نوشہرہ کے دندانی گاﺅں میں 3ماہ سے پانی بند
۔6سوسے زائد کنبے متاثر ،انتظامیہ عدم توجہی کا شکار
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے دندانی گاﺅں میں گزشتہ 3ماہ سے پینے کے صاف پانی کی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے لیکن متعلقہ محکمہ کا جانکاری فراہم کرنے کے باوجود بھی عوام کو پانی فراہم نہیں کیاجارہا ہے ۔لمبیڑی کی مشرقی پنچایت کے مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ گاﺅں میں ایک برس قبل ایک پلانٹ لگایا گیا تھا جس سے عوام کو پانی سپلائی کیا جارہا تھا لیکن کچھ ہی عرصہ تک مذکورہ مشینری میں خرابی آنا شروع ہو گئی تھی جبکہ گزشتہ 3ماہ سے سپلائی مکمل ہی بند ہو گئی ہے لیکن محکمہ و ملازمین اس کی مرمت اور بحالی کےلئے کام نہیں کررہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے سرپنچ پنچایت کی قیادت میں محکمہ کےخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں کئی مرتبہ اپیلیں کی گئی ہیں لیکن ابھی تک کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے جس کی وجہ سے ان کی مشکلات جوں کی توں ہی ہیں ۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر عوام کو درپیش مشکل کو حل کرنے کےلئے جلدازجلد کو ئی نہیں اٹھایا گیا تو اس سلسلہ میں وہ جموں وپونچھ شاہراہ کو ٹریفک کےلئے بند کر کے احتجاج کریں گے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ پلانٹ کی مرمت کر کے سپلائی کو بحال کیا جاسکے ۔
نیلی پنچایت میں پاپئیں بوسیدہ
پانی کی شدید قلت سے مقامی لوگ متاثر
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کی پنچایت نیلی میں پانی سپلائی نظام خستہ حال ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو پانی کی شدید قلت درپیش ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ جل شکتی کی جانب سے بچھائی گئی پاپئیں اب بوسیدہ ہو چکی ہیں جبکہ ملازمین کی جانب سے ان بوسیدہ پائپوں کی نہ تو مرمت کی جارہی ہے اور نہ ہی نئی پاپئیں نصب کی جارہی ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ پاپئیں بوسیدہ ہونے کی وجہ سے اب سپلائی ہی بند ہوگئی ہے لیکن ملازمین نہ تو ڈیوٹی پر حاضر ہو رہے ہیں اور نہ متعلقہ آفیسران ان کو ڈیوٹی کےلئے پابند کررہے ہیں جس کے نتیجے میں عوام کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔انہوں نے محکمہ جل شکتی اور مقامی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم ہی نہیں کی جارہی ہیں ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بوسیدہ پاپئیں جلدازٹھیک کرکے پانی کی سپلائی بحال کرنے کےساتھ ساتھ لاپرواہ ملازمین کےخلاف بھی کارروائی عمل میںلائی جائے ۔
سوکڑ میں ملحقہ علاقوں کی پانی کی شدید قلت
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کے پسماندہ علاقہ سوکڑ و گرد و نواح کے دیہا ت میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ پنچایت میں پانی کی قلت کو دور کرنے کےلئے پاپئیں لائی گئی تھی لیکن ابھی تک محکمہ جل شکتی کی جانب سے ان پائپوں کو نصب ہی نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے لوگوں کو اس جدید دور میں بھی کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پینے کےلئے پانی لانا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے 2022میں ہر ایک گھر میں پانی کا نل لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے لیکن متعلقہ محکمہ کے ملازمین اور مقامی آفیسران انتہائی لاپرواہی کےساتھ کام کررہے ہیں جس سے مذکورہ ہدف کے اندر عوام کو پانی کی فراہمی ممکن نہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سوکڑ پنچایت میں کام صرف کاغذوں میں ہی جاری ہے جبکہ زمینی سطح پر عوام ہر ایک بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔مقامی سرپنچ محمد شبیر گورسی نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے کافی عرصہ قبل ہی پاپئیں پہنچائی گئی تھی لیکن ابھی تک ان کو بچھایا ہی نہیں جاسکا جس کی وجہ سے لوگوں کو پانی کی سخت قلت کا سامنا ہے ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو متحرک کیا جائے تاکہ ان کو پینے کا صاف پانی دستیاب ہو سکے ۔
عترت سوسائٹی کی تشکیل نو
پروفیسر وجاہت جعفری دوبار ہ صدر منتخب
حسین محتشم
پونچھ//عترت سوسائٹی کی سابقہ کمیٹی کی معیاد ختم ہونے کے بعد سوسائٹی کی نئی تشکیل کے لئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں علاقہ کے معززین کے علاوہ پوری برادری کے افراد خصوصاً نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کے بعد تمام شرکاءنے با اتفاق رائے فیصلہ کیا کہ سابقہ صدر کی قیادت میں سابقہ کارکنان ہی اگلے دوسال تک عترت سوسائٹی موہری گورسائی کاکام کاج سنبھالیں گے۔شرکاءنے کہا کہ اس کمیٹی نے نہایت ہی خوش اسلوبی کے ساتھ کام کیا ہے اس لئے ان کو مزید موقع دیا جاتا ہے تاکہ وہ برادری کی خدمت اور مشن اہلبیت کو فروغ دینے میں اپنا کردار نبھاسکیں گے۔پونچھ ضلع کے نوجوانوں کی معروف انجمن انصار المھدی نے موہری گورسائی کے لوگوں کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ عترت سوسائٹی نے ضلع پونچھ میں برادری کے تمام امور میں بہت اچھا کردار ادا کر کے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ برادری آپس میں اتفاق و اتحاد سے رہے۔انصار المھدی کے صدر اور دیگر کارکنان نے عترت سوسائٹی کے صدر اور تمام کارکنان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اگلے دو سال بھی محنت لگن اور جوش ایمانی کے ساتھ دینی امور کو انجام دیں گے۔
پنچایت کانفرنس کا وفد مرکزی وزیر سے ملاقی
سرپنچوں و پنچوں کی تنخواہ میں اضافے کی مانگ
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// آل جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس کا ایک وفد مرکزی وزیر کپل موریشور پاٹل سے ملاقی ہوا ۔پنچایت کانفرنس کے ضلع صدر سکندر نورانی کی قیادت میں پیش ہوئے وفد میں بلاک سرنکوٹ ،لسانہ کے صدور ودیگر اراکین بھی شامل تھے ۔وفد میں شامل اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پنچایتی راج ایکٹ کے زیر تحت پنچایتوں میں منتخب نمائندوں کی ماہانہ تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ ان کے مالی مسائل کم ہو سکیں اور وہ عوامی خدمت کےلئے اپنا رول ادا کرنے قابل ہوں ۔ اراکین نے کہاکہ جموں و کشمیر میں پنچایتی راج کا مناسب طریقے سے نفاذ کی اشد ضرورت ہے جبکہ پونچھ میں میڈیکل کالج کا قیام ،جموں پونچھ ائیر سروس کو دوبارہ سے بحال کرنا ،مغل شاہراہ پر ٹنل تعمیر کرنا وغیرہ مانگیں بھی کی گئی ۔مرکزی وزیر نے وفد کی مانگوں و مسائل کو بغور سننے کے بعد یقین دلایا کہ عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔وفد میں سید واحید حسین شاہ و،اشتیاق خان ،مولانا رئیس قادری، سرپنچ طاہرہ تبسم ،سرپنچ عبدالمجید سرپنچ اور سید وجاہت بخاری ودیگران بھی موجود تھے ۔
بی ڈی سی چیئر مین نے مرکزی وزیر سے ملاقات کی
جاوید اقبال
مینڈھر //بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین مینڈھر طاہرہ جبین نے مرکزی وزیر سے ملا قات کر کے عوامی مسائل و مطالبات پر مشتمل ایک یاداشت پیش کی ۔موصوفہ نے مرکزی وزیر برائے دیہی ترقی کپل موریشور پاٹل کےساتھ ملا قات کر کے عوامی مسائل کے سلسلہ میں جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مسائل کو حل کرنے کےلئے مینڈھر کو ضلع کا درجہ دیا جائے جبکہ راجوری پونچھ کو علیحدہ ڈویژن کا درجہ دیا جائے تاکہ سرحدی علاقوں کے مکینوں کے مسائل کو حل کرنے میں مدد مل سکے ۔اس کے علاوہ منی سیکریٹریٹ کی عمارت کو مکمل کرنے ،مینڈھر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ایس پی تعینات کرنے کی مانگ کرتے ہوے کہاکہ سب ڈویژں ایک وسیع علاقہ اور آبادی پر مشتمل ہے جبکہ اس کی تعمیر و ترقی کر خصوصی توجہ دی جائے ۔مانگوں پر مشتمل ایک یاداشت بھی وزیر موصوف کو پیش کی گئی ۔
ڈھنڈوٹ میں بجلی سپلائی بند
محمد بشارت
کوٹرنکہ //بلاک بدھل نیو کی پنچایت حلقہ ڈھنڈوٹ میں بجلی کا ٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے گزشتہ 10دنوں سے عوام گھپ اندھیرے میں زندگی بسر کررہے ہیں ۔صارفین نے بتایا کہ پنچایت حلقہ کی وارڈ نمبر 8میں نصب کیا گیا ٹرانسفارمر خراب ہو گیا تھا جبکہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ کے آفیسران و ملازمین کو جانکاری فراہم کی گئی ہے لیکن ابھی تک اس کی مرمت نہیں کی جاسکی ۔جاوید اقبال نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ مشینری کی خرابی کے سلسلہ میں محکمہ کے ملازمین کو آگاہ کیا گیا لیکن انہوں نے اس کی مرمت میں کوئی دلچسپی ہی ظاہر نہیں کی ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مشینری کی جلدازجلد مرمت کر کے عوام کی سپلائی بحال کی جائے ۔
ربیع الاول ماہ عالم انسانیت کے لئے مشعل راہ :حافظ محمد اشتیاق
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کی جامع مسجد نڑہوتی درہ میں ربیع الاول کی آمد کے سلسلے میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حافظ محمد اشتیاق نقشبندی نے کہا کہ ماہ ربیع النور شریف عالم انسانیت کے باعث رحمت و مشعل راہ ہے اور انسانیت کے لئے ایک ایسا عظیم الشان پیغام لے کر آیا ۔انہوں نے کہاکہ ماہ مقدس ایک ایسا پیغام ہے جو جانوروں کے ساتھ بھی حسن سلوک کا درس دیتا ہے ، اپنی عورتوں اور نوکروں کے ساتھ بہتر سلوک کا حکم دینے کےساتھ ساتھ بیٹیوں کی عزت او احترام ودیگر سماجی مسائل کو ختم کرنے کےلئے انسان کو ایک نیک راستہ اختیار کرنے کی راہ بھی دیکھتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ مبارک مہینہ پوری انسانیت کےلئے مشعل راہ ہے ، اسلئے کہ اسی ماہ میں تاجدار مدینہ کی ولادت باسعادت ہوئی۔انہوں نے کہاکہ حضور پاک ﷺ گمراہ اور شرک وبدعت میں ڈوبی ہوئی انسانیت کے لئے فلاح کی راہ دکھانے کےلئے تشریف لائے ۔انہوں نے کہاکہ آپ ﷺ ہر قوم و ہر ملک کے لوگوں کے لئے مکمل دستور حیات ہیں ۔اس دستورِ حیات میں نہ کالے گورے کا فرق رکھا گیا نہ عربی و عجمی کا، نہ امیر و غریب کا نہ بادشاہ و فقیر کو فرق رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے جس راستے پر ہمیں گامزن کیا تھا کیا ہم اس پر برقرار ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ولادت مبارکہ یقینا تاریخ انسانیت کا وہ موڑ ہے جس کا پیغام یہ تھا کہ اب دنیا میں وہ عظیم انقلاب لانے والی عظیم شخصیت پیدا ہوچکی ہے جسے رب کائنات نے تمام مخلوقات میں سب سے افضل مقام عطاءفرما کر سب سے بڑی ذمہ داری نبھانے کے لیے منتخب فرمایا ہے۔ وہ ”خاتم النبیین“ ہیں۔ اب ان کی نبوت کا دروازہ بند ہوچکا۔بلاشبہ انہوں نے اس ذمہ داری کو احسن انداز سے نبھایا، اس مقصد کےلئے جوقربانی انہیں دینا پڑی انہوں نے بخوشی دیدی، اس راہ میں انہیں جو مصائب اٹھانے پڑے انہوں نے ان سب کو صبر سے برداشت کیا، دعوت دین کے لیے خود کو ایسا وقف کیاکہ اج تک لوگوں کے دلوں میں ان کے لئے محبت پیدا ہوجاتی ہے لوگ جھومنے لگتے انہوں نے کہا کہ آپ کے تشریف لانے کے بعد زندگی کے ہرشعبے سے متعلق وہ واضح ہدایات دیدی گئیں جن کے بعد کسی اور ہدایت کی ضرورت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے اس موقعہ پر وادی کشمیر میں ہورہی عام شہریوں کی ہلاکتوں کی مذمت بھی کی کہا کہ اس طرح راہگیروں ، عام لوگوں اور اب اساتذہ کو نشانہ بنانا یقینا ایک سماج کے لئے انتہائی تشویشناک بات ہے جسکی اسلام کسی بھی صورت میں اجازت نہیں دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات جب بھی رونما ہوتے ہیں ان سے یقینی طورپر پوری انسانیت کو گہرا دکھ پہنچتا ہے اور خون ناحق کی جتنی بھی مزمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ ایسے شرپسند عناصر کی نشاندہی کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔