مشیر فاروق خان کا دورہ ٔقاضی گنڈ | منظورشدہ کاموں کومقررہ وقت میںپورا کرنے کی ہدایت
اننت ناگ//لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے قاضی گنڈ کا دورہ کیا ۔ مشیر کے ہمراہ ڈائریکٹر زراعت کشمیر اور ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیر بھی تھے ۔ مشیر نے پی آر آئی ممبران ، میونسپل کمیٹی قاضی گنڈ کے کونسلرز ، مقامی تاجر ، اوقاف ایسوسی ایشنز اور قاضی گنڈ کے شہریوں کے کئی وفود سے ملاقات کی ۔ انہوں نے وفود کے تمام مطالبات اور شکایات کو غور سے سُنا ۔ وفود نے ترقیاتی امور سے متعلق مختلف مطالبات پیش کئے جن میں پی ایم اے وائی اہداف میں اضافہ ، 14 ویں فائنانس کمیشن گرانٹس کے تحت کاموں کی تکمیل ، ڈسٹرکٹ کیپیکس پلان ، ایف آر اے 2006 کے تحت حقیقی مستحقین کے فوائد کو یقینی بنانے کیلئے ایس ٹی سرٹیفکیٹ جاری کرنا ، پنچائتوں اور قصبے میں کھیل کے میدانوں کی ترقی ، قاضی گنڈ ٹاؤن اور نیشنل ہائی وے میں اسٹریٹ لائیٹس کی تنصیب ، پنچائتوں اور تحصیل دفاتر میں انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے علاوہ بعض مقامی مسائل بھی اٹھائے جیسے بار بار ٹریفک جام ، برف کٹر مشینوں ک ضرورت ، مقامی ٹراما ہسپتال میں سہولیات کی اپ گریڈیشن وغیرہ شامل ہیں ۔ وفود نے ضلعی انتظامیہ اور ضلعی پولیس کی منشیات کی لعنت کے خلاف مسلسل جدو جہد کو سراہا ۔ مشیر نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے تمام وفود کو شکایات کے بروقت حل کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے حقیقی مقامی مطالبات اور بنیادی جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے ناگزیر اداروں کے کیرئیر کے طور پر پی آر آئیز کے کردار پر زور دیا ۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد میں پی آر آئی کو شامل کریں ۔ مشیر نے ضلع کے قبائلی ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے شرکاء کو آگاہ کیا کہ منصوبوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور منصوبوں میں قبائلی عوام کے مطالبات پر توجہ دی جائے گی ۔ مشیر نے پی آر آئی اور ضلعی انتظامیہ کے مابین ہم آہنگی کی ضروریات پر زور دیا تا کہ منظور شدہ کاموں کو بروقت عمل میں لایا جا سکے ۔ مشیر نے کولگام اور پلوامہ اضلاع کے پھلوں کے کاشتکاروں کے وفود سے بھی بات چیت کی ۔ انہوں نے مشیر کو ان کی پیداوار کی نقل و حمل اور مارکیٹنگ سے تعلق مسائل سے آگاہ کیا ۔ مشیر نے ضلعی افسران کو ہدایت دی کہ ان کے مسائل کو جلد حل کیا جائے ۔
محکمہ زراعت نے عالمی یوم خوراک منایا
سرینگر// زرعی پیداوار اور بہبود کساناں شعبے نے عالمی یوم خوراک منا یا اور اِس دوران کشمیر صوبہ کے تمام اِضلاع میں محکمہ کی جانب سے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ پرنسپل سیکریٹری زرعی پیدا وار اور بہبود کساناں محکمہ نوین کمار چودھری نے اِس دِن کی اہمیت اُجاگر کی۔اَپنے پیغام میں اُنہوں نے کہا کہ عالمی یوم خوراک ہر برس 16؍ اکتوبر کو منایا جاتا ہے تاکہ بھوک سے دوچار اَفراد کے لئے عالمی بیداری اور عمل کو فروغ دیا جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ نامیاتی خوراک ، کیڑے مار اَدویات ، پروسسنگ یا اِضافی چیزوں سے پاک سب کے لئے ضروری ہے۔اُنہوں نے کہا کہ دُنیا میں تقریباً 821 ملین اَفراد دائمی طور پر غذائی قلت کا شکا ر ہیں ۔ان میں سے 99فیصد ترقی پذیر ممالک میں رہتے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ بنیادی توجہ عالمی بھوک ، مال غذائیت اور غذائیت سے بھرپور خوراک کو تمام اِنسانوں کی بنیادی ضروریات کے طورپر حل کرنا ہے۔نوین چودھری نے کہا کہ اِس عالمی خوراک کے دِن ہمیں خوراک اور خوراک کی ترقی کا احترام کرنا چاہیئے اور خوراک سے متعلقہ کاروبار او ر خوردہ فروشوں کی مدد کرنی چاہیئے۔عالمی یوم خوراک کے موقعہ پر محکمہ ٹہب پلوامہ میں ایک تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے ناظم زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے کہا کہ عالمی یوم خوراک کو بڑے پیمانے پر منانے کے لئے محکمہ زراعت نے ’’ نیشنل مشن آن ایڈیبل آئلز‘‘ کے تحت پہلے ہی تیل کے بیجوں ( سرسوں ) کے رقبے کو دوگنا کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر مہم شروع کی ہے۔
اندرون گاندربل میںریچھ کاحملہ | نوعمرلڑکی زخمی،سکمز صورہ منتقل
گاندربل/ارشاد احمد/اندرون گاندربل میں ریچھ کے حملے میں 17سالہ لڑکی شدید زخمی ہوگئی۔اندرون سے مقامی شہریوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ شہناز دختر گلزار احمد خان گھر کے قریب موجود کھیت میں کام کررہی تھی کہ اچانک ایک ریچھ نمودار ہوا اور اس پر حملہ کیا اور وہ شدید زخمی ہوگئی ۔مذکورہ لڑکی کی چیخ پکار سن کر آس پاس کے لوگ جمع ہوگئے اور اسے ریچھ سے بچاکر فوری طور پر نزدیکی طبی مرکز منی گام لے گئے جہاں سے اسے مزید علاج کے لئے میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کیا گیا۔
نیشنل کانفرنس تنظیمی الیکشن
ناصر وانی کشمیر اور رتن لعل گپتا جموں کے صدور منتخب
سرینگر//نیشنل کانفرنس تنظیمی انتخابات کے سلسلے میں کشمیر اور جموں کے صوبائی صدور کا الیکشن عمل میں لایا گیا ۔ صدرِ صوبہ کشمیر کا انتخاب پارٹی کے سٹیٹ سکریٹری چودھری محمد رمضان اور وسطی زون صدر علی محمد ڈار کی نگرانی میں منعقد ہوا اور اس دوران سینئر پارٹی لیڈر ناصر اسلم وانی چوتھی مرتبہ بلا مقابلہ صوبائی صدر منتخب ہوئے۔یاد رہے کہ صوبہ کشمیر کے تمام اضلاع میں الیکشن کے دوران بھی ضلع صدور، بلاک صدور اور ڈیلی گیٹ حضرات نے ناصر اسلم وانی کو بحیثیت صوبائی صدر اعتماد کا ووٹ دیا تھا۔ اُدھر صدرِ صوبہ جموں کا انتخاب پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال اور نائب صدر صوبہ پنڈت انیل دھر کی نگرانی میں منعقد ہوا جس میں سینئر پارٹی لیڈر رتن لعل گپتا کو بلا مقابلہ صوبائی صدر منتخب کیا۔ اس موقعے پر سینئر پارٹی لیڈران سید مشتاق بخاری، اجھے سدھوترا، عبدالغنی ملک، خالد نجیب سہروردی، جاوید رانا، اعجاز جان، بملا لتھرا، ستونت کور ڈوگرا، سجاد شاہین، شیخ بشیر احمد اور دیگر سرکردہ لیڈران، خواتین اور یوتھ نگ کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ اس موقعے پر دونوں منتخب صوبائی صدور کو پارٹی لیڈران نے پھولوں کے ہار پہنائے اور مبارکباد پیش کی۔
ایس ایس پی بڈگام کی صدارت میں میٹنگ | ضلع میں سلامتی صورتحال کا جائزہ لیاگیا
سرینگر//ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم نے پولیس اور انٹلی جنس ایجنسیوں کے افسران کے ساتھ میٹنگ منعقد کی جس میں ضلع میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے مختلف حفاظتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ یہ میٹنگ سماجی دوری کے اصولوں اور دیگر کووڈ پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے منعقد کی گئی۔اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی بڈگام گوہر احمد ، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر بڈگام ، ضلع کے تمام ایس ڈی پی او ، انٹیلی جنس کے افسران کے علاوہ دیگر سینئر افسران بھی میٹنگ میں شریک تھے۔ایس ایس پی بڈگام نے ضلع میں استحکام برقرار رکھنے کے لئے پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کوششوں کی سراہنا کی اور ان پر زور دیا کہ وہ ضلع میں پُرامن ماحول اور سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ بہتر ہم آہنگی کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ امن و استحکام کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے لیے اپنے متعلقہ علاقوں کے سیکورٹی گرڈ کو مضبوط بنائیں۔
بڈگام میں مشتبہ 2نقب زنوں کی گرفتاری | پولیس نے عوام سے تعاون طلب کیا
سرینگر//بڈگام پولیس نے مشتبہ چوروں کی شناخت کیلئے عام لوگوں سے تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔ پولیس تھانہ چاڈورہ میں نقب زنی کے معاملہ میں درج ایف ایف آئی آر زیرنمبر17/2021 کے سلسلہ میں مشتبہ چوروں کو گرفتار کرنے کیلئے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل ہوگئی ہے جس میں 2 مشتبہ چوروں کی تصاویر حاصل کی گئی ہیں۔ پولیس نے عام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ملزمان کی شناخت میں مدد کریں۔ مشتبہ کی شناخت کے حوالے سے کوئی معلومات یاکوئی سراغ ملنے کی صورت میں 9419007052اور 7006220441پر تھانہ چاڈورہ کو مطلع کریں۔
پہلگام کلب میں خصوصی ویل نیس سینٹر کا اِفتتاح
اننت ناگ// سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ نے قومی آیوش مشن کے دائرہ کار م یں پہلگام کلب میں ایک خصوصی ویل نیس مرکز کا اِفتتاح کیا۔ویلنس سینٹر میں مختلف اقسام کے علاج اور خدمات جیسے کپ تھری پی ،ایکیو پنکچر تھری پی ، پرکرتی مزاج تعین ، طرزِ زندگی کی مشاورت وغیرہ سینٹر میں مریضوں کو دی جائے گی۔اِس موقعہ پر یوگا سیشن بھی منعقد کای گیا جس میں اَفسران اور سیاحوں نے بھی شرکت کی۔اِس موقعہ پر سرکاری آیوش ڈیپارٹمنٹ نے مفت فلاح و بہبود کیمپ کا بھی انعقاد کیا اور اِس کیمپ میں سیاحوں اور مقامی لوگوں میں امیونو بڑھانے والی اَدویات تقسیم کی گئیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اِس طرح کے ویلنس سینٹر مختلف سیاحتی مقامات جیسے پتنی ٹاپ ، گلمرگ ، کٹرہ اور شاہدراہ شریف راجوری میں بھی قائم کئے گئے ہیں۔اِس موقعہ پر ناظم سیاحت جی این ایتو ، ایم ڈی سیاحت فخر الدین ، ناظم پلاننگ سیاحت ، سی اِی اوپہلگام ، ایس ڈی ایم پہلگام ، اے ڈی سیاحت اور دیگر متعلقہ اَفسران موجود تھے۔
زیارت گاہوں کی حدود میں پلاسٹک اور پالی تھین کے اِستعمال پر پابندی
سری نگر//پلاسٹک اور پالی تھین کے بے جا اِستعمال سے ماحولیات پر غیر متوازن اثرات مرتب ہو رہے ہیں جس سے کرہ ارض کا وجود خطرے میں پڑ گیا ہے ۔ ماحولیات خلاف اشیاء جن میں پلاسٹک اور پالی تھین بھی شامل ہے کے کم سے کم استعمال کے لئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ جموںوکشمیر وقف بورڈ ماحولیاتی تحفظ کے لئے ہمیشہ کوشاں رہا ہے ۔ بورڈ کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق زیارت گاہوں کے حدود میں پلاسٹک اور اس سے بننے والی اشیاء کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے ۔ جن زائرین کو ان ممنوع اشیاء کا استعمال کرتے پایا جائے گا انہیں زیارت گاہ کے حدود میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ خلاف ورزی کی صورت میں ایسے زائرین کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
درگاہ حضرتبل میں 18اور 19اکتوبر کو طبی کیمپ کا اہتمام ہوگا
سرینگر//درگاہ حضرتبل میں میلاد کے متبرک ایام پر سکمز صورہ طبی کیمپوں کا اہتمام کررہاہے۔ سکمز صورہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جی اے آہنگر کی ہدایت پر درگاہ حضرتبل میں18اور 19اکتوبر اور آنے والے جمعہ کو طبی کیمپ منعقد کئے جائینگے۔ طبی کیمپ میں ڈاکٹر مریضوں کا علاج و معالجہ کرینگے اور24گھنٹے ایمبولنس موجود رہے گی جبکہ ڈاکٹرجی این آہنگر خود بھی طبی کیمپ میں موجود رہینگے۔
سی ای او نیتی آیوگ نے پہلگام کا دورہ کیا | سیاحتی عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کی صدارت کی
اننت ناگ //سی ای او نیتی آیوگ امیتابھ کانت نے پہلگام کے سیاحتی مقام کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیاحت کے افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ سی ای او کو حکمت عملی ، پیش رفت اور یو ٹی میں سیاحت کے شعبے کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔ سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ نے ایک پاور پوائینٹ پرذنٹیشن پیش کی جس میں کامیابیوں ، سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے استعمال کی جانے والی حکمت عملی اور یو ٹی میں نئے سیاحتی مقامات کی ترقی کی تفصیل دی گئی جس کے بعد اس پر ایک تھریڈ بیئر بحث ہوئی ۔ سیکرٹری سیاحت نے سی ای او کو آگاہ کیا کہ مختلف مقامات پر موسم گرما اور سرمائی تہواروں کا اہتمام ، مذہبی مقامات اور صوفی مزارات پر سیاحتی میلے ، فوڈ فیسٹیول کا انعقاد ، پرنٹ اور ڈیجٹل میڈیا میں وسیع پیمانے پر تشہیر ، روڈ شوز ، ویک اینڈ فیسٹیولز ، منزل پر مبنی میلے وغیرہ یو ٹی میں سیاحوں کی آمد کو بڑھانے کیلئے لیا جا رہا ہے ۔ سیکرٹری سیاحت نے بتایا کہ محکمہ کی طرف سے کئی صلاحیتوں کے پروگرام منعقد کئے گئے ہیں اور کئی کنسلٹنٹس اور ایونٹ منیجمنٹ کمپنیاں مصروف عمل ہیں جن کا مقصد یو ٹی کی سیاحتی صلاحیت کو سمجھنا ہے ۔ سی ای او نیتی آیوگ امیتابھ کانت نے محکمہ سیاحت کے افسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے محکمہ کو فلمی صنعت کو دلکش مقامات پر شوٹنگ کیلئے مدعو کرنا چاہئیے ، تشہیر کیلئے سوشل میڈیا کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر توجہ دینی چاہئیے۔ سیاحت کے ماہرین کو اپنے تجربات شئیر کرنے کی دعوت دیں ۔ سیاحتی مقامات کی پیشہ وارانہ فوٹو گرافی ، سیاحتی علاقوں میں خدمات کی آؤٹ سورسنگ ، جدید ترین سہولیات کی فراہمی وغیرہ کشمیر کی سیاحت کو بین الاقوامی شکل دے سکتی ہے ۔ انہوں نے محکمہ سیاحت کے کام کو سراہتے ہوئے محکمہ کو حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔
جنوبی کشمیر ترقیاتی محاذ پر امتیاز کا شکار :الطاف بخاری | پیپلز کانفرنس سینئرلیڈر خورشید احمد خان اپنی پارٹی میں شامل
سرینگر // اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے شمالی کشمیر کو نظر انداز کرنے پر یہاں سے انتخابات جیت کر بلندیوں پر پہنچنے والے سیاسی رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔انہوں نے کہاکہ شمالی کشمیر کو ترقیاتی محاذ پر نظر انداز کیاگیا اور عدم مساوات کا شکار رہا۔ ضلع بارہمولہ کے چھج ہامہ رفیع آباد میں منعقدہ تقریب کے حاشیہ پر الطاف بخاری نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ شمالی کشمیر اور جموں وکشمیر کے دیگر حصوں کے درمیان ترقیاتی تفاوت ہے اور یہاں سے منتخب ہوکر اقتدار میں اعلیٰ منصب پر فائز رہنے والوں کو جوابدہ بنایاجانا چاہئے جن کے ہاتھوں اپنوں کے ساتھ ہی ناانصافی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ جن سیاسی لیڈران نے اِس خطہ سے انتخابات لڑ کر اپنا کیریئر بنایا اور اس خطے سے الیکشن لڑ رہے ہیں،اُن سے ڈھانچہ اور عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کے بارے میں پوچھے جانے کی ضرورت ہے،مجھے یقین ہے کہ اس کا اُن کے پاس کوئی جواب نہیں ہوگا ‘‘۔ الطاف بخاری نے خرشید احمد خان کا پارٹی میں شامل ہونے پر خیر مقدم کرتے ہوئے اُمیدظاہر کی کہ اُن کے آنے سے شمالی کشمیر میں اپنی پارٹی کیڈر مزید مضبوط ہوگا ۔اس موقعہ پر خورشید احمد خان نے کہاکہ اپنی پارٹی کے حقیقت پسندانہ ایجنڈے نے اُنہیں پارٹی کا حصہ بننے کے لئے متاثر کیا تاکہ وہ اِس کے بینر تلے لوگوں کی بہتری کے لئے کام کرسکیں۔
اپنی پارٹی صوبائی خواتین ونگ کا اجلاس منعقد | گھریلو تشدد کے واقعات میں اضافہ لمحہ فکریہ
سرینگر//اپنی پارٹی خواتین ونگ نے ہفتہ کو پارٹی مرکزی دفتر ایم ٹو چرچ لین سونہ وار سرینگر میں صوبائی سطحی اجلاس کا اہتمام کیا۔ اِس کی صدارت پارٹی جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر ، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری اور چیئرمین میونسپل کمیٹی اننت ناگ ہلال احمد شاہ، ریاستی سیکریٹری منتظرمحی الدین اور صوبائی خواتین ونگ صدر کشمیر دلشاد شاہین نے کی۔ اس کے علاوہ کارڈی نیٹر خواتین ونگ اور پارٹی سوشل میڈیا کنوئنر سجادہ بشیر، صوبائی سیکریٹری افروزہ خان، ضلع صدر سرینگر ارم، جوائنٹ سیکریٹری سرینگر جمیلہ خان، کارڈی نیٹر سرینگر رفیقہ اور ضلع آرگنائزر سرینگر سروج خان بھی موجود تھیں۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے دلشاد شاہین نے کہاکہ وادی کشمیر میں گھریلو تشدد واقعات میں اضافہ تشویش کن ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر صوبہ کے متعدد اضلاع سے گھریلو تشدد اور ظلم وجبر کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں ۔ یہ رحجان انتہائی تشویش کن ہے اور لوگوں کو آگے آکر اِس کے خاتمے کے لئے آواز بلند کرنی چاہئے۔ خواتین کوئی چیز نہیں وہ بھی انسان ہیں اور انہیں بھی باوقار زندگی جینے کا حق ملنا چاہئے۔ شاین نے اِس بات پرزور دیا کہ سبھی خواتین جن کے ساتھ اُن کے شریک حیات یا سسرال والے غلط سلوک کر رہے ہیں، اُنہیں خاموش نہیں رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ’سہولت میڈیا پلیٹ فارم‘کے تحت اپنی پارٹی خواتین ونگ ایسے پریشان بہنوں، بیٹیوں کوہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔رفیع احمد میر نے کہاکہ اپنی پارٹی ہمیشہ خواتین کی بہبودی کیلئے فکر مند رہی ہے کیونکہ اِن کا معاشرے کی ترقی میں اہم رول ہے جنہیں نظر انداز کر کے کوئی بھی سماج ترقی نہیں کرسکتا۔
کھمریال سے لیکر کپوارہ تک بدترین ٹریفک جام | ہزاروں مسافر3گھنٹوں تک پھنسے رہے
نیوزڈیسک
سرینگر //کپوارہ لولاب شاہراہ پر سنیچر کو بدترین ٹریفک جام نے لوگوں کا حال بے حال کر دیا ہے اور قریب 3گھنٹوں تک لوگ ٹریفک جام میں پھنسے رہے ۔لوگوں کاکہنا ہے کہ شاہراہ پر مصروف ترین اوقات میں ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ہے۔ٹریفک جام میں پھنسے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ لولاب میں اس وقت قریب 100سے زائد گائوں ہیں اور لوگ کپوارہ اور وادی کے دوسرے علاقوں کی طرف کام کاج کے سلسلے میں جاتے ہیں لیکن واپسی پر یہ لوگ بدترین ٹریفک جام میں پھنس جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کپوارہ سے لولاب کی طرف دو سڑکیں جاتی ہیں اور کئی سال قبل زانگلی سڑک کو فوج نے گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا ہے اور وہاں سے ہی ایک او ر سڑک جو کپوارہ کو زانگلی سے ملاتی ہے ،کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے کھلا رکھا لیکن تنگ اور دشوار گزار اس سڑک پر صبح و شام اس قدر ٹریفک جام ہو جاتا ہے کہ لوگ گاڑیوں میں ٹریفک جام میں پھنس کر انتظامیہ کو کوستے ہیں ۔لوگوں نے کہا کہ ہم نے متعدد بار اس حوالے سے حکام کو آگاہ کیا کہ دونوں سڑکوں کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بحال کیا جائے لیکن اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی ہے۔ٹریفک جام میں پھنسے مسافروں نے مزید بتایا کہ سنیچر کو شام 5بجے کپوارہ لولاب سڑک پر ٹریفک جام ہو گیا پھر 7بجے تک لوگوں کو ٹریفک جام میں رہنا پڑا جس وجہ سے خواتین، بچوں اور ملازمین و عام شہریوں کو مشکلات پیدا ہوئیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک کھمریال سے کپوارہ جامع مارکٹ تک لگ گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ خان محلہ کے زانگلی میں گیٹ کو بند کیا جاتا ہے اور پھر یہاں ٹریفک جام ہو جاتا ہے ۔مسافروں نے کہا کہ لولاب علاقے کی طرف روانہ ہزاروں گاڑیاں سفر کرتی ہیں لیکن اس سڑک پر ٹریفک جام پر قابو پانے میں متعلقہ محکمہ مکمل طور پر ناکام ہے ۔کشمیر عظمیٰ نے اس تعلق سے ڈپٹی کمشنر کپوارہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے فون نہیں اٹھایا ۔
جموں و کشمیر میں شہری ہلاکتیں باعث تشویش :سونیا گاندھی
سرینگر//کانگریس صدر سونیا گاندھی نے ہفتہ کو جموں و کشمیر میں شہری ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں اقلیتوں کو واضح طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ مرکزی حکومت پر منحصر ہے کہ وہ مرکزی زیرانتظام علاقہ میں سماجی امن اور ہم آہنگی کو بحال کرے۔ جے کے این ایس کے مطابق کانگریس ورکنگ کمیٹی میٹنگ سے خطاب میں ، کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بھارت چین سرحدی صورت حال پر مرکزی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور اس مسئلے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔سونیا گاندھی نے کہاکہ حالیہ دنوں میں جموں و کشمیر میں ہلاکتوں میں اچانک اضافہ ہوا ہے اور اقلیتوں کو واضح طور پر نشانہ بنایا گیا ہے،اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے ۔سونیا گاندھی کاکہناتھاکہ جموں و کشمیردوبرسوں سے ایک مرکزی علاقہ ہے۔انہوںنے کہاکہ ان وحشیانہ جرائم کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی پوری ذمہ داری مرکزی حکومت کی ہے۔ کانگریس کی عبوری صدر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں لوگوں کے درمیان سماجی امن اور ہم آہنگی اور اعتماد کی بحالی بھی مودی حکومت کے ہاتھ میںہے۔سونیا گاندھی نے مزیدکیاکہ ہمیں اپنی سرحدوں اور دیگر محاذوں پر سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ وزیر اعظم نے گذشتہ سال اپوزیشن رہنماؤں کو بتایا تھا کہ چین نے ہماری سرزمین پر کوئی قبضہ نہیں کیا اور اس کے بعد سے( وزیر اعظم )کی خاموشی ہماری قوم کو مہنگی پڑ رہی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ خارجہ پالیسی موجودہ حکومت کے لئے انتخابی متحرک اور پولرائزیشن کا ایک شیطانی آلہ بن چکی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر سے سفینہ بیگ ملاقی | ضلع کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اہم اَمور سے آگاہ کیا
سری نگر//ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل چیئرپرسن بارہمولہ سفینہ بیگ نے یہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے راج بھون میں ملاقات کی۔ڈی ڈ ی سی چیئرپرسن سفینہ بیگ نے لیفٹیننٹ گورنر کو اَپنے ضلع کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اہم اَمور سے آگاہ کیا۔اُنہوں نے پہاڑی بولنے والے لوگوں کو ایس ٹی کا درجہ دینے اور دیہی روزگار گارنٹی سکیم کے تحت ملازمین کی تنخواہوںمیں اِضافہ کرنے کا مطالبہ پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے ڈی ڈی سی چیئرپرسن کے پیش کردہ مطالبات کو بغور سنا اور یقین دِلایا کہ جائز مطالبات کو ترجیحی بنیاد پر پورا کیا جائے گا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ان سے کہا کہ وہ عوامی فلاح و بہبود اور اَپنے ضلع کی ترقی کے مسائل کو آگے بڑھانے کی اَپنی کوششوں کو جاری رکھے۔
3افسران کے تبادلے
نیوز ڈیسک
سرینگر //انتظامیہ نے ہفتہ کو ایک آئی ایف ایس اور دو کے اے ایس افسران کے تبادلے عمل میں لائے۔ راہول سنگھ ، آئی ایف ایس (اے جی ایم یو ٹی2013) ، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ، فاریسٹ ڈویژن کٹھوعہ ، کو تبدیل کر کے ایڈیشنل چیف ایگزیکٹو آفیسر امرناتھ جی شرائن بورڈ تعینات کیا گیا ہے۔ انوپ کمار سونی ، آئی ایف ایس کو فارغ کرتے ہوئے ، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ، فاریسٹ ڈویژن جموں کے عہدے کا اضافی چارج دیا گیا۔ایک علیحدہ حکم کے مطابق ، ایاز احمد نیسرو ، سیکریٹری ، جے اینڈ کے لیکس اور واٹر ویز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، کو دستیاب خالی جگہ پر ڈپٹی ڈائریکٹر سیاحت کشمیر تعینات کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ملک وسیم احمد کو ایاز احمد کی خالی جگہ پر تعینات کیا گیا۔
ذالڈگر سرینگر میں قبرستان سے نوجوان کی لاش برآمد
سری نگر//زالڈگر سرینگر میں ایک نوجوان کی لاش قبرستان میں برآمد کی گئی۔ کے این ایس کے مطابق سنیچر کو لوگوں کی نظر زالڈگر میں ایک قبرستان پر پڑی جہاں 38سالہ فیروز احمد تانترے ساکنہ زالڈگر کی لاش پر پڑی تھی۔ اس موقعہ پر لوگوںنے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس کی ٹیم جائے واقعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال پہنچایا۔ اس دوران پولیس نے کیس درج کرکے مذکورہ نوجوان کی پُراسرار موت کے محرکات کا پتہ لگانے کیلئے تحقیقات شروع کی ہے۔
پلوامہ میںنوجوان کے اغوا سے سراسیمگی | پولیس کا بر وقت گرفتار جنگجو کے بھائی کو باز یاب کرنے کادعویٰ
سرینگر// پلوامہ کے نکلورہ گائوں میں نا معلوم مسلح افراد نے ایک گرفتار جنگجو کے بھائی کو اغوا کیا تھا جس کو پولیس نے بھر وقت کارروائی کر کے ناکام بنا کر نوجوان کو باز یاب کرایا ۔ کے این ایس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ایک شکیل احمد جو پہلے نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں ’اغوا‘ ہوا تھاکو پلوامہ پولیس نے بھر وقت کار وائی کرکے بچا لیا ۔اس سے قبل انہوں نے بتایا کہ شکیل احمد صوفی ولد غلام محمد کے گھر میں کچھ پستول والے افراد گھس گئے اور انہیں اپنے ساتھ لے گئے جس حوالے سے پولیس کو بھر وقت اطلاع ملی جنہوں نے تلاشی کارروائی شروع کی اور مذکورہ نوجوان کو بچالیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ شکیل کے بھائی شمیم احمد صوفی کے بارے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ یکم اکتوبر کونکلورہ گاؤں کے باغات میں پستول اور گولہ بارود سمیت پکڑا گیا تھاجس کا تعلق لشکر سے بتایا گیا ہے ۔اغوا کاری کے اس واقعے کی وجہ سے پلوامہ میں سراسیمگی پھیل گئی ہے ۔
جامع مسجدکونمازجمعہ کیلئے بند کرناقابل مذمت:حریت (ع)
سرینگر//حریت کانفرنس(ع) نے کشمیرکی مرکزی عبادتگاہ جامع مسجد سرینگرکو نمازجمعہ کے موقعہ پربند کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کووِڈ- 19کے پھیلائوکی آڑ میں جامع مسجد کو بندرکھنے کے بہانے پوری طرح بے نقاب ہوچکے ہیں۔ایک بیان میں حریت کانفرنس نے کہا کہ اس قابل مذمت طرزعمل کی وجہ سے لوگوں میںشدیدغم وغصہ پایا جارہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جموںوکشمیر میں حکمرانوں نے اپنی منفی پالیسیوں کے نتیجے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا ہے جس کی وجہ سے حق و انصاف کیلئے کوئی بھی اپنی آواز بلند نہیں کرپارہا ہے اور نہ ہی اظہار رائے کی آزادی ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ عوام کو پوری طرح سر تسلیم خم کرانے کیلئے مجبور کیا گیا ہے ۔وادی کے طول و ارض میں حالیہ کریک ڈائون کے نتیجے میں اب تک ایک ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ حکام کی جانب سے پہلے انہیں گرفتارکیا گیا اور پھر انہیں سخت قوانین اور ملزمانہ الزامات کے تحت حراست میں رکھا گیا ہے ۔بیان میں کہا گیا چاہے اساتذہ ہوں، یا صحافی، تاجر ہوں یا نوجوان چاہے جو بھی ہو انہیں پولیس سٹیشن میں طلب کرکے ان سے پوچھ تاچھ کا عمل جاری ہے جو حد درجہ تشویشناک ہے ۔حریت نے کہا کہ تنازعہ کو حل کرنے کیلئے جبر و قہر کی پالیسیوں کے بجائے عوامی خواہشات کا احترام کیا جائے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔