پاکستان کی کامیابی کا سٹیٹس اپ لوڈ کرنے کا معاملہ
میڈیکل کالج میں تعینات ’آپریشن تھیٹر ٹیکنیشن ‘معطل
سمت بھارگو
راجوری //گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری کی انتظامیہ نے گزشتہ دنوں ہند پاک ٹی 20میچ میں پاکستان کی کامیابی پر سٹیٹس اپ لوڈ کرنے پر آپریشن تھیٹر ٹیکنیشن کو معطل کر دیا گیا ہے ۔گور نمنٹ میڈیکل کالج کے پرنسپل کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم نامے کے مطابق ائو ٹی ٹی ( آپریشن تھیٹر ٹیکنیشن )نے اپنے سوشل میڈیا اکائو نٹ پر پاکستان کی جیت کی خوشی کا سٹیٹس اپ لوڈ کیا گیا تھا ۔جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ سرگرمی ملک سے بے فائی کی مترداف ہے جس کی بنیاد پر مذکورہ ملازم کو معطل کر دیا گیا ہے ۔حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ادار ے کے کسی بھی ملازم کو ملک کیساتھ بے فائی کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔پرنسپل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ ملازم 21اکتوبر کو سرکاری چھٹی پر گیا ہوا تھا لیکن مدت ختم ہونے کے بعد بھی اس نے ڈیوٹی جوائن نہیں کی ۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ لاپرواہ ملازمین کو اس سلسلہ میں کوئی پیشگی نوٹس دینے کی ضرورت نہیں ہوتی ۔حکم میں کہا گیا ہے کہ ملازم کی مذکورہ سرگرمیوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ایس آر او 24کے تحت تعینات ملازم کو معطل کر دیا گیا ہے ۔
کوٹرنکہ میں متعدد سرکاری دفاتر قائم نہیں
لوگوں کی مشکلات جوں کی توں ،انتظامیہ بے خبر
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر کوٹرنکہ میں ابھی تک متعدد سرکاری دفاتر قائم ہی نہیں کئے جاسکے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی سیاسی لیڈران کی محنت سے کوٹرنکہ کو گزشتہ برسوں میں سب ڈویژن کا درجہ دیا گیا تھا جبکہ اس کیلئے کچھ آفیسران کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی تاہم برسوں بعد بھی متعدد محکموں کے دفاتر قائم نہیں کئے جاسکے جس کی وجہ سے لوگوں کے مسائل جوں کے توں ہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ایک لمبی مانگ کے بعد کوٹرنکہ کو سب ڈویژن کا درجہ دیا گیا تھا تاکہ لوگوں کو اپنے ہی علاقہ میں بنیادی سہولیات دستیاب ہو سکیں لیکن برسوں بعد بھی محکمہ جل شکتی ،محمد تعمیرات عامہ اور محکمہ پی ایم جی ایس وائی کیساتھ ساتھ دیگر محکموں کے سرکاری دفاتر قائم ہی نہیں کئے گئے ہیں جبکہ عام لوگوں کو ضروری کاموں کے سلسلہ میں راجوری کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ پنچایتی اراکین کی تر بیت کے سلسلہ میں لگائے گئے کیمپوں کے دوران بھی مانگ کی گئی تھی جبکہ اس سے قبل کئی مرتبہ اعلی حکام سے رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیاہے ۔مقامی لوگوں و پنچایتی اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر سرکاری دفاتر قائم کئے جائیں تاکہ لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔
کوٹرنکہ میں رابطہ سڑکیں عوام کیلئے درد سر
برسوں بعد بھی مرمت کا کام التوا کا شکار
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ میں متعدد رابطہ سڑکیں مکینوں و ٹرانسپورٹروں کیلئے درد سر بنی ہوئی ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر بدھل اور کوٹرنکہ کیساتھ ساتھ دیگر علاقہ میں رابطہ سڑکیں برسوں سے التوا کا شکار ہو ئی ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ کوٹرنکہ مین چوک سے خواص سڑک گزشتہ کئی برسوں سے خستہ حالی کا شکار ہو ئی ہے لیکن مقامی انتظامیہ او ر متعلقہ محکموں کی جانب سے اس کی مرمت و عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہاہے ۔اس کے علاوہ کوٹرنکہ ہسپتال کیساتھ ساتھ دیگر ملحقہ علاقو ں میں جانے والی رابطہ سڑکیں بھی اب مسافروںو عام لوگوں کیساتھ ساتھ ٹرانسپورٹروں کیلئے پریشان کن بنی ہوئی ہیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ سڑکوں کی بد حالی کے سلسلہ میں مقامی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ محکموں کے مقامی آفیسران کیساتھ ساتھ ضلع انتظامیہ سے بھی رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک ان کی مرمت کی جانب کوئی دھیان نہیں دیا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑکوں کی حالت کو معیاری بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
درہال میں عظیم الشان سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // جامع مسجد ملہت درہال میں ایک عظیم الشان محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد کیا گیا جس میں راجوری کے معروف عالم دین مولانا مفتی عبد الرؤوف نعیمی نے رسول پاک ﷺکی سیرت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا آج وقت کی سب سے اہم ضرورت یہ ہے کہ ہم پیارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کو اپنائیں اس پر عمل کریں یہی میلاد کا سب سے بڑا پیغام ہے۔ تلاوت قرآن مجید کے بعد مرتضیٰ مرزا نے نعت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم گنگنا کر لوگوں کے قلوب و اذہان کو منور کیا۔ اس تقریب سعید میں جن دیگر علماء کرام نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ بیان کی ان میں مولانا مشتاق احم ، مولانا حافظ حبیب الرحمان پروانہ ، مولانا محمد یعقوب اور مولانا غلام رسول وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔ علاوہ ازیں جامع مسجد کے امام و خطیب سید ظہور احمد شاہ نے بھی میلاد النبی کی مناسبت سے سیر حاصل گفتگو کی۔ اس پروگرام میں نظامت کے فرائض حافظ حبیب الرحمان پروانہ نے بحسن وخوبی سرانجام دئے۔ اس تقریب سعید کے انتظام و انصرام میں جامع مسجد کی انتظامیہ کمیٹی اور ملہت کے عوام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔انتظامیہ کمیٹی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ میلاد النبی منانے کا مقصد یہ ہے کہ لوگوں کے دلوں کو عید میلاد النبیﷺ کی محبت سے سرشار کیا جائے اور انہیں رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کی ہدایت کی جائے۔کمیٹی نے میلاد مصطفی میں شرکت کرنے والے تمام لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
مریضوں کو سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ
پونچھ//پبلک ویلفیئر فرنٹ کے چیئرمین زوراور سنگھ نے راجہ سکھدیو سنگھ ضلع ہسپتال میں مریضوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے زوراور سنگھ شہباز نے بتایا کہ انہوں نے فرنٹ کے دیگر اراکین رویندر کور، اجگر سنگھ اور شاہنواز خان کے ہمراہ ضلع ہسپتال پونچھ کے تمام وارڈز میں جا کر مریضوں کاحال معلوم کیا، اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور ڈاکٹر کے چیک اپ راؤنڈ کے بارے معلومات حاصل کی تو انھیں معلوم ہوا کے مریضوں کو ابھی بھی کئی طرح کی سہولیات فراہم نہیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے چیف میڈیکل آفیسر پونچھ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ضلع ہسپتال پونچھ سے اس مسئلہ پر مداخلت کی درخواست کی ہے تاکہ مریضوں کو ہر طرح کی سہولت دستیاب ہوں اور ان کو کوئی پریشانی نہ ہو۔