مزید خبریں

موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر | ایس ایس پی کشتواڑ کا چھاترو ، چنگام ، واٹسر علاقوں کا دورہ 

 

عاصف بٹ

کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں مسلسل بارشوں و برفباری کے پیش نظر ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ نے کشتواڑ کے علاقے چھاترو، چنگام، واٹسر کے علاقوں میں موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کیا۔ انھوں نے ان علاقوں کے افسران و اہلکاروں کوہدایت دی کہ وہ کسی بھی قسم کی گاڑی کو سنتھن ٹاپ کی طرف جانے کی اجازت نہ دیں اور ان علاقوں کی ہر گھنٹہ کی صورتحال پی سی آر کشتواڑ کے ساتھ شیئرکریںجبکہ عام لوگوں کو گھر پر رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور کسی دریا یا نالے کے قریب نہ جانے کا بھی مشورہ دیا گیا۔لوگوں سے کہاگیا ہے کہ وہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں درج ذیل افسران اور ہیلپ لائن نمبروں پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ایس ایس پی کشتواڑ 01995-259353، ایڈیشنل ایس پی919419138751، ڈی ایس پی ہیڈکواٹر  919419133643، ایس ڈی پی او اٹھولی 919419089186، ایس ایچ او کشتواڑ 919149695883، ایس ایچ او چھاترو 9906253546، ایس ایچ اواٹھولی 9419214272، آایسی جوالہ پور7006486901، اسی پی پی بھٹکوٹ  7051532022، آایسی پی پی درابشالہ  6006333270، ایس پی پی سرتھل7889788681، آایسی پی پی ٹھکرائی 9419326662 ، آئی سی پی پتیھمالہ  9906319846 ، آئی سی پی مغلمیدان 9622218994 ، آئی سی پی پی ڈول 9696929345 ، آئی سی پی پڑھارنہ 9906020888 ، آئی سی پی اشتیاری 9596651499پی سی آر کشتواڑ 9906154100۔
 
 

ڈوڈہ کھیلینی میں ماروتی حادثہ کا شکار ،1 شخص جاں بحق

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ پر کھیلینی کے نزدیک ماروتی کار حادثہ 1 شخص لقمہ اجل بن گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کی صبح ساڑھے سات بجے کے قریب ایک ماروتی کار زیر نمبری JK02T-5058 کھیلینی نالہ کے مقام پر حادثہ کا شکار ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوا جس کی شناخت عاشق حسین (42)شاہ ولد غلام شاہ ساکنہ اکرم آباد ڈوڈہ کے طور پر ہوئی ہے۔اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچے اور جاں بحق شخص کی لاش کو کھائی سے نکال کر گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا جہاں پر طبی لوازمات مکمل کرنے کے بعد وارثین کے سپرد کیا گیا۔ اس سلسلہ میں پولیس تھانہ ڈوڈہ میں ایف آئی آر زیر نمبری 189/2021, U/S 279/304A IPC درج کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پچھلے ایک ماہ میں اسی مقام پر یہ پانچواں حادثہ ہے جس میں پانچ افراد ہلاک و دو زخمی ہوئے ہیں۔
 
 
 

شاہراہ پر سڑک کے دو حادثات، بس اور ٹرک کی ٹکر میں ایک زخمی

محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر شاہراہ پر چندرکوٹ اور شیر بی بی کے علاقوں میں پیش آئے سڑک کے دو الگ الگ حادثات میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ اتوار کے روز چندرکوٹ کے نزدیک مندر علاقے میں ایک بس اور ایک ٹرک کی ٹکر کے نتیجے میں بس ڈرائیور زخمی ہوا ہے جسے چندرکوٹ کے مقامی لوگوں اور پولیس نے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا اور بتایا جاتا ہے کہ زخمی خطرے سے باہر ہے۔ اس حادثے میں ٹکر کی وجہ سے بس اور ٹرک کو نقصانات سے دوچار ہونا پڑا ہے۔دوسرا حادثہ شاہراہ پر واقع شیر بی بی کے علاقے میں ایک ٹرک کو اسوقت پیش آیا جب سیبوں سے لدھے ٹرک پر ڈرائیور اپنا قابو کھو بیٹھا اور ٹرک سڑک کے پچھلی طرف پہاڑی کے ساتھ ٹکرایا۔اس حادثے میں ٹرک کو نقصان پہنچا ہے تاہم اس میں سوار دو افراد بچ نکلے ہیں۔ 
 
 
 

دو  مرکزی وزرائے مملکت کا دورۂ کٹرہ

رِیاسی//مرکزی حکومت کے عوامی رَسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر مملکت برائے آیوش، خواتین و ترقی اطفال ڈاکٹر منج پارہ مہندر بھائی اور مرکزی وزیر مملکت برائے جنگلات و ماحولیات ، موسمیاتی تبدیلی ، امور صارفین ، خوراک اور عوامی تقسیم اشونی کمار چوبے نے کٹرہ کا دورہ کیا۔دونوں وزراء نے دیشا ہوم میں قیدیوں سے بات چیت کی۔ قیدیوں کی جانب سے ثقافتی پروگرام پیش کیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ چائیلڈ پروٹیکشن آفیسر نے وزراء کو چائلڈ پروٹیکشن سروسز ( سی پی ایس) رِیاسی کی سرگرمیوں کے بارے میں بالخصوص کووِڈ اوقات اور ایس اے ایس سی ایم سکیم کے بارے میں جانکاری دی۔وزراء مملکت نے دیشا ہوم کے احاطے میں چنار کے پودے لگائے اور طلباء میں سٹیشنری اشیاء، تحائف ، پوشن کِٹس ، آیوش امیونٹی بوسٹر کِٹس اور سپورٹس کِٹس تقسیم کی۔ بعدمیں وزیر نے ہوم میںرہ رہے بچوں کو گجرات میں سٹیچو آف یونٹی دیکھنے کے لئے مد عو کیا ۔دونوں وزراء نے تقریباً دو گھنٹے دیشا ہوم میں گزارے۔
 
 
 

مرکزی وزیر مملکت تعلیم نے مارتنڈ مندر کا دورہ کیا

اننت ناگ// مرکزی حکومت کے رسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر مملکت برائے تعلیم محترمہ انو پورنا دیوی نے مارتنڈ سن مندر کا دورہ کیا جو دُنیا کے قدیم سورج مندروں میں سے ایک ہے۔اِس موقعہ پر مرکزی وزیر مملکت موصوفہ کو آرکیو لوجیکل سروے آف اِنڈیا( اے ایس آئی )  کے اَفسران نے جانکاری دی کہ مندر کونارک اور موڈیرا مندورں سے قدیم ہے ۔ اُنہوں نے وزیرموصوفہ کو تاریخی مقام کی اہمیت اور بحالی سرگرمیوں کے بارے میں بھی جانکاری دی۔مرکزی وزیر موصوفہ نے ضلعی اِنتظامی کو ہدایت دی کہ وہ مندر کو سیاحتی نقشے پر لانے کے لئے ضروری اِقدامات کریں ۔اُنہوں نے کہا کہ مندر ایک اہم آثار قدیمہ کی یاد گار ہے اور اس کی سیاحتی صلاحیت ملحقہ علاقوں کی مقامی معیشت کو فروغ دے سکتی ہے۔مرکزی وزیر مملکت کے ہمراہ ناظم تعلیم کشمیر ، ضلع اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران اور اے ایس آئی بھی تھے۔
 
 
 
 

 بے روزگار انجینئر روزگار کے لئے فکر مند 

 بھرتی عمل شروع و سیلف ہیلپ گروپ بحال کرنے کا مطالبہ 

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //آل جموں و کشمیر بے روزگار انجینئر ایسوسی ایشن نے بڑھتی ہوئی بے روزگاری و حکومت کی بے رخی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکار ڈگری و ڈپلومہ یافتہ بے روزگار نوجوانوں کے لئے بھرتی عمل شروع کرنے کے بجائے سبکدوش انجینئروں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چیرمین بے روزگار انجینئرس ایسوسی ایشن بشارت علی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہزاروں نوجوان انجینئرنگ کی ڈگری و ڈپلومہ لے کر روزگار کی تلاش میں در در بھٹک رہے ہیں اور سرکار نے سیلف ہیلپ گروپ کو بھی منسوخ کیا جس کے بعد ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ایسوسی ایشن کے صدر مکیش یوگی نے مختلف محکموں میں انجینئروں کی خالی پڑی اسامیوں کو پر کرنے میں حکام کی غیر سنجیدگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینکڑوں نوجوان ذہنی تناؤ کا شکار ہو چکے ہیں۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے سبکدوش انجینئروں کے بجائے اڈہاک بنیادوں پر بے روزگار نوجوانوں کو تعینات کیا جائے۔ایسوسی ایشن کے ترجمان رضوان احمد نے کہا کہ گذشتہ دنوں انہوں بے روزگار نوجوانوں کو درپیش مسائل کے بارے میں سابق وزراء اعلیٰ غلام نبی آزاد و ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے بھی ملاقات کی اور ان کے سامنے کئی مطالبات رکھے جس میں سبکدوش انجینئروں کی خدمات حاصل نہ کرنے، سیلف ہیلپ گروپ کی بحالی، بھرتی عمل شروع کرنا وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
 
 
 
 

فاروق کا بارشوں اورژالہ باری سے

 جانی و فصلوں کے نقصان پر تشویش کا اظہار

 جموں// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں و کشمیر میں موسلادھار بارش ،ژالہ باری اور طوفانی ہواؤں کی وجہ سے جانی نقصان ، کھڑی فصلوں اور باغات کو پہنچنے والے نقصان پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ماہر پینلوں کے ذریعے دھان کے کھیتوں اور باغات کو پہنچنے والے نقصانات کا مکمل جائزہ لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک یہ عمل مکمل نہیں ہو جاتا، مالی امداد کے معاملے میں ابتدائی ریلیف ملنا چاہیے ۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کی سہولت کے لیے فوری بحالی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بحالی کے کاموں کو مربوط اور مانیٹر کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ انہوں نے فوری طور پر معاوضے اور ہلاک شدگان کے لواحقین کے حق میں ایکس گریشیاکامطالبہ کیا۔ڈاکٹر عبداللہ نے کہا ’’میرا دل اس خاندان کے لیے ہے، جو اونتی پورہ کے نور پورہ علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ میں اپنے رشتہ داروں اور ضلع ریاسی میں ایک سڑک حادثے میں خانہ بدوش خاندان کے تین افراد سے محروم ہو گئے‘‘، ڈاکٹر عبداللہ نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔
 
 
 

ضلع انتظامیہ رام بن کابی آراوموٹر سائیکل مہم کا خیرمقدم

 رام بن//'آزادی کا امرت مہوتسو' جشن کے ایک حصے کے طور پر بارڈر روڈ آرگنائزیشن نے ایک موٹرسائیکل مہم شروع کی ہے جس میں
اسے ہندوستان کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے پولیس سپرانٹنڈنٹ پی ڈی نیتیا نے بی آر او موٹر سائیکل کا خیرمقدم کیا۔رام بن میں بائیک سواروں کا استقبال کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ان کی ستائش کی۔چیف انجینئر ، پروجیکٹ بیکن ، بریگیڈیئر آئی کے جگی اورجموں و کشمیر میں سڑک کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور یقینی بنانے میں ان کی ٹیم۔دور دراز علاقوں سے رابطہ کی بے پناہ شراکت کا ذکر کیا۔پروجیکٹ بیکن جو جموں و کشمیر کی لائف لائن ہے۔ڈی سی نے روڈ کو منظم کرنے پر بی آر او اور مہم کی ٹیم کو شاباش دی۔
 
 
 
 

پینتھرس پارٹی کاامیت شاہ کی جموں آمد پر احتجاج 

  جموں// جموں میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی آمد پر جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے سیاہ جھنڈوں کے ساتھ احتجاج کیا۔ چیئرمین جے کے این پی پی ہرش دیو سنگھ کی قیادت میں مظاہرین یہاں جمع ہوئے اور جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دلانے کے لیے جمع ہوئے جبکہ جموں خطے کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک اور مسلسل امتیازی سلوک کا الزام عائد کیا۔جے کے این پی پی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاہ پرچم لہرانے والے مظاہرین بھگوتی نگر میں امیت شاہ کی ریلی کے مقام کی طرف بڑھے لیکن پولیس نے انہیں روک دیا جس کے نتیجے میں اس موقع پر سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، ہرش دیو نے جموں و کشمیر کی صدیوں پرانی ڈوگرہ ریاست کو منہدم کرنے اور اسے یونین ٹیریٹری کی سطح پر گرانے کے لیے بی جے پی حکومت پر تنقید کی۔ریاست کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے جموں کے لوگوں کو اقتدار سونپنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ساتھ مرکز کا عجیب تجربہ بنیادی طور پر سابقہ ریاست میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سیکورٹی صورتحال کا ذمہ دار تھا۔
 
 
 
 

سنتھن ہلاکتوں پر سروڑی کا اظہار افسوس 

 کشتواڑ//جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے نائب صدر اور سابق وزیر جی ایم سروڑی نے دو نوجوان لڑکوں امتیاز احمد میر ساکن کوچھال اور داؤد مجید ولد عبدالمجید لون ساکن لون پورہ دادپیٹھ ضلع کشتواڑ کے سنتھان ٹاپ پربرف میں پھنس کرہوئی موت پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ سروڑی نے مرحومین کی روح کے لیے دعا کی اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی قوت کیلئے بارگاہِ الٰہی میں دعاکی۔سروڑی نے اتوار کو سنتھن ٹاپ علاقے میں برف میں پھنسنے کے بعد بچائے گئے دیگر دو افراد کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعاکی۔ انہوں نے ہر مرنے والوں کے لواحقین کو ایکس گریشیا ریلیف کی منظوری دینے کا بھی مطالبہ کیا اور لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر سے کوکر ناگ سری نگر سے کشتواڑ تک لاشوں کو ہوائی جہاز سے لے جانے پر زور دیا۔
 
 
 
 

نیشنل اولڈ پنشن ریسٹوریشن یونائیٹڈ فرنٹ 

جموں وکشمیر سے آٹھ عہدیداروںکا تقرر

رام بن//نیشنل اولڈ پنشن بحالی یونائیٹڈ فرنٹ (NOPRUF) کی قومی ایگزیکٹو کمیٹی نے جموں و کشمیر سے آٹھ عہدیداروں کی تقرری عمل میں لائی  ہے۔ مریگیانی سلاتیہ کو نیشنل وائس پریزیڈنٹ زنانہ ونگ ،ڈاکٹر راکیش چب کو چیف کنوینر جموں وکشمیر ، شوکت احمد خان کو سینئر  وائس پریذیڈنٹ، سنجیو کمار وائس پریذیڈنٹ ،راجیش کمار شرماکو جنرل سکریٹری، رفاقت لون جوائنٹ سیکرٹری ،سکون منیر کو سیکرٹری اورمسز جوتی بندرال کو صوبائی صدر زنانہ وینگ جموں مقرر کیا گیا ہے۔نیشنل اولڈ پنشن بحالی یونائیٹڈ فرنٹNPS اسکیم کے تحت کام کررہے ملازمین کی قومی سطح کی نمائندہ تنظیم ہے ، جو پرانی پنشن اسکیم کی بحالی کے لئے جدوجہد کررہی ہے ، جس کے قومی سربراہ  بی پی سنگھ راوت ہیں۔"