مزید خبریں

محکمہ جل شکتی کے عارضی ملازمین کی ہڑتال شروع | پانی کی سپلائی بند ہونے سے لوگوں کی پریشانیاں بڑھ گئی 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // محکمہ پی ایچ ای کے عارضی ملازمین نے اپنی مانگوں کو لے کر کام چھوڑ ہڑتال شروع کر دی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو پانی کی شدید قلت کا سامناکرنا پڑریا ہے ۔ تھنہ منڈی کے اکثر علاقے پانی کی سپلائی سے محروم رہے جس کے نتیجے میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ محکمہ کے عارضی ملازمین نے اپنی واجب الادا تنخواہوں کی واگزاری کا فوری مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انکی تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے ان کا گزر بسر مشکل ہوتا جارہا ہے ۔ملازمین نے کہا کہ اگر انکی تنخواہیں واگزار نہ کی گئیں تو وہ اس ہڑتال کو طول دیں گے جس کی پوری ذمہ داری انتظامیہ کے پر ہو گی۔ انھوں نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت غریب ڈیلی ویجرس کو بلی کا بکرا بنانے کی کوشش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلی ویجروں کو بلا وجہ تنگ وطلب کرکے سڑکوں پر اترنے کے لئے مجبور کیا جا رہا ہے۔ ملازمین نے مزید کہا کہ پچھلے 3 ماہ سے نامعلوم وجوہات کی بناء پرتنخواہیں واگزار نہیں ہوئی ہیں۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کی تنخواہیں جلدازجلد وگزار کی جائیں جبکہ مانگیں پوری ہونے تک کام بند رکھا جائے گا ۔
 
 

منجا کوٹ میں ’امید سکیم ‘کے تحت بیداری پروگرام 

پرویز خان
منجا کوٹ //منجا کوٹ تحصیل میں ’امید سکیم ‘کے تحت ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا جس میں سابقہ ریاستی وزیر اور ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین شبیر احمد خان بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔متعلقہ محکمہ کی جانب سے جانکاری فراہم کرتے ہوئے مقررین نے بتایا کہ تحصیل منجا کوٹ کی 15پنچایتوں میں سے 239گروپ قائم کئے گئے ہیں جن میں 27سو سے زائد لڑکیوں نے شمولیت اختیار کر کے امید سکیم کے تحت بینکوں سے رقم وصول کر کے الگ الگ کاروبار شروع کئے ہوئے ہیں ۔اس موقعہ پر ڈسٹر کٹ پروگرام آفیسر جاوید احمد صوفی ،بلاک پروگرام آفیسر تسلیم عارف ودیگر ملازمین کیساتھ ساتھ عام لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس دوران اپنے خطاب میں ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین نے زور دیتے ہوئے کہاکہ مذکورہ نوعیت کے پروگراموں کو پنچایت سطح پر بھی منعقد کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مذکورہ سکیم کے تحت فائدہ پہنچایا جاسکے ۔
 
 

۔6کروڑ روپے کے پروجیکٹ کو منظوری 

محمد بشارت 
کوٹرنکہ //سب ڈویژں کوٹرنکہ کے بلاک بدھل اے کوٹرنکہ کے بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین جاوید چویدری کی کاوشوں کے نتیجے میں علاقہ کی تعمیر وترقی کیلئے 6کروڑ روپے کے پروجیکٹو ں کو منظوری دی گئی ہے ۔ان پروجیکٹوں کی تعمیر کی زمرہ بندی کی گئی ہے جس کے تحت قبائلی ٹرانزٹ رہائشی وسیاحت مرکزکی تعمیر کیسری پہاڑیوں میں تعمیر کیا جائے گا ۔ا س سلسلہ میں ڈویژنل فارسٹ آفیسر راجوری نے دیگر معززین کے ہمراہ جگہ کی نشاندہی کی تاکہ مذکورہ تعمیرات کو شروع کیا جاسکے ۔اس پروجیکٹ کے تحت ہیلتھ سنٹر ،ویٹرنری سنٹر ،ٹائلٹ کمپلیکس ،کمیونٹی کچن ودیگر تعمیر ا ت عامل میں لائی جائیں گی ۔
 
 

مہاجریں کو انصاف کی فراہمی کیلئے انتظامیہ سنجیدہ نہیں :بھاجپا 

راجوری //بھاجپا نے ملی ٹینسی کی وجہ سے بدھل علاقہ سے مہاجر ہوئے کنبوں کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ نے متاثرین کو انصاف فراہم کرنے کیلئے کوششیں ہی نہیں کی ۔بھاجپا یوتھ وینگ کے ترجمان منظور نائیک نے انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ عوامی اجلاس کے دوران کہا کہ عسکریت پسندی کی وجہ سے ہجر ت کرنے پر مجبور ہوئے کنبوں کو بنیادی سہولیات ہی فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں منعقدہ اجلاس کے دوران عوامی مسائل کو اجا گر کرتے ہوئے بھاجپا لیڈر نے کہاکہ ملی ٹینسی میں متاثر ہوئے کنبے گزشتہ 15برسوں سے انصاف کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وہ اور یوا مورچہ کے کارکن متاثرین کے مسائل کو مختلف جگہوں پر اجاگر کرنے کی کوششیں کرتے ہیں ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 9اکتوبر 2005کو دھندوٹ علاقہ میں ملی ٹینٹوں نے چارکنبوں کے دس افراد کو ہلاک کردیا تھا ۔اجلاس ے دوران بھاجپار کارکن نے انتظامیہ کو ہائر سکینڈری سکول کنڈی میں ہورہے غیر معیاری کام کے سلسلہ میں بھی جانکاری فراہم کی ۔
 

فوج نے کامرس پونچھ میں کیمپ لگایا 

پونچھ //فوج کی جانب سے سرحدی ضلع پونچھ کے کامسر علاقہ میں ایک کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔فوج کی جانب سے نصب کردہ کیمپ کے دوران بچوں میں کتابین و دیگر متعلقہ ساز و سامان تقسیم کیا گیا ۔’بچ ے پڑھیں دیش پڑھے ‘کے عنوان سے منعقدہ پروگرام کے دوران مختلف لاسوں کے 28بچوں نے شرکت کی ۔فوجی آفیسران نے بتایا کہ مذکورہ کیمپ کو منعقد کرنے کا اصل مقصد بچوں کو پڑھائی میں پیش آرہی مشکلات کو حل کرنے کیساتھ ساتھ ان کو پڑھائی کی جانب بھی راغب کرنا ہے ۔انہوں نے والدین سے اپیل کرے ہوئے کہاکہ وہ بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے سنجیدگی کیساتھ کام کریں ۔
 

لوہر کنڈی پنچایت میں 5دنوں سے پانی بند 

محمد بشارت 
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کی پنچایت کنڈی کے کچھ علاقوں میں گزشتہ 5دنوں سے پانی کی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے جس کے بعد عام لوگ کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پنچایت حلقہ کے بریالہ علاقہ میں پانی کی لائنیں تباہ ہونے کی وجہ سے سپلائی بند ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پانی کی بحالی کیلئے متعلقہ محکمہ سے رجوع کیا گیا لیکن ملازمین کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے وہ پانی سے محروم ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین ڈیوٹی پر حاضری ہی نہیں ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی مشکلات مزید پیچیدہ ہوتی جارہی ہیں ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ گائوں میں پانی کی بحالی کا بندوبست کیا جائے ۔
 
 
 

ہسپلوٹ ۔ڈھوک سڑک پر ڈرائیوروں کی لوٹ کھسوٹ | مسافروں پریشان ،ٹریفک حکام سے کارروائی کا مطالبہ 

عظمیٰ یاسمین 
تھنہ منڈی // ہسپلوٹ تا ڈھوک ،درہ تک سومو ڈرائیور مسافروں کو دو دو ہاتھوں لوٹ رہے ہیں جبکہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔مسافروں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ تھنہ منڈی سے کھنیال کوٹ 40روپے ،درہ 50روپے اور ڈھوک تک کا کرایہ 50سے 60روپے فی سواری وصول کیا جارہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کورونا وائرس کے پیش نظر 30 فیصد مسافر کرایہ میں اضافہ کے ا علان کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ کرایہ ریٹ لسٹ مقرر کرنے میں ناکام ہوا ہے جس کا ان لوگوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے سے ہی مذکورہ رابطہ سڑکوں پر مسافروں سے اضافی کرایہ وصول کرنے کا عمل جاری تھا تاہم انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اضافے کے بعد صورتحال مزید ابتر ہوگئی ہے ۔مسافروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار اس تعلق سے آواز بلند کی ہے لیکن اس جانب کوئی بھی دھیان نہیں دیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب وہ اضافی کرایہ دینے سے انکار کرتے ہیں ،تو انہیں سومو ڈرائیوروں کے غصب کا شکار ہونا پڑتا ہے،۔انہوں نے اعلیٰ حکام بالخصوص ایس ایچ او تھنہ منڈی فرید احمد چوہدری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلہ کی طرح دھیان دیں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
 
 

محکمہ آیوش نے ضلع جیل میں طبی کیمپ کا انعقاد کیا

حسین محتشم
پونچھ// ڈائریکٹرمحکمہ آیوش ڈاکٹر موہن سنگھ کی ہدایات پر ضلع آیوش آفیسر ڈاکٹر راکیش شرما کی رہنمائی میں آزادی کا امرت مہااتسو کے تحت آیوش یونٹ ضلع ہسپتال پونچھ کی جانب سے قوت مدافعات بڑھانے والے ادویات کی تقسیم کیلئے ضلع جیل پونچھ میں ایک کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔اس دوران قیدیوں اور جیل میں تعینات ملازموں کا مفت طبی معائینہ کر کے ان کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئی۔اس دوران ڈاکٹر خلیق انجم نے کوویڈ19کے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے شرکاء کو جانکاری دیتے ہوئے انھیں ماسک پہنے رہنے اور سماجی دوری اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ بار بار ہاتھ دھونے کی ہدایت کی ۔انھوں نے کہا کہ آیوش ادویات قوت مدافعت بڑھانے کے لئے نہایت اہم ہے۔اس موقعہ پر موجود ڈاکٹر ومل شرما نے یوگا اور پریانم کی تکنیک کے حوالے سے شرکاء کو جانکاری دی اور انھیں مشورہ دیا کے صحت مند رہنے کے لئے یوگا روزانہ کی بنیاد کرنا نہایت فائدہ مند ہے ۔ ڈاکٹر منظور حسین نے بھی کوویڈ سے بچنے کے سلسلہ میں لیکچر دیا۔اس موقعہ پر محکمہ آیوش کے اعظم میر سپروائزر فارماسسٹ اور گلشن کمار این او نے بھی اپنی خدمات دیں۔ سپرنٹنڈنٹ جیل پونچھ نے اس کیمپ کے انعقاد پر آیوش ٹیم پونچھ کا شکریہ ادا کیا۔اس کیمپ کے دوران تقریبا دو سو دس افراد  کا طبی معائنہ کیا گیا اور ان میں ادویات تقسیم کی گئی۔
 
 

بال آشر م کے بچوں میں ساز و سامان تقسیم کیا گیا 

حسین محتشم
پونچھ// سیواہی سمرپن پروگرام کے تحت بھارتیہ جنتا پارٹی پونچھ لگاتار پونچھ میں سماجی خدمات انجام دی رہی ہے۔سینئر لیڈر بی جے پی پونچھ اور سابق ایم ایل سی  پردیپ شرما کی قیادت میں جمعہ کے روز بال آشرم پونچھ کے بچوں میں ضروری سامان تقسیم کیاگیا۔ اس دوران سپرنٹنڈنٹ بال آشرم نصرت جہان موجود تھی جنہوں نے بال آشرم میں رہنے والے یتیم بچوں کے حوالے سے انھیں جانکاری دی۔پردیپ شرما نے بچوں سے بات کی اور ان کو ہمت اور لگن سے تعلیم حاصل کرنے کی ہدایت کی تاکہ ان کا مستقبل اچھا ہوسکے۔انھوں نے بچوں میں پھل، مٹھائی اور دیگر سامان تقسیم کرتے ہوئے ان کو کہا کہ وہ ہر قدم پر ان کے ساتھ ہیں۔انھوں نے بچوں کو مستقبل میں بھی ان کے پاس آنے کی یقین دہانی کرائی۔انھوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی وزیر اعظم کا یو پیدائش منا رہی ہے اس کے ساتھ ساتھ لوگوں کو اپیل کر رہے ہے کہ وہ کوڈ انیس کے رہنما خطوط پر عمل کریں تاکہ وابائی بیماری سے سب محفوظ رہ سکیں ۔انھوں نے بال آشرم کے بچوں سے کہا کہ کوڈ ابھی ختم نہیں ہوا ہے اس لئے احتیات ابھی بھی ضروری ہے۔اس موقعہ پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے نائب ضلع صدر کپٹن اشوک شرما ، ضلعی جنرل سیکرٹری پرمجیت سنگھ ، ابھی نندن سودن ، سردار نریندر سنگھ ،
 وید پرکاش ، وکی ساسن ، راج کمار ،پرنس ساسن ، وشال ، سنی بھی موجود تھے۔
 
 

ہائی سکول منگناڑ میں کھو کھو مقابلوں کا اہتمام  

حسین محتشم
پونچھ //محکمہ یوتھ سروسزانڈ سپورٹس پونچھ کی جانب سے گائوں منگناڑ کے گورنمنٹ ہائی سکول میں انڈر 17 اورانڈر14 کھلاڑیوں کے انٹر زون ڈسٹرکٹ لیول مقابلے کھو کھومقابلے کروائے گئے۔ ڈی وائی ایس ایس او پونچھ چودھری قاسم کی نگرانی میں دیگر کھیلوں کی طرح کھو کھو کے مقابلوں میںضلع پونچھ کے سات زونوں کے سکولوں  کے کھلاڑیوںنے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔اس دوران انڈر 14 کا فائنل میچ سرنکوٹ زون اور ننگالی صاحب سائیں بابا زون کے درمیان کھیلا گیا جسے ننگالی نے 1 پوائنٹ  سے جیت لیا۔ 17سالہ کے کھلاڑیوں کے مقابلے میںسرنکوٹ کا کنویاں سے مقابلہ ہوا جسے زون سرنکوٹ 2 پوائنٹ جیتا۔کھو کھو کے مقابلوں میں شامل کھلاڑیوں نے کہا کہ وہ متعلقہ محکمہ کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے ان کو کوڈ19جیسے حلات میںیہ موقعہ فراہم کیا کہ وہ اپنی کھیلوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ انھوں نے کہا کہ منگناڑ میں کھیلوں کے لئے سات روزہ کیمپ لگایا گیا ہے جس میں مختلف زونوں کے سکولوں کے کھلاڑی شامل ہو رہے ہیں۔ان کھیلوں کے نریندر سنگھ زیڈ ای پی او پونچھ ے بتایا کہ سات روزہ کیمپ کے دوران کبڈی ، کھو کھو، والی بال، کیرم، چیس، بیڈ منٹ اور دیگر کھیلوں کے مقابلے ہو رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ان مقابلوں کا مقصد نوجوان کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو ہنر دکھانے کے ساتھ آگے بیرون ریاستوں میں کھیلنے کا موقع مل سکے۔انھوں نے کہا کہ یہ سلسلہ کھیلو انڈیا فٹ انڈیا کے تحت جاری ہے۔
 
 

گھاس کٹائی کے دوران گر کر نوجوا ن لقمہ اجل 

حسین محتشم+عشرت حسین بٹ 
پونچھ// ضلع پونچھ کے گائوں ساوجیاں کے چاپڑیاں علاقے میں گھاس کی کٹائی کرتے ہوئے ایک18 سالہ نوجوان گہری کھائی میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔حادثے میں لقمہ اجل بننے والے نوجوان کی شناخت شوکت حسین عمر18سال ولد بشیر احمدسکنہ ساوجیاں چاپڑیاںکے طورپر ہوئی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ نوجوان گھاس کٹائی کے دوران نوجوان گھاس کٹائی کے دوران 40فٹ گہری کھائی میں جا گرا جس کی وجہ سے اس کو شدید چوٹیں آئی تاہم مقامی لوگوں نے نوجوان کو پرائمری ہیلتھ سنٹر ساوجیاں منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا ۔چوکی افسر ساوجیاں نے اس حادثہ کی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اپنی کاروائی شروع کر دی ہے۔
 
 

ظفر سریش والا نے جامعہ ضیاء العلوم کے بچوں سے ملا قات کی 

حسین محتشم+عشرت حسین بٹ 
پونچھ//ظفر سریش والا سابق چانسلر (ایم اے این یو یو) حیدرآباد جو کہ ایک ممتاز ماہر تعلیم ہیں، نے پہلی بار پونچھ کا دورہ کیا۔ اس دوران انھوں نے مختلف سیاسی سماجی شخصیات اورسول سوسائٹی ممبران کے ساتھ بات کی۔اپنے دورہ کے دوران موصوف نے جامعہ ضیاء العلوم گروپ آف انسٹی چیوٹ میں مہارت کی ترقی پر ایک ورکشاپ کے انعقاد کے دوران مدرسہ کے طلباء اور اساتذہ کے اجتماع سے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی واحد ذریعہ ہے جس کے ذریعے ہر مسئلے کو حل کیا جا سکتا ہے اور ایک مساوی معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بھی اپنی تعلیم جاری رکھنی چاہئے۔ موصوف نے جامعہ ضیاء العلوم پونچھ کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ سرحدی ضلع پونچھ میں قابل تحسین کام کر رہا ہے۔ انہوں معیاری تعلیم کیلئے فیکلٹی کی تعریف کی۔ انہوں نے اس سرحدی ضلع میں تعلیم کی فضا ء کو قائم کرنے میں اپنا بہترین کردار ادا کرنے کے لئے بانی جامع ضیاء العلوم مولانا غلام قادر کی سراہناکی۔ انہوں نے طالب علموں کے درمیان ہنر مندی پرورکشاپ کے اہتمام کرنے پر زور دیا تاکہ طالب علم ہنر سیکھ کر اپنا روز گار حاصل کر سکیں۔ انہوں جامعہ کے لئے نیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے پونچھ کے دورے پر اطمینان کا بھی اظہار کیا ، انہوں نے مولانا سعید حبیب کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنھوں نے تقریب کو شاندار طریقے سے منعقد کیا۔
 
 
 

سرنکوٹ میں آندھی سے فصلوں کا نقصان ہوا 

بختیار کاظمی 
سرنکوٹ //پونچھ ضلع کے سرنکوٹ سب ڈویژن میں گزشتہ روز ہوئی شدید بارش و آندھی کی وجہ سے کئی علاقوں میں فصلیں و میوہ جات اور سبزیاں تباہ ہو گئی ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سب ڈویژن کے اکثر علاقو ں میں گزشتہ روز شدید بارش اور آندھی چلی جس کی وجہ سے مکئی اور دھان کی فصلوں کیساتھ ساتھ سبزیاں و دیگر میوہ جات بھی متاثر ہوا ہے ۔غور طلب ہے کہ سرنکوٹ سب ڈویژن میں رواں برس تیسری مرتبہ فصلیں متاثر ہوئی ہیں اس سے قبل بھی ہوئی بارش و تیز ہوا کی وجہ سے فصلیں تباہ ہوئی تھی ۔کسانوں نے بتایا کہ گزشتہ روز سنئی ،دھندک ،درابہ ،بفلیاز ودیگر علاقوں میں شدید آندھی چلی جبکہ پیر پنچال پہاڑیوں پر ژالہ باری بھی ہوئی ہے ۔کسانوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رواں برس فصلوں کے نقصان کا تخمینہ لگاکر معاوضہ دیا جائے ۔
 
 

نوشہرہ میں سٹیٹ بورڈ کی شاخ کھولنے کا مطالبہ 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کے مسائل کو کم کرنے کیلئے سب ڈویژن نوشہرہ میں بورڈ آف ایجوکیں جموں وکشمیر کی شاخ قائم کی جائے تاکہ بچوں کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں ۔انہوں نے کہاکہ ابھی تک حکام کی جانب سے نوشہرہ میں بورڈ کی شاخ ہی نہیں کھولی گئی جس کی وجہ سے بچوں کو راجوری اور جموں میں قائم کردہ بورڈ دفتروں میں دربدر کی ٹھوکریں کھانا پڑرہی ہیں ۔غور طلب ہے کہ جموں وکشمیر ایجوکیشن بورڈ کی شاخ صرف راجوری میں ہی قائم کی گئی ہے جبکہ ضلع کے مختلف سب ڈویژن میں سے دسویں اور بارہویں جماعت کے طلباء راجوری شاخ میں ہی کام کاج کیلئے جاتے ہیں ۔سب ڈویژن کے مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نوشہرہ سب ڈویژن میں بھی بورڈ کی ایک شاخ کھولی جائے ۔
 

بزرگ و معذور کئی عرصہ سے پنشن سے محروم 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں بزرگوں کیساتھ ساتھ معذور افراد گزشتہ کئی عرصہ سے پنشن سے محروم ہیں جبکہ مذکورہ افراد بینکوں کے چکر کاٹ کر پریشاں ہو گئے ہیں ۔بزرگوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی عرصہ سے مرکزی حکومت کی معاونت سے چلائی جانے والی سکیموں سے وہ محروم ہیں ۔اس سلسلہ میں سماجی کارکن ونود شرما نے تحصیل سوشل ویلفیئر آفیسر کیساتھ ملا قات کر کے معذور افراد کی پریشانیوں پر مشتمل ایک یاداشت بھی آفیسر موصوف کو پیش کی ۔سماجی کارکن نے کہاکہ سب ڈویژن میں درجنوں فائلیں ابھی تک التوا میں ہیں جن کو مکمل کر کے مستحقین کو پنشن نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ سب ڈویژں میں بزرگوں ،معذور وں و دیگر پسماندہ طبقہ کی پریشانیوں کو حل کرنے کیساتھ ساتھ ان کی رکی ہوئی ماہانہ پنشن جلدازجلد وگزار کی جائے ۔