارے کی خدمات حاصل کی جائیں تو یہ طلبہ پر اضافہ بوجھ بڑھائے گا۔ اسی لیے ہم نے چارجز کو کم سے کم رکھتے ہوئے ایک بیان جاری کیا تھا۔ اب اس حکم نے ایک ایسے وقت میں تنازع کھڑا کر دیا ہے جب ہم نے سب کچھ سلجھا دیا تھا۔ اگر ضرورت پڑی تو ایسوسی ایشن ایف ایف آر سی کے اس حکم کو عدالت میں چیلنج کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سکول ٹرانسپورٹ سروس میں مختلف سرکاری جارجز ہیں جیسے انشورنس،ٹول ٹیکس، فٹنس، پلوشن وغیر اور سب سے بڑھ کر ایندھن کی لاگت ہے جس میں گزشتہ تین برسوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھنے کو ملا ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ ہم نے پچھلے کچھ سالوں کے دوران ایندھن کی قیمتوں میں زبردست اضافہ دیکھا ہے اور آنے والے دنوں میں قیمتوں میں دوبارہ اضافہ متوقع ہے۔ ایسی صورت حال میں ٹرانسپورٹیشن فیس پر کسی قسم کی پابندی اسکول ٹرانسپورٹ سیکٹر کے دیوالیہ ہونے کا باعث بنے گی۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ وہ ٹرانسپورٹیشن چارجز میں شفافیت کی بھرپور حمایت کرتی ہے، جو ہر اسٹیک ہولڈر کے بہترین مفاد میں ہے۔ ہم نجی اسکولوں کے ٹرانسپورٹیشن سیکٹر کے لیے ایک ایپ بنا رہے ہیں جو اسکولوں کو موثر، سستی اور معیاری ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرے گی۔ اس سے غیر ضروری تنازعات کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔ والدین خود فاصلہ، چارجز اور دیگر اخراجات دیکھ سکتے ہیں۔ وہ خود ایپ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے لیے بہترین دستیاب ٹرانسپورٹیشن سروس حاصل کرنے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ یہ ایک شفاف سروس ہو گی۔
 
 

کورونا متاثرین کی تعداد میں کمی 

سکمز صورہ نے عیادت کیلئے اوقات کا تعین کر لیا

سرینگر //نیوز ڈیسک//کورونا متاثرین کی تعداد میں کمی کے بعد میڈیکل انسٹی ٹیوٹ صورہ کی انتظامیہ نے مریضوں کی خبر لینے کیلئے آنے والے لوگوں کیلئے اوقات کا تعین کر لیا ہے۔ سکمز کے شعبہ رابطہ عامہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں کمی کے بعد مریضوں کی خبر لینے کیلئے اسپتال آنے والے لوگوں کیلئے 3بجے سے 5بجے کا وقت مقرر کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وقت کا تعین انتہائی نگہداشت وارڈ اور شعبہ ایمرجنسی و حادثات پر لاگو نہیں ہوگا ۔مریضوں کی عیادت کرنے کیلئے مذکورہ اوقات کے دوران ہی اسپتال میں داخل ہوں۔ 
 
 

کشمیر میں موسم خوشگوار 

شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر درج

 سرینگر// وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں اضافہ درج ہونے کے بیچ ہفتے کو موسم خشک مگر ابر آلود رہا جس کے باعث دن میں قدرے سردی محسوس کی گئی۔ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں ماہ رواں کی 17 تاریخ تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں سیاحتی مقام پہلگام کو چھوڑ کر باقی مقامات پر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر ریکارڈ ہوا ہے ۔سرینگرمیں کم سے کم درجہ حرارت 5.1 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 3.8 ڈگری سلسیش ریکارڈ ہوا تھا۔ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.0 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی0.2 ڈگری سلسیش ریکارڈ ہوا تھا۔ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا، جو گذشتہ شب منفی 1.1 ڈگری سلشیش ریکارڈ کیا گیا۔ کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.2 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ،جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 3.5 ڈگری سلسیش ریکارڈ ہوا تھا ۔قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.3 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 3.2 ڈگری سلسیش ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.0 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا  جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.0 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔
 
 

آشا ورکرس یونین کا سرینگر میں احتجاج

تنخواہوںمیں اضافہ کی مانگ 

سرینگر//یواین آئی //آشا ورکرس یونین نے ہفتے کے روز یہاں پریس کالونی میں جمع ہوکر تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے کو لے کر احتجاج درج کیا۔احتجاجی آشا ورکرس ‘ہمیں انصاف چاہئے ’ کے نعرے لگا رہی تھیں۔اس موقعہ پر تمہیدہ نامی ایک آشا ورکر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں صرف اس مقصد کے لئے احتجاج کر رہے ہیں کہ ہماری تنخواہوں میں اضافہ کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا ’’ہماری تنخواہ صرف دو ہزار روپیہ ماہانہ ہے جس پر گذارہ نہیں ہو رہا ہے جبکہ دوسری طرف کافی مہنگائی ہے ‘‘۔ان کا کہنا تھا’ہم سے تمام کام کرائے جا رہے ہیں کورونا ویکسین لگانا ہو تو ہمیں بلایا جاتا ہے یہاں تک کہ جے کے ایس ایس بی کی طرف سے منعقدہ حالیہ امتحانات کے دوران بھی ہمیں ڈیوٹی دینا پڑی‘‘۔موصوفہ نے کہا کہ لیکن جب ہمارے تنخواہ کی بات آتی ہے تو کوئی بھی ہماری بات نہیں سنتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری تنخواہوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہونا چاپئے ‘‘۔
 
 

معاملہ ویلگام ٹریجری کی منتقلی کا 

جگہ منتخب کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل

سول سو سائٹی فورم اور پنچایتی ارکین کی بھوک ہڑتال موخر 

اشرف چراغ 
 
کپوارہ //شمالی ضلع کپوارہ کے ویلگام رامحال میں سرکاری ٹریجری کو دوسری جگہ منتقل کر نے پر اگرچہ بیوپار منڈل اورسو ل سو سائٹی فورم رامحال نے احتجاج کیا ،تاہم بیوپار منڈل نے انتظامہ کی یقین دہانی کے بعد اپنا احتجاج ختم کر کے تجارتی سر گرمیاں دوبارہ شروع کیں، جبکہ سول سوسائٹی فورم رامحال اور سر پنچ محمد یاسین بٹ نے جمعہ کے روز اپنی بھوک ہڑتا ل شروع کی اور مطالبہ کیا کہ ویلگام ٹریجری کو مارکیٹ کے آس پاس رکھا جائے ۔ہفتہ کو بی جے پی کے وائس ضلع صدر جاوید قریشی نے علاقہ کا دورہ کر کے بھوک ہڑتال پر بیٹھے سر پنچ کے علاوہ بیوپار منڈل کے زعماء سے ملا قات کی اور انہیں یقین دلایا کہ وہ معاملہ انتظامیہ کے ساتھ اٹھائیں گے ۔اس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہندوارہ نذیر احمد میر نے ویلگام کا دورہ کیا اور بھوک ہڑتال پر بیٹھے سول سو سائٹی کے چیئرمین اور سر پنچ محمد یاسین بٹ کے علاوہ بیو پار منڈل سے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا جس کے بعد انہو ں نے کہا کہ ایک ٹیم تشکیل دی جائے گی جو ٹریجری کی نئی عمارت کیلئے جگہ کا انتخاب کریں گے اور اس کے بعد ہی عمارت کا کام شروع کیا جائے گا، جس پر بیو پار منڈل اور سر پنچ راضی ہوئے اور اپنی بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے واضع کر دیا کہ ٹریجری کی عمارت کی تعمیر کیلئے سٹیٹ لینڈ کا ہو نا ضروری ہے ۔