مزید خبریں

پاکستانی زیر انتظام کشمیر میںبھیانک سڑک حادثہ

 جیپ کھائی میں گرنے سے 5شہری ہلاک،4 زخمی

یو این آئی
 
اسلام آباد// پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حویلی میں جمعرات کی صبح جیپ گہری کھائی میں گرنے سے 5افراد ہلاک اور 4زخمی ہوگئے ۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب جیپ سوار نے سڑک کے بیچ میں کھڑی گاڑی کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے اسے ایک طرف موڑ دیا اور کھائی میں جا گری۔ حادثے میں 5افراد موقع پر ہی جاں بحق اور4 دیگر زخمی ہو گئے ۔امدادی کارکنوں نے بتایا کہ یہ تمام افراد خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور ایک شادی کے سلسلے میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں خواجہ بانڈی آئے تھے ۔ سڑکوں کی خراب حالت کی وجہ سے پاکستان اور اس کے زیر انتظام کشمیر میں سڑک حادثات بہت عام ہیں اور اس علاقے کو پاکستان کی طرف زیادہ توجہ نہیں مل رہی ہے ۔
 
 

آبی گذر بنڈ سے لاپتہ معمر خاتون کی لاش جہلم سے برآمد 

سری نگر//آبی گذر بنڈ سے لاپتہ ہوئی معمر خاتون کی نعش نواکدل میں دریائے جہلم سے برآمدکی گئی۔ جے کے این ایس کے مطابق سوموارکی شام آبی گذربنڈ سرینگر سے ہائوس بوٹ میں مقیم موذن عبدالعزیزکلوکی 70سالہ اہلیہ رحتی پُراسرارطورپرلاپتہ ہوئی ۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ عبدالعز یز کلو11،اکتوبرکی شام جب مسجد میں اذان دینے کیلئے گھرسے نکلا تواُس نے اہلیہ سے کہاکہ وہ مسجدجارہاہے اوراہلیہ نے اُس کومعمول کی طرح رُخصت کیا ۔جامع مسجد آبی گزر سے نماز اداکرنے کے بعدجب عبدالعزیز کلوواپس ہائوس بوٹ پہنچا تواس نے اہلیہ کولاپتہ پایا۔لوگوںکے مطابق اہل خانہ اوررشتہ داروںنے بزرگ خاتون کوہرممکنہ جگہ پرتلا ش کیا لیکن کوئی سراغ نہیں ملا ۔تین روز بعدجمعرات کی صبح پولیس نے صفاکدل اور نواکدل کے درمیان دریائے جہلم سے ایک خاتون کی نعش برآمدکی جسکی شناخت رحتی کے بطورہوئی۔ پولیس نے ضروری لوازمات کے بعدمذکورہ خاتون کی نعش لواحقین کے سپردکی ۔
 
 

بانڈی پورہ میں دل آزار واردات رونما

 مسجد میں اذان دیتے ہوئے شہری کلہاڑی کے حملہ میں زخمی 

عازم جان 
 
بانڈی پورہ //باغ بانڈی پورہ میں 75 سال کے بزرگ کو اذان دینے کے دوران کلہاڑی سے وار کرکے شدید زخمی کردیا گیا ۔ علی محمد ملک  مسجد میں مغرب کی اذان دے رہا تھا جس کے دوران کسی نامعلوم شہری نے پیچھے سے حملہ کرکے گردن پر کلہاڑی سے وار کیا اور وہ خون میں لت پت ہوکر گرگیا ۔مذکورہ شہری کو فوری طور پر ضلع ہسپتال بانڈی پورہ پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مزید علاج و معالجہ کے لئے سرینگر منتقل کیا۔ پولیس نے اس دلدوز اور انسانیت سوز حملہ کے سلسلہ میں کیس درج کرلیاہے۔ پولیس کاکہنا ہے کہ حملہ میںملوث شہری کو گرفتار کرنے کیلئے معاملہ کی تحقیقات شروع کی گئی ہے۔  بتایاجاتا ہے کہ حملہ کرنے والا شخص ذہنی طور پر مفلوج ہے۔ 
 

’کشمیری جیسے سخی لوگ ملک میں اور کہیں نہیں‘

مہلوک بیل پوری بیچنے والے قریبی رشتہ دار کا بیان

یو این آئی
 
سرینگر// بہار کے پانی پوری بیچنے والے کی لال بازار سرینگر میں نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں ہلاکت کے چند روز بعد ان ہی کے ایک نزدیکی رشتہ دار، جو خود بھی سرینگر میں پانی پوی ہی بیچتے ہیں، کو ایک ویڈیو میں کشمیریوں کی ثنا خوانی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔پنکج پاسوان نامی 48سالہ مزدور کا ویڈیو، جو سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر گردش کر رہا ہے ، میں کہنا ہے کہ کشمیری جیسے سخی و انسان دوست لوگ ملک میں اور کہیں نہیں ملیں گے ۔ویڈیو میں ایک رپورٹر کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے پاسوان کہتے ہیں ’’میں گذشتہ 27 برسوں سے یہاں رہتا ہوں، میں بہت چھوٹا تھا جب یہاں آیا تھا آج میری عمر 48 برس کی ہے ‘۔انہوں نے کہا’’گذشتہ 12برسوں سے میں یہاں اپنے کنبہ کے ساتھ رہتا ہوں ،کسی چیز کی کوئی دقت نہیں ہے یہاں لوگ بھی اچھے ہیں اور یہاں کا ماحول بھی بہت اچھا ہے '۔پنکج پاسوان ویڈیو میں کشمیریوں کی سخاوت و انسان دوستی کا تذکرہ ان الفاظ میں کرتے ہیں ’یہاں کے جیسے لوگ میں نے اور کہیں نہیں دیکھے ، پچھلے سال جب کورونا پھیلا تو ہم یہاں 4ماہ پھنس گئے ،یہاں کے لوگوں نے خود ہی کھانے پینے کی چیزیں جیسے چاول، آٹا، سبزی، تیل وغیرہ میرے گھر پہنچائیں‘۔مذکورہ شہری نے کہاکہ ’'ہم نے کسی سے نہیں مانگا لوگوں نے خود ہی میرے گھر یہ ساری چیزیں پہنچائیں کیوں کہ وہ جانتے تھے کہ میں ریڑہ نہیں لگا پا رہا ہوں ،لہٰذا کھانے پینے کی چیزوں کی دقت ہوگی‘۔انہوں نے کہا 'ہمارے بہار میں ایک پڑوسی دوسرے پڑوسی کو ایک کلو چاول نہیں دیتا ہے یہاں لوگ بیرون وادی کے لوگوں کی مدد کرتے ہیں ،یہاں ماحول خراب نہیں ہے ،ایسے لوگ اور کہاں ملیں گے‘۔دفعہ 370 کی تنسیخ کے وقت پیدا شدہ صورتحال کے بارے میں پنکج پاسوان کہتے ہیں’دفعہ 370 کے ہٹانے کے وقت ہمیں یہاں کے لوگوں نے نہیں بھگایا بلکہ حکومت نے ہمیں سامان باندھ کر بھاگنے کو کہا جبکہ یہاں کے لوگوں نے یہیں رہنے کو کہا‘۔ان کا کہنا تھا: 'ہمیں یہاں کوئی ڈر نہیں ہے ،ڈر ہوگا تو ہم کیا کمائیں گے اور بچوں کو کیسے پالیں گے ‘۔بتا دیں کہ ملک کی مختلف ریاستوں بشمول بہار، اترپردیش، راجستھان وغیرہ سے ہر سال 6سے 7لاکھ لوگ کشمیر آکر یہاں مختلف النوع کام کر کے روزی روٹی کماتے ہیں۔
 

پھلنی کوٹرنکہ میں دوشیزہ کی مشکوک موت

محمد بشارت 
 
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کے پھلنی علاقہ میں ایک دوشیزہ کی مشکوک حالت میں مو ت واقع ہونے کے بعد پولیس نے معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ پھلنی علاقہ میں سیما دیو دختر موتی لعل نے کوئی زہریلی اشیا ء نگل لی تھی جس کے بعد وہ بیہوش پائی گئی ۔اہل خانہ کی جانب سے اس کو گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا تاہم اس دوران اس کی موت واقعہ ہو گئی ۔پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کروا کر اس کو اہل خانہ کے حوالے کر دیا جبکہ اس سلسلہ میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
 

بارودی سرنگوں سے بچائو 

فوج کا پورٹروں کیلئے بیداری پروگرام 

 
راجوری //فوج کی جانب سے راجوری کے نوشہرہ سب ڈویژن میں پوٹروں کیلئے ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس بیداری پروگرام کے دوران فوجی آفیسران نے پوٹروں کو سرحدی علاقوں میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں سے حفاظت اور احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔فوجی آفیسران نے کہاکہ فوج پوٹروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی وعدہ بند ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملکی حفاظت کیلئے سرحدی علاقوں میں بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جبکہ پوٹروں کی ایک بڑی تعداد فوج کیساتھ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔انہوں نے مقامی پوٹروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی خدمات انجام دیتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔اس دوران مکینوں و پوٹروں نے فوج کی جانب سے اٹھائے جارہے اقدامات کی تعریف کی ۔
 
 

تاج دین کالونی نٹی پورہ میں سڑک خستہ حال

مقامی آبادی کا احتجاج، میگڈم بچھانے کی مانگ 

سرینگر//تاج دین کالونی نٹی پورہ میں لوگوںنے سڑک کی خستہ حالی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین سڑک پرمیکڈم بچھانے کی مانگ کررہے تھے۔ جمعرات کو تاج دین کالونی نٹی پورہ سرینگر کی آبادی سڑک پر جمع ہوئی اورآراینڈ بی محکمہ کے خلاف احتجاج کرنے لگے۔مظاہرین کاکہنا ہے کہ سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہے اور جگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں۔ مظاہرین کے مطابق سڑک کی پیمائش کی جاتی ہے لیکن میکڈم نہیں بچھایاجاتا۔ احتجاج میں شامل ایک خاتون نے بتایا کہ سڑک کی حالت اس قدر خستہ ہے کہ کوئی رشتہ دار بھی اُن ہاںنہیں آتا۔ مذکورہ خاتون نے کہاکہ رشتہ دار یہ کہہ کر طعنے دیتے ہیں کہ تم کس بستی میں رہائش پذیر ہو۔ مظاہرین نے کہاکہ موسم سرما میں حالت مزیدابتر ہوجاتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ گلی اور کوچوں میں میکڈم بچھایاگیا لیکن اتنی وسیع سڑک پرمیکڈم نہیں بچھایاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ میکڈم بچھانے کی عرضی لیکر وہ گزشتہ 4سال سے ایک دفتر سے دوسرے دفتر کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن یقین دہانیوں کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آرہا ہے ۔ احتجاجی مظاہرین نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سردیوںسے قبل ہی سڑک پر میکڈم بچھایا جائے۔
 

رہمو پلوامہ میں چوری

 بھاری مقدار میں سیب چرا لئے

سرینگر//پلوامہ کے رہمو علاقے میں دوران شب چوروں نے باغات سے بھاری مقدار میں سیب چرالئے ہیں۔ چوری کی اس واردات سے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ چوروں نے دوران شب غلام رسول نجار اور گلزاراحمد نجار کے باغات سے بھاری مقدار میں سیب چرا لئے جن کی مالیت ہزاروں روپے بتائی جاتی ہے۔ مذکورہ باغ مالکان کا کہنا ہے کہ انہوں نے سیب باغات میں جمع کئے تھے جنہیں رات کے دوران چرا لیا گیا۔انہوں نے انتظامیہ سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔چوری کی اس واردات سے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
 
 

کشمیر میں پیناسونک لائف سلیو شنز انڈیا کے ’ZIVA‘ سوئچ متعارف

 سرینگر//ملک میںبجلی کا سازوسامان(الیکٹریکل کنسٹرکشن مٹیرئل یا ECM) تیار کرنے والی بڑی کمپنیوں میں سے ’پینا سونک لائف سلیو شنز انڈیا ‘‘ نامی کمپنی نے کشمیر میں ’ZIVA‘ کے نام سے نئے اور اعلیٰ معیار کے ماڈیولر سوئچ بازارمیں متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔کمپنی کے مطابق سستے ماڈیولر سوئچ کی خوبصورت اور دلکش رینج ایسے صارفین کیلئے بازار میں لائی گئی ہے جو اپنے طرز زندگی کو اَپ گریڈکرنے کے خواہاں ہیں۔ZIVAکو متعارف کرانا صارفین کے ایسے زمرے کیلئے ایک بڑی پیش رفت ہے جو سستے نرخوں پراپنی نوعیت کے جدید ترین اور دلکش سوئچ لگوانے کی خواہش رکھتے ہیں۔وادی میںنئے مکانات تعمیر کرنے کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جس کے نتیجے میں سمارٹ اور توانائی بچانے والے بجلی اور اس پر چلنے والے آلات کی مانگ بھی بڑھ رہی ہے۔اس کے علاوہ اس رجحان سے گھریلو سامان خریدنے والی لوگوں کی ایک بڑی تعداد ایساسامان خریدنے میں دلچسپی کا مظاہرہ کررہی ہے جو سستا اور اچھے معیار کا ہو۔اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے کمپنی نے اپنی موجودہ رینج میں ایک قابل ذکر اضافہ کیا ہے۔ZIVAجدید تکنیک، زیادہ کام اور بہترین ڈیزائن کا ایک ملاپ ہے جوصارفین کی بدلتی ہوئی پسند کے عین مطابق ہے ۔ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر کازوکی یائو کا کہنا ہے’’ہم کشمیر میں ZIVAمتعارف کرنے پر انتہائی پر جوش ہیں ، یہ ماڈیو لر سوئچز کی سستی رینج ہے جومضبوط اور خوبصورت ڈیزائن کے ساتھ ساتھ عمودی اور اُفقی طریقے سے نصب کی جاسکتی ہے ۔ہم پینا سونک لائف سلیو شنز انڈیا میں بین الاقوامی سطح کے ماہرین کے ساتھ بھارت میں صارفین کو آرام دہ، محفوظ، سستے دام جیسی سہولیات فراہم کرتے ہیں‘‘۔ سینئر وائس پریذیڈنٹ سیلز اینڈ مارکیٹنگ سنیل نرولا نے بتایا’’ہم کشمیر میں سستے دام کے عوضZIVAمتعارف کرنے پر پُر جوش ہیں ، وادی کشمیر میں رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں ترقی اور مکانات کے شعبے میں بڑھتی ہوئی مانگ کے چلتے ہم ZIVAکی سستی رینج کے ذریعے کشمیر کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر اہم بازاروں میں مارکیٹ کا اچھا خاصا حصہ حاصل کرنے کی راہ دیکھ رہے ہیں‘‘۔
 

 موبائیل نیٹ ورک کی عدم دستیابی 

کیرن میںصارفین ذہنی کوفت کا شکار

سرینگر//سرحدی علاقہ کیرن میں موبائیل نیٹ ورک کی عدم دستیابی کے نتیجے میں صارفین خاص طور پر طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔علاقے میں اگرچہ موبائل ٹاور نصب کیا گیا ہے تاہم ٹاور ہونے کے باوجود بھی نیٹ ورک نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوںنے کہا کہ یہاں طالب علموں کو آ ن لائن تعلیم حاصل کرنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوںنے لیفٹیننٹ گورنر اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ علاقے میں مزید موبائل ٹاور نصب کئے جائیں تاکہ صارفین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ادھر ڈپٹی کمشنر کپوارہ امام الدین نے بتایا کہ اس علاقے میں ایک نجی کمپنی نے ٹاور لگایا ہے اور دیگر کمپنیاں بھی ٹاورنصب کرنے جارہی ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ عنقریب اس علاقے میں موبائل کا نیٹ ورک ہر گائوں میں ہوگا اور انٹر نٹ بھی چالو کیا جائے گا ۔ 
 

 محمد شفیع اوڑی کی والدہ کی فاتحہ خوانی میں لوگوں کی بھاری شرکت

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے سینئرلیڈر خواجہ محمد شفیع اوڑی کی والدہ کی اجتماعی فاتحہ خوانی اور ایصال ثواب کی مجلس میں سماجی کے مختلف مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والوں لوگوںنے شرکت کی۔ اس موقع پر مرحومہ کے حق میں دعا ئے مغفرت کی گئی اور مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے عا کی ۔ ایصال ثواب کی مجلس میں مقررین نے مرحومہ کے نیک اوصاف اور اخلاقِ حمیدہ پر روشنی ڈالی۔ سینئر پارٹی لیڈران علی محمد ڈار، عرفان احمد شاہ خالد نجیب سہروردی، شوکت حسین گنائی ، عمران نبی ڈار، پروفیسر عبدالمجید متو، ڈاکٹر محمد شفیع کے علاوہ مقامی پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے بھی شرکت کی۔ 
 

رئیل می کمپنی کا جی ٹی سیریز میں نئے موبائل کا اضافہ

سرینگر // ہندوستان میںاسمارٹ فون برانڈ ’رئیل می‘ نے اپنی جی ٹی سیریز ، ریل جی ٹی نیو 2 درجے میںدرمیانی رینج سے متعلق تازہ ترین اضافہ کردیا۔ جی ٹی کنبے میں نیو کا اضافہ’ ریئل می‘ کیلئے ایک نئی شروعات کا آغاز کرتا ہے ، جہاں جی ٹی جدید ٹیکنالوجی کی علامت ہے جبکہ  نیو مستقبل کے بارے میں پر امید نقطہ نظر کے ساتھ ریئل می کے نوجوانوں کے رویے کو سمیٹتا ہے۔ لانچ کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے نائب صدر ریئل می مادھو شیتھ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ریئل می انڈیا، یورپ اورامریکہ نے کہا ’’ "ریئل می‘ نے ہمیشہ آگے بڑھنے کی جرات کی ہے اور دنیا کے سب سے تیزی سے ترقی کرنے والے اسمارٹ فون برانڈ اور 5 جی لیڈر کے طور پر ، ابھرا ہے‘‘۔انہوں نے کہا ’’یہ ہمارا مقصد ہے کہ صارفین کو بہترین درجے کے اسمارٹ فون فراہم کئے جائیں‘‘۔
 

ڈی جی پی کی دسہرہ پر لوگوں کو مبارکباد 

سرینگر// ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے جموں وکشمیر کے عوام کو دسہرہ کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔ڈی جی پی نے پولیس اہلکاروں ،  فورسز اور ان کے خاندانوں کی کامیابی اور خوشی کی دعا کی ہے۔ اپنے پیغام میں دلباغ سنگھ نے کہا ہے کہ’  آج کے دن ہم برائی پر اچھائی کی فتح مناتے ہیں ،بہادری اور جرات کا جشن مناتے ہیں ‘۔ انہوں نے دعا کی ہے کہ یہ تہوار جموں و کشمیر میں امن ، ہم آہنگی اور خوشحالی لائے۔