مزید خبریں

نائب تحصیلدار ہرنی نے چارج سنبھالا

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی ہرنی نیابت میں نئے تعینات کردہ نائب تحصیلدار نے اپنے عہدے کا چار سنبھال لیا ۔نائب تحصیلدار الطاف حسین کی آمد کے سلسلہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں مقامی معززین کیساتھ ساتھ محکمہ کے آفیسران و ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس سے قبل آفیسر موصوف ضلع کٹھوعہ کی بسولی تحصیل کی بوندی نیابت میں اپنی خدمات انجام دے رہے تھے ۔مقامی معززین نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ نئے تحصیلدار کی آمد سے مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچے گا جبکہ آفیسر موصوف اپنی بہترین خدمات انجام دیں گے ۔
 

۔6برسوں سے مفرور پولیس گرفت میں 

رمیش کیسر 
راجوری //راجوری ضلع کے نوشہرہ سب ڈویژن میں جموں وکشمیر پولیس نے چھ برسوں سے مفرور ایک شخص کو گرفتار کر کے اس کیخلاف درج کیس کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ 2015میں پولیس سٹیشن نوشہرہ میں درج کیا گیا ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 30/2015زیر دفعات 376،363اور 109آر پی سی میں ملوث ایک ملزم محمد عظم ولد محمد شفیع سکنہ راجل گزشتہ چھ برسوں سے مفرور تھا لیکن پولیس کو ملی ایک خفیہ جانکاری کے بعد ایس ایچ او نوشہرہ کی قیادت میں پولیس کی کارروائی میں مذکورہ شخص کو گرفتار کر کے دوبارہ سے کیس کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
 
 
 

شیراز ملک این سی یوتھ کے ضلع صدر نامزد 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ//نیشنل کانفرنس سے وابستہ نوجوان کارکن شیراز ملک کو پارٹی کی جانب سے یوتھ اکائی کا ضلع صدر نامزد کر دیا گیا ہے ۔اس سلسلہ میں پونچھ میں پارٹی لیڈران کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا ۔سابقہ ممبر اسمبلی اور یوتھ نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر اعجاز جان کی موجودگی میں منعقدہ اجلاس میں پارٹی لیڈران و کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔پارٹی سنیئر لیڈر بشیر احمد ملک کی صدرات میں منعقدہ اجلاس کے دوران نوجوان لیڈر کو ضلع یوتھ صدر نامزد کر دیا گیا ۔اس موقعہ پر یوتھ ضلع صدر نے پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ،عمر عبداللہ ،سید مشتار بخاری ،دویندر سنگھ رانا ۔اعجاز جان و دیگر پارٹی لیڈران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ ضلع میں این سی کی زمینی سطح پر مضبوطی کیلئے ایمانداری کیساتھ کام کریں گے ۔
 
  

 ساتھرہ میں پوشن ابھیان کے تحت پروگرام منعقد 

عشرت حسین بٹ 
منڈی//تحصیل منڈی کے بلاک ساتھرہ میں محکمہ آئی سی ڈی ایس کی جانب سے پوشن اابھیان کے تحت ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں بلاک ترقیاتی کونسل ممبر فریدہ بی کے ساتھ ساتھ ضلع پروجیکٹ آفیسر پونچھ تنویر احمد بطور خاص شریک ہوے ۔اس موقع پر سی ڈی پی او منڈی کے علاوہ آنگن واڑی سپروائزورں،ورکروں، ہلپروں اور پنچائیت نمائندگان بھی موجود رہے۔مقررین نے پوشن ابھیان کے حوالے سے اہم جانکاری فراہم کی اور تمام آئی سی ڈی ایس سکیموں کو زمینی سطح پر لاگو کرنے اور انہیں کارگر بنانے پر زور دیا۔ضلع پروجیکٹ آفیسر پونچھ نے بتایاکہ ساتھرہ میں پروگرام پوشن ماہ کے حوالے سے منایاگیا ۔اس ماہ میں ماں اور اس کے نوزائیدہ بچے کی صحت کو تندرست رکھنے کے حوالے سے عوام کو اہم جانکاری دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کی سکیموں کے حوالے سے پردھان منتری وندھنا یوجنا کے تحت علاقہ جات کے کمزور بچوں کی نشاندہی کرنا مقصود ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بہتر خوراک اور صحت کے علاوہ ممکن سکیم ،بیٹی پڑھاو بیٹی بچاو ، کے ساتھ ساتھ عوام کو کرونا وائرس کے چلتے تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل آوری کرنا لازمی ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیاکہ وہ اپنے بچوں کو کھیلنے کودنے کے لئے مواقعے فراہم کریں۔بلاک ترقیاتی کونسل نے بھی آئی سی ڈی ایس کے پروگراموں کو زمینی سطح پر عمل آوری پر زور دیا اور ہر جگہ ایسے پروگرام منعقد کرنے پر زوردیا۔اس دوران آنگن واڑی کے بچوں نے پروگرام بھی پیش کیااور آخر میں انعامات کی تقسیم کاری پر پروگرام کا اختتام کیاگیا۔
 

سرحدی علاقوں میں مواصلاتی سروس دستیاب نہیں 

پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے درجنوں سرحدی دیہات میں مواصلاتی سروس موجود ہی نہیں ہے جس کی وجہ سے صارفین کی ایک بڑی تعداد اپنے رشتہ داروں کیساتھ بات چیت کرنے کیلئے سروس والی جگہوں پر جانے کیلئے مجبور ہیں ۔صارفین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ صورتحال پُر امن ہونے کے باوجود بھی سرحدی علاقوں میں مواصلاتی سروس فراہم نہیں کی جار ہی ہے جبکہ لوگوں کو دیگر علاقوں میں جا کر سروس کی پہنچ والی جگہوں کی تلاش کرناپڑتی ہے ۔غور طلب ہے کہ راجوری ضلع کی سرحدی تحصیل منجا کوٹ کا ایک وسیع علاقہ حد متارکہ کیساتھ جوڑا ہو ا ہے جبکہ مذکورہ علاقہ میں صفر لائن اور تار بندی کے درمیان آباد لوگوں کو جہاں دیگر بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں وہائیں مواصلاتی سروس کی علاقہ میں رسائی نہیں ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔صارفین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مواصلاتی کمپنیوں کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ سرحدی علاقوں میں بھی سروس فراہم کی جائے ۔
 
 

میاں بشیر لاروی کا چولیسواں منایا گیا 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ سب ڈویژن کے سانگلہ علاقہ میں میاں بشیر لاروی کے چہلم کی مناسبت سے جامع مسجد سانگلہ میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں مقامی لوگوں و علماء نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔مولانا سید اخلاق حسین قادری امام خطیب جامع مسجد مولا علی سنئی کی قیادت میں منعقدہ تقریب کے دوران علماء نے میاں بشیر لاروی کی دینی ،مذہبی اور سیاسی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ مولانا اخلاق قادری نے کہا کے اپنے عقیدہ کا تحفظ ضروری ہے جبکہ ہم سب کو چاہئے کہ ہم نماز پابندی کیساتھ ادا کریں ۔ انھوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ہر صورت میں اللہ اور ُاس کے رسولؐ کی جانب سے دی ہوئی تعلیمات پر عمل کر کے قران پاک کی تعلیمات حاصل کریں ۔
 
 
 

نگروٹہ میں یک روزہ پہاڑی کنونشن 

راجوری //راجوری ضلع کے نگروٹہ علاقہ میں پہاڑی قبائل کے معززین کی جانب سے یک روزہ پہاڑی کنونشن کا اہتمام کیا گیا ۔کنونشن کے دوران مقررین نے مرکزی حکومت بالخصوص وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ خطہ کے پسماندہ قبائل کو جلدازجلد ایس ٹی کا درجہ دیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا حکومت نے پہاڑیوں کیساتھ وعدہ کیا تھا کہ ان کی جائز مانگ کو پورا کیا جائے گا تاہم ابھی تک کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔پروگرام کے دوران مقررین نے قبائل کو خطہ میں درپیش مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ 1989سے ہر ایک حکومت نے پہاڑی طبقہ کیساتھ نا انصافیاں کی ہیں جس کی وجہ سے پہاڑی قبائل کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد آج بھی پسماندہ طرز کی زندگی بسرکررہی ہے ۔اس کنونشن میں ایڈو کیٹ احسان مرزا ،رنگزیب خان ،مجاہد خان ،اکبر خان ،کلبیر سنگھ ،راج کمار ،پرویز ملک ،ایوب خان ودیگران نے بھی شرکت کی ۔
 
 
 
 

اساتذہ کی حوصلہ افزائی کیلئے تقریب کا انعقاد 

عظمیٰ یاسمین 
 تھنہ منڈی //گور نمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول تھنہ منڈی میں اساتذ ہ کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔زونل سپورٹس آفیسر تھنہ منڈی سلیم نوشاد رینہ کی نگرانی میںمنعقد تقریب میں فزیکل ایجوکیشن ماسٹر مقبول حسین کو صدر جبکہ نامور استاد محمد ایاز رینہ کو مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو کیا گیا۔ اس موقع پر سیلم نوشاد رینہ اور ان کی ٹیم کے تعاون سے دونوں اساتذہ کو ان کے متعلقہ شعبوں میں معیاری کارکردگی کیلئے اعزاز سے نوازا گیا۔ تعلیمی شعبہ کے جن عہدیداروں کو اعزاز سے نوازا گیا ان میں مقبول حسین جو 30 ستمبر 2021 کو عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں اورمحمد ایاز رینہ جنہوں نے ایم ایچ آر ڈی وزارت تعلیم، حکومت ہند کی جانب سے نیشنل آئی سی ٹی ایوارڈ (2019) حاصل کیا ہے اور حال ہی میں لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر منوج سنہا کے ہاتھوں 5 ستمبر 2021 کو یوم اساتذہ کے موقع پر تعلیمی شعبہ میں اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر سال کے بہترین استاد کا ایوارڈ حاصل کیا، قابلِ ذکر ہیں۔ اس موقع پر زونل سپورٹس آفیسر سلیم نوشاد رینہ اور اور فزیکل ایجوکیشن ٹیچر ارشد خان نے دونوں عہدیداروں کی کامیابیوں کو اجاگر کیا اور محکمہ تعلیم میں ان عہدیداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں عہدیدار بے شمار خوبیوں کے مالک ہیں ان کے کام اور لگن کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔ مقررین نے کہا کہ ایاز رینہ نے تعلیمی میدان میں اچھا اور غیر معمولی کام کرکے پورے خطہ پیر پنجال کا نام روشن کیا ہے ۔ اس تقریب میں سلیم نوشاد رینہ، محمد ایاز رینہ، مقبول حسین، رخسار بٹ، ارشد خان،لعل حسین اورشہزاد احمد رینہ کے علاوہ محکمہ تعلیم سے وابستہ کئی اعلیٰ عہدیداران اور اساتذہ نے شرکت کی۔
 

 ڈاکٹر شبیر احمدکی والدہ کا انتقال 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کے گاؤں الال کے رہائشی ڈاکٹر بشیر احمد کی والدہ ماجدہ قضائے الہی سے انتقال کر گئی ہیں۔ ان کی عمر تقریباً 75 سال کے قریب بتائی جاتی ہے۔ وہ پچھلے کچھ دنوں سے بیمار تھیں چنانچہ جمعرات کے روز وہ اس دارفانی سے دار بقا کی جانب کوچ کر گئیں۔ مرحومہ کی نماز جنازہ جمعرات دن کے ایک بجے ان کے آبائی گاؤں الال میں ادا کی گئی جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔مرحومہ انتہائی نیک تھیں اور انھیں اس علاقے میں کافی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ مرحومہ کی وفات پر علاقے کی دینی ، سیاسی اور سماجی برادری نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہترین خراج عقیدت پیش کیا ہے نیز ان کے خاندان سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی حتمی اور بے حساب مغفرت فرمائے اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل سے نوازے۔
 
 
 
 

آئی این ایم کا 15 روزہ تربیتی پروگرام اختتام پذیر 

حسین محتشم
پونچھ //کرشی وگیان مرکز پونچھ کی جانب سے ڈائریکٹریٹ آف ایکسٹینشن کے زیر قیادت ،شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹکنالوجی آف جموں کے بینر تلے شروع کئے گئے انٹیگریٹڈ نیوٹرینٹ مینجمنٹ (آئی این ایم) پر 15 روزہ تربیتی پروگرام اختتام پزیر ہوا۔اس سلسلہ کی اختتامی تقریب جمعرات کو منعقد کی گئی جہاں  تربیت کورس مکمل کرنے والوں کو سرٹیفکیٹ فراہم کی گئی۔ تربیتی پروگرام کے اختتام پروائس چانسلر ڈاکٹر جے پی شرما نے ڈائریکٹر ایکسٹینشن ڈاکٹر ایس کے گپتا کی موجودگی میں ورچوئل موڈ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام ڈیلر/خوردہ فروش کمپنی اور کسانوں کے درمیان ایک اہم ربط قائم کرنے اور کسانوں کو متوازن انداز میں کھادوں کے استعمال کی ترغیب دینے میں کلیدی تبدیلی کے لئے بہت اہم تھا۔انہوں نے کہا کہ کورس کا بنیادی مقصد ڈیلرز کو مختلف قسم کی کھادوں اور ان کی تیاری ، خرید ، فروخت اور تقسیم کے بارے میںپانچویں ترمیمی آرڈر 2021 کے ساتھ آگاہ کرنا تھا۔واضح رہے کہ اس تربیتی پروگرام کے دوران کھادوں سے متعلق جامع لیکچر نامور سائنسدانوں اور محکمہ زراعت اور قانون نافذ کرنے والے محکمہ کے ریسورس پرسن بشمول کے وی کے پونچھ کے ریسورس پرسنز نے دیئے۔ سینئر سائنسدان اور سربراہ کے وی کے پونچھ ڈاکٹر اجے گپتا نے اس طرح کے تربیتی پروگراموں کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ڈیلر اپنے کاروبار چلانے کے ساتھ ساتھ کسانوں کو خاص طور پر کھاد پر مبنی استعمال کرنے میں مدد دے سکیں ۔ انھوں نے کہا کہ ڈائریکٹر توسیع نے آن لائن موڈ کے ذریعے کہا کہ اس کورس کا عمومی مقصد یہ ہے کہ کسی بھی غیر مجاز شخص کو غیر قانونی اور نامناسب طریقے سے کھاد فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈاکٹر مظفر میر ، ڈاکٹر  ایس ایس جاموال ، ڈاکٹر مشتاق گورو اور شید احمد نے15روزتک جاری رہنے والے پروگرام کو کامیابی سے چلانے میںاہم کردار ادا کیا۔ پروگرام کا اختتام شرکاء میں کورس سرٹیفکیٹس کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔ تربیتی پروگرام میں 30  افراد شامل ہوئے جن کا تعلق ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں سے تھا۔
 
  

پونچھ میں کبڈی انٹر زون مقابلوں کا اہتمام کیا گیا 

حسین محتشم
پونچھ//محکمہ یوتھ سروسز اور سپورٹس ڈسٹرکٹ پونچھ نے گورنمنٹ ہائی سکول منگناڑ میں 14 اور 17 سال کے لڑکوں کے ضلع سطح کے کبڈی انٹر زون مقابلہ منعقد کئے۔  اس موقع پر ہیڈ ماسٹر ہائی سکول منگناڑ ستیش کمار مہمان خصوصی تھے جنہوں نے ٹورنامنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔اس دوران کھلاڑیوں میں سخت مقابلے ہوئے۔ 17سالہ کھلاڑیوں کے مقابلوں میں زون سرنکوٹ کی ٹیم نے جیت حاصل کی جبکہ 14سالہ کھلاڑیوں کے مقابلوں میں زون بفلیاز نے شاندار جیت حاصل کی ۔ اس موقعہ پر نریندر سنگھ انچارج مقابلہ، کلیونت سنگھ پی ای ایم، منجیت سنگھ پی ای ایم، سنجے مسری، اعجاز احمد ، سجاد احمد، نصرت حسین ، منظور احمد، پرویز ملک آفریدی موجود رہے ۔ واضح رہے کہ فٹ انڈیا کے تحت ضلع پونچھ میں لگاتا ضلع سپورٹس افسر پونچھ چوہدری محمد قاسم کی قیادت میں مختلف کھیلوں کے مقابلے کروائے جارہے ہیں۔ 
 

معززین کا وفد ڈی سی پونچھ سے ملا قی 

حسین محتشم
پونچھ//ضلع ہسپتال پونچھ میں ڈاکٹرو ں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خالی پڑی اسامیوں کو پر کرنے ،اور میڈیکل اسٹور والوں کو درپیش مسائل کولیکر سماجی کارکن شفیق حسین بابا اور شیخ سجاد پونچھی کی قیادت میں میڈیکل سٹور کے مالکان کا ایک وفد ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جہاں انھوں نے ضلع ہسپتال میں ڈاکٹروں کی خالی پڑی اسامیوں کو پر نہ کئے جانے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ان اسامیوں کو فوری پُر کرنے کا مطالبہ کیا۔اس دوران میڈیکل سٹور والوںکو درپیش مسائل کے حوالے سے بھی ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو روشناس کرایا گیا۔ وفد میں شامل افراد کو بغور سننے کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے انھیں یقین دلایا کہ ان کے مطالبات پورے کریں گے۔کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے شیخ سجاد اور شفیق بابا نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ ضلع ہسپتال میں کان ،ناک، آنکھ، اور گلے کا ڈاکٹر نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ اسکے علاوہ بھی ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کئی کئی اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں۔انھوں نے کہا کہ یہ دور دراز ضلع ہے یہاں کے لوگوں کو جموں ، کشمیر یا پھر بیرون ریاست جا کر علاج کروانا پڑتا ہے جو ان کے لئے بہت مشکل ہوتا ہے۔انھوں نے کہا کہ وہ بار ہا اس سلسلہ میں اعلیٰ حکام کو تحرری اور غیر تحریری طور پر اپیل کر چکے ہیں لیکن کوئی کچھ نہیں کرتا۔انھوں نے انتباہ دا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو وہ احتجاج کریں گے۔ 
 

لسانہ میں ریلی کا اہتمام کیا گیا 

حسین محتشم
پونچھ// ہندوستان کے امور اور کھیلوں کی وزارت کے تحت نہرو یووا کیندر پونچھ کے ذریعہ آزادی کا امرت مہااتسو کے تحت ایک فٹ انڈیا فریڈم رن 2.0 ریلی کا انعقاد کیا گیاجسے ضلع ترقیاتی کونسل کے رکن بلاک لسانہ ، رخسانہ کوہلی نے ہری جھنڈا دکھائی ۔ اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری لسانہ اور سکول کے عملے کے علاوہ  کلب کے ممبران اور ضلع بھر کے سینکڑوں نوجوانوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا اور فٹ انڈیا موومنٹ اور آزادی کا امرت مہااتسو کا نعرہ بلند کیا۔ ڈی ڈی سی ممبر نے بتایا کہ آزادی کا امرت مہااتسو ملک بھر میں تمام حکومتوں، وزارتوں کے محکموں کے زیر اہتمام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کا نیا ہندوستان بنانے کا خواب صرف نوجوانوں کی فعال اور قابل شرکت سے کامیاب ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی خود کفالت اور ترقی موجودہ حکومت کے اہم ایجنڈوں میں سے ایک ہے۔ تمام تر شرکاء نے قومی ترانہ گایا اور تمام نوجوانوں کو فٹ انڈیا کا عہد بھی دیا گیا۔ یہ ریلی گورنمنٹ ایچ ایس ایس لسانہ سے نکل کر ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر نتن ہینگلو کی رہنمائی میں مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے بی ڈی او آفس لسانہ میں اختتام پذیر ہوئی۔
 
 

کوٹرنکہ میں ٹاٹا سومو حادثہ 

۔4افراد زخمی ،معاملہ درج کرلیا گیا 

محمد بشارت 
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں کم از کم 4افراد زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ ایک سموٹ سے ترگائیں جارہی ایک ٹاٹا سومو گاڑ ی زیر نمبر 9934-JK02Vڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی جس کی وجہ سے گاڑی میں سوار چار افراد زخمی ہوگئے ۔حادثے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد موقعہ پر جمع ہو گئی جنہوں نے زخمیوں کو کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کنڈی علاج معالجہ کیلئے منتقل کر دیا ۔ان زخمیوں میں سے تین کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہیں جبکہ ایک شدید زخمی کو گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا گیا ہے ۔جموں وکشمیر پولیس نے معاملہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
 
 

ڈی سی راجوری نے سرحدی علاقوں کا دورہ کیا 

رمیش کیسر 
راجوری //ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شون نے نوشہرہ سب ڈویژن کے سرحدی دیہات کا دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل و انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جارہی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔نوشہرہ کے سرحدی علاقہ جھنگڑ کے دورے کے دوران مکینوں نے آفیسران موصوف کو علاقہ میں بنیادی سہولیات کی قلت کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل کے سلسلہ میں مکمل جانکاری فراہم کی ۔مقامی معززین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کچھ افراد نے محکمہ مال کے ملازمین و آفیسران کیساتھ مل کر اراضی کے ریکارڈ میں خرد بٰرد کی ہوئی ہے ۔آفیسر موصوف نے عوامی مسائل کا جائزہ لینے کے بعد یقین دلایا کہ ان کو بنیادی سہولیات ترجیح بنیادوں پر فراہم کی جائیں گی جبکہ غیر قانونی اقدامات کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
 
 

دبڑ گائوں میں فوج نے پروگرام منعقد کیا 

رمیش کیسر 
نوشہرہ // سب ڈویژن نوشہرہ کے دبڑ گائوں میں فوج کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں فوجی آفیسران و مقامی معززین نے سیاہ چین گلیشر میں پاکستانی افواج کی فائرنگ سے 1987میں ہلاک ہوئے نوشہرہ کے رہائشی فوجی آفیسران کو شاندار حراج عقید ت پیش کیا گیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے فوجی آفیسران نے کہاکہ شہید ہوئے جوان نے ملک کی حفاظت کیلئے ایک اہم کارنامہ انجام دیا ہے جس کو ہمیشہ کیلئے یاد رکھا جائے گا ۔تقریب کے دوران فوجی اہلکار کے اہل خانہ کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی جبکہ تقریب میں پنچایتی اراکین کیساتھ ساتھ علاقہ کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
 
 

ذہنی طور معذور شخص 18برسوں بعد بازیاب 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے بسونی علاقہ کا ایک ذہنی طور معذورشخص 18برسوں تک لاپتہ رہنے کے بعد باز یاب ہو ا ہے ۔18برس قبل محمود احمد جوکہ ذہنی طور پر معذور ہونے کی وجہ سے دہلی کے ایک ہسپتال میں سے دوران علاج لاپتہ ہوگیا تھا جبکہ اہل خانہ کی جانب سے ایک طویل تلاش کے بعد بھی باز یاب نہیں ہوسکا تھا تاہم گزشتہ دنوں مذکورہ شخص ریاست اتر پردیش کے بلند شہر سے باز یاب ہو ا ہے ۔اہل خانہ نے بتایا کہ مذکورہ شخص کچھ دن قبل پونچھ کے ایک رہائشی کو ملا تھا جس نے پہاڑی زبان بولنے پر اس کی شناخت کر کے اہل خانہ کو فون کیا تھا ۔اطلاع ملنے کے بعد ہی اہل خانہ نے ذہنی طورپر معذور شخص کو باز یاب کرکے دورہ سے گھر لایا ہے ۔