مزید خبریں

مہاراجہ ہری سنگھ کا یومِ پیدائش

ایل جی کاخراج عقیدت 

سرینگر//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر کے آخری ڈوگرہ حکمران مہاراجہ ہری سنگھ کی سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کیاہے ۔منوج سنہا نے کہا کہ مہاراجہ ہری سنگھ نے تعلیم ، زراعت ، انتظامی ، سماجی اور معاشی اصلاحات کے شعبے میں ان کی ممتاز اور بے مثال خدمات کیلئے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مہاراجہ ہری سنگھ نے 26اکتوبر 1947کو ایک قانونی دستاویز کے تحت بھارت میںانضمام کا فیصلہ کیا تھا اور جمہوری طور پر اتفاق کیا تھا کہ جموں کشمیر کو ڈومین آف انڈیا میں شامل ہونا ہے ۔ یہاں یہ بات قابل امر ہے کہ جموں میں کئی تنظیمیں مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر عام تعطیل کا مطالبہ کرتی آرہی ہے تاہم اس مطالبے کو ابھی تک کسی بھی سرکار نے منظور نہیں کیا ہے ۔ 
 

۔15دن قبل والدہ کا انتقال 

حریت لیڈر 6گھنٹوں کیلئے پیرول پر رہا

سری نگر//حریت لیڈر معراج الدین کلوال کو والدہ کے انتقال کے سلسلہ میں تہاڑجیل سے 6گھنٹوں کیلئے پیرول پر رہاکیاگیا۔ کے این ایس کے مطابق معراج الدین کلوال کی والدہ 15دن قبل انتقال کرگئیں۔ تہاڑ جیل نئی دہلی میں 2017سےNIAکی حراست میں معراج الدین کونئی دہلی سے لاکر پہلے پولیس تھانہ پانتہ چھوک میں رات بھر بند رکھا گیا اور صبح اپنے گھر واقع حمزہ کالونی بی کے پورہ سرینگر میں6گھنٹوں تک جانے کی اجازت دی گئی۔ معراج کلوال کے ہمراہ دہلی پولیس، جموں پولیس ، ایس ایچ او نوگام اور ڈسٹرکٹ پولیس لائنز سرینگر کے اہلکار موجود تھے۔ 
 
 

منی سیکریٹریٹ گاندربل میں ملازمین اور شہریوں کا داخلہ 

کووڈ 19ٹیکے لگوانے کی اسناد دکھانے سے مشروط 

گاندربل//ارشاد احمد//گاندربل کے منی سیکریٹریٹ کا مرکزی دروازہ جمعرات کو ان لوگوں کے لئے بند کردیا گیا جنہوں نے ابھی تک کوڈ-19 سے بچنے کے لئے ٹیکے نہیں لگوائے ۔ان سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کو اس وقت واپس لوٹنا پڑا جب ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل میں منی سیکریٹریٹ کا مرکزی دروازہ بند کردیا گیا جنہوں نے کوڈ-19 سے بچنے کے لئے ٹیکہ کاری نہیں کی ہے۔اس موقعہ پر جن کے پاس باضابطہ ٹیکے لگوانے کی سند موجود تھی ،ان کو اندر آنے کی اجازت دی گئی۔منی سیکٹریٹریٹ  گاندربل میں ضلع کے متعدد محکموں کے دفاتر موجود ہیں تاہم صبح دس بجے سے پہلے ہی مرکزی دروازہ مکمل طور پر بند کردیا گیاتھا۔اس موقعہ پر تمام سرکاری ملازمین اور کسی کام کے سلسلے میں منی سیکٹریٹریٹ آنے والے عام شہریوں سے کوڈ-19 سے بچنے کیلئے لگائے گئے ٹیکہ سرٹیفکیٹ طلب کئے گئے اور جن کے پاس ٹیکے لگوانے کی اسناد دستیاب نہیں تھی، ان کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔اس بارے میں جب کشمیر عظمی نے ضلع انتظامیہ کے اعلی حکام سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہاکہ پورے ضلع میں کوڈ-19 سے بچنے کیلئے ٹیکہ کاری مہم شروع کی گئی ہے تاکہ ہر شہری کو مہلک بیماری سے بچایا جاسکے اوراسی سلسلے کے تحت جن کے پاس ٹیکہ لگانے کی سند دستیاب نہیں ان کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ادھر ذرائع کے مطابق منی سیکٹریٹریٹ گاندربل میں موجود مختلف محکموں میں کام کرنے والے سرکاری ملازمین کوڈ-19 سے متاثر پائے گئے ہیں جس کی وجہ سے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ حاصل شدہ افراد کو ہی اندر جانے کی اجازت دی جائے گی ۔
 

سوپور میونسپل کونسلر حرکت قلب بند ہونے سے فوت

غلام محمد
سوپور//قصبہ سوپور کے ایک میونسپل کونسلر بدھوار اور جمعرات کی درمیانی رات کے دوران حرکت قلب بند ہونے سے فوت ہوا ہے، 62 سالہ کونسلر سعید محمد ایوب ولد سعید ثناء اللہ ساکنہ آرمپورہ سوپور حال بژھ پورہ صورہ سرینگر جو سوپور کے میونسپل وارڑ نمبر 21آرمپورہ کا بحثیت آزاد امیدوار دیرینہ کونسلر تھے، بدھوار دیر رات کو حرکت قلب بند ہونے سے گھر میں ہی موت واقع ہوئی ۔اس سلسلے میں میونسپل کونسل سوپور میں ایک تعزیتی اجلاس زیر چیئر پرسن مسرت نثار کار منعقد ہوا جس میں تمام کونسلروں کے علاوہ میونسپل کونسل کے ملازمین نے بھی شرکت کی اور مرحوم کونسلر کے حق میں دعا کی گئی کہ مرحوم کو جنت الفردوس عطا کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ اجلاس میں مرحوم کونسلر کے کام کاج کی کافی سراہنا کی گئی۔
 
 

رواں مالی سال قصوروار تاجروںسے 55 لاکھ روپے کا جرمانہ وصول:   لیگل میٹرولوجی 

   سرینگر//لیگل میٹرولوجی نے رواں سال کے دوران جموں وکشمیر میں قصوروار تاجروں اور دکانداروںسے 55 لاکھ روپے کا جرمانہ وصول کیا ہے ۔یہ جرمانہ اپریل 2021 سے شروع ہوئے مالی سال کے دوران محکمہ نے قانونی میٹرولوجی ایکٹ 2009 کی شقوں کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں وصول کیا گیا۔مارکیٹ چیکنگ کے دوران تاجروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ تجارتی لین دین کیلئے صرف تصدیق شدہ وزن اور پیمائش کے آلات استعمال کریں ۔
 

سیاسی جماعتیں عوام کے مفادات کی حفاظت کرنے میں ناکام:پنچایت کانفرنس

پشتینی اسناد کی بحالی، بجلی اور پانی کی فیس میں مکمل چھوٹ کا مطالبہ

بلال فرقانی
سرینگر// پنچایت کانفرنس نے جموں کشمیر میں’ پشتینی باشندوں کی اسناد‘ کو بحال کرنے کی وکالت کرتے ہوئے بجلی اور پانی کی فیس میں مکمل چھوٹ اور نوکریوں و کان کنی کو جموں کشمیر کیلئے مخصوص رکھنے کا مطالبہ کیا۔ ایوان صحافت کشمیر میں جمعرات کو جموں کشمیر پنچایت کانفرنس کے چیئرمین شفیق احمد میر نے جموں کشمیر میں تمام سیاسی جماعتوں پر مرکزی زیر انتظام خطے کے عوام کے مفادات اور حقوق کی حفاظت کرنے میں ناکام ہونے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان سیاسی جماعتوں کے لیڈرلوگوں کے حق میں آواز بلند نہیں کرسکتے کیونکہ وہ ماضی میں کورپشن میں مبتلا رہے ہیںاور انہیں تحقیقات کا خوف محسوس ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لداخ کے سیاسی لیڈروں نے اپنے عوام کے مفادات کی تکمیل کیلئے اتحاد کا دامن تھام لیا اور آج بہت کچھ حاصل کیا۔شفیق میر نے کہا کہ پنچایتی ممبران منتخب نمائندے ہیںاور انہوں نے اسی حیثیت سے اب لوگوں کے مفادات اور حقوق کے حق میں آواز بلند کرنے کا فیصلہ لیا۔ جموں کشمیر میں پشتینی باشندوں کی اسناد کو بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے میر نے کہا کہ جس طرح لداخ میں مرکز نے اس معاملے میں پہل کرکے لوگوں کو راحت دی ،اسی طرز پر جموں کشمیر کے لوگوں کو بھی راحت دی جانی چاہئے۔ انہوں نے تمام نوکریوں کو جموں کشمیر کے نوجوانوں کیلئے مخصوص رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بجلی اور پانی کی فیس کو بھی ختم کیا جانا چاہئے۔پنچایت کانفرنس کے سربراہ نے کہا کہ بجلی اور پانی مقامی پیداوار ہے اور مقامی لوگوں کے وسائل ہیںاور کم از کم جموں کشمیر کے لوگوں کو مفت پانی اور بجلی کی سپلائی فراہم کی جانی چاہئے۔انہوں نے تمام طرح کے رہائشی ٹیکسوں کو ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے گزشتہ30برسوں میں بہت کچھ برداشت کیا ہے۔ انہوں نے تمام طرح کی کان کنی کو بھی مقامی ٹھیکیداروں کیلئے مخصوص رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب سے یہ کان کنی بیرون ریاستوں کے ٹھیکیداروں کو تفویض کئے گئے،جموں کشمیر میں عمارتی مواد،باجری اور ریت کے علاوہ دیگر چیزوں کی قیمتوں میں دو گناہ سے تین گناہ اضافہ ہوا ،جس کے نتیجے میں عام لوگ اب چھت بنانے سے بھی رہ گئے۔
 

کولگام میںشہری برائون شوگر سمیت گرفتار

سرینگر//منشیات مخالف مہم کے دوران کولگام پولیس نے ایک شہری کو گرفتارکرکے اس کے قبضے سے برائون شوگر برآمد کیا ہے ۔ قاضی گنڈ تھانہ نے شاہراہ کے قریب چیک وانگنڈ کراسنگ پر قائم ناکہ چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص کو روکا جس کی شناخت مشتاق احمد کٹوچ  ساکن اوکھرل بانہال کے طور پر ہوئی ہے۔اُس کی تلاشی کے دوران 2گرام براؤن شوگر برآمد ہوا۔پولیس نے ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 231/2021 قاضی گنڈ تھانہ میں درج کیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
 

جاوید بیگ کو اپنی پارٹی کی مزید ذمہ داریاںتفویض

سرینگر//اپنی پارٹی نے جاوید حسن بیگ کو پارٹی ترجمان اعلیٰ کے علاوہ بارہمولہ اور کپوارہ اضلاع کا پارٹی مینٹر کی ذمہ داری بھی سونپ دی ہے ۔ بیگ بارہمولہ اور کپوارہ اضلاع کے صدور کے ساتھ قریبی تال میل قائم کرنے اورزمینی سطح پر پارٹی ورکروںکو متخر ک کرنے ، تنظیمی خامیوں کی نشاندہی کرنے اور بروقت پارٹی قیادت کو فیڈ بیک دینے کا کام کریں گے۔ اُن کی تعیناتی کا اعلان پارٹی صدر سید الطاف بخاری کی منظوری کے بعدکیاگیا۔
 

نیشنل کانفرنس بٹہ مالو بلاک کے عہدیداروں کا انتخاب

سرینگر//نیشنل کانفرنس تنظیمی انتخابات کے سلسلے میں حلقہ انتخاب بٹہ مالو (رورل) کے بلاک صدر کا انتخاب پارٹی کے جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری کی نگرانی میں منعقد ہوا ۔پارٹی کے ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد، ڈاکٹر سعید اور قصیر جلالی نے الیکشن مبصرین کے فرائض انجام دئے۔ اس موقع پر پارٹی کے انچارج کانسچونسی بٹہ مالو عرفان احمد شاہ بھی موجود تھے۔ عبدالرزاق کو بلاک صدرمنتخب کیا گیا۔ پارٹی لیڈران نے نومنتخب بلاک صدر کو مبارکباد پیش کی اورامید ظاہر کی کہ موصوف پارٹی کی مضبوطی اور عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ 
 

ٹریفک پولیس سرینگر کی اطلاع

۔25اور26ستمبر کو بلیوارڈ روڈ جزوی طور بند رہے گا

 
 الطاف بخاری کا فاروق اندرابی سے اظہار تعزیت
سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے اپنی پارٹی میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی کے ماموں سید قمر الدین شاہ کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے جو جمعرات کو اپنی رہائش گاہ واقع چاڈورہ بڈگام میں انتقال کرگئے۔ ایک تعزیتی بیان میں بخاری نے مرحوم کو شریف النفس، مہمان نواز، ملنساراور خوش اخلاق طبیعت کا مالک قرار دیا۔انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کے لئے صبر وجمیل کی دعا کی ۔ان کے علاوہ پارٹی قیادت نے بھی سوگواران کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
 
 

ٹنگمرگ میں 32گھنٹوں سے بجلی سپلائی منقطع،عوام پریشان

مشتاق الحسن 
ٹنگمرگ //ٹنگمرگ رسیونگ اسیٹشن میں 10mv ٹرانسفامر جل جانے سے سب ڈویژن کے ٹنگمرگ، ریرم،ہری اوٹنواوررنگہ والی فیڈروں کے تحت آنے والے علاقوں میں گزشتہ 32گھنٹوں سے بجلی سپلائی منقطع ہے جس کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں۔ اگرچہ صبح ہی محکمہ بجلی کے ماہرین ٹرانسفارمر کو ٹھیک کرنے کی کوشش کررہے تھے تاہم شام دیر گئے تک محکمہ کی تمام کوششیں بے کار ثابت ہوئیں۔بجلی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں طالب علموں اورکاروباری شعبہ کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لوگوں نے بجلی سپلائی فوری طور بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
 

 جنریٹر کی عد م دستیابی

پوسٹ آفس ٹنگمرگ میں کھاتہ داروں کو مشکلات

مشتاق الحسن
 ٹنگمرگ//پوسٹ آفس ٹنگمرگ میں ’یو پی ایس ‘کی عدم دستیابی اورجنریٹر کی خرابی سے کام کاج ٹھپ ہے جبکہ کھاتہ داروں اور ملازمین کے درمیان نوک جھونک روز کا معمول بن چکا ہے۔پوسٹ ماسٹر ٹنگمرگ کا کہنا ہے کہ نہوںنے نئے ’یو پی ایس ‘اورجنریٹرکیلئے چیف جنرل پوسٹ ماسٹر کو تحریری طور مطلع کیا ہے تاہم پندرہ دن گزرنے کے باوجود بھی ’ یو پی ایس ‘اورجنریٹر کو ٹھیک نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے کھاتہ دار زبردست پریشان ہیں۔ کھاتہ داروں نے فوری طور پوسٹ آفس میں درکار ’یو پی ایس‘ اور نیا جنریٹر فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
 

پنجاب میں کولگام کے نوجوان کی پُراسرار موت 

سرینگر//ضلع کولگام سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کو پنجاب میں پُر اسرار طور پر مردہ پایا گیا ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق  22 سالہ بلال احمد ملک ولد محمدایوب ملک ساکن دمہال ہانجی پورہ کولگام پنجاب کے موگا نامی علاقے میں شال پھیری کا کام کرتا تھا۔ مہلوک کے گھر والے پنجاب کیلئے روانہ ہوئے جنہوںنے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک انہیں اس سلسلے میں اور کچھ معلوم نہیں ہے ۔ اس سلسلے میںپولیس نے کیس زیر دفعہ 174سی آر پی سی درج کرکے معاملے کی چھان بین شروع کردی ہے ۔ البتہ پنجاب پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس نے بھی خود کشی کرلی تھی ۔ یہاںیہ بات قابل امر ہے کہ اس سے قبل رواں ماہ ہی میں بڈگام سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم کی موت پُر اسرار طورپر ہوئی تھی ۔ جس کی لاش پنجاب میں ایک کالج ہوسٹل میں پائی گئی تھی۔اس معاملے میں بھی ابھی تک کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔
 

 ڈرون خطرات ایک نیا چیلنج :آئی جی سی آر پی ایف جموں

جموں// انسپکٹر جنرل سینٹر ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) جموں پی ایس رنپیسے نے ڈرون خطرات کو ایک نیا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیکورٹی ایجنسیاں ان خطرات سے نمٹنے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوراترا کے پیش نظر شری ماتا ویشنو دیوی مندر سمیت تمام یاترا مقامات پر سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔موصوف انسپکٹر جنرل نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کے روز یہاں ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’اس وقت ڈرونز ایک بہت بڑا خطرہ ہے لیکن ان خطرات سے نمٹنے کے لئے کوششیں جاری ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں نہ صرف مرکزی حکومت بلکہ جموں وکشمیر میں تعینات سیکورٹی ایجنسیاں حکمت عملیاں تیار کر رہی ہیں۔مسٹر رنپیسے نے کہا کہ نوراترا کے پیش نظر تمام یاترا مقامات پر سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا: ’نوراترا کے پیش نظر سی آر پی ایف نے شری ماتا ویشنو دیوی مندر کے بشمول تمام یاترا مقامات پر سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے ہیں‘۔موصوف انسپکٹر جنرل نے کہا کہ سی آر پی ایف بھی باقی سیکورٹی ایجنسیوں جیسے فوج، پولیس وغیرہ کے ساتھ مل کر خطے سے عسکریت کے خاتمے کے لئے مصروف عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ سری نگر جموں قوی شاہراہ پر تعینات سی آر پی ایف اہلکار نہ صرف ٹریفک کی نقل و حمل کو یقینی بنا رہے ہیں بلکہ وہ ملی ٹنسی کے متعلق سرگرمیوں پر بھی کڑی نگرانی رکھے ہوئے ہیں۔