مزید خبریں

ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل گاندربل 

چیئر پرسن اور وائس چیئرمین کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش

گاندربل//ارشاد احمد//گاندربل میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن اور وائس چیئرمین کے خلاف 10ممبران نے عدم اعتماد کی تحریک پیش کی ہے۔ ضلع گاندربل میں14ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ممبران میں سے 10ممبروں نے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کی چیئر پرسن نذہت اشفاق اور وائس چیئرمین بلال احمد کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی ہے۔ 10ممبران کے دستخط شدہ قرارداد میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ گاندربل کے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کی چیئرپرسن اور وائس چیپرسن کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔  10ممبران میں سے 4ممبران کا تعلق نیشنل کانفرنس سے ہے۔ جن ممبران نے عدم اعتماد کی تحریک کی قرارداد پر دستخط کئے ہیں اُن میں روزی جان، محمد یوسف بٹ، حلیمہ بانو، تسمینہ عادل، میاں امجد، میر مدثر مجید، عبدالرشید بٹ، زاہدہ حمید، سجاد احمد راتھراورچودھری نظیر احمد شامل ہیں۔قرارداد میں انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل سے جموں و کشمیر پنچایت راج ایکٹ کے تحت ممبران کی ایک خصوصی میٹنگ بلانے کی درخواست کی ہے تاکہ میٹنگ میں قرارداد پیش کی جائے اور چیئرپرسن اور وائس چیرمین کو ہٹا یا جائے۔اس بارے میں ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ان کے پاس ڈی ڈی سی ممبران کی دستخط کی گئی عدم اعتماد کی تحریک پیش کی گئی ہے جس پر جموں کشمیر پنچایت راج ایکٹ کے تحت کارروائی انجام دی جائے گی۔
 

اوڑی میں حدمتارکہ پر پہاڑی سے گرکر فوجی اہلکار زخمی

ظفر اقبال
 
اوڑی// اوڑی سیکٹر میں حد متارکہ پر ایک فوجی اہلکار پہاڑی ڈھلوان پھسل کر زخمی ہوگیا۔ 12جاٹ ریجمنٹ سے وابستہ لائس نائیک مصطفی گزشتہ شام معمول کی گشت کے دوران پہاڑی سے پھسل کر زخمی ہو گیا۔ زخمی فوجی اہلکار کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے اسے مزید علاج و معالجہ کیلئے بادامی باغ سرینگر کے 92 بیس ہسپتال منتقل کیاگیا۔ 
 
 

کنگن میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے شہری زخمی 

غلام نبی رینہ
 
کنگن//کنگن میں ایک نامعلوم گاڑی نے ایک شہری کو ٹکر مار کر شدیدزخمی کردیا۔ژیرون کنگن میں ایک نامعلوم گاڑی نے راہ چلتے 65 سالہ غلام قادر ڈار ولد غلام احمد ساکن ژیرون کنگن کو ٹکر مار دی۔ مذکورہ شہری کو علاج ومعالجہ کیلئے سب ضلع ہسپتال کنگن لایاگیا جہاں سے اسے مزید علاج و معالجہ کے لئے سکمز صورہ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے نامعلوم گاڑی کی تلاش شروع کی ہے۔ 
 
 
 
صفاپورہ میں صوفی وراثت پر کانفرنس 
2کتابوں کی رسم اجرائی کی گئی 
گاندربل//ارشاد احمد//صفاپورہ گاندربل میں صوفی بزرگ رحیم صاحب کے مزار پرحنفی صوفی وارثت کانفرنس منعقد کی گئی ۔ کانفرنس میں 2کتابوں کی رسم اجرائی کی گئی۔ کشمیر سوسائٹی انٹرنیشنل و جماعت اعتقاد حنفیہ چیئرمین خواجہ فاروق رینزو کی صدارت میں منعقدہ کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضرت امام اعظم ابو حنیفہ ؒ نے کہا ہے کہ آپسی محبت اور بقائے باہمی پر مبنی لوگوں کے لئے روحانیت کا واحد راستہ ہے۔ اس موقعہ پر رحیم صاحب کے خانوادہ پیر زادہ عبدالحق ساحل کی تحریر کی گئی کتاب ’صدا صحرائے‘ اور ماسٹر جلال الدین کی مرتب کردہ رمضان بٹ گنستانی کی تصنیف ’سعدی دراز‘ کتابوں کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔ کانفرنس میں لوگوں کے علاوہ بزم روحانیت کے بین الاقوامی صدر گلزار گنائی اور شیخ محمد عبداللہ بونی باغ صوفی میراث بھی موجود تھے۔
 
پبلک آوٹ ریچ پروگرام 
اے ڈی سی ترال کا نارستان اورحاجن دورہ 
ترال //ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ترال شبیر احمد رینہ نے جمعرات کو ترال کے دور افتادہ علاقہ نارستان اورحاجن کا دورہ کر کے یہاں متعدد عوامی وفود سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران لوگوں نے انتظامیہ کے اپنے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا۔افسران نے مسائل اور شکایت کو غور سے سننے کے بعد لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اس آوٹ ریچ پروگرام میں اے ڈی سی کے ہمراہ دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔
 

حسن آباد کنگن میں بجلی نایاب 

لوگوں کا محکمہ کے خلاف احتجاج 

کنگن /غلام نبی رینہ /بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف حسن آباد کنگن کے لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے محکمہ پی ڈی ڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔جمعرات کے روز حسن آباد کنگن کے مرد وزن وانگت کنگن سڑک پر جمع ہو ئے اور وہاں محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا۔احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ ان کی بستی گزشتہ8 روز سے بجلی سے محروم ہے اور محکمہ بجلی اس جانب کوئی بھی دھیان نہیں دے رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سردیوں کے ان ایام میں انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بچوں کی تعلیم پر بھی بجلی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں اثر پڑ رہا ہے ۔بستی کے لوگوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں بجلی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے گا ۔
 

 اسلامیہ سکول میں 30اکتوبر کو سیرت کانفرنس 

سرینگر // اسلامیہ ہائیر سکینڈری سکول راجوری کدل میں 30اکتوبر کو یک روزہ سیرت کانفرنس کا اہتمام ہو گا ۔ولادت باسعادت محمد رسول اللہؐ کی مناسبت سے آپ ؐکی عظیم آفاقی تعلیمات اور انسانیت کے پیغام کو عام کرنے کے جذبہ کے تحت حسب سابق انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے زیر اہتمام اسلامیہ ہائیر سکینڈری سکول راجوری کدل کے تاریخی آڈیٹوریم میں بتاریخ30 اکتوبر2021 بروزسنیچر صبح 10:30 بجے سے یک روزہ سیرت کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں وادی کے سرکردہ علمائے کرام اور شعرا عظام رسول رحمت ؐکی مبارک سیرت ، اسوئہ حسنہ اور تعلیمات عالیہ پر روشنی ڈالیں گے ۔اس موقعہ پر مجلہ نصر الاسلام کا پیغمبر ہدایت ؐ نمبر2021 کا اجرا بھی عمل میں لایا جائیگا۔
 

پانچ روزہ نیشنل آرٹ  کیمپ اِختتام پذیر 

سری نگر//شیر گڑھی کمپلیکس میں نئی تزئین و آرائش شدہ آرٹ گیلری میں اتوار کو شروع ہونے والا پانچ روزہ نیشنل آرٹ کیمپ جمعرات کو اِختتام پذیر ہوا ۔ اِس پانچ روزہ کیمپ میں ہندوستان بھر سے 22فن کاروں نے حصہ لیا۔تقریب کا اہتمام جے اینڈ کے اکیڈیمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لینگویجز نے آرٹ گیلری سرینگر میں جاری آئیکونک ویک فیسٹول کے تحت کیا تھا جو ’ آزادی کا امرت مہااُتسو‘ کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر منعقد کیا جارہا ہے ۔اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے ایم کے رینہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں فنون لطیفہ کی ایک بھرپور روایت ہے اور اس طرح کے کیمپوں کے اِنعقاد سے صرف جموںوکشمیر یوٹی کے فن کاروں کے خزانے میں اِضافہ ہوگا۔ پروگرام میں حصہ لینے والوں میں جگموہن ماتھودیا، کے گل، سنجے رائے، وشاکھا آپٹے، صبیہ خان، ڈاکٹر اے کے ڈکشت،چنچل گنگولی،کشورشنکر اور وسنت وشنو شامل تھے۔
 

ضلع عدالت گاندربل میں تعزیتی اجلاس  

گاندربل//ارشاد احمد//ضلع عدالت گاندربل میں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ریاسی عدنان سعید کی دو بیٹیوں کی المناک حادثہ میں موت واقع ہونے پر غم زدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کیلئے ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا۔تعزیتی اجلاس زیر صدارت محترمہ شازیہ تبسم پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گاندربل منعقد ہوا جس میں انہوں نے غم زدہ خاندان کے ساتھ صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی۔تعزیتی اجلاس میں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ گاندربل، سکریٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی گاندربل، منصف جے ایم آئی سی گاندربل، منصف جے ایم آئی سی کنگن، ضلع گاندربل کے بار ایسوسیشن کے ممبران بھی شامل تھے ،جنہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ،مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی اور چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ریاسی کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی اللہ تعالیٰ سے دعا کی۔