کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزیاں | تحصیل انتظامیہ نے 2ہزار روپے جرمانہ وصول کیا
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن انتظامیہ کی جانب سے کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف مہم چلاتے ہوئے 2ہزار روپے جرمانہ وصول کیا ہے ۔نائب تحصیلدار مینڈھر اور نائب تحصیلدار چھترال کی جانب سے مینڈھر قصبہ کا معائینہ کیا گیا جس کے دوران ان کے ہمرا ہ پولیس کی ایک ٹیم بھی موجود تھی ۔نائب تحصیلدار مینڈھر مکیش سنگھ نے قصبہ میں بغیر ماسک کے آنے والوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت کووڈ کی تیسری لہر کا حدشہ پیدا ہو گیا ہے لیکن مقامی لوگوں کی جانب سے کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں ۔اس مہم کے دوران عام لوگوں کیساتھ ساتھ دکانداروں کو بھی ہدایت جاری کی گئی کہ ماسک کے بغیر نہ ہی کوئی دکان میں داخل ہونا چاہئے اور نہ ہی کوئی تاجر انتظامیہ کے حکم کی خلاف ورزی کرئے جبکہ قاعدہ کیخلاف کام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
ماڈل سکول کی منتقلی سے بالاکوٹ کی عوام ناراض
جاوید اقبال
مینڈھر //محکمہ ایجوکیشن کی جانب سے مینڈھر کے بھیرہ علاقہ میں تعمیر ہونے والے ماڈل سکول کو کالابن منتقل کرنے پر سرحدی تحصیل بالاکوٹ کی عوام نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سکول کو سبھی تحصیلوں کے مرکز میں تعمیر کیا جائے تاکہ اس مرکزی سکولوں میں ہر ایک طبقہ کے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کا موقعہ مل سکے ۔ضلع ترقیاتی کونسل رکن بالاکوٹ مسرت جبین ،بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین شمیم اختر اور سرپنچ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالقیوم خان و دیگر پنچایتی اراکین نے کہاکہ مرکزی حکومت کی معاونت سے قائم ہونے والے سرکاری سکول کو کسی سیاسی سازش کے تحت کالابن منتقل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سکول کو ایک پہاڑی پر قائم کرنے کے بجائے مرکزی جگہ پر تعمیر کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ اگر سب ڈویژن کے دیگر علاقوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا تو اس سلسلہ میں ایک احتجاج شروع کر دیا جائے گا ۔
پی ایم کسان یوجنان کے تحت وگزار فنڈز کی جانچ کا حکم
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// پردھان منتری سمن ندھی یوجنا(پی ایم کسان یوجنا)کے تحت سرنکوٹ میں کسانوں کے کھاتوں میں آئی قسطوں کی جانچ کا حکم جاری کردیا گیا ہے ۔اس سکیم کے تحت کسانوں کے کھاتوں میں دو ہزار روپے ڈالے جارہے تھے ۔مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے محکمہ زراعت سرنکوٹ کو حکم جاری کرتے ہوئے کہاکہ جن کھاتوں میں مرکزی حکومت کی معاونت سے چلائی جارہی سکیم کے تحت دو ہزار روپے آئے ہیں ان کی مکمل جانچ کی جائے تاکہ معلوم کیاجاسکے کہ وہ اس کے مستحق بھی ہیں کہ نہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر جن کھاتوں میں پردھان منتری سمن ندھی یوجنا کے تحت پیسے ڈالے گئے ہیں اور وہ مستحق نہیں ہونگے تو پیسے واپس لئے جائینگے ۔محکمہ زراعت نے بتایا کہ ایسے کسان ہی اس کے مستحق ہیں جن کے نام پر زمینیں موجود ہیں جبکہ جن کے نام پر زمینیں نہیں ہیں ان سے یہ پیسہ واپس لیا جائے گا ۔محکمہ نے کسانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ جلدازجلد اپنی تحقیقات کروائیں تاکہ حکم کے تحت اس عمل کو جلدازجلد مکمل کیاجاسکے ۔
الال میں گولڈن کارڈ تقسیم کئے گئے
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے الال علاقہ میں آیوشمان بھارت سکیم کے تحت لوگوں میں گولڈن کارڈز تقسیم کئے گئے۔ واضح رہے کہ آیوشمان بھارت پردھان منتری سکیم کے تحت بنائے جانے والے ایسے گولڈن کارڈز عوام میں تقسیم کئے گئے جو ان لائن ہونے کے بعد تکمیلی مراحل سے گزر کر حتمی شکل میں پہنچے ہیں ۔ان کارڈوں کو پنچایت آفیسر رخسار بٹ کے ہاتھوں لوگوں میں تقسیم کیا گیا۔ اس سلسلہ میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گی اتھا جس میں پنچایت آفیسر رخسار بٹ، سرپنچ حلقہ پنچایت الال زیب النساء نائب سرپنچ مختار چوہدری، ایوب شاہ، محمد حفیظ،عطا محمد اور فضل حسین کے علاوہ کئی لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر نائب سرپنچ الال مختار چوہدری نے بتایا کہ آیوشمان بھارت سکیم کے تحت جموں وکشمیر میں لوگوں کا ہسپتالوں میں مفت علاج ہو رہا ہے جو کہ خوش آئند بات ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ اس سکیم کے تحت جموں وکشمیر کی عوام نے یونین ٹریٹری سے باہر کے معروف ہسپتالوں سے فائدے حاصل کرنا شروع کردیئے ہیں۔ انھوں نے عوام کو بتایا کہ جموں و کشمیر کے تمام افراد بشمول ملازمین اور پنشنرز اس سکیم سے فاہدہ اٹھا سکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں اس سکیم کے تحت علاقہ کے تمام باشندوں کیلئے گولڈن کارڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
منگوٹہ کاوفد تحصیلدار تھنہ منڈی سے ملاقی
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کے گاؤں منگوٹہ گائوں کاکے ایک وفد مولانا سید اطہر حسین شاہ کی سربراہی میں تحصیلدار تھنہ منڈی ساحل علی شاہ سے ملاقی ہوا اور انہیں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ زیارت بابا زکری شاہ منگوٹہ پر ضروری تعمیر نہیں ہوئی ہے اور کچھ لوگوں نے زیارت کے تالے بھی توڑ ڈالے ہیں جن کی انکوائری کی جائے وہیں تحصیلدار ساحل علی شاہ نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ ساحل علی شاہ نے کہا کہ ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر فرید احمد چوہدری اس معاملے کی چھان بین کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں اس زیارت کا معاملہ ہائی کورٹ میں بھی چل رہا ہے جس کا انتظار کیا جانا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ زیارت ایس ڈی ایم تھنہ منڈی کے زیر انتظام ہے لہٰذا اس سلسلے میں ان سے معلومات حاصل کر کے زیارت کے تقدس کو پامال کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
کوٹلی ۔کالابن سڑک کا حال بے حال
پرویز خان
منجا کو ٹ //تحصیل منجا کوٹ کے کوٹلی سے کالابن جارہی رابطہ سڑک پسماندگی کا شکار ہو گئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مکینوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سڑک کو قابل آمد ورفت بنانے کیلئے کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے جبکہ اس دقت نالیوں اور پلیاں مکمل طورپر بند ہونے کی وجہ سے جہاں سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے وہائیں بارشوں کے دوران نالیوں کا پانی لوگوں کی زرعی زمینوںمیں داخل ہو تا ہے جس کی وجہ سے ان کی زمینیں بنجر ہوتی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سڑک کی بہتری کیلئے متعلقہ حکام و مقامی انتظامیہ سے بھی رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔مکینوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کوٹلی تا کالابن رابطہ سڑک کی نالیاں تیار کرنے کیساتھ ساتھ اس کو قابل آمد ورفت بنایا جائے
چیتے کے 3بچوں کو وائلڈ لائف ملازمین نے پکڑ لیا
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کی پنچایت موڑا بی کراگ میں چیتے کی موجود گی سے لوگوں میں دہشت پائی جارہی ہے جبکہ مکینوں کی جانب سے فراہم کردہ اطلاع کے بعد وائلڈ لائف شعبہ کی جانب سے چیتے کے 3بچوں کو پکڑ لیا گیا ۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ چیتے کے تین بچے ایک خشک پڑی ہوئی پانی کی ٹینکی میں موجود تھے جس کے بعد جموں وکشمیر پولیس اور وائلڈ لائف حکام کو اطلاع فراہم کی گئی ۔مقامی سرپنچ عبدالقیوم بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ دنوں سے ہی علاقہ میں جنگلی جانوروں کو دیکھا جارہا تھا جس کی وجہ سے علاقہ میں دہشت کا ماحول تھا ۔انہوں نے بتایا کہ کچھ دن ہی قبل صوبت علی نامی ایک شخص پر جنگلی جانور کی جانب سے حملہ بھی کیا گیا تھا ۔مکینوں نے بتایا کہ اب جبکہ فصلیں تیار ہو ئی ہے لیکن علاقہ میں جنگلی جانوروں کی وجہ سے ان کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بدھل میں محکمہ وائلڈ لائف کا کنٹرول روم قائم کیا جائے ۔
منڈی میں 2دنوں کے دوران 53سکولی طلباء کووڈ مثبت پائے گئے
عشرت حسین بٹ
منڈی// تحصیل منڈی کے2ہائر سکینڈری سکولوں میں گزشتہ دو دنوں کے دوران 53طلباء کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں جس کے بعد حکام نے مذکورہ سکولوں میں آئندہ کچھ دنوں کیلئے تدریسی عمل روک دیا ہے۔ بدھ کو محکمہ صحت کی جانب سے ماڈل ہائرسکنڈری سکول ساوجیاں میں کوڈ19 کی جانچ کے حوالے سے ایک کیمپ کا اہتمام کیا گیا تھا جس دوران دو اساتذہ سمیت 16 سکولی بچوں کو کوڈ مثبت پایا گیا۔واضح رہے کہ دو دن قبل ہی ہائر سکنڈری سکول گرلز منڈی میں ایک کوڈ کیمپ کے دوران 35 طالبات کو کوڈ مثبت پایا گیا تھا ۔گزشتہ دو دنوں میں ہی تحصیل منڈی کے 2ہائر سکینڈری سکولوں میں کل 53طلباء کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آچکا ہے ۔کشمیر عظمیٰ کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے کہا کہ منڈی کے ہائر سکنڈری سکول ساوجیاں اور ہائر سکنڈری سکول منڈی میں کوڈ 19 کے 53 معاملات سامنے آئے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کوڈ کے حوالے سے پوری طرح متحرک ہے اور ضلع کے مختلف سکولوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کی بھی جانچ کی جا رہی ہے اور جو بھی لوگ کوڈ مثبت پائے جاتے ہیں انہیں کوڈ پروٹوکال کے تحت گھریلو قرنطینہ پر رکھا جا رہا ہے ۔ڈی سی کا کہنا تھا کہ ضلع میں ویکسی نیشن کا عمل بھی زور و شور سے چلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کوڈ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے اس مہلوک وبا ء سے محفوظ رہا جاسکتا ہے ۔
ڈی سی پونچھ نے منڈی میں عوامی مسائل کا جائزہ لیا
منڈی//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت نے تحصیل منڈی میں عوامی مسائل کا جائزہ لینے کیلئے ایک عوامی دربار کا اہتمام کیا جس کے دوران مکینوں نے مختلف مسائل کے سلسلہ میں آفیسر موصوف کو جانکاری فراہم کی ۔بلاک دیوس کے سلسلہ میں تحصیل کمپلیکس منڈی میں منعقدہ اجلاس میں دیگر اعلیٰ آفیسران و عوامی نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔اجلاس کے دوران مقامی معززین نے منڈی پھاگلہ سڑک ،عظمت آباد مڑہوٹ سڑک ،منڈی بائی پاس پل ،تحصیل میں محکمہ پی ایچ ای سکیموں کی خستہ حالی ،بجلی کے غیر معیاری نظام کیساتھ ساتھ دیگر کئی مسائل کو اجا گر کرتے ہوئے مانگ کی کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی بنیادوں پر کام کا جائے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوامی مسائل کے سلسلہ میں موقعہ پر ہی متعلقہ آفیسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کے مطالبات و مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔اس دوران آفیسر موصوف نے سب ضلع ہسپتال منڈی میں جن شودیا دوکان کا افتتاح کر کے دوکان کو عوام کے نام وقف کیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے سرکاری ہسپتال میں مرکزی سکیم کی معاونت سے مرکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ عوا م کو معیاری سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ دکان سے کم قیمتوں پر ادویات دستیاب ہونگی ۔اس موقعہ پر بلاک چیئر مین منڈی شمیم احمد گنائی ،چیف میڈیکل آفیسر پونچھ ،بلاک میڈیکل آفیسر منڈی کے علاوہ دیگر معززین بھی موجود تھے جبکہ اجلاس کے دوران سی ای او محکمہ سیاحت ،اے سی ڈی و دیگر اعلیٰ آفیسران بھی موجود رہے ۔
وصال البنی ؐاوریوم شہادت امام حسن مجتبیٰ ؑ عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا
حسین محتشم
پونچھ//یوم وصال النبیؐ اور یوم شہادت امام حسن مجتبیٰ ؑ دنیا بھر کی طرح ضلع پونچھ میں مذہبی جذبے اور عقید ت و احترام کیساتھ منایاگیا۔اس حوالے سے منغل وار کی شب امام بارگاہ عالیہ پونچھ میں انجمن جعفریہ پونچھ کے زیر اہتمام مجلس عزا کا انعقاد کی گیا جہاں تلاوت کلام پاک کے بعد نعت و منقبت ، سلام و نوحہ کا نذارانہ عاشقام محمد و آل محمد کی جانب سے پیش کیاگیا۔اس دوران خطاب کرتے ہوئے امام جمع و جماعت مرکزی جامع مسجد پونچھ سید ظہور علی نقوی نے باورکرایا کہ امام حسن مجتبیٰ ؑ کی سیرت و کردار پوری انسانیت کیلئے مینارہ نور ہے۔اسی حوالے سے ایک مجلس عزا امام بارگاہ پلیرہ میں منعقدہوئی جہاں خصوصی خطاب امام جمع و جماعت مرکزی جامع مسجد المصطفٰ منڈی مولانا سید انعام علی نقوی نے کہاکہ انسانیت کی نجات کا واحد راستہ دامان مصطفی ؐو آل مصطفی ؑ تھامنے میں مضمر ہے۔امام بارگاہ عالیہ منڈی میں بدھ کے روز بعد از نماز ظہرین مجلس عزا منعقد ہوئی اس دوران بھی تلاوت کلام پاک کے بعد نعت و منقبت، سلام و نوحے پیش کئے گئے بعد از آں مولانا انعام علی نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول خداؐاپنی زبان امام حسن ؑ کے دہن میں دے دیا کرتے تھے۔انہوں نے کہاکہ امام حسنؑ نے دین خدا کی سربلندی ،فتنہ وفساد کا سر کچلنے ،کتاب خدا اور سنت رسول پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے اپنے نانارسول خداؐ کی صلح حدیبیہ کی تاسی میں تختِ حکومت کو ٹھوکر مار کر جو تاریخی صلح کی وہ اسلام کی تاریخ کا ایسا ناقابل فراموش با ب ہے جس کی نظیر نہیں ملتی۔ انھوں نے کہاامام حسن مجتبیؑ جنہیں خلیفہ راشد ہونے کا شرف بھی حاصل ہے نے28صفر کو جام شہادت نوش کیا جو تاریخ اسلام کا دردناک باب ہے۔مجلس کے اختتام پر ماتمداری کی گئی۔
بلاک ننگالی سائیں بابامیں مختلف مقامات پر کچرا پیٹیاں نصب
حسین محتشم
پونچھ//بلاک ڈیو لپمنٹ افسر بلاک ننگالی سائیں بابا خلیل احمد بانڈے نے بلاک میں مختلف مقامات پر کچرا پیٹیاںنصب کی ۔اس دوران انھوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا موجودہ مرکزی حکومت ملک کو صاف ستھرا کرنے اور آلوگی کو ختم کرکے سرسبز و شاداب کرنا چاہتی ہے جس کے لئے پورے ملک میں مہم شروع کی گئی ہے۔انھوں نے کہا کلین انڈیا کے تحت ملک کو پلاسٹک سے پاک بنانے کے اقدام اٹھائے گئے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ہندوستان کے شہری ہونے کے ناطے یہ ہم سب کی شہری ذمہ داریوں میں شامل ہے کہ ہم اسے کامیاب بنائیں کیونکہ یہ صحت و صفائی اور سرسبز و شاداب ملک ہماری ہی آنے والی نسلوں کیلئے سب سے زیادہ ضروری ہے۔انھوں نے کہا کہ درخت ہماری حیات کا ضامن ہیں ، یہ کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرکے آکسیجن فراہم کرتے ہیں۔ اگر ایک خاندان ایک پودے کو پروان چڑھائے تو ملک میں کروڑوں درخت یقینی پروان چڑھیں گے۔ انھوں نے کہاآپ اپنی شادی یا بچے کی پیدائش پر بھی ایک درخت لگا کر اس کو بطور یاد گار پروان چڑھا سکتے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ یاد رکھیں کہ ہر طرح کا کوڑا ، کچرا نہیں ہوتا۔ دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک میں گھر کے کچن سے لے کر گھر کے باہر رکھے ڈرموں تک اور اس سے آگے ڈمپنگ یارڈ تک خشک کوڑا اور گیلا کچرا دونوں الگ رکھے جاتے ہیں۔ یہی پریکٹس اپنے گھر میں شروع کردیں۔ خشک کچرا جیسے اخبار ، لفافے ، ردی ، ڈبے اور ایسی ہی دیگر اشیاء آپ فروخت کرکے انہیں ری سائکلنگ کے نظام کا حصہ بھی بنا سکتے ہیں۔ صرف گھر میں ایک اضافی کوڑے دان رکھنے سے آپ ایک بڑی تبدیلی کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔انھوں نے کہاہم میں سے بیشتر لوگ سمجھتے ہیں کہ اگر ہمارا گھر صاف ہے تو ہم مہذب ہیں یہ غلط سوچ ہے ہمیں گلی یا کمپاونڈ بھی اپنے ہی کے گھر کا حصہ تصور کرنا چاہئے۔
نوشہرہ میں 450بوتلیں شراب ضبط ،1گرفتار
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں پولیس نے منشیات کیخلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے شراب کی 450بوتلوں سمیت 1شخص کو گرفتار کر کے معاملہ درج کرلیا ہے جبکہ اسی دوران ایک شخص کے قبضہ سے ہیر وئن بھی برآمد کرلی گئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ سب ڈویژن میں ایک ناکے کے دوران ایک گاری کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی جس کے دوران گاڑی کے ذریعہ سمگل کی جارہی انگریز ی شراب کی 450بوتلیں ضبط کرلی گئی جبکہ جموں وکشمیر پولیس نے اس سلسلہ میں ایک شخص کو گرفتار کر کے ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 205/2021درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔پولیس نے بتایا کہ اسی طرح سب ڈویژن کے راجل گائوں میں ایک شخص کی تلاشی کے دوران 7گرام ہیر وئن ضبط کر کے اس کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات بھی شرکت کر دی گئی ہیں ۔
ایس سی ایس ٹی کارپوریشن کا نوشہرہ میں بیداری کیمپ
رمیش کیسر
نوشہرہ //ایس سی ایس ٹی ،او بی سی کار پوریشن کی جانب سے نوشہرہ سب ڈویژن میں بے روز گار نوجوانوں کیلئے ایک بیداری کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران بے روز گار نواجوں کو روز گار کمانے کیلئے قرض بھی دیا گیا ہے ۔اس بیداری پروگرام کے دوران کار پوریشن کی جانب سے 39نوجوانوں کو ایک کروڑ 35لاکھ روپے کا قرض خود روز گار کمانے کیلئے دیا گیا ۔اس بیداری کیمپ کے دوران کار پوریشن اراکین نے بے روز گار نوجوانوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کر دہ مختلف فلاحی سکیموں کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی ۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی سکیموں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے جبکہ پسماندہ طبقہ کے نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اپنی فلاح و بہبود کیلئے ان سکیموں کا فائدہ اٹھائیں ۔
سابقہ فوجیوں کیلئے مینڈھر میں کانفرنس کا انعقاد
مینڈھر //فوج کی جانب سے مینڈھر میں سابقہ فوجیوں کیلئے ایک پروگرام کا اہتمام کیاگیا تھا جس میں سبکدوش فوجیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس کانفرنس میں کرنل جاوید احمد میر ضلع سینک بورڈ پونچھ سے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔اس کانفرنس کے دوران سابقہ فوجیوں کو درپیش مسائل کو بغور سننا گیا جبکہ فوجی آفیسران نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ سابقہ فوجیوں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔اس کانفرنس میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے دو سو کے قریب سابقہ فوجیوں نے شرکت کی جبکہ انہوں نے فوجی آفیسران کو اپنے مسائل کے سلسلہ میں جانکاری فراہم کی ۔سبکدوش فوجیوں نے فوجی آفیسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان کے مسائل کو ترجیح بنیادی پر حل کیا جارہا ہے جس کیلئے وہ فوج کے شکر گزار ہیں ۔