مزید خبریں

پکڑا گیا تیندوا منڈا چڑیا گھر منتقل

 جموں// ایک تیندوا منگل کو جموں کے مضافات میں واقع ایک گاؤں میں آوارہ ہونے کے بعد محکمہ جنگلی حیات نے پکڑ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ تیندوا ا مکئی کی فصل کو جنگلی جانوروں سے ہونے والے نقصان سے بچانے کے لیے اکھنور کے بھلوال-برہمنہ کے گاؤں والوں کے بچھائے گئے جال میں بھاگ گیا۔ان کا کہنا تھا کہ گاؤں والے اپنے ایک جال میں تیندوے کو پھنستے ہوئے دیکھ کر حیران ہوئے اور انہوں نے فوری طور پر محکمہ جنگلی حیات کو اطلاع دی۔حکام نے بتایا کہ ایک امدادی ٹیم کو روانہ کیا گیا اور تیندوے کو منڈا چڑیا گھر منتقل کرنے سے پہلے پرسکون کیا گیا۔
 
 
 

راشٹریہ بجرنگ دل اور ڈوگرہ فرنٹ کا محبوبہ مفتی کے خلاف احتجاج

جموں// راشٹریہ بجرنگ دل اور ڈوگرہ فرنٹ نے منگل کے روز یہاں احتجاج درج کرکے محبوبہ مفتی کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ جن میڈیکل طلبا نے کشمیر میں پاکستان کی ہندوستان کے خلاف میچ میں جیت کا جشن منایا ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جانی چاہئے ۔احتجاجی جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے اور انہوں نے محبوبہ مفتی کا پتلہ اور تصویریں نذر آتش کیں۔ اس موقع پر بجرنگ دل کی جموں وکشمیر اکائی کے صدر راکیش بجرنگی نے میڈیا کو بتایا کہ جن میڈیکل طلبا نے جی ایم سی سری نگر میں پاکستان کی جیت پر جشن منایا ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہئے ۔انہوں نے کہا’’یہ طلبا سرکار کے خرچے پر ایم بی بی ایس کر رہے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہئے اور انہیں سرکاری نوکریوں سے محروم رکھا جانا چاہئے ‘‘۔موصوف نے کہا کہ محبوبہ مفتی نے بھی ان ملک دشمن عناصر کی ٹویٹ کے ذریعے وکالت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی کشمیر میں نوجوانوں کو ورغلا رہی ہے اور وہاں ماحول خراب کرنے کی کوششیں کر رہی ہے ۔
دریں اثنا ڈوگرہ فرنٹ نے بھی محبوبہ مفتی کے خلاف احتجاج درج کرکے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔فرنٹ کے صدر اشوک گپتا نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں جتنے بھی پاکستانی سوچ رکھنے والے ڈاکٹر ہیں ان کو پاکستان بھیج دیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ہندوستان میں رہ کر بھی پاکستان کے حق میں نعرے لگا رہے ہیں۔محبوبہ مفتی پر ان طلبا کی وکالت کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے موصوف صدر نے کہا’’محبوبہ مفتی ان لوگوں کی سپورٹ کرتی ہیں جبکہ اس کو بھارتی حکومت نے سیکورٹی فراہم کی ہے ‘‘۔ان کا کہنا تھا’’بھارتی حکومت کو چاہئے کہ وہ اس کی سیکورٹی واپس لے اور اس کو تہاڑ جیل میں ڈال دے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سوچ رکھنے والے لوگ نہیں بچیں گے ۔
 
 

سی جے ایم سیّد عدنان کی دو بیٹیوں کا انتقال

مشیر خان ، ڈاکٹر فاروق ، عمر، رانااور شیعہ فیڈریشن کا اظہارِ تعزیت

جموں// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ رِیاسی سیّد نان کی دو بیٹیوں کی اَلمناک حادثاتی موت پرگہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے۔ذوا عدنا ن اور اَقصیٰ عدنان کی کل رات چندی گڈھ میں ایک دِلدوز سڑک حادثے میں موت واقع ہوئی تھی۔اَپنے تعزیتی پیغام میں مشیر فاروق خان نے مرحومین کی روح کے اَبدی سکون اور سوگوار کنبے کے لئے صبر و اِستقامت کی دعا کی۔اُنہوں نے سوگوارکنبے کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اِظہار بھی کیا ہے۔ادھرصدرِ جمو ں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے سی جے ایم ریاسی سید عدنان قاضی ساکن پونچھ کی دو کمسن بچیوں کے ایک دلخراش اور دلدوز سڑک حادثے میں موت واقعہ ہونے پر گہرے صدمے اور رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحومین کے جملہ سوگوران خصوصاً والدین اور مامو اعجاز جان ( صوبائی یوتھ صدر جموں و سابق ایم ایل اے حویلی پونچھ) کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر،معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، سینئر لیڈران خالد نجیب سہروردی، جاوید رانا، سید مشتاق بخاری، عبدالغنی ملک، مشتاق احمد گورو، اور یشو وردھن سنگھ نے مرحومین کے گھر جاکر تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی اور اس موقعے پر مرحومین کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات بھی ادا کیاگیا۔اس دوران بی جے پی لیڈردیوندر سنگھ رانا نے بھی تعزیت کرتے ہوئے کہا"میرا دل سوگوار خاندان کے تمام افراد کے ساتھ دکھتا ہے اور میں اللہ تعالی سے دعا کرتا ہوں کہ وہ انہیں یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی طاقت دے"۔ رانا نے سید عدنان کی جموں رہائش گاہ کا دورہ کیا اور غم زدہ خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ادھرشیعہ فیڈریشن نے پونچھ نواسی و سی جی ایم ریاسی عدنان سید بیگ کی دو بیٹیوںاقصی عدنان و ذوہا عدنان کی ایک سڑک حادثے میںہوئی موت پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے ۔فیڈریشن کے زعماء نے اس المناک حادثے میںہوئی موت پر کہا ہے کہ اس سے پوری برادری و قوم کو گہرا صدمہ پہنچا ہے ۔انہوںنے لڑکیوںکے والد سی جی ایم ریاسی عدنان سید بیگ کے ساتھ تما م لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے خدا وند تعالی سے مرحومین کو جنت الفردوس میںاعلی مقام  عطا کئے جانے اور ان کو اس صدمہ کو برداشت کرنے کی دعا کی ۔مزید کہا کہ اس افسوس ناک خبر سے  پوری برادری کو گہرا دکھ ہو ا ہے ۔

 

 

نیشنل کانفرنس صوبہ جموں میں نئی تقرریاں

سینٹرل سکریٹریز، نائب صدور اور زون صدور نامزد

سرینگر//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس نے صوبہ جموں کیلئے نائب صدور، سینٹرل سکریٹریز اور زون صدور نامزد کئے ہیں۔ صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی منظوری کے بعد پارٹی جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ علی محمد ساگر نے اس سلسلے میں ایک حکمنامہ جاری کیا ہے اور پارٹی لیڈران کو نئی ذمہ داریاں سونپی ہیں۔ حکم نامے کے مطابق سینئر پارٹی لیڈر اجے سدھوترا سینٹرل سکریٹری کے اپنے عہدے پر قائم رہیں گے جبکہ ایڈوکیٹ چودھری لیاقت کوبھی سینٹرل سکریٹری نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سینئر پارٹی لیڈران خالد نجیب سہروردی، برج موہن شرما، سید مشتاق بخاری اور ایس ایس بنٹی کو صوبہ جموں کیلئے نائب صدور نامزد کیا گیا ہے۔ حکم نامے کی رو سے سینئر پارٹی لیڈران بابو رام پال (جموں، سانبہ اور کٹھوعہ زون) جبکہ عبدالغنی ملک (ادھمپور، ریاسی زون )کے صدر نامزد کئے گئے ہیں۔ اسی طرح سینئر پارٹی لیڈر سجاد احمد کچلو کو چناب ویلی زون جبکہ جاوید احمد رانا کو پیر پنچال زون کے صدور کی ذمہ داریاں سونپی گئیں ہیں۔
 

 مڈ ڈے میل تیار کرنے والے ورکروں کی اُجرتیں واگذار کی جائیں:اعجاز کاظمی

جموں//اپنی ٹریڈ یونین صدر اعجاز کاظمی نے مطالبہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر کے سرکاری اسکولوں میں مڈ ڈے میل تیار کرنے والے ورکروں کو بھی ڈیلی ویجرز ورکروں کی طرز پر اُجرت دی جائے۔ یہاں جاری ایک بیان میں ٹریڈ یونین لیڈر کاظمی نے کہاکہ اِن ورکروں کو اجرتیں نہیں دی جارہیں جس سے اُن کو اپنے اہل خانہ کی مدد کرنے میں مشکل کا سامنا ہے۔ اس وقت اشیاء ضروریہ کی قیمتیں آسمان چھورہی ہیں۔ ایسے حالات میں خاص طور سے محکمہ تعلیم جن افراد کی خدمات مڈ ڈے میل پکانے کے لئے لے رہا ہے، کو ڈیلی ویجرز کی طرز پر اجرت دی جانی چاہئے۔ یہ ورکرز سرکاری اسکولوں میں بچوں کے لئے مڈ ڈے میل تیار کرتے ہیںاور اِنہیں اُجرتیں بھی اِسی لحاظ سے ملنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت لوگوں کی بہبود کے لئے کام کرتی ہے اور بڑی تعداد میں ورکروز سرکاری اسکولوں کے ساتھ وابستہ ہیں جوکہ غریب بچوں کو تعلیم حاصل کرنے میں حوصلہ افزائی بھی کر رہے ہیں، اِن ورکروں کی خدمات کا اعتراف کیاجانا چاہئے۔ یہ ورکرز سماج کے کمزور طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور یہ حکومت اور محکمہ تعلیم کے لے خاص کر ناگزیر بن جاتاہے کہ وہ اِنہیں ڈیلی ویجرز کی طرز پر فوائید دے۔ دریں اثناء اعجاز کاظمی نے اپنے بیان میں صوبہ جموں کے اندر دھان فصل تباہ ہونے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ کنبوں کو معقول معاوضہ دیاجائے۔