مزید خبریں

راجوری پونچھ میں سیکورٹی انتظامات سخت 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // خطہ پیر پنچال کے دیرہ گلی علاقہ میں فوج اور ملی ٹینٹوں کے مابین شروع ہوئے تصادم کے بعد خطہ کے دونوں سرحدی اضلاع میں سیکورٹی ہائی الڑٹ پر ہے جبکہ متعدد علاقوں میں باریک بینی سے تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج نے سرنکوٹ کے جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کرتلاشی آپریشن شروع کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی اہلکار ہلاک بھی ہوئے تھے تاہم اس کے بعد دونوں سرخدی اضلاع میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ ہر ایک شخص پر نظر رکھنے کیلئے عملی اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں ۔ دونوں اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں پر چوکسی بڑھا دی گئی ہے اور کسی بھی سنگین صورت حال سے نمٹنے کیلئے سیکورٹی فورسز کو متحرک رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تازہ جھڑپ کے بعد پورے خطہ میں سیکورٹی انتظامات مزید سخت کر دئیے گئے ہیں جبکہ جنگلی علاقے کی جانب اضافی کمک کو روانہ کر دیا کیا۔
 
 
 
 

علاقہ دشوارمگر آپریشن جاری :ڈی آئی جی رینج 

عشرت حسین بٹ
پونچھ// ڈی آئی جی رینج راجوری پونچھ وویک گپتا نے کہا ہے کہ راجوری اور پونچھ کی حدوڈ میں ملی ٹینٹوں کی موجود گی کے بعد آپریش جاری ہے تاہم علاقہ دشوار ہونے کی وجہ سے ابھی تک ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے میں کامیابی نہیں ملی ۔انہوں نے دیرہ کی گلی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ سیکورٹی ایجنسیوں کو علاقہ میں ملی ٹینٹوں کی موجود گی کے سلسلہ میں اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد تھنہ منڈی اور سرنکوٹ کی جانب سے تلاشی مہم شروع کی گئی تاہم سرنکوٹ کی جانب سے ملی ٹینٹوں نے فوج کی نفری پر فائرنگ کر دی جس کی وجہ سے ایک آفیسر سمیت پانچ اہلکار ہلاک ہو ئے ہیں ۔آفیسر موصوف نے بتایا کہ دوسرے روز بھی طرفین کے مابین کچھ وقت کیلئے فائر نگ کا تبادلہ ہوا لیکن ابھی ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کی کو ئی خبر نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں تلاشی مہم مسلسل جاری رکھی گئی ہے ۔
 
 
 
 

بدھل میں صفائی مہم چلائی گئی 

کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے بدھل بلاک میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے ایک صفائی مہم چلائی گئی جبکہ عام لوگوں کو بیدار کرنے کیلئے ایک ریلی کا اہتمام بھی کیا گیا جس کے دوران ملازمین نے بلاک ڈیو لپمنٹ دفتر کمپلیکس بدھل سے پرائمری ہیلتھ سنٹر تک ریلی نکالی ۔صفائی مہم کا آغاز کرتے ہوئے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر بدھل شہاریار ڈار نے کہاکہ ہر ایک کو چاہئے کہ وہ صفائی ستھرائی کی جانب خصوصی توجہ دے ۔انہوں نے کہاکہ مہاتما گاندھی کے نقشہ قدم پر چل کر کے ماحو ل کو صاف ستھرا رکھا جائے جبکہ گاندھی کا صفائی ستھرائی کی مناسبت سے ایک منفرد مقام تھا ۔اپنے خطاب میں نائب تحصیلدار بدھل افضل منہاس نے کہاکہ سوچھ بھارت ابھیان مہم کے زیر تحت عوام کو اس عمل کیلئے بیدار کیا جاسکتا ہے ۔آفیسران نے لوگوں پر زور دیتے ہوئے کہاوہ سماج کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے متحرک ہو کر کام کریں ۔
 
 
 
 

چوری شدہ سامان ضبط ،ملزم گرفتار 

عظمیٰ یاسمین 
تھنہ منڈی//جموں وکشمیر پولیس نے تھنہ منڈی سب ڈویژن میں چوری شدہ ساز و سامان کو ضبط کرتے ہوئے ملزم کو بھی گرفتار کرلیا ۔پولیس نے بتایا کہ ساز و سامان کی چوری کے سلسلہ میں مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 210/2021پولیس سٹیشن میں درج کرنے کے بعد ایس ایچ او تھنہ منڈی کی قیادت میں پولیس کی جانب سے تحقیقاتی عمل شروع کیا گیا جس کے دوران کئی مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔اس دوران شوکت علی ولد محمد شفیع سکنہ چسانہ ریاسی کی جانب سے جرم قبول کرنے کے بعد چوری شدہ بکری کیساتھ ساتھ نقدی و دیگر ساز و سامان ضبط کرلیا گیا ۔
 
 

آوارہ کتوں و مویشیوں سے لوگ پریشان 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں آوارہ کتوں و مویشوں سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔قصبہ میں اس وقت آوارہ کتوں کی ایک بڑی تعداد گھومتی رہتی ہے جس کی وجہ سے لوگ چھوٹے بچوں کیلئے فکر مند ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ قصبہ میں گزشتہ کچھ عرصہ سے کتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے سکولی طلباء و چھوٹے بچوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔تاجروں نے بتایا کہ بڑی تعداد میں کتے صبح اور شام قصبہ کی مختلف گلیوں میں جمع رہتے ہیں جس کی وجہ سے عام راہگیروں کا چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔لوگوں و دکانداروں نے بتایا کہ کتوں کیساتھ ساتھ مویشیوں کی ایک بڑی تعداد قصبہ میں موجود رہتی ہے جبکہ ان مویشیوں کے مالکان ان پر کوئی کنٹرول ہی نہیں کرتے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کتوں و آوارہ مویشیوں سے نجات دلائی جائے ۔
 
 
 
 

مینڈھر میں آفیسران کا اجلاس منعقد 

جاوید اقبال 
مینڈھر //ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر ساحل جنڈیال کی قیادت میں آفیسران کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس کے دوران آنے والے تہواروں کے سلسلہ میں انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔آفیسر موصوف نے دسہرہ اور عید میلاد النبی ؐ کے سلسلہ میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔انہوں نے محکمہ جل شکتی ،بجلی ،امور صارفین و عوامی تقسیم کاری ودیگر محکموں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔اجلاس میں بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ،بی ڈی او ،محکمہ جل شکتی کے اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر ودیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔
 
 
 
 
 

عید میلاد النبیؐ جوش و خروش کیساتھ منائی جائے گی : حافظ محمد سعید

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // میلاد کمیٹی مرکزی جامع مسجد درہال ملکاں کی جانب سے جشن آمدمصطفیٰ ؐکے سلسلے میں ایک اہم اجلاس زیر صدارت الحاج حافظ محمد سعید نقشبندی صدر انجمن علماء اہلسنت صوبہ جموں ، منعقد ہواجس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس مرتبہ بھی میلادالنبی ؐمثالی مذہبی جوش وخروش اور عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ اجلاس میں جلسہ اور جلوس کو شان و حشمت سے منانے کے بارے میں اہم امور پر گفت و شنید کے بعد طے پایا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی جشنِ میلادمذہبی جوش وخروش اور شان و شوکت سے منایا جائے گا۔ اس موقع پرشرکاء نے کہا کہ اس مرتبہ بھی پورے علاقے کو جھنڈیوں اور پھولوں سے سجایا جائے گا۔ صدر انجمن علماء اہلسنت صوبہ جموں حافظ محمد سعید نقشبندی نے کہا کہ 12 ربیع الاول کو مرکزی جامع مسجد درہال ملکاں میں ایک عظیم الشان جلسہ بسلسلہ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم ہو گا جس میں مولانا محمد مزمل ازھری کا خصوصی خطاب ہو گا۔ نامور ثنا خواں قاری نوشاد نوری ہدیہ نعت پیش کریں گے جبکہ نظامت کے فرائض مولانا محمد تحسین رضا انجام دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پروگرام کی شروعات جلوس محمدی سے ہو گی جو جامع مسجد درہال سے روانہ ہو کر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مرکزی جامع مسجد میں جلسے کی شکل اختیار کرے گا۔اجلاس میں الحاج عبدالرشید چیرمین میلاد کمیٹی بشیر ملک، چیرمین تعمیری کمیٹی جامع مسجد درہال شفاعت حسین ملک ڈوڈاج ، طارق ملک و دیگران نے شرکت کی ۔
 
 
 
 
 

سب سنٹر کو سرکاری عمارت میں منتقل کرنے کامطالبہ 

پرویز خان
منجا کوٹ //منجا کو ٹ تحصیل کے پنجگرائین علاقہ کی عوام نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں قائم کر دہ سب سنٹر کو جلدازجلد تعمیر کردہ سرکاری عمارت میں منتقل کیا جائے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سرکاری عمارت 5برس قبل مکمل کی گئی تھی لیکن ابھی تک سب سنٹر کو کرایہ کی عمارت میں ہی چلایا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے لاکھو ں روپے خرچ کر کے عمارت کی تعمیر عمل میں لائی گئی لیکن اس کے بعد بھی سب سنٹر کر منتقل نہیں کیا جارہا ہے جبکہ کرایہ مسلسل دیا جارہا ہے ۔مقامی سرپنچ ممتاز اختر نے بتایا کہ سنٹر کو منتقل کرنے کیلئے کئی مرتبہ متعلقہ حکام و ضلع انتظامیہ سے رجوع کیا جاچکا ہے لیکن ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جاسکا ۔مقامی لوگوں و پنچایتی اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد سب سنٹر کو کرایہ کے مکان سے سرکاری عمارت میں منتقل کیا جائے تاکہ عام لوگوں کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔
 
 
 
 
 
 
 

سرنکوٹ کا دور افتاد ہ علاقہ ناڑ بیر بنیادی سہولیات سے محروم 

پانی ،بجلی ،مواصلاتی نظام کیساتھ ساتھ شعبہ صحت کی توجہ بھی حاصل نہ کرسکا 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ صدر مقام سے کئی کلو میٹر کی مسافت پر آباد ناڑ بیر علاقہ کی عوام ہر طرح کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جس کی وجہ سے لوگ قدیم طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔5ہزار سے زائد کی آبادی والے گائوں میں ابھی تک کوئی رابطہ سڑک کی تعمیر عمل میں نہیں لائی گئی جبکہ مواصلاتی نظام بھی دستیاب نہیں ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ مواصلاتی نظام کی عدم دستیابی کی وجہ سے بچوں کی آن لائن تعلیم پوری طرح سے متاثر ہوئی ہے جبکہ مقامی و ضلع انتظامیہ کی جانب سے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی دلچسپی بھی نہیںلی جارہی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ 20برس قبل علاقہ میں 1کمرے پر مشتمل ایک طبی سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جبکہ اس سنٹر کو ایک مقامی شخص کے رہائشی گھر میں رکھا گیا ہے اور ایک ملازم تعینات رکھا گیا ہے ۔انہوں نے محکمہ صحت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں ابھی تک سب سنٹر کی عمارت تعمیر نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکل حالت میں بھی دیگر علاقوں میں دربدر ہونا پڑتا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ سرنکوٹ ہسپتال کئی کلو میٹر کی دوری پر قائم ہے جبکہ وہاں پہنچنے کیلئے سڑک جیسی سہولیات بھی دستیاب نہیں ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گائوں میں پانی و بجلی کیساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے متعلقہ آفیسران کو متحرک کیا جائے ۔
 
 

منڈی بائی پاس پل کی 2برس بعد دوبارہ تعمیر شروع 

عشرت حسین بٹ
منڈی//منڈ ی تحصیل صدر مقام پر سرکار کی جانب سے بائی پاس پْل کی تعمیر کا کام دو برس بعد دوبارہ شروع کیا گیا ہے جس کیلئے منڈی کی عوام میں خوشی کی لہر دوڑی ہے ۔2015 میں بی جے پی اور پی ڈی پی دور اقتدار میں منڈی بائی پاس پْل کی تعمیر کا کام تعمیراتی ایجنسی جے کے پی سی سی کی جانب سے شروع کیا گیا تھا جبکہ محض 40فیصد تعمیر کام کر کے رقومات نہ ہونے کی وجہ سے چھوڑ دیا گیا تھا گیارہ کروڑسے زائد کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس پل پر تعمیری کام رقومات کے نہ ہونے کے باعث بند کر دیا گیا تھا اور دو برس کے عرصہ گزرجانے کے بعد بی ڈی سی چیئر میں و ڈی سی پونچھ کی کاوشوں سے دوبارہ سر شروع کر دیا گیا ہے جس کو لے کر منڈی کی عوام نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سرپنچ راجپورہ فاروق احمد نے کہا کہ منڈی بازار میں گاڑیوں کا جام لگنے کی وجہ سے سرکار نے اس پْل کی تعمیر کا منصوبہ 2015 میں بنایا تھا جس کو تعمیراتی ایجنسی جے کے پی سی سی نے رقومات نہ ہونے کی وجہ سے چھوڑ دیا تھا۔انہوں نے کہاکہ سیاسی قیادت و انتظامیہ کی محنت کی وجہ سے اب کام کو دوبارہ سے شروع کر دیا گیا ہے جس سے عام لوگوں کو فائدہ پہنچے گا ۔
 
 
 
 

 ضلع ہسپتال پونچھ میںڈاکٹروں کی کئی اسامیاں خالی | دیگر سہولیات بھی میسر نہیں ،مریضوں کو مشکلات کا سامنا 

حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے راجہ سکھدیو سنگھ ضلع ہسپتال میںڈاکٹروں و نیم طبی عملہ کی کمی کے باعث لاکھوں نفوس پر مشتمل آبادی کو ناقص طبی سہولیات کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ضلع ہسپتال پونچھ میں آنکھوں کے ڈاکٹر سمیت ،چمڑی، آنکھ کان ناک کے ڈاکٹروں کی آسامیاں خالی پڑی ہیں جبکہ ڈاکٹروں کے لئے رہائشی کوارٹر بھی بہت کم ہیں جس کی وجہ سے یہاں باہر سے آنے والے ڈاکٹروں کو بھی کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ تا ہے ۔پونچھ میں قائم ضلع ہسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی درجنوں اسامیاں خالی پڑی ہیں جبکہ ہسپتال میں جدید مشینیں تو نصب کی کئی گئی ہیں لیکن ان کو چلانے والوں کی بھی کمی ہے جس کے نتیجے میں مریضوں کو اپنا معمولی علاج کے لئے جموں یا سرینگر کا رخ اختیار کرنا پڑتا ہے اور بیشتر مریض مفلسی کے باعث اپنی طبی جانچ وقت پر نہیں کرواسکتے اور زندگی کی جنگ ہار جاتے ہیںیہاں تک کہ ضلع ہسپتال میں جدید لیبارٹری بھی نہیں ہے۔ سماجی و سیاسی کارکن شفیق حسین بابا نے ضلع ہسپتال پونچھ میں ڈاکٹروں و نیم طبی عملہ کی کمی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ناقص طبی نظام کے باعث غریب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انھوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وسیع آبادی پر قائم ضلع ہسپتال پونچھ میں ماہر ڈاکٹروں کی کئی آسامیاںبرسوں سے خالی پڑی ہیں جس کے نتیجے میں اکثر مریضوں کو جموں منتقل کیا جاتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے انھوں نے ایک تحریری یاداشت لیفٹیننٹ گورنر کو ارسال کی ہے جس میں انھوں نے بہتر طبی خدمات  فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ تحریری یاداشت میں یہ بھی لکھا ہے کہ کہ ضلع ہسپتال میں ماہر ڈاکٹروں کی کئی خالی پڑی اسامیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکام دور افتادہ علاقوں میں صحت کے شعبے میں کس قدر بہتری لانے کے لئے سنجیدہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ضلع ہسپتال پونچھ میں ڈاکٹروں و نیم طبی عملہ کی خالی پڑی اسامیوں کو پورا کرنے کے لئے متعدد بار اعلیٰ حکام سے رجوع کیا گیالیکن کوئی اقدامات نہیں کئے گئے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ لیفٹیننٹ گورنر عوام کی پریشانیوں کو سمجھتے ہوئے  فوری کاروائی کریں گے۔انھوں نے پونچھ کی عوام کو ہوائی ایمبولینس سروس فراہم کرنے کا بھی گورنر سے مطالبہ کیا ہے۔ 
 
 
 

ڈائلیسس سروس 4دن بعد بحال 

عشرت حسین بٹ
پونچھ//راجہ سکھ دیو سنگھ ضلع ہسپتال پونچھ کا ڈائلیسس مرکز چار دن بعد فعال ہوا ہے۔ہسپتال میں چار دن قبل ڈائلیسس مشینری میں تکنیکی خرابی آئی تھی جس کی وجہ سے گردوں کے مرض میں مبتلا لوگوں کو کافی مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا تھا اور انہیںڈائلیسس کیلئے نجی کلینکوں کا رخ کرنا پڑ رہا تھا۔سپر نا ٹینڈنٹ ضلع ہسپتال پونچھ ڈاکٹر مشتاق حسین جعفری نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے ہسپتال میں ڈائلیسس مشین میں تکنیکی خرابی آئی تھی جس کی وجہ سے مریضوں کے ڈائلیسس نہیں ہو رہے تھا۔ ان کا کہنا تھاتاہم اس خرابی کو ٹھیک کرنے کیلئے جموں سے انجینئروں کی ایک ٹیم نے موقعہ پر آکر تکنیکی خرابی کو دور کیا اور اب مشینری قابل استعمال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں بیس سے تیس مریض ایسے ہیں جن کے ضلع ہسپتال میں ڈائلیسس کئے جاتے ہیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلع کے کسی بھی ایسے مریض کو ضلع سے باہر یا  نجی کلینکوں پر جانے کی ضرورت نہیں ہے ایسے مریض ضلع ہسپتال پونچھ میں آ کر سروسیز لے سکتے ہیں۔
 
 

پونچھ میں سکھ نوجوانوں کا احتجاج | پاکستانی حکومت کا پتلا نذر آتش کیا 

حسین محتشم
پونچھ// بس سٹینڈ پونچھ پر سکھ یوتھ پونچھ کے بینر تلے ایک زبر دست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، اس مظاہرے کے دوران مظاہرین نے ہندوستان زندہ باد اور پاکستان مردہ باد کے نعرے لگا کر اپنے غم و غصہ کا اظہار کر کے راجوری اور پونچھ ضلع کے درمیانی علاقہ ’دیرہ کی گلی‘ جنگلات میں فوج اور جنگجوئوں کے مابین جھڑپ میں شہید ہونے والے ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت 5اہلکار وں کی موت پر اظہار افسوس کیا۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ یہ سب پاکستان کے اشاروں پر ہو رہا ہے ۔انھوں نے اس عسکریت پسند حملے کے بھرپور مذمت کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ یہ غم صرف ان کا نہیں ہے بلکہ ہر ہندوستانی کا غم ہے۔مظاہرین نے چند روز قبل سرینگر عید گاہ میں ہوئے اساتذہ کے قتل پر بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ چنندہ قتل میں ملوث ملک دشمن عناصر کے خلاف  سخت کاروائی کریں۔انھوں نے بے گناہوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے جموں کشمیر میں عسکریت  پسندی کو کچلنے کا مطالبہ کیا۔
 
 
 
 

میلادکمیٹی پونچھ کا اجلاس منعقد

حسین محتشم
پونچھ// پوری دنیا کی طرح پونچھ میں بھی جشن عید میلاد النبی کے حوالے سے محافل کا اہتمام تزک و احتشام کے ساتھ کیا جا رہا۔ سرحدی ضلع پونچھ میں پہلی ربیع الاول سے محافل منعقد کی جارہی ہیں جس میں عقیدت مند بڑے ہی عزت و احترام کے ساتھ ذکر رسول ؐکر رہے ہیں۔ 6 ربیع الاول سے لگاتار پونچھ کے صدر مقام پر ہر عاشقان رسولؐ کی جانب سے شبانہ میلاد جلوس برآمد ہوتے تھے پچھلے دو سال سے لگاتار یہ جلوس برآمد نہیں ہو پا رہے ہیں جس کی وجہ سے مسلمان مایوس دکھائی دے رہے ہیں۔میلادکمیٹی پونچھ کے بینر تلے ایک اجلاس منعقد کیا گیا جہاں پر نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران میلاد کمیٹی کے جنرل سیکرٹری عمران میر نے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر جموں کشمیر  سے اپیل کی کہ وہ عید میلاد النبی کے جلوسوں پر سے پابندی ہٹائیں۔انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی کمیٹی پونچھ ہر طرح سے احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہ کر جلوس برآمد کرے گی اور اس بات کا پوری طرح خیال رکھا جائے گا کہ کوئی کرونا وائرس میں مبتلا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ فرزندان رسول پونچھ میں شبانہ جلوس ہر سال نکالا کرتی ہے لیکن گزشتہ برس کوڈ19 کی وجہ  سے جلوس برآمد نہیں ہو سکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سے اب حالات بہتر ہیں اور لوگ اس بات سے واقف ہوچکے ہیں کہ کوڈ سے کیسے بچاجا سکتا ہے۔ اس دوران تمام شرکا نے کا اتفاق رائے ایک خط لیفٹیننٹ گورنر کو لکھا جس میں انہوں نے اپیل کی کے میلاد کے جلوس برآمد کرنے کی اجازت دی جائے۔ 
 
 
 
 

پو لیوشن کنٹرول کمیٹی کا بگنوٹی میں اجلاس 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //نوشہرہ کے بگنوٹی علاقہ میں پولیوشن کنٹرول کمیٹی کی جانب سے ایک اجلاس کا اہتمام کیا گیا۔اے ڈی سی نوشہرہ کی قیادت میں منعقدہ اجلاس کے دوران عوامی مسائل و مطالبات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔اجلاس کے دوران اے ڈی سی نوشہرہ نے کہاکہ غیر قانونی طورپر غیر قانونی طورپر دریائوں و نالوں سے ریت اور بجری نکالنے کے عملپر متعلقہ محکمہ کو روک لگانی چاہئے تاکہ قدرتی ماحولیاتی توزان کو بر قرار رکھا جاسکے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے بینکوں سے قرض لے کر ٹرایلیاں خریدی ہیںلیکن گزشتہ ایک برس سے جیو لوجی اینڈ مائینگ شعبہ کی جانب سے دریائوں سے ریت اور بجری نکالے کا عمل بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔اس اجلاس میں مکینوں و معززین کیساتھ ساتھ متعلقہ محکمہ کے آفیسران نے بھی شرکت کی ۔