مزید خبریں

 سڑکوں کے کناروں پر گندگی اور غلاظت کے ڈھیرجمع | اننت ناگ میںراہگیر پریشان ، غفونت پھیلنے کا اندیشہ

نیوز ڈیسک  
سرینگر//جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کی مختلف سڑکوں کے کناروں پر گندگی اور غلاظت کے ڈھیر جمع ہونے سے وہاں بدبھو پھیل رہی ہے جس سے لوگوں کو کئی طرح کی بیماریاں لگنے کا خطرہ لاحق ہو چکا ہے ۔ اننت ناگ ، شانگس ، اننت ناگ پہلگام، ہانجی دانتر ملہ پورہ ، ہرناگ پشواڑہ دانتر ، اننت ناگ سیپن ،اننت ناگ ڈورہ ، منگہال میر بازار اور دیگر لنک سڑکوں پرگائوخانوں سے نکلنے والا گوبر اور دیگر گندگی سڑکوں پر ڈالے جانے سے عام لوگوں کو شدید پریشانی لاحق ہے جبکہ اس سے کئی طرح کی بیماریاں پھوٹ پڑنے کا اندیشہ ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق ان سڑکوں کے آس پاس رہنے والے لوگ اپنے گائو خانوں سے گوبر اور دیگر گندگی نکال کر ان سڑکوں کے کناروں پر ڈال دیتے ہیں جبکہ پہلے اس گوبر اور دیگر مواد کو ایگریکلچر اراضی پر ٹھکانے لگایا جاتا تھا لیکن اب لوگ اس کو سڑکوں کے کناروں پر ڈال دیتے ہیں کیوں کہ سڑکوں سے ٹریکٹروں میں لادنا انہیں آسان ہوتا ہے۔ سڑکوں پر گوبر کے بڑے بڑے ڈھیر جمع ہونے سے جہاں ان سڑکوں سے گزرنے والے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ،وہیں دوسری طرف ان گندگی و غلاظت کے ڈھیروں سے مختلف بیماریاں پھوٹ پڑنے کا اندیشہ بڑھ رہا ہے۔ لوگوںنے کہا کہ متعلقہ محکمہ اس صورتحال کو دیکھ کر بھی اپنی آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں لوگ کھلے عام سڑکوں پر گندگی و غلاظت ڈال دیتے ہیں۔ لوگوںنے متعلقہ حکام کے اعلیٰ ذمہ داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں اقدامات اْٹھائیں اور سڑکوںکے کناروں پر گندگی و غلاظت ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں ۔ 
 
 
 

 بشیر احمد ڈار کے ساتھ اظہار تعزیت

سرینگر //حقانی میموریل ٹرسٹ جموں و کشمیر ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری بشیراحمدڈار کی پھوپی جان کے انتقال پر کئی تنظیموں اور شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے انکی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی وفات ان کیلئے ذاتی صدمہ ہے ۔جن دیگرتنظیموں اور شخصیات نے اظہار تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیاہے ،اُن میں نامور عالم دین مولانا شوکت حسین کینگ، ڈاکٹر رفیق مسعودی سابقہ سکریٹری کلچرل اکادمی ،سید عابد بخاری صوفی فورم ، شفاعت حسین شیدا بزم ثقافت سرینگر، حقانی ٹرسٹ کے مرکزی کونسل کے سینئر ممبران منظور احمد ملک، سمیع اللہ حقانی ، غلام محمد حقانی ، ضلع صدور ٹرسٹ بارہمولہ، سرینگر ، پلوامہ و اسلام آباد، محمد اسداللہ، مولانا محمد شفیع ، مولانا سمیع اللہ بٹ ،مشتاق احمد حقانی ، شعبہ تعلیم کے سربراہ مفتی قمرالدین ،مفتی طارق مصباحی شامل ہیں ۔
 
 

سرینگر میں اپنی پارٹی کا صوبائی کنونشن  |  نیشنل کانفرنس بلاک صدر سونہ واراپنی پارٹی میں شامل 

سرینگر//اپنی پارٹی یوتھ ونگ کشمیر کا یک روزہ کنونشن مرکزی دفتر واقع ایم ٹو چرچ لین سرینگر میں منعقد ہوا جس میں صوبہ کشمیر سے نوجوانون نے شرکت کی۔ کنونشن کا اہتمام اپنی پارٹی یوتھ صوبائی صدر کشمیر خالد راٹھور نے کیاتھا جس کی صدارت اپنی پارٹی صدر کشمیر محمداشرف میر نے کی۔ اُن کے علاوہ اپنی پارٹی ریاستی سیکریٹری منتظر محی الدین، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، ضلع صدر گاندربل جاوید میر، ڈی ڈی سی ممبر ترال اور اپنی پارٹی صوبائی سیکریٹری اوتار سنگھ،ڈی ڈی سی وائس چیئرمین شوپیان اور یوتھ جنرل سیکریٹری عرفان منہاس، ضلع نائب صدر سرینگر اعجاز راتھر، کارڈی نیٹر یوتھ آؤٹ ریچ وکیپسٹی بلڈنگ پروگرام طارق محی الدین، صوبائی یوتھ سیکریٹری عمران بٹ، صوبائی یوتھ آرگنائزر عادل بٹ، ضلع یوتھ صدر سرینگر محسن ظفر شاہ، صوبائی کنوئنر یوتھ ونگ شعیب محمد ڈار اور یوتھ پارٹی لیڈر منیب قریشی بھی موجود تھے۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محمد اشرف میر نے کہاکہ نوجوان مہذب سماج میں سماجی بہتری اور ترقی پذیر تبدیلی کے عالمی ایجنٹ ہے ۔ اپنی پارٹی ہمیشہ نوجوانوں کے مسائل کو حکومت کی نوٹس میں لانے کے لئے سرفہرست رہی ہے، روز ِ اول سے ہی ہم نے جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو درپیش متعدد مسائل کو حل کرایا ہے چاہئے وہ نوکریوں کے تحفظات یا سول سروسز امتحانات میں عمر کی رعایت ہو، اپنی پارٹی نے سرگرمی کے ساتھ نوجوانوں کی آواز بلند کی ہے۔ کنونشن کے دوران یوتھ جنرل سیکریٹری عرفان منہاس نے بھی جموں وکشمیر میں نوجوانوں کی ترقی پرزور دیا جنہیں سابقہ حکومتوں نے افسوس کن طریقہ سے نظر انداز کیا ہے۔ یوتھ صوبائی صدرخالد راٹھور نے اِس بات پرزور دیا کہ اپنی پارٹی عوام دوست اور نوجوان دوست ہے جہاں ہرکوئی شامل ہوسکتا ہے اور ترقی یافتہ جموں وکشمیر کی تعمیر میں مدد کرسکتا ہے۔ اس موقع پر نیشنل کانفرنس بلاک صدر سونہ وار محمد یونس نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن کا پارٹی قیادت نے خیر مقدم کرتے ہوئے اُنہیں متعلقہ علاقہ میں عوامی بہبود کے لئے کام کرنے کو کہا۔
 
 
 
 
 

 بوٹی نیکل گارڈن کلام خسروؒ ، قوالی ، للہ واکھ سے گو نج اُٹھا | موسیقی کی شام میں رشید حافظ ، گلزار گنائی اور دیگر نامور فنکاروں نے سامعین کو محظوظ کیا

سرینگر //محکمہ سیاحت نے ایک ہفتہ تک جاری رہنے والے آئیکونِک فیسٹول کے ایک حصے کے طور پر یہاں کل شام ایک صوفی موسیقی شام کا اہتمام کیا جس میں قومی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ فنکاروں نے بوٹی نیکل گارڈن کے صحن میں صوفی موسیقی سے سامعین کو محظوظ کیا۔اِس فیسٹول کا اہتمام 75ویں یوم آزادی کی یاد میں کیا گیا ہے جو ملک بھر میں ’’ آزادی کا امرت مہااُتسو‘‘ کے طور پر منایا جارہا ہے ۔کشمیر کے مشہور فنکار عبدالرشید حافظ ، گلزار گنائی اور دیگر فنکاروں نے وہاب کھار اور دیگر صوفی شاعروں کے مشہور روایتی چھکری گیتوں سے سامعین کو محظوظ کیا۔اِس میوزیکل شام نے ملک بھر سے صوفی روایت میں قومی شہریت رکھنے والے کچھ دوسرے فنکاروں کو بھی اکٹھا کیا جیسے کہ ایک مشہور کتھک ماہر ودھالال اور وسعت اقبال خان جو دہلی رانہ کے ایک داستان گو ہیں ۔ اس کے علاوہ نظامی برادراں نے اپنے مشہور و معروف قوالیوں سے سامعین کو محظوظ کیا ۔فیسٹول میں کشمیر کے مقامی فنکاروں کی کچھ دِلکش پرفارمنس بھی دیکھی گئی جنہوں نے لعل دید کی واکھوں سے سامعین کو محظوظ کردیا۔عوامی نمائندوں ، زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے اَفراد ، سیاحوں نے بھی موسیقی کی محفل کو دیکھا۔اِس تقریب میں سیاحوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی تھی جو اِس وقت وادی میں موجود ہیں۔
 
 
 

امپا میں تقریب ,دیانتداری کا عہد دلایا گیا 

سرینگر //جموںوکشمیر امپا کے ڈائریکٹر جنرل سوربھ بھگت نے امپا کے اَفسران اور ان تمام اَفسران اور ملازمین جو مختلف محکموں کی طرف سے امپا مین کیمپس ایم اے روڈ سرینگر میں مختلف مختصر اور طویل مدتی تربیتی کورسوں کے لئے تعینات کئے گئے ہیں ، کو دیانتداری کا عہد دِلایا اور ویجی لنس بیداری ہفتہ منایا۔اس موقع پر سینٹرل ویجی لینس کمیشن کے ذریعے باضابطہ طور پر تجویز کردہ سا  لمیت کا عہد لیا گیا ۔ڈائریکٹر جنرل نے فیصلہ لیا کہ دو پوسٹر جو سینٹرل ویجی لنس کمیشن نے تجویز کئے ہیں انہیں امپا سرینگر اور امپا جموں میں آویزاں کیا جائے گا جس میں عوام سے کہا جائے گا کہ اگر کوئی رشوت لیتے ہوئے نظر آئے تو اس کے خلاف پی آئی ڈی پی آئی کے تحت شکایت درج کریں ۔
 
 
 

جونیئر سلیکشن کمیٹی کی فائل بلاوجہ التوا میں | سکمز کے ملازمین ذہنی کوفت کے شکار  

سرینگر//سکمز کے ملازمین نے کمشنر سیکریٹری ہیلتھ سے اپیل کی ہے کہ وہ سکمز کے ملازمین کی ترقی کیلئے زیر التوا فائل کو رلیز کرائیں تاکہ ملازمین کو راحت کی سانس ملے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ جونیئر سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ کوہوئے اب دوسرا مہینہ چل رہا ہے لیکن ابھی تک اس سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں ہورہی ہے ۔ سکمز کے ملازمین نے کمشنر سیکریٹری ہیلتھ اور چیف سیکریٹری سے اپیل کی ہے کہ وہ سکمز صورہ کے ملازمین کی ترقی میں حائل رُکائوٹوں کودورکریں ۔ انہوںنے کہا ہے کہ جونیئر سلیکشن کمیٹی کے حق میں میٹنگ قریب دو ماہ قبل ہوئی ہے لیکن جونئر سلیکشن کمیٹی کی فائل پر مزید کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ جبکہ ایس ایف سی (ریو و) مکمل ہونے کے باوجود بھی آگے کی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔ سکمز نگوا کے صدر اشتیاق بیگ نے کہا کہ جونیئر سلیکشن کمیٹی کی جانب سے درکار لوازمات پورے کئے ہیں اس کے باوجود بھی فائل کو بلا وجہ التوا میں رکھا گیا ہے۔ انہوںنے اس سلسلے میںاعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں مداخلت کرکے جونئر سلیکشن کمیٹی کی فائل کو آگے کی کارروائی کیلئے ریلیز کریں۔
 
 
 

ترال میں’ کلا اتسو‘2021کے تحت پروگرام منعقد

سید اعجاز 
ترال //ترال میںبدھ کے روز’کلا اتسو‘2021کے تحت ایک پروگرام ہمدرد گرائمر سکول میں منعقد ہوا جس میں زون ترال کے مختلف سرکاری اور نجی تعلیمی اداروںمیں زیر تعلیم طلباء نے شرکت کر کے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ پروگرام منعقد کرنے والے افسران نے بتایا پروگرام میں طلباء نے ’کلا اتسو ‘کے اصولوں کے مطابق ڈائس پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیاجن کو حاضرین نے سراہا ۔ تقریب میںمقررین نے ایسے پروگراموں کے انعقاد کی اہمیت کو بیان کیا ۔طلباء نے اس دوران اس طرح کے پروگرام زیادہ سے زیادہ منعقد کرنے پر زور دیا تاکہ انہیں چھپی صلاحیتوں کو باہر لانے میں مدد ملے ۔ پروگرام کیلئے بہتر انداز میں جگہ فراہم کرنے پر منتظمین نے ہمدرد گرائمر سکول ترال کا ان کی کاوششوں اور مدد کیلئے شکریہ ادا کیا ہے ۔اس دوران ا س تقریب میں زونل ایجوکیشن آفیسر ترال،پرنسپل بائز ہائر سکنڈری سکول ترال ڈاکٹر ظہور احمد،زیڈ ای پی او غلام رسول راتھر کے علاوہ پرنسپل ہمدرد گرائمر سکول ترال ظہور احمد شاہ موجود تھے ۔
 
 
 
 

ملکی سطح پر مسابقہ قرأت | قاری اعجاز حسین کو پہلی پوزیشن

سرینگر //جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان نے حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم کی طرف سے ملکی سطح پرخانہ فرھنگ جمہوریہ اسلامی ایران نئی دہلی میں منعقد ہفتہ وحدت کی مناسبت سے سہ روزہ کل ہند مسابقہ حفظ قرائت و قرآن میں شامل قاری اعجاز حسین صوفی ولد محمد اکبر صوفی ساکنہ ملہ بوچھن ماگام کو پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر دلی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔صوفی ایران میں عالمی سطح پر ہونے والے مسابقہ قرائت کیلئے منتخب قرار پائے تھے۔ انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسی الصفوی نے قاری اعجاز حسین صوفی کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف باب العلم کا طالب علم رہ چکا ہے اور شاخہائے باب العلم میں تدریسی خدمات انجام دے چکے ہیں اور قلیل مدتی قرائت کورس میں طالب علموں کی رہنمائی بھی کر چکے ہیں آغا نے موصوف کی محنت لگن اور کچھ کرکے دکھانے کے جذبے کو طالب علموں کے لئے قابل تقلید قرار دیتے ہوئے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ انجمن شرعی شیعیان کے شعبہ تعلیم باب العلم سے متواتر ایسے ہونہار طلبہ و طالبات نکلتے ہیں جو ملکی سطح پر اپنا نام روشن کرتے ہیں۔