مزید خبریں

مرکزی حکومت جموں وکشمیر کی ترقی کیلئے پُر عزم

مرکزی وزیر کوئلہ ،کان کنی اور پارلیمانی اَمور کا ریاسی دورہ

ریاسی// مرکزی وزیر کوئلہ ،کان کنی اور پارلیمانی اَمور پرہلاد جوشی نے جموںوکشمیر یوٹی میں عوامی رَسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پررِیاسی کا دورہ کیا۔دورے کے دوران مرکزی وزیر نے میونسپلٹی آفس رِیاسی کا دورہ کیا اور وہاں اُنہوں نے کمیٹی کے عملے اور کونسلروں کے ساتھ بات چیت کی ۔اُنہوں نے شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں ان کی انتھک کاوشوں اور اِس طرح کووِڈ کے دوران فراہم کی جانے والی سوچھ بھارت مشن او رخدمات میں تعاون کرنے پر اُنہیں اعزاز سے نوازا گیا۔متعدد مستحقین نے اوجولا یوجنا ، آیوشمان، ہیلتھ کارڈ ، اُجالا یوجنا او رممکن سکیمیں فراہم کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔وزیر موصوف نے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری پونی کا بھی دورہ کیا۔اُنہوں نے عوام الناس اور پی آر آئیز ، بی ڈی سیز ، ڈی ڈی سیز ممبران سے بات چیت کی ۔اُنہوں نے عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی بہترین کوشش کر رہی ہے کہ ترقی کے فوائد بغیر کسی امتیاز کے معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچیں اور فوری عوامی ترسیل کا نظام یقینی بنایا جائے۔ابتداً ،ڈی سی ریاسی چرندیپ سنگھ نے وزیر کا خیر مقدم کیا او رضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے شفاف اور جواب دہ گورننس کی طرف کا میابیوں اور اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔منتخب نمائندوں نے کئی مطالبات اور مسائل گوش گزار کئے ۔مطالبات کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے یقین دِلایا کہ علاقے کے تمام مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔مرکزی وزیر نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد سرکاری سکیموں پر عمل درآمد کی پیش رفت کاجائزہ لینا اور عوام کی طرف سے براہ راست ردعمل حاصل کرنا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت جموں وکشمیر کی ترقی کے لئے پُر عزم ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ آیوشمان بھارت سکیم وزیر اعظم کی جانب سے غریب لوگوں کی صحت کا خیال رکھنے کا اقدام ہے تاکہ کوئی بھی غریب مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے طبی علاج سے محروم نہ رہے ۔انہوں نے کہا کہ اب منصوبہ بندی کا نقطہ نظر نیچے سے اوپر ہے اور منتخب نمائندوں کو مشورہ دیا کہ وہ منصوبوں کی مؤثر نگرانی کریں اور منصوبہ بندی کا عمل دستیاب وسائل کے مطابق ہونا چاہئے۔اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ جموںوکشمیر کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ مرکزی وزراء دیہات کا دورہ کر رہے ہیں۔بعد میں مرکزی وزیر نے ٹی آر سی رانسو میں شری شیو کھوڑی شوری بورڈ کا پرومو لانچ کیا۔دورے کے دوران مرکزی وزیر کے ساتھ مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری پارلیمانی امور ستیہ پرکاش کٹھانہ بھی تھے۔ سیکرٹری قانون اچل سیٹھی ، ڈی ڈی سی چیئرمین رِیاسی صراف سنگھ ناگ ، سپیشل سیکرٹری قانون طارق محمود قریشی ، ڈپٹی کمشنر رِیاسی چرندیپ سنگھ ، ایڈیشنل سیکرٹری قانون آشیش گپتا اور دیگر شعبوں کے اَفسران عوامی رَسائی پروگرام میں موجود تھے۔
 

سنگلدان میں بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگ پریشان

 زاہد بشیر
گول//سب ڈویژن گول کے نیابت سنگلدان میں بجلی کی شدید آنکھ مچولی کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ بجلی کا کوئی شیڈول ہی نہیں ہے اور کس وقت بجلی جائے گی اور کب آئے گی اس کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے ۔ بالخصوص پیشہ ورانہ طبقہ و دفاترسے منسلک لوگوں کو شدید پریشانیوں سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک فوٹو سٹیٹ کاپی کے لئے پورا پورا دن بھی لگتا ہے کیونکہ یہ کسی کو معلوم نہیں کہ بجلی کب آئے  گی اور کب جائے گی ۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ اور محکمہ پی ڈی ڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کا ایک شیڈول بنایا جائے تا کہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
 

ڈوڈہ ضلع میں صحتیابی کی شرح میں اضافہ 

کووڈ 19 کے 3 نئے مثبت معاملات ،8 مریض شفایاب 

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں دن بدن کووڈ 19 معاملات میں کمی آرہی ہے اور صحتیابی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کو ہوئی کووڈ جانچ کے دوران ڈوڈہ ضلع سے صرف 3 مریض صحتیاب ہوئے ہیں اور 8 مریض شفایاب ہوئے ہی۔اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد سمٹ کر 45 و صحتیاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7626 پہنچ گئی ہے۔ضلع میں اب تک کورونا وائرس سے 133 افراد فوت ہوئے ہیں اور 406767 سے زائد افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
 
 

جنگلات کے تحفظ کیلئے متحرک ہونے کا دعویٰ 

محکمہ جنگلات نے بھلیسہ میں 3 سیل ڈیپو سربمہر، 3 کٹر ضبط کئے

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی جنگلات ڈویڑن بھدرواہ میں پیڑ پودوں کے ناجائز کٹاؤ کی روک تھام کیلئے ڈی ایف او کی ہدائت پر رینج آفیسر بھلیسہ سریش جموال کی قیادت میں محکمہ کی ٹیم نے فارسٹ پروٹکشن فورس کے اہلکاروں کے ہمراہ 3 پرائیویٹ سیل ڈپوؤں کو سربمہر و تین مکینیکل کٹر کو ضبط کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈی ایف او بھدرواہ چندر شیکھر کی ہدایت پر رینج آفیسر گندوہ سریش سنگھ جموال کی قیادت میں محکمہ جنگلات و فارسٹ پروٹکشن فورس کی ٹیم نے جمعرات کو چنگا، طوائی و ملک پورہ میں قائم تین غیر سرکاری سیل ڈیپوئوں کو بناء رجسٹریشن کے عمارتی لکڑی کا کاروبار کرنے پر سربمہر کر کے موجود تین کٹرز کو ضبط کیا ہے۔اس موقع پر بولتے ہوئے رینج آفیسر نے میڈیا کو بتایا کہ اعلیٰ حکام کی ہدایات پر پچھلے کئی ہفتوں سے بھلیسہ رینج میں جنگلات اسمگلروں کے خلاف وسیع پیمانے پر مہم شروع کی ہے جبکہ گذشتہ دنوں چرالہ رینج کے کاہرہ میں ایک ہی روز میں 600 کنال اراضی پر ناجائز قبضہ چھڑا کر کئی ڈھانچوں کو مسمار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گندوہ رینج میں تیرہ مکینیکل کٹرز آج تک ضبط کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور جنگلات کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے لئے سیول سوسائٹی کا تعاون لازمی ہے۔