مزید خبریں

منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام، ایک گرفتار

ایم ایم پرویز
رام بن// پولیس نے 20 کلو گرام پوست کا بھوسا برآمد کرکے منشیات سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنایا اور ہفتہ کو بانہال کے قریب ایک شخص کو گرفتار کیا۔پولیس نے بتایا کہ معمول کی ناکہ چیکنگ کے دوران، پولیس چوکی جواہر ٹنل بانہال کے ناکا پارٹی نے نیویوگا ٹنل پر رجسٹریشن نمبر PB11BY-8902 والے ٹرک کو روک کر چیکنگ کے دوران ٹرک سے 20 کلو گرام پوست کا بھوسا برآمد کیا گیاانہوں نے بتایا کہ ٹرک سری نگر سے جموں کی طرف جا رہا تھا۔ٹرک کے ڈرائیور کی شناخت جگدیش سنگھ ولد سوہن سنگھ ساکن سادھوپور تحصیل ملیر کوٹلا ضلع سنگرور، پنجاب کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے تھانہ بانہال میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعہ کے تحت ایف آئی آر نمبر 52 کا مقدمہ درج کیا ہے۔
 
 
 
 
 

شب برأت پر کشتواڑ کی مساجد و خانقاہوں میں روح پرور تقاریب 

ہندو برادری نے ہولی کا تہوار بھی جوش وخروش کے ساتھ منایا

عاصف بٹ 
کشتواڑ// جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کی سبھی مساجدوں میں بھی مسلمانوں نے شب برأت کی مقدس رات عقیدت و احترام کے ساتھ منائی۔ پوری رات قصبہ کی مساجدوں کے ساتھ ساتھ گھروں میں بھی خصوصی محفل و عبادات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اگرچہ نوجوانوں ، بزرگوں و بچوں نے ساری رات مساجدوں میں گزاری وہیںخواتین گھروں کے اندر ہی عبادت میں مشغول رہے۔ شب برأت کی سب سے بڑی تقریب کا اہتمام مرکزی جامع مسجد کشتواڑ میں کیا گیاجہاں نماز عشا کے بعد ہزاروں کی تعداد میں رات بھر لوگوں نے تلاوت قرآن پاک ،درودازکار ،دعائوںو نعت پاک پڑھتے گزاری۔ قصبہ کی دیگر مساجدوں سنگرام بھاٹہ،پوچھال ،سرکوٹ ،چیرہاڑ ، ہستی ،سرتھل میں بھی شب  برأت کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں علمائے کرام نے حضور اقدس ؐکی زنرگی پر روشنی ڈالی جبکہ انھوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ اپنی پوری زندگی حضوراقدس ؐ کے طریقہ کار پر گزاریں۔اس دوران ہندو برادری نے ہولی کا تہوار عقیدت و احترام سے منایا۔قصبہ کے اندر متعدد مقامات پر نوجوانوں نے ریلی نکالی اور ایک دوسرے پر رنگ لگائے۔جبکہ ضلع پولیس کی طرف سے قصبہ و گردنواح کے علاقہ جات میں حفاظت کے  سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔
 
 

شب برأت رام بن میں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی

ایم ایم پرویز
رام بن//شب برأت پورے ضلع رام بن میں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔مسلمان اپنے رشتہ داروں کی قبروں پر گئے اور ضلع کی مختلف مساجد اور مزارات پر رات بھر عبادتوں میں مصروف رہے۔شب برات ماہ شعبان کی 15 تاریخ کو منائی جا رہی ہے ۔تمام مسلمان رات بھر عبادت کرتے ہیں۔رات بھر عبادت کے علاوہ مومنین گناہوں سے معافی کی دعائیں مانگتے رہے اور فاتحہ خوانی کے لیے اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پرگئے۔
 
 

قصاب کی دکان کے باہر پھینکی گئی

 ہڈیوں سے گوشت کھاتے شخص کے فوٹو وائرل

محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال سے دل کو جھنجھوڑنے والا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں ایک نامعلوم شخص قصاب کی دکانوں سے پھینکی گئی ہڈیوں سے گوشت کو دانتوں سے کاٹ کھا رہا ہے۔ اس ویڈیو شوٹ کے دوران جب بھی اس شخص سے پوچھا گیا کہ وہ کیا کر رہا ہے تو وہ کوئی جواب دینے کے بجائے سوال کو مسکرا کر ٹال دیتا رہا ہے اور کوئی وجہ یا جواب نہیں دیا۔ اس ویڈیو کے فوٹو مقامی سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔ قصبہ بانہال کے ناگبل علاقے میں ہفتے کو اٹھائے گئے اس ویڈیو میں دکھائی دے رہے شخص کی اگرچہ فوری طور شناخت نہیں ہو پائی ہے تاہم ایسا لگتا ہے کہ اس غریب شخص نے لمبے عرصے سے گوشت کے ٹکڑے کو دیکھا بھی نہیں ہے اور وہ مجبور ہوکر پھینکی گئی ہڈیوں سے گوشت کھا رہا ہے۔ کئی لوگوں نے بتایا کہ ایسے افراد کی معاونت کیلئے نہ صرف سرکاری اداروں کو اقدامات کرنے چاہئیں بلکہ رضاکار انجمنوں کو بھی ایسے افراد کی تلاش کرکے ان کی مدد کرنے کیلئے اپنا دائرہ وسیع کرنا چاہئے۔سوشل میڈیا پر اس انسانیت کو ہلانے والے ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سوشل ویلفیئر ایسوسیشن بانہال  اور یتیم ویلفیئر ٹرسٹ بانہال نے اس شخص کوکھوج نکال کر اس کا حال جاننے اور اسے مدد کرنے کی کوشش شروع کردی ہے۔ 
 

 جموں میںچار افراد گرفتار، اسلحہ بر آمد:پولیس

جموں// جموں پولیس نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران چار افراد کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے 4 پستول اور کچھ گولیاں بر امد کی ہیں۔
ایس ایس پی جموں چندن کوہلی نے بتایا کہ ایس ایچ او جئے پال شرما کی قیادت میں آر ایس پورہ میں گذشتہ روز ایک ناکے کے دوران ایک مشکوک شخص کو روکا گیا۔انہوں نے کہا کہ مشکوک شخص کی تلاشی کی دوران اس کی تحویل سے دیسی ساخت کا ایک پستول اور دو گولیاں بر آمد کی گئیں۔گرفتار شدہ کی شناخت سمت گوندھی عرف کلو ساکن محلہ پیر مٹھا جموں کے بطور ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پوچھ تاچھ کے دوران سمت کے انکشاف پر مزید دو افراد کو گرفتار کیا گیا جن کی تحویل سے دو پستول اور تیرہ گولیاں بر آمد کی گئیں۔گرفتار شدگان کی شناخت وویک شرما عرف پنو اور راکی کمار عرف بلا سکان آر ایس پورہ کے بطور ہوئی ہے ۔موصوف ایس ایس پی نے کہا کہ اسی طرح باس پور علاقے میں ناکے پر پولیس نے ایک اور مشکوک شخص کو دھر لیا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران گرفتار شدہ شخص کی تحویل سے ایک پستول بر آمد کیا گیا۔گرفتار شدہ کی شناخت پریتم سنگھ عرف سیٹھی ساکن سانبہ کے بطور ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کیسوں میں تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
 

جموں وکشمیر کے لوگوں کو تقسیم نہیں کیاجاسکتا 

اپنی پارٹی صدر سعید محمد الطاف بخاری کا جموں میں وکلاء سے خطاب

جموں//اپنی پارٹی صدر سعید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ دونوں خطوں کے درمیان نفرت پھیلانے کی کوششوں کے باوجود جموں وکشمیر کے لوگوں کو تقسیم نہیں کیاجاسکتا۔ جموں میں وکلاء کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہاکہ دونوں صوبوں کے لوگوں کے معاملات اور خواہشات یکساں ہیں ، لہٰذ اُنہیں تقسیم کرنے کی کوششیں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گیں۔انہوں نے کہا’’جموں میں ایک حلقہ نے دفعہ370کی منسوخی کا جشن منایاتھا لیکن آہستہ آہستہ اُس سے بھی احساس ہوگا ہے کہ ریاستی درجہ کی تنزلی کر کے اُس کی مرکزی زیر انتظام علاقوںمیں تقسیم نے بے روزگاری کو تاریخی سطح پر بڑھا دیا ہے اور ترقیاتی سرگرمیاں ٹھپ ہیں‘‘۔ اُن کا کہناتھاکہ اچھی انتظامیہ کی عدم موجودگی میں جموں کے لوگوں نے بھی ریاستی درجہ  اور جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کراکے جمہوری نظام بحال کرنے کے لئے آوازبلند کرنا شروع کر دی ہے۔ لوگ مایوسی کا شکار ہیں اور اُنہیں کوئی اُمیدنظر نہیں آرہی۔دونوں خطوں کے مسائل ومشکلات یکساں ہیں جس وجہ سے وہ متحد ہیں لیکن جس کی سراہنا نہیں کی جارہی۔ انہوں نے کہا’’اِس اتحاد کو زک پہنچانے کے لئے بارہا کوششیں کی جارہی ہیں کہ دونوں خطوں کے درمیان دوریاں پیدا کی جائیں لیکن اپنی پارٹی ایسا ہونے کی ہرگز اجازت نہ دے گی۔ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے اتحاد اور جمہوری اداروں کی بحالی کے لئے جدوجہد کرے گی۔ اِن اداروں کو پچھلے تین سالوں کے دوران منتخب حکومت کی عدم موجودگی میں کمزور کیاگیاہے۔ الطاف بخاری نے مزید کہاکہ جمہوری نظام کو شفاف طریقہ سے چلانے کے لئے جمہوری اداروں کی مضبوطی اہم ہے، جہاں عدلیہ مضبوط ہے وہاں لوگوں کے حقوق محفوظ ہیں اور ان اداروں کا تحفظ وکلاکے ناگزیر کردار کی وجہ سے ممکن ہے۔ اپنی پارٹی صدر نے کہاکہ ’’وکلاء جمہوری نظام کے تحفظ کے لئے انتہائی اہم ہیں اور عدلیہ انصاف تبھی فراہم کرتی ہیں جب یہ مضبوط ہوگی، لہٰذا ہمیں ایک منتخب جمہوری حکومت کی ضرورت ہے جوکہ بلاامتیاز مذہب وعلاقہ لوگوں کی مشکلات حل کرے۔ اس سے قبل اُنہیں جموں میں وکلاء کو درپیش مشکلات ومسائل پر مبنی میمورنڈم پیش کیاگیا۔ اپنی پارٹی صدر الطاف بخاری نے یقین دلایاکہ وہ اُن کے مطالبات کو حل کرانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے غیر موزوں حالات کے باوجود جموں کے نوجوان وکلاء کی قابلیت، ذہانیت اور اہلیت کی تعریف کی۔ اپنی پارٹی کے زیر اہتمام منعقدہ وکلاء کی اس میٹنگ کا اہتمام پارٹی کے معاون ترجمان ایڈووکیٹ نرمل کوتوال ، نائب صدر لیگل سیل ایڈووکیٹ زولقرنین شیخ اور اُن کی ٹیم نے کیاتھا جس میں وکلاء نے بھی کئی مسائل ومعاملات پر اپنے خیالات کا کھل کا اظہار کیا۔
 

 آر ایس ایس رہنما ئوں کی گجرات میں 3 روزہ قومی اجلاس میں شرکت 

جموں//جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے راشٹریہ سویم سنگھ (آر ایس ایس) کے رہنماؤں نے گجرات میں ایک قومی سطح کی میٹنگ میں شرکت کی جس میں ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھانے اور قوم پرستی کے جذبات کو مضبوط کرنے کے لیے کام کرنے اور مستقبل کے منصوبوں کا سالانہ جائزہ لیا گیا۔یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے آر ایس ایس لیڈروں نے کہا کہ انہوں نے گجرات میں تین روزہ قومی اجلاس میں شرکت کی جس میں تفصیلی جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں سے مختلف مسائل، خود روزگار پیدا کرنے/روزگار پیدا کرنے والے، کووڈ 19 کی روک تھام اور ملک کے دیگر حصوں کی طرح جموں و کشمیر کے ہر کونے میں چھوٹی سطح کی میٹنگوں کا انعقاد ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اور مضبوط بنانے کے لیے کیاگیا۔آر ایس ایس رہنماؤں نے بتایا کہ گزشتہ ڈھائی مہینوں میں تقریباً 19000 لوگ آر ایس ایس کی ویب سائٹ جوائن کرنے کے ذریعے دائیں بازو کی تنظیم میں شامل ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2017 سے ان کی طاقت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور لوگ اکثر ان کے معمول کی شاخوں میں شامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس 2025 میں 100 سال مکمل کرے گی جو تاریخ میں ایک سنگ میل ہے۔
 
 

وقت پر بیج دستیاب رکھنے کی زمینداروں کی اپیل

زاہد بشیر
گول//موسم بہار آنے کے ساتھ ہی زمینداری کا سیزن بھی شروع ہو گیا ہے اور سب ڈویژن گول میں زمینداروں نے محکمہ زراعت سے اپیل کی ہے کہ وقت پر بیج دستیاب رکھی جائیں ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے زمینداروں نے کہاکہ چیت کے بیس اور پندرہ تاریخ بکرمی سے یہاں دوردراز علاقوں میں جن میں گاگرہ ، کلی مستا ، بھیمداسہ وغیرہ شامل ہیں لوگ مکی کی فصل بونا شروع کر دیتے ہیں کیوں کہ یہ سرد علاقے ہیں جہاں جلد ہی مکی بوئی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں اگر دیر سے مکی بوئی جائے گی تو فصل ہیں نکلتا ہے وہیں گرم والے علاقوں میں بھی آنے والے بکرمی ماہ میں مکی ، دھان کی فصل کاکام شروع ہوتا ہے اس کے ساتھ ساتھ دیگر بیج جن میں سبزی ، کھیرے ، لوکی وغیرہ شامل ہیں لوگوں نے یہاں دستیاب رکھنے کی اپیل کی ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہائی بریڈ بیج کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگ وہی صدیوں پرانے بیجوں کا استعمال کرتے ہیں یہاں پر محکمہ کو چاہئے کہ وہ نئے قسم کے پھلوں ،سبزیوں کا تجربہ کریں جو ہائی بریڈ ہوں اور اس سے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو سکے ۔
 

چیف ایجوکیشن افسر کشتواڑ کا ہائی سکول ٹاگود میں جاری تعمیراتی کام کا معائنہ

 عاصف بٹ 
کشتواڑ// چیف ایجوکیشن آفیسر کشتواڑ سدرشن کمار شرما نے ایگزیکٹو انجینئر سماگرا شکھشاعادل معراج بٹ اور سی ای او آفس کشتواڑ کے دیگر عملے کے ہمراہ ہائی سکول ٹاگود کا دورہ کیا اور وہاں عمارت کے تعمیراتی کام کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ سکول کی عمارت کی تعمیر کا کام ریاستی کیپیکس بجٹ میں کیا جارہاہے جس کی تخمینہ لاگت روپے 150 لاکھ ہے جس میں سے111.69 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔معائنہ کے دوران سی ای او کشتواڑ نے بتایا کہ کام زمینی سطح پر چلارہا ہے اور ریٹینگ وال کا کام مکمل ہو چکا ہے۔اس دوران سی ای او کشتواڑ نے اے ای، کنسٹرکشن ڈویژن III، ایس ایم ایس اور ایگزیکیوٹنگ ایجنسی کو کام کی رفتار کو تیز کرنے اور پروجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔انجینئرنگ ونگ کو مزید ہدایت کی گئی کہ وہ کام کی رفتار اور معیار کی نگرانی کریں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ منصوبے کو بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیا جائے۔ادارے کے سربراہ سے کام کے معیار اور مقدار کی نگرانی کرنے کو بھی کہا گیا اور اس کے علاوہ پروجیکٹ کی ٹائم لائن پر عمل آوری کو یقینی بنانے اور سی ای او کشتواڑ کے دفتر کو باقاعدہ بنیادوں پر کام کی پیش رفت کا اشتراک کرنے کو کہا گیا۔
 
؎

 مریض کو آپریشن کیلئے 10 ماہ بعد دی گئی تاریخ 

 ڈاکٹر کے سامنے گولڈن کارڈ کی کوئی اہمیت نہیں  

عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ سگدی کے بلانہ سے تعلق رکھنے والے نور الدین کو سپرسپیشلٹی ہسپتال کے ڈاکٹروں نے آپریشن کیلئے گولڈن کارڈ کو ماننے سے انکار کیااور اسے آپریشن کیلئے دس ماہ بعد کی تاریخ دی۔ نورالدین نے بتایا کہ وہ کشتواڑ سے جموں کے سپرسپیشلٹی میں گردوں میں پتھری کے علاج کیلئے آئے تھے جہاں ڈاکٹروں نے انھیں دس ماہ بعد آپریشن کی تاریخ دی۔ سبھی ٹیسٹ کرنے کیلئے کہا گیا اور سبھی مکمل کرنے کے بعد ڈاکٹر کو جب گولڈن کارڈ دکھایا تو اس نے کہا کہ اس تاریخ پر پردھان منتری خود آپریشن کرے گا۔اگرچہ میںنے بتایا کہ مجھے زیادہ تکلیف ہے لیکن باوجود اسکے مجھے باہر نکالا گیا اور میرے ساتھ دوسرے مریضوں کو داخل کیا گیا۔علاقہ سگدی کے مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اسکا سنجیدہ نوٹس لے اور ڈاکٹر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائے۔
 

مغل میدان کا معذور لڑکا اپنے خوابوں کو پورا کرنے کیلئے تیار 

 فوج نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے ذریعے اسکی مشکلات کو کیا کم 

عاصف بٹ
 کشتواڑ/// ضلع کشتواڑ کے دوردراز علاقہ مغل میدان کے گائوں شری سے تعلق رکھنے والے ایک خاص لڑکے کی کہانی ہے۔وارث حسین وانی، عمر نو سال، پیدائشی طور پر کلب فٹ کے ساتھ پیدا ہوالیکن جس طرح وہ زندگی میں آگے بڑھے ہیں، سب کے لیے ایک تحریک ہے۔  اپنی عمر کے دوسرے بچوں کی طرح وہ بھی سکول جاتا ہے، اچھی پڑھائی کرتا ہے اور زیادہ تر کام بھی خود کرتا ہے۔ پہاڑوں میں زندگی واقعی مشکل ہوتی ہے لیکن اس نے وارث حسین کو اور بھی مشکل بنا دیا ہے اور اس کے عزم و ہمت کو مضبوط کیا ہے۔ اس نے ہمیشہ استاد بننے اور معاشرے میں اپنا حصہ ڈالنے کا خواب دیکھا ہے۔ اس کے لئے زندگی معمول کے مطابق چل رہی تھی یہاں تک کہ جنوری 2022 میں مغل میدان میں فوج کی راشٹریہ رائفلز یونٹ نے اسے دیکھا۔فوج کی طرف سے مدد حاصل کرنے اور اسے وہیل چیئر اور معذوری پنشن فراہم کرنے کی کوششیں کی گئیں۔ اسی کے تسلسل میں بالآخر سوشل میڈیا پر کی جانے والی کوششوں اور سو شل ویلفیئر محکمہ کے ساتھ تال میل کی وجہ سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں مدد ملی، جب بالآخر 5 مارچ کو ضلع انتظامیہ کشتواڑ کے محکمہ سماجی بہبود نے انہیں وہیل چیئر فراہم کی۔  وارث حسین اور ان کی معذوری پنشن کی دستاویزات پر کارروائی کی جا چکی ہے۔وارث حسین کا اعتماد بہت زیادہ ہے، ان کی نئی وہیل چیئر اور پنشن کے ساتھ، ان کا استاد بننے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا عزم اور بھی مضبوط ہو گیا ہے۔ وہ اس وقت کلاس 4 میں ہے اور پہلے ہی علاقے کے لڑکوں اور نوجوانوں کے لیے ایک رول ماڈل بن چکا ہے۔
 
 
 

جاوید رانا کیساتھ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کی تعزیت

سرینگر//صدرِ جموںوکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل اے مینڈھر جاوید رانا کے والدنسبتی چودھری محمد الدین بجاڑ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، صوبائی صدر ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق، نائب ترجمانِ اعلیٰ گگن بھگت، ریاستی ترجمان عمران نبی ڈار ، سینئر لیڈران خالد نجیب سہروردی، اجے سدھوترا، سجاد کچلو، اعجاز جان، سجاد شاہین، شیخ بشیر احمد، چمن لعل گپتا، رام پال، عبدالغنی ملک، عبدالغنی تیلی، ایم کے یوگی، بملا لتھرا، ستونت کور ڈوگرا اور دیگر لیڈران نے بھی تعزیت کا اظہار کیاہے۔
 

روسی حملے پر عالمی عدالت کے

 ردعمل کا دنیا نے خیر مقدم کیا

جموں//سینئر وکیل پروفیسر بھیم سنگھ کی سربراہی میں انٹرنیشنل لیگل ایڈ کمیٹی اور عالمی امن کونسل نے کل یوکرین کے خلاف روسی جارحیت کے خلاف بین الاقوامی عدالت (آئی سی جے) کے ردعمل کی تعریف کی ہے۔ پروفیسر بھیم سنگھ نے آئی سی جے کے جواب کو سراہا جس میں یوکرین میں روسی فوجی مداخلت کو جارحیت قرار دیا گیا اور بین الاقوامی قانون سے منظور شدہ نہیں کیا۔پروفیسر بھیم سنگھ نے دی ہیگ میں بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی عدالت کے دائرہ اختیار کا مطالعہ کیا۔ انہوں نے لیگل ایڈ کمیٹی کی میٹنگ بلائی، جس میں جموں و کشمیر میں کام کرنے والے کئی سینئر وکلاء نے میٹنگ میں شرکت کی۔ وکلاء نے آئی سی جے کے فیصلے کی تعریف کی جس میں اس نے یوکرین میں روسی فوج کی مداخلت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ اسے کسی بھی مہذب قوم کی طرف سے جائز قرار نہیں دیا جا سکتا، جو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی بالادستی پر یقین رکھتی ہو۔
 
 

ناگیندر سنگھ پینتھرس پارٹی ضلع صدر سانبہ مقرر

جموں//جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے صدر پروفیسر بھیم سنگھ نے ناگیندر سنگھ کو سانبا کا ضلعی صدر مقرر کیا، جو اب تک ضلع میں سنیئر نائب صدر تھے۔ اس کا اعلان سینئر لیڈر اور چیف ترجمان پی کے گنجو نے سانبہ پارٹی یونٹ میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ ان کے ساتھ ورکنگ کمیٹی کے رکن سریندر کمار واہی بھی تھے۔خیال رہے کہ نومنتخب ضلعی صدر ناگیندر سنگھ 1961سے جی جی ایم سائنس میڈیکل کالج کے دنوں سے پنتھرس پارٹی کے بانی پروفیسر بھیم سنگھ کے پرانے ساتھی اور ماہر تعلیم شیو چرن سنگھ سنبیال کے بیٹے ہیں۔اس موقع پر کئی دیگر لیڈر بھی موجود تھے۔