مزید خبریں

اُدے بھاسکر نے ڈی آئی جی شمالی کشمیرکاعہدہ سنبھالا

سینئرپولیس افسران کی میٹنگ میں صورتحال کا جائزہ لیا

سری نگر//2008بیچ کے آئی پی ایس آفیسر اُدے بھاسکر بلا نے جمعہ کو ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس شمالی کشمیر کاچارج سنبھالا۔اُنھیں یہاں سے وسطی کشمیر ٹرانسفر کئے گئے ڈی آئی جی سجیت کمارنے چارج سونپ دیا ۔کے این ایس کے مطابق 2008بیچ کے سینئرآئی پی ایس آفیسراُدے بھاسکربلا نے بارہمولہ میں ڈی آئی جی شمالی کشمیر(بارہمولہ ،کپوارہ وبانڈی پورہ)کا چارج یہاں سے وسطی کشمیر ٹرانسفر ہوئے ڈی آئی جی سجیت کمار سے لیا ۔آئی پی ایس آفیسر سجیت کمار کوڈی آئی جی شمالی کشمیر سے تبدیل کرکے ڈی آئی جی وسطی کشمیر(سری نگر،بڈگام اورگاندربل )تعینات کیاگیا ہے ۔آئی پی ایس افسرسجیت کمارنے چارج سونپتے ہوئے شمالی کشمیر کے نئے ڈی آئی جی اُدے بھاسکر بلاکے تئیں نیک خواہشات کااظہارکیا جبکہ آئی پی ایس افسر اُدے بھاسکر بلا نے آئی پی ایس افسر سجیت کمارکوگرمجوشی کیساتھ رُخصت کیا۔بعدازاں نئے ڈی آئی جی شمالی کشمیر اُدے بھاسکر بلانے سینئرپولیس افسران کی ایک میٹنگ طلب کی اورشمالی کشمیرکی مجموعی صورتحال کے ساتھ ساتھ پولیس محکمہ کے کام کاج کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔
 

جمعیت ہمدانیہ کی مبارکباد

سرینگر//ربیع اول کی آمد کے سلسلے میں وادی کی مساجد، خانقاہوں اور زیارتگاہوں میں روح پرور مجالس کا انعقاد ہوا، جن میں علمائے کرام اور ائمہ مساجدنے نمازِ جمعہ پر پیغمبر آخرالزمانؐ کی ولادت باسعادت پر تفصیلی روشننی ڈالی۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے خانقاہِ پانپور میں نماز جمعہ سے قبل مسلمانوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس بابرکت اور فضیلت والے مہینے کی بدولت ہی کائنات میں صدیوں کی جہالت، گمراہی ، دخترکشی کا خاتمہ ہوا اور ایک صالح نظام کی بنیاد پڑی۔ادھر خانقاہ اکملیہ میں مولانا خورشید احمد قانونگو اور خانقاہِ صبورباب صاحبؒ میں میلاد النبیؐ اور ربیع الاول کی فضیلت پرروشنی دالی گئی۔ 
 
 

ڈی پی ایس سرینگر میں 'لیگل لٹریسی کلب' کا افتتاح 

طلاب کو قانونی حقوق اور فرائض سے آگاہ کرنا ہے:جسٹس ماگر

سرینگر//جے اینڈ کے لیگل سروسز اتھارٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین جسٹس علی محمد ماگرے نے دہلی پبلک سکول پانتہ چھوک میں ایک ’لیگل لٹریسی کلب‘ کا افتتاح کیا۔'لیگل لٹریسی کلب' ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی (ڈی ایل ایس اے) سرینگر نے جے اینڈ کے لیگل سروسز اتھارٹی کے زیراہتمام دہلی پبلک سکول سرینگر کے تعاون سے قائم کیا ہے۔کلب کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو چیئرمین نے کہا کہ’سٹوڈنٹس لیگل لٹریسی کلب' تشکیل دیے جا رہے ہیں جن کا مقصد طلباء میں قانونی حقوق اور فرائض کے بارے میں معلومات کو پھیلانا ہے جس کے نتیجے میں لوگوں میں شعور بیدار ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی خواندگی اور قانونی خدمات کے پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں جو ان کے مطالعاتی نصاب میں کوئی نقصان نہیں پہنچائے گا۔جسٹس ماگرے نے کہا کہ سب سے بڑی جمہوریت کا حصہ ہونے کے ناطے ، قانون کا علم طاقت اور خود شناسی کے آلے سے لوگوں کی خدمت کرتا ہے اور جب تک کہ لوگ حقوق سے واقف ہیں ، وہ جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے حقیقی احکامات کے مطابق نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانونی خواندگی کو عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ قانون میں بنیادی سطح کو جاننا ہے۔چیئرمین ڈی ایل ایس اے سرینگر محمد اکرم چوہدری،وجے دھر چیئرمین ڈی پی ایس سرینگر ،محمد اعجاز اسد ڈی سی سرینگر ،ڈاکٹر تصدق حسین میر ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن ،نور محمد میر سیکریٹری ڈی ایل ایس اے (سب جج) ،عبدالباری جوائنٹ رجسٹرار (عدلیہ) اس موقع پر اور دیگر معززین موجود تھے۔
 
 

۔10ویں،11ویں اور12ویں جماعت کے پریکٹیکل امتحانات

اپنے ہی اسکولوں میں لئے جائیں گے

سرینگر// بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے جموں کشمیر کے گرمائی زون کشمیر اور سرمائی زون جموں کے علاوہ مرکزی زیر انتظام علاقے لداخ میں10 ویں، 11ویں اور12 ویں  جماعت کے سالانہ امتحانات کے انٹرنل و ایکسٹرنل پریکٹیکل و پروجیکٹس کے امتحانات اپنے ہی اسکولوں میں لئے جانے کااعلان کیاہے۔ بورڈ کے ڈائریکٹر اکیڈمکس فاروق احمد پیر نے اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کی جس میں یہ گیا کہ یہ پریکٹیکل امتحانات نومبر کے دوسرے ہفتے سے شروع ہونے والے امتحانات سے قبل لئے جائیںگے۔ اسکولوں کو بھی مطلع کیا گیا ہے کہ وہ ان جماعتوں کے پریکٹیکل ایوارڈ  بورڈ کے متعلقہ صوبوں کے دفتروں و ذیلی دفتروں میں داخلی کارڈوں کی اجرائی کے فوری بعد جمع کرے۔
 
 

محبوبہ مفتی کا رویہ علیحدگی پسندانہ:آر ایس ایس

سری نگر// سرینگر کے ایک سرکاری اسکول میں اسلحہ برداروں کے ہاتھوں 2 اساتذہ کی ہلاکت کے بعد ، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے رہنما اندریش کمار نے کہا کہ پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی کئی ذمہ داروں میں شامل ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق ایک بیان میں آرایس ایس لیڈر نے مزید کہا کہ محبوبہ مفتی علیحدگی پسندانہ رویہ رکھتی ہیں۔ آر ایس ایس کے رہنما اندریش کمار نے کہا کہ کشمیر کے کچھ رہنما اور جماعتیں ہمیشہ بھارت مخالف پاکستان یا چین نواز بیانات دینے کا کام کرتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ 70 سالوں سے ان رہنماؤں نے کشمیر کو جہنم بنا رکھا ہے اور اسے تشدد کی شکل میں دیکھا جاتا ہے اوربقول اندریش کمارکے محبوبہ مفتی اس کے مجرموں میں شمار ہوتی ہیںکیونکہ اس کے علیحدگی پسندانہ اور بھارت مخالف رویے نے امن ، ہم آہنگی اور ترقی کو متاثر کیا ہے۔اندریش کمار نے مزید کہا کہ اگر محبوبہ مفتی وادی کشمیر میں امن چاہتی ہیں تو انہیں خود کو اشتعال انگیز اور گمراہ کن سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔
 
 
 

اوڑی کے کئی دیہات  موبائل سروس سے محروم 

فیاض بخاری
 
بارہمولہ// سرحدی قصبہ اوڑی کے کئی دیہات موجودہ دور میںبھی مواصلاتی سروس سے محروم ہیں جس کے نتیجے میں لوگوںکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ چوٹالی ، گگر ہل ،باڈین ، ددرن ، لاجری اور جبڑی کے لوگوں نے بتایاکہ مواصلاتی کمپنیوں نے علاقے کو اپنی خدمات سے ابھی تک محروم رکھا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس علاقے کو کئی کلو میڑ دور بونیار کے موبائل ٹاور وں کی سگنل پہنچ رہی ہے جوکہ نہ ہونے کے برابر ہے جو صارفین کے ساتھ ایک مذاق ہے ۔ علاقے کے ایک سماجی کارکن عرفان احمد چک نے بتایا ک بتایا کہ انٹرنیٹ دور میں طالب علموں کو گوناگو ںمسائل اور مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ وہ ضروری اطلاعات وقت پر حاصل نہیں کرپارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر چہ لوگوں نے کئی با ر مواصلاتی کمپنیوں سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی لیکن انہوں نے کوئی دھیان نہیں دیا ۔ انہوں نے مواصلاتی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں ٹاور نصب کرکے پریشانی سے چھٹکارا دلایا جائے۔
 

ولر جھیل کی شان رفتہ کو بحال کیا جائے گا:مرکزی وزیر

بانڈی پورہ کوبین الاقوامی سیاحتی نقشے پر لانے کا یقین دلایا

عازم جان 
 
بانڈی پورہ//مرکزی وزیر برائے جنگلات وماحولیات بوپندر یادو نے ولرجھیل کی شان رفتہ بحال کر کے بانڈی پورہ کوبین الاقوامی سیاحتی نقشے پر لانے کا یقین دلایا ہے ۔موصوف نے ولر ونٹیج ودیگر مقامات کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور کئی وفود کے ساتھ ملاقات کی ۔ ان کے ہمراہ سیکریٹری ایم او ای ایف ایند سی سی رامیشور پرساد گپتا، ایڈیشنل سیکریٹری ایم او ای ایف اینڈ سی سی روی اگروال، کمشنر سیکریٹری سنجیو ورما ،پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹس ڈاکٹر موہت گیرا، ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد اور ایس ایس پی بانڈی پورہ محمد زاہد سمیت کئی افسران موجود تھے ۔ مرکزی وزیر نے ہلال آباد نسبل سمبل کی زیر تعمیر پبلک پارک کا سنگ بنیاد رکھا اورمتعدد زیر تعمیر کاموں کاجائزہ لیا ۔
 

ٹنگمرگ ہسپتال میںانستھیسیا مشین ایک ماہ سے خراب

مریض سرینگر یا بارہمولہ منتقل ہونے کیلئے مجبور

مشتاق الحسن
 
 ٹنگمرگ//سب ضلع ہسپتال ٹنگمرگ میں انستھیسیا مشین میں خرابی کی وجہ سے گزشتہ ایک ماہ سے اوپریشن تھیٹر بند پڑا ہے اور  مریضوں کو سرینگر یا بارہمولہ منتقل کیا جارہا ہے۔غلام الدین راٹھی ساکن سون ٹنگمرگ نے بتایا کہ گزشتہ ایک مہینے سے جب بھی وہ اوپریشن کرانے کیلئے ہسپتال پہنچ جاتا ہے تو اسے یہی کہا جاتا ہے کہ مشن خراب ہے جسے عنقریب ٹھیک کیا جائے گا تاہم گزشتہ ایک ماہ سے اُسے ٹھیک نہیں کیا جارہا ہے ۔ہسپتال میں تعینات ایک ڈاکٹرنے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ مشین میں خرابی دور نہ کرنے میں ان ڈاکٹروں کا ہاتھ ہے جو مریضوں کو نجی کلینکوں پر آنے کیلئے مجبور کرتے ہیں۔ ادھر نوڈل افسر ٹنگمرگ ڈاکٹر طاہر لون نے اس بات کی تصدیق کی کہ انستھیسیا مشین خراب ہونے کے بارے میں بی ایم او ٹنگمرگ نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز اور چیف میڈیکل افسر بارہمولہ کوتحریری طور آگاہ کیاہے تاہم ابھی تک مشین ٹھیک کرنے کے لیے ماہرین  نہیں آئے ہیں۔
 

لار اریگیشن کنال کا ایک کنارہ ڈھ گیا

صفاپورہ مچھلی فارم میں سیلابی صورتحال

گاندربل//ارشاد احمد//صفاپورہ گاندربل میں محکمہ فشریز کے فارم میں اس وقت سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جب فارم کے بیچوں بیچ گزرنی والی لار اریگیشن کنال کا ایک کنارہ ڈہ گیا اور سارا پانی فارم کے صحن اور عمارتوں میں گھس گیا۔صفاپورہ کے سرپنچ پرویز احمد نے  بتایا کہ جمعہ کو اس وقت محکمہ فشریز کے فارم میں چاروں طرف پانی گھس گیا جب فارم کے بیچوں بیچ گزرنے والی لار اریگیشن کنال کا ایک کنارہ اچانک ڈہ گیاجس سے پورے فارم میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ فارم کی چیف پروجیکٹ افسر ناہیدہ نے بتایا کہ فارم کے درمیان سے لار اریگیشن کنال گزرتی ہے جس کے پشتے اب کمزور ہوگئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ کئی بار   اریگیشن محکمہ کی توجہ اس جانب دلائی گئی لیکن انہوں نے لیت ولعل سے کام لیا جس کے باعث آج کنال کا ایک پشتہ ڈہ گیا اور فارم میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ۔
 

بجلی کی عدم دستیابی 

ژھون کپرن میں محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج 

اننت ناگ //عارف بلوچ//اننت ناگ ضلع کے کپرن علاقہ میں لوگوں نے محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بجلی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ژھون نامی بستی گذشتہ کئی ہفتوں سے بجلی ٹرانسفارمر کی عدم دستیابی کے باعث بجلی سے محروم ہیںاورمقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ احتجاجی لوگوں کا کہنا ہے کہ گائوں میں نصب ٹرانسفارمر آئے روز خراب ہورہا ہے اور اگر چہ  انہوںنے ازخوداسے ٹھیک کرایا تاہم گذشتہ ہفتے پھر خراب ہوگیا اور اب بستی مکمل گھپ اندھیرے میں ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ بستی قریباً150چولہوں پر مشتمل ہے اور کم صلاحیت والا ٹرانسفارمر اور لوڈنگ کے باعث آئے روزخراب ہورہا ہے ۔احتجاجی صارفین  نے گائوں میں نیا ٹرانسفارمر فراہم کرنے کی مانگ کی ہے۔
 
 

لوگ بنیادی سہولیات سے محروم:انجینئر ایتو

افسروں کی یقین دہانیاں کھوکھلی ثابت

سرینگر//سیاسی کارکن انجینئر نذیر احمدا یتو نے کہا ہے کہ جہاں لوگوں کو بنیادی سہولیات کیلئے سڑکوں پر دھرنا دینا پڑے وہاں انصاف کی آواز اٹھانا کوئی معنی نہیں رکھتا۔ ایتو نے کہا کہ اگر چہ افسروں کو اس بات کا علم ہے کہ لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں پھربھی انکے کانوں پرجوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہا کہ افسروں کے رویہ سے یہ بات اخذ ہوتی ہے کہ ان کے پاس انصاف مانگنا بھی بے سود ہے۔ ایتو نے کہا کہ افسروںکی یقین دہانیاں کھوکلی ثابت ہو رہی ہیںاور لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
 

ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا قیصر جمشید کیساتھ اظہارِ تعزیت

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے سینئر لیڈر اورضلع صدر کپوارہ قیصر جمشید لون کی والدہ نسبتی (اہلیہ انجینئر فاروق احمد راتھر ساکن اجس بانڈی پورہ) کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحومہ کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت کی اور اُن کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر پارٹی لیڈران چودھری محمد رمضان، میر سیف اللہ، شریف الدین شارق، محمد اکبر لون، جاوید احمد ڈار، کفیل الرحمن، ڈاکٹر سجاد شفیع اور میرغلام رسول ناز اور دیگر لیڈران نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
 

الطاف بخاری کااظہار تعزیت

سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے پارٹی کارکن بلال احمد ڈھوبی کی ہمشیرہ کی وفات پر دکھ اور صدمے کا اظہا کیا ہے۔انہوں نے مرحومہ کی مغفرت کیلئے دعا کی اور لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے وارڈ افسر فیاض احمد ڈارکی وفات پر بھی دکھ کا اظہار کیا۔ اپنی پارٹی صدر نے مرحوم کو عاجز وملنسار شخص قرار دیا ہے جنہوں نے ہمیشہ لوگوں کی خدمت کی اور اپنے فرائض کی انجام دہی میں کبھی کوتاہی نہ برتی۔سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کارپوریٹر اور اپنی پارٹی لیڈر محمد اشرف ڈار، اپنی پارٹی وارڈ صدر راولپورہ نذیر احمد ڈار نے بھی سوگوار کنبوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
 

کرالہ پورہ کی معروف شخصیت فوت

کپوارہ/اشرف چراغ /درد سن کرالہ پورہ کی معروف شخصیت غلام رسول ملک المعروف لالہ صاحب مختصر علالت کے بعد جمعہ کو انتقال کرگئے۔مختلف سماجی ،سیاسی اور دینی تنظیمو ں نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے مغفرت کی دعا کی ہے ۔ان کی نماز جنازہ میں لوگو ں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ انہیں اپنے آبائی گائو ں دردسن میں سپرد خاک کیا گیا ۔
 

آزادی کا امرت مہا اتسو

اوڑی میں صفائی مہم کا اہتمام

ظفر اقبال
 
اوڑی / اوڑی میں جمعہ کو محکمہ تعلیم ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس نے میونسپل کمیٹی اوڑی کے اشتراک سے صفائی مہم کا انعقاد کیا جس کی قیادت ایس ڈی ایم اوڑی ہرویندر سنگھ نے کی۔پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول اوڑی عبدالاحد گوجری ، بلاک ڈیولپمنٹ افسر اوڑی نوید الطاف ، ایگزیکٹیو افسر میونسپل کمیٹی اْوڑی فرہانہ شوکت ، چیئرمین میونسپل کمیٹی اْوڑی بھارت کمار ، ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ گرلز مڈل سکول اْوڑی جاوید غنی بانڈے کے علاوہ محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کا عملہ اس مہم میں موجود تھا۔گورنمنٹ بائز ہائر سیکنڈری سکول اوڑی ، گرلز ہائر سیکنڈری سکول اوڑی ، گرلز مڈل سکول اوڑی اور ایم ایم میموریل سکول اوڑی کے طلباء نے ’آزادی کا امرت مہا اتسو‘ کے تحت اس صفائی مہم میں حصہ لیا۔یوتھ سروس اینڈ اسپورٹس محکمہ کے ایک عہدیدار جاوید احمد بڈو نے بتایا کہ یہ مہم گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اوڑی سے شروع ہوئی جسے ایس ڈی ایم اوڑی نے جھنڈی دکھائی۔انہوں نے کہا کہ صفائی مہم کے دوران مین مارکیٹ ، بس اسٹینڈ اور جامع مسجد نور کے قریب نالہ کی صفائی کی گئی ۔
 
 
 

کرناہ اور اونتی پورہ میں 4افرادگرفتار

 پانچ کلو برائون شوگراور40کلو بھنگ برآمد 

اشرف چراغ +سید اعجاز
 
کپوارہ+پلوامہ // سرحدی علاقہ کرناہ میں پولیس نے 2افراد کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے پانچ کلو گرام برائون شوگر بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ۔پولیس کے مطابق ایک خصوصی ٹیم نے مصدقہ اطلاع ملنے پر دو فراد جمیل احمد اور فرید احمد شیخ ساکنان حاجی ترہ کرناہ کی گرفتاری عمل میں لائی جن کی تحویل سے پانچ کلو برائون شوگر بر آمد کیا گیا ۔پولیس نے معاملہ کی نسبت ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر100/2021کے تحت درج کیا۔ادھراونتی پورہ پولیس نے 2افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھنگ برآمد کی ۔ناکہ ڈیوٹی پر معمور پولیس چوکی راشی پورہ کے اہلکاروں نے2 افراد کو اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ پنزگام میں مشکوک حالت میں گھوم رہے تھے ۔گرفتارکئے گئے افراد کی شناخت مشتاق احمد ڈار اورمحمد سبحان ڈار ساکنان پنزگام کے بطور ہوئی ہے ۔اُن کے قبضے سے 40کلو گرام بھنگ برآمد ہوئی جوپالتھین تھیلوں میں بھری ہوئی تھی ۔ اونتی پورہ تھانہ نے اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر175/21درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
 

کوکرناگ میں رہائشی مکان خاکستر 

اننت ناگ//عارف بلوچ//کوکرناگ میں آگ کی ایک واردات میں 2رہائشی مکانات خاکستر ہوگئے ۔واترہال پیر تکیہ میں جمعہ کی دوپہر محمد اقبال ملک کے رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس کے نتیجے میں آگ نے آناً فاناً مکان کو اپنی لپیٹ میں لیا۔ اس بیچ محکمہ فائر سروس و مقامی لوگوں نے کافی دیر کے بعد آگ پر قابو پالیا تاہم آگ کی اس واردات میں 2رہائشی مکانات مکمل طور پر خاکستر ہوگئے اور ان میں رہائش پذیر 3کنبے کھلے آسمان تلے آگئے ہیں ۔آگ لگنے کی وجہ شاٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے ۔پولیس نے معاملہ کی نسبت کیس درج کیا ہے ۔
 

پارمپورہ آتشزدگان سے بھاجپا لیڈر کا اظہار یکجہتی

سرینگر // بی جے پی کے سینئر لیڈر اور  اقلیتی مورچہ کے مرکزی ترجمان ہلال جان نے پارمپورہ کے آتشزدگان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے ایک بیان میں حکومت سے اپیل کی کہ تباہ شدہ خاندانوں کی بحالی کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ متاثرین میںخوراک کے کٹ ، روز مرہ استعمال ہونے والی اشیاء اور عارضی محفوظ جگہ فراہم کی جائے۔