دریا سے عمر رسیدہ شخص کی لاش بازیاب
پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ میں ایک عمر رسیدہ شخص کی لاش دریا سے برآمد ہوئی ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ سرنکوٹ سب ڈویژن کے پوٹھہ علاقہ میں ایک مقامی دریا سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جبکہ مذکورہ شخص کی شناخت محمد تاج و الد باغ حسین سکنہ پوٹھہ کے طور پر ہوئی ہے ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ مذکورہ شخص کی لاش اتوار کی بعد دوپہر ایک مقامی نالے سے باز یا ب ہوئی ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ واقعہ کی پولیس کو اطلاع موصول ہونے کے بعد لاش کو اپنی تحویل میں لے کر طبی معائینہ کیلئے منتقل کیا گیا جبکہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقات بھی کی جارہی ہے ۔
خاتون دریائی ریلے میں بہہ گئی
سمت بھارگو
راجوری //سرحدی ضلع راجوری کے اندروٹھ علاقہ میں ایک خاتون دریائی ریلے میں بہہ گئی ۔خاتون کی شناخت 32سالہ رخسانہ کوثر زوجہ محمد شبیر سکنہ رانی بدتیر گائوں کے طور پرہوئی ہے ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ مذکورہ خاتون اتوار کی شام دریا عبور کررہی تھی تاہم اس دوران وہ ایک دریائی ریلے میں بہہ گئی ۔انہوں نے بتایا کہ خاتوندریا میں بہہ کر لاپتہ ہوگئی ہے جبکہ اس کی تلاش جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس کیساتھ ساتھ مقامی لوگوں کی جانب سے خاتون کی تلاش جاری رکھی گئی ہے ۔
وائس چانسلرنے پانی جمع کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا
راجوری //وائس چانسلر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری پروفیسر اکبر مسعود نے یونیورسٹی کیمپس میں پانی جمع کرنیکی صلاحیت اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا ۔موصوف نے یونیورسٹی میں متعلقہ منتظمین کی جانب سے مہیاکی گئی سہولیات کا جائزہ لینے کے دوران متعلقہ شعبہ کو ہدایت جاری کی گئی کہ یونیورسٹی کیمپس میں چوبیس گھنٹے پانی کی سپلائی کو بحال رکھنے کیلئے عملی بنیادوںپر کام کیا جائے ۔انہوں نے متعلقہ ملازمین کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ سپلائی لائنوں سے خارج ہونے والی پانی کو بند کرنے کیساتھ ساتھ ٹینکوں کی صفائی ستھرائی کا بھی بندوبست کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی میں مذکورہ شعبہ کے بنیادی ڈھانچے کی مرمت کے سلسلہ میں اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔اس دوران موصوف کے ہمراہ ڈین سٹوڈنٹ دویگر ملازمین بھی موجود تھے ۔
خواتین کی با اختیاری پر پروگرام منعقد
پونچھ //فوج کی جانب سے سرحدی ضلع پونچھ میں خواتین کی با اختیاری کے عنوان سے ایک آن لائن بیداری پروگرامنعقد کیا گیا ۔اس بیداری پروگرام کے دوران آتم نر برم بھارت میں خواتین کے رول کے سلسلہ میں منعقدہ آن لائن بیداری پروگرام میں شرکت کیلئے فوج کے ماہرین کیساتھ ساتھ مختلف علاقوں کی خواتین نے بھی شرکت کی ۔مقررین نے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے کئی سکیمیں شروع کی گئی ہیں تاہم خواتین کو چاہئے کہ وہ مرکزی حکومت کی فلاحی سکیموں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں ۔اس دوران ضلع میں خواتین کی کامیابیوں پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔
پونچھ میں فوج نے بیداری پروگرام منعقد کیا
پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ میں فوج کی جانب سے گوجر بکروال طبقہ کیلئے ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا جس میں مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سماج کے پسماندہ طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کردہ سکیموں کی جانکاری کیلئے کلائی علاقہ میں ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ خطہ میں گوجر بکروال طبقہ کی ایک بڑی آبادی رہائش پذیر ہے ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کی جانب سے کئی سکیمیں شروع کی گئی ہیں جن سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ۔فوجی مقررین نے اس دوران مقامی لوگوں کو کووڈ کے سلسلہ میں بیدار کرتے ہوئے کہاکہ وہ وائرس کے پھیلائو کوروکنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔
اے ٹی ایم میں چوری کی ناکام کوشش
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں سٹیٹ بینک آف انڈیا کی جانب سے نصب کر دہ اے ٹی ایم میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب چوری کی ایک ناکام کوشش کی گئی ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ قصبہ میں نصب اے ٹی ایم میں سے پیسے چوری کرنے کیلئے چوروں نے مشین کو توڑنے کی کوشش کی تاہم قصبہ میں تعینات پولیس اہلکار موقعہ پر پہنچ گئے جس کے دوران چور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ایس ایچ او مینڈھر نے بتایا کہ چوروں نے اے ٹی ایم سے چوری کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس اہلکاروں کی بر وقت کارروائی کے بعد چور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے شک کی بنیاد پر دو افراد کو حراست میں بھی لیا ہوا ہے جبکہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقات کی جارہی ہیں ۔
منشیات کیخلا ف مہم کیلئے نوجوانوں کی ٹیم تشکیل
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ کی پنچایت درابہ میں منشیات کے کاروبار و استعمال کو روکنے کیلئے نوجوانوں نے ایک ٹیم تشکیل دی ہے ۔اس سلسلہ میں مقامی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد درابہ کے پنچایت گھر میں جمع ہوئی جس کے دوران انہوں نے سماج کو منشیات سے بچانے کیلئے متفقہ طور پر شیراز ملک کوسیول سوسائٹی ٹیم کا صدر منتخب کر لیا پنکج وید کو سینئر نائب صدر،اعجاز چوہدری،مسرت قریشی ودیگران کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔اجلاس میں طے پایا گیا کہ ٹیم کا صدر آئندہ دو دنوں میں ہی سیول سوسائٹی کی ورکنگ ٹیم تشکیل دے کر مہم شروع کریں گے ۔اجلاس کے دوران مقررین نے کہاکہ آئے روز منشیات کے استعمال میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ کئی نوجوان اس لت کی وجہ سے اپنی جان بھی ضائع کر چکے ہیں ۔
ادبی طبقہ نے ڈاکٹر عزیز ہاجنی کے انتقال پردکھ کا اظہار کیا
حسین محتشم
پونچھ//نامور ادیب شاعر محقق اور سابق سیکریٹری کلچرل اکادمی ڈاکٹر عزیز حاجنی کی وفات پرادبی برادری کی جانب سے گہرا دکھ اور صدمہ کا اظہارکیاجا رہا ہے۔ ایس او سی اے راجوری پونچھ کی صدارت میں ایک تعزیتی اجلاس ڈاکٹر علمدار عدم کی قیادت میں منعقد ہوا جس میں پونچھ کی معروف ادبی شخصیات نے شرکت کر کے سابق سیکریٹری جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز ڈاکٹر عزیز ہاجنی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے ادبی حلقوں میں ایک خلا ء پیدا ہواہے ۔انھوں نے کہا حاجنی نے کلچرر اکیڈمی میں سیکریٹری تعینات رہنے کے دوران اکیڈمی کی ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں میں انقلاب پیدا کیا۔خصوصی طور پر پیر پنچال ریجن کے لٹریری شخصیات اور فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لئے انھوں نے ان کو قومی سطح پر پہنچایا۔اس تعزیتی اجلاس میں خطے کی مختلف ثقافتی تنظیموں نے شرکت کی جس میں ڈاکٹر ہاجنی کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ سرسوتی سنگیت ودھیالے کے ماسٹر کرتار چند ، تاریخ دان ادیب اور صحافی کے ڈی منی ، کوہسار ثقافتی تنظیم کے شیخ سجاد ، سرسوتی سنگیت کلا کیندر پونچھ کے پردیپ کھنہ، بارڈر ہلز کلچرل کلب کے کلبیر سنگھ انجانا ، گوجری ٹرائبل کلچرل ٹول کے گلناز چوہان کے علاوہ حاجی نذیر شاکر ، محتشم احتشام حسین ، پروفیسر فتح محمد عباسی ، بابو نور محمد نور ، شبیہ الحسن ، عشرت بٹ اور جلیل غازی نے ڈاکٹر حاجنی کی کاوشوں کو سراہاتے ہوئے ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ، مصنفین اور فنکاروں کو خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر علمدار نے کہا کہ مرحوم کے ساتھ ان کی طویل عرصے سے تعلقاتت ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ایک آفیسر کی حیثیت سے مرحوم حاجنی ان کے محسن رہے۔ انہوں نے مرحوم کی فن و ثقافت کی طرف لگن کو یاد کیا۔ اس موقع پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جب کہ تمام شرکاء نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
پونچھ میں مواصلاتی نظام خستہ حالی کا شکار | صارفین پریشان ،کمپنیوں کو ٹس سے مس نہیں
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں مواصلاتی نظام انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو گیا ہے جس نے صارفین کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے ۔صارفین نے مواصلاتی کمپنیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ضلع کے دیہات کیساتھ ساتھ ہیڈ کوارٹر میں بھی فون کالز اور موبائل انٹر نیٹ کی انتہائی خراب سروس فراہم کی جارہی ہے تاہم اس سلسلہ میں شکایت کرنے کے باوجود بھی کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔صارفین نے کہاکہ وزیراعظم سمیت تمام وزراء اپنے ہرپروگرام اورجلسوں میں دہراتے ہوئے ڈیجٹل انڈیا اور شائننگ انڈیا کی باتیں کرتے نہیں تھکتے مگر عوام اب اس کی سچائی کو لیکرشکوک و شبہات میں مبتلا ہو رہے ہیں۔بی ایس این ایل اور دیگر مواصلاتی کمپنیوں کے شہر شہر، گائوں گائوں والے نعرہ کی گونج اب سنائی ہی نہیں دیتی ،یہ کہاں گم ہوگئی ہے پتہ ہی نہیں چلتا۔ اس کی ایک زندہ مثال ضلع پونچھ کے صدرمقام سمیت کئی دیہی علاقوں میں نظر آتی ہیں۔ جہاں بظاہر ٹاور وغیرہ تو نظر آتے ہیں ،لیکن وہ کوئی کام کرتے نظر نہیں آرہے ہیں۔پونچھ میں ٹاوروں کی قطار لمبی ہے مگر ان کا کوئی فائدہ نہیں ہورہا۔ پونچھ کے محلہ اعلی پیر کی عوام نے الزام لگایا کہ ان کے محلہ میں جو ٹاور نصب ہیں وہ کام نہیں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں نیچے سے لیکر ضلع سطح تک کے افسران کو توجہ دلائی گئی تو بھی کوئی فائدہ نہیں ہورہا ہے۔ انہوں ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ مواصلاتی نظام کی خستہ حالی پر فوری توجہ دے کر اس نظام کو ٹھیک کروائیں۔ انہوں نے کہا حکومتیں آن لائن کلاسس کی باتیں کرتی ہیں، دیہی علاقوں میں کوئی لائن ہی نہیں تو آن لائن کہاں سے ہوگی۔ انھوں نے مزید کہا کہ بے شمار طلبا ء لاک ڈائون میں ہوئی آن لائن کلاسس سے محروم ہورہے ہیں۔
پٹوار ایسوسی ایشن پونچھ کی میٹنگ منعقد
حسین محتشم
پونچھ// پٹوار ایسوسی ایشن پونچھ کا ضلع سطح کا اجلاس تحصیل ہیڈ کواٹر حویلی پر منعقد ہواجس میں الحاج بشیر احمد خاکی ریٹائرڈ نائب تحصیلدار کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا۔اجلاس کی صدارت تحصیلدار حویلی انجم بشیرخان کھٹک نے کی۔اجلاس میں تحصیل منڈی اور تحصیل حویلی کی یونین پٹوار ایسوسی ایشن کا انتخاب عمل میں لایا گیا جہاں تحصیل حویلی کے لئے ممتاز حسین شاہ صدر منتخب کیا گیا جبکہ ذوالفقار احمد خان کو تحصیل منڈی کا صدر منتخب کیا گیا۔اسی طرح باقی عہدیداران تحصیل باڈی کو بھی منتخب کیا گیا۔ان باڈیز کی حلف برداری کی رسم بھی مہمان خصوصی کے ذریعہ انجام دلائی گئی۔
اپنی پارٹی کارکنوں کا اجلاس
حسین محتشم
پونچھ// جموں و کشمیر اپنی پارٹی کی جانب سے پارٹی پیر پنجال کوآرڈی نیٹر شمیم احمد ڈار کی قیادت میں ان کی رہائش گاہ پر ایک اجلاس کا انعقاد کیاگیا جس میںنوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر پارٹی کے ضلع صدر شاہ محمد تانترے ،جنرل سکریٹری پونچھ سرجن سنگھ، صوبائی سکریٹری یوتھ ونگ تنویر چوہدری، راجہ ممتاز، مختار کھاری، افضل خان جنجوعہ، طالب حسین بھی موجود رہے۔اجلاس کے دوران کئی کارکنوں نے پارٹی کا دامن تھاما جن میں چوہدری محمد عارف بادل سنگھ فاروق شیخ ایاز چوہدری محمد یاسر اشفاق ڈار ارشاد احمد ابرار شیخ ریحان ڈار شفاقت علی ادنان اخلاق ممتاز شیخ سفیر احمد طاہر بھٹی محمد عرفان شکیل احمد حاجی غفور رفیق میر گگن دیپ سنگھ سمیت کئی دیگران شامل ہیں ۔اپنے خطاب میں شمیم احمد ڈار نے کہا کہ اپنی پارٹی ہی واحد ایسی سیاسی جماعت ہے جو جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی کی ضامن ہے۔ پروگرام کا آغاز پارٹی کے صوبائی سکریٹری یوتھ ونگ تنویر چوہدری نے مہمانوں کے استقبال و پارٹی منشور کے ساتھ کیا جس کے بعد مختار کھاری گرو دیو سنگھ راجندر سنگھ سردار سورجن سنگھ شاہ محمد تانترے ضلع صدر اپنی پارٹی کے بعد شمیم ڈار نے بھی خطاب کر کے اپنی پارٹی کو مضبوط بنانے کی پونچھ کی عوام سے اپیل کی۔
پونچھ میں سکھ طبقہ نے پرکاش پورب منایا
حسین محتشم
پونچھ//انتظامیہ کمیٹی گوردوارہ مہنت صاحب پونچھ نے شری گرو گرنتھ صاحب جی کے پرکاش پورب کے سلسلہ میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا جس میں اکھنڈ پاٹھ کے بعد ، راگی جتھہ بھائی رام نیک سنگھ ، رسمیت سنگھ ، سرتاج سنگھ ، جسبیر سنگھ اور استری ستسنگ سنگھ سبھا نے گربانی کیرتن کیا ۔ گوردوارہ مہنت صاحب کے ہیڈ گرانتی بھائی سریندر سنگھ نے اس موقع پر سنگت کو مبارکباد دی جبکہ گوردوارہ مہنت صاحب کے صدر ایس انمول سنگھ نے بھی گرو نانک کے عقیدت مند سنگت کو گرو گرنتھ صاحب جی کے پہلے 'پرکاش پرب' پر مبارکباد دی اور ان سے گوربانی کی تعلیمات پر عمل کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ پانچویں گرو ارجن دیو جی 1604 میں گرو گرنتھ صاحب جی کو مرتب کیا اور انہوں نے شری گرو گرنتھ صاحب جی کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔ جنرل سیکریٹری گوردوارہ مہنت صاحب ، ایس بلبیر سنگھ نے پروگرام کے دوران نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے شری گرو گرنتھ کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ بابا بڈھا جی کو پہلا ہیڈ گرانتھی صاحب مقرر کیا گیا۔ شری گرو ارجن دیو جی نے بابا بودھا جی ، خولو گرنتھ صاحب سنیو بنی کی ہدایت کی تھی اور پہلا حکم نامہ "سانتا کی کارا آپ خلویہ" آیا تھا اردا کے بعد ، عقیدت مندوں کے درمیان گرو کا لنگر بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر دیگر ممبران میں ایس مہندر سنگھ ، سریندر سنگھ بٹا ، پروین سنگھ ، خازن سنگھ ، رندھیر سنگھ چاند ، ہربنس سنگھ ، دلجیت سنگھ اور دیگر موجود تھے۔
محکمہ تعمیرات عامہ کے آفیسران نے سیڑھی چوہانہ کا دورہ کیا
حسین محتشم
پونچھ //محکمہ تعمیرات عامہ کے آفیسران و ملازمین نے سرحدی ضلع پونچھ کے سیڑھی چوہانہ علاقہ کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا ۔اے ای اے محکمہ تعمیرات عامہ انجینئر امتیاز علی میر نے گائوں سیڑھی چوہانہ کا دورہ کر وہاں سڑک پر حال ہی میں بچھائی گئی تارکول کا جائزہ لیا۔واضح رہے کہ سیڑھی چوہانہ گگر کوٹ سڑک پر حال ہی میں تارکول بچھائی گئی تھی جس پر مقامی لوگوں نے شکایت درج کرائی تھی کہ وہ تارکول معیاری نہیں بچھائی گئی۔لوگوں کا کہنا تھا کہ سڑک پر مٹی کے اوپر ہی تارکول بچھائی گئی ہے جو دوروز میں ہی اکھڑ رہی ہے ۔عوام کی شکایت پر ہی متعلقہ افسران نے علاقہ کا دورہ کیا تاکہ سڑک کی بلیک ٹاپنگ کی پیش رفت کو چیک کیا جا سکے۔ اس موقعہ پر موجود سماجی کارکن پرویز ملک آفریدی نے کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ امتیاز میر اور جے ای مختار احمد کی نگرانی میں محکمہ تعمیرات عامہ کے تمام کاموں کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر سائٹ کا دورہ کر ر ہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقے سڑکوں کے بہتر نیٹ ورک کو یقینی بنا نے میں دونوں افسران نے اہم رول ادا کیا ہے اس کے لیے وہ ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ جو شکایات عوام کی جانب سے کی گئی ہیں ان پر فوری کاروائی کی جائے گی ۔اس موقع پر سرپنچ محمد اکبر ملک ، سابق سرپنچ محمد دین ملک اور علاقے کے دیگر پی آر آئی نے افسر کو مبارکباد دی کہ جنہوں نے لوگوں کی شکایت پر فوری رد عمل ظاہرکیا۔