مزید خبریں

سیلف ایمپلائمنٹ اسکیموں کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا

راجوری//ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری، وکاس کنڈل نے متعلقہ افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں مشن یوتھ کے تحت ضلع میں خود روزگار پیدا کرنے کی اسکیموں پر عمل آوری کا جائزہ لیاگیا۔میٹنگ میں موجود افسران میں سی پی او محمد خورشید اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ ریکھا بالی شامل تھے۔اجلاس میں مشن یوتھ کے تحت ضلع میں چلائی جارہی ممکن اسکیموں کے تحت پیش رفت (جسمانی اور مالی) کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ نے بتایا کہ جڑواں سکیموں کے 124 نئے منظور شدہ کیسوں پر کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ تیجسوینی سکیم کے تحت خواتین امیدواروں کی انٹرپرینیورشپ ٹریننگ اگلے ہفتے شروع کر دی جائے گی۔اسی طرح، ڈی ڈی سی نے مشن یوتھ کی خود روزگار پیدا کرنے کی دیگر اسکیموں جیسے اسپرنگ انٹرپرینیورشپ اور بے روزگار ڈینٹل سرجنوں کیلئے اسکیم کا بھی جائزہ لیا۔ڈی ڈی سی نے کہا کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبودکیلئے حکومت کی طرف سے مشن یوتھ اور دیگر خود روزگار پیدا کرنے کی اسکیمیں جیسے اقدامات شروع کئے گئے ہیں۔مزید تعلیم یافتہ اور بے روزگار نوجوانوں کو مختلف سرکاری اسکیموں کے دائرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ مشن یوتھ کے تحت اسکیموں کی وسیع پیمانے پر تشہیر کریں۔
 
 
 
 

پولیس نے والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// ضلع پونچھ پولیس کی جانب سے والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں پی اچاریہ ڈپٹی کمانڈر 6 سیکٹر آر آر مہمان خصوصی کے طور پر شامل ہوئے ۔ان کے علاوہ اس موقعہ پر ایس ڈی پی او سرنکوٹ ،صدر میونسپل کمیٹی ممتاز احمد بجاڑ ،نائب صدر ایم سی سنجیو شرما ،ٹاؤن کمانڈر ،ایس ایچ او سرنکوٹ نیاز احمد بیوپار منڈل کے صدر اظہر منہاس چیرمین بیوپار منڈل طارق منہاس وبڑی تعداد میں معززین اور اسکول کے طلباء نے شرکت کی ۔اس دوران مقررین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرنکوٹ میں کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جائے تاکہ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقعہ مل سکے۔مقررین نے ایس ایس پی پونچھ اور ایس ڈی پی او سرنکوٹ تنویر جیلانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کو ایک بہترین موقعہ فراہم کیا جارہا ہے جبکہ جموں و کشمیر پولیس کے مذکورہ قدم کی مدد سے نوجوانوں کو منشیات و دیگر غیر قانونی کاموں میں سے باہر لانے میں مدد ملے گی ۔
 
 
 
 

پمروٹ میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت 

لوگوں نے محکمہ جل شکتی کیخلاف 3گھنٹوں تک احتجاج کیا 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ کے پمروٹ علاقہ میں گزشتہ کئی عرصہ سے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے پانی کی قلت سے مجبور ہو کر محکمہ جل شکتی اور مقامی انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ علاقہ میں پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔مظاہرین نے محکمہ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کی لاپرواہی کی وجہ سے گزشتہ کئی عرصہ سے ا ن کی پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ متعدد بار یہ معاملہ متعلقہ حکام کے نوٹس میں لایا گیا لیکن آج تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔انھوں نے اپنی شکایت کو اجاگر کرنے کیلئے کئی بار احتجاج کیا لیکن متعلقہ محکمہ کے ملازمین و آفیسران کوئی عملی قدم اٹھانے میں پوری طرح سے ناکام رہے ہیں جس کی وجہ سے گزشتہ کئی ہفتوں سے پانی سپلائی بندپڑی ہوئی ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ سینکڑوں مکینوں نے محکمہ جل شکتی کے بارے میں ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ انتظامیہ پانی کی فراہمی میں ناکام رہی ہے۔دریں اثناء علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انہیں گزشتہ کئی ہفتوں سے پانی کی سپلائی نہیں مل رہی ہے اور متعلقہ محکمہ اس مسئلہ پر کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔محکمہ جل شکتی کے متعلقہ حکام کے علم میں کئی بار لانے کے باوجود تحصیل انتظامیہ پونچھ علاقے میں پانی کی فراہمی کی خرابی کے بارے میں محکمہ کے ساتھ ساتھ تحصیل انتظامیہ اس مسئلہ کو دور کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔ احتجاج کے دوران تحصیلدار سرنکوٹ شیراز احمد چوہان جائے وقوعہ پر جا کر مسائل کا حل نکالا اور مقامی لوگوں کی شکایات کا ازالہ کیا ۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چند ہی دنوں میں مذکورہ علاقے میں پانی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔
 
 
 
 

ولیج ڈیفنس کمیٹی اراکین کیلئے تربیتی کیمپ 

محمد بشارت 
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن میں فوج کی جانب سے ایک تربیتی پروگرام کا اہتمام کیاگیا جس کے دوران ولیج ڈیفنس کمیٹی اراکین کو ہتھیاروں کی تربیت دی گئی ۔اس تربیتی پروگرام میں حبی و ملحقہ دیہات کے دو سو سے زائد اراکین نے شرکت کی ۔اس دوران بولتے ہوئے فوجی آفیسران نے کہاکہ فوج ملکی سرحدوں کی حفاظت کیساتھ ساتھ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے اور سماجی سطح پر لوگوں بالخصوص خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے بھی عملی اقداما ت اٹھا رہی ہے ۔مکینوں و ولیج ڈیفنس کمیٹی اراکین نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی عوامی امداد کے سلسلہ میں عملی اقدامات اٹھائے جائینگے ۔
 
 
 

کلالی میں کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر 

پرویز خان 
منجا کوٹ //منجا کوٹ کے کلالی گائوں میں کھیلا جارہا کرکٹ ٹورنا منٹ اختتام پذ یر ہو گیا جس میں ضیا کرکٹ کلب نے 25رنز سے کامیابی حاصل کرلی ۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ضیا کرکٹ کلب کی ٹیم نے مقررہ 20اوروں میں 135سکور کئے جس کے جواب میں پتراڑہ کرکٹ کلب کی ٹیم 110رنز ہی بنا سکی ۔میچ میں عبدالرحمان خان نے بہترین باولنگ کرتے ہوئے 4کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جس پر ان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔فائنل میچ کے دوران رکن انسانی حقوق تنظیم غلام مصطفیٰ بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جنہوں نے نوجوانوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ کھیلوں کی جانب زیادہ سے زیادہ توجہ دے کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں ۔
 
 
 
 

خواتین کی با اختیاری کیلئے اہم قدم 

محکمہ زراعت اور امید سکیم کے تحت منڈی میں ’اچاریونٹ قائم 

عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل منڈی کے علاقہ عظم آباد میں محکمہ زراعت اور امید سکیم کے تحت خواتین کو با اختیار اور روزگار کمانے کیلئے ’جیم پیکل ‘یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا جس میں علاقہ کی ہی رہنے والی ایک خاتون رخسانہ چوہدری کو محکمہ زراعت اور امید سکیم کے تحت یہ موقہ فراہم کیا گیا ۔اس یونٹ میں تحصیل کے مختلف علاقوں میںسے ہی مقامی پیداوار کو استعمال کر کے ’جیم اور اچار ‘تیار کر کے بازاروں میں فروخت کیا جائے گا ۔محکمہ زراعت کی جانب سے مقامی خاتون رخسانہ کو ایک لاکھ روپے سے زائد کی رقم سے خرید کردہ یونٹ دیا گیا جس میں سے اسے محکمہ کی جانب سے پچاس ہزار روپے سبسیڈی کے طور پر معاف کیا جائے گا۔ رخسانہ نے بتایا کہ وہ پڑھی لکھی ہیں اور اسے سرکاری نوکری نہ مل سکی جس کی وجہ سے اس نے خود کفیل اور اپنے پاوں پر کھڑے ہونے کیلئے محکمہ زراعت اور امید سکیم کے تحت اس یونٹ کا اپنے گھر میں قیام کر کے اپنی روزی روٹی خود کمانے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں جہاں مرد کام کاج کر کے اپنی روزی روٹی کماتے ہیں وہیں پر خواتین بھی کسی بھی میدان میں مردوں سے کم نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ محکمہ زراعت کے ضلع آفسر وینے ولاس کی شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے انہیں یہ موقعہ فراہم کیا۔ محکمہ زراعت کے آفسر وینے ولاس نے بتایا کہ محکمہ میں مختلف سکیمیں چلائی جارہی ہیں جس کے تحت یونٹس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔انہوں نے خواتین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ مذکورہ سکیموں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں ۔
 

منڈی میں محفلِ مولودِ امام مہدی ؑکا انعقاد

عشرت حسین بٹ
منڈی//پوری دنیا کے ساتھ ساتھ ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں بھی تنظیم المومنین اور خاتم الانبیا لایبریری منڈی کی جانب سے ولادتِ باسعادت حضرت امام مہدی ؑکی مناسبت سے ایک پرْ وقار محفل کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں نعت خواں اور منقبت خواں حضرات نے امامِ مہدی ؑ کی بارگاہ میں گلْہاے عقیدت پیش کر کے سامعین سے دادو تحسین حاصل کی۔ اس موقعہ پر امام جمعہ و جماعت جامعہ مسجد الصطفیٰ منڈی حجت الاسلام مولانا سید فرمان علی عابدی نے خطاب کرتے ہوئے امامِ مہدی ؑ کی زندگی کے گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پندرہ شعبان 255ہجری کو آپ کی ولادت ہوئی 260 ہجری کو آپ کی امامت کا آغاز ہوا جبکہ329ہجری میں آپ کی غیبتِ کبرا کا آغاز ہوا اور آج تک اللہ کے حکم سے پردہِ غیب میں ہیں ان کا کہنا تھا کہ قرآن مجید میں اللہ نے ارشاد فرمایا کہ اللہ نے جسکو باقی رکھا وہ مومنین کیلئے خیر ہے ان کا کہنا تھا کہ امامِ مہدی ؑ کو اللہ نے اپنے حکم سے غیب میں باقی رکھا ہے جو کہ مومنین کے لیے خیر ہیں ان کا کہنا تھا کہ امامِ مہدی ؑغیب سے اللہ کے حکم سے پوری دنیا کا نظام چلا رہے ہیں اور وہ اپنے تمام چاہنے والوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔مولانا کا کہنا تھا کہ جب قیامت پرپا ہوگی تو امامِ مہدی دنیا میں ظہور کریں گے اور ان کی اقتدا میں حضرت عیسیٰ ؑپانی پر نماز پڑھیں گے اور دنیا میں آج کے دور میں ہو رہی ظلم اور زیادتی کا خاتمہ ہوگا ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے ایمان دین اور دنیا کو مستحکم کرنے کیلئے امامِ مہدی ؑکے بتائے ہوئے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر اپنی زندگی بسر کریں تاکہ ان کی دنیا اور دین دونوں آباد ہو جائیں ۔اس موقہ پر عابد حسین صفوی لیاقت علی صفوی شبیہ الحسن وار محمد سبطین انصاری سید اعجاز موسوی تصدق بانڈے اور وسیم جعفر نے بھی امامِ مہدی کی بارگاہ میں نزرانہِ عقیدت پیش کیا۔
 
 

تھنہ منڈی میں محفل قرآن کریم کا انعقاد کیا گیا 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی کے امام و خطیب حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی کی نگرانی میں چودہ شعبان المعظم شب برات کے پربہار و بابرکت موقع پر غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی میں پہلی بار محفل شبینہ محفل قرآن کریم کا انعقاد کیا گیا جس میں نعیمی جامع مسجد عمر کالونی کنوئیاں تحصیل حویلی ضلع پونچھ سے متصل دارالعلوم نعیمیہ میں زیر تعلیم سات حفاظ کرام نے قرآن کریم کے تیس پارے سنانے کا شرف حاصل کیا۔ شبینہ قرآن پڑھنے والے حفاظ کرام میں حافظ محمد سلیم ساکن الال تھنہ منڈی نے 1 تا 5 ، حافظ محمد محمودرضا ساکن الال تھنہ منڈی نے 6 تا 10 ، حافظ محمد ارشد سکنہ ڈنہ تھنہ منڈی نے 11 تا 15 ، حافظ امجد علی سکنہ اندروٹھ راجوری نے 16 تا 20 ، حافظ محمد شوکت سکنہ ارناس ریاسی نے 21 تا 24 ، حافظ غلام مصطفی سکنہ سنجیوٹ پونچھ نے 26 تا 28 اور ننھے حافظ محمد حامد رضاسکنہ الال تھنہ منڈی نے 29 تا 30 پارے سنا کر اس متبرک شب کے فیوض و برکات حاصل کئے۔ رحمت و انوار سے لبریز یہ پروگرام جمعہ کے روز 12 بجے شروع ہو کر پورا دن و رات صبح ساڑھے چار بجے تک جاری رہا۔ سبھی حفاظ کرام نے تجوید الحروف و معرفت وقوف پر عمل کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا سامعین اچھی خاصی تعداد میں محظوظ ہوئے۔ حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی نے تھنہ منڈی میں پہلی مرتبہ اس نورانی و عرفانی محفل شبینہ کا انعقاد کیا جس پر انھیں علماء کرام اور عوام الناس کی جانب سے داد تحسین سے نوازا گیا۔ اس موقع پر دارالعلوم نعیمیہ کے نامور استاذ الحفاظ حافظ وقاری محمد اشرف نقشبندی ، حافظ محمد اسد رضا ، مولانا نصیر احمد علیمی، حافظ محمد اشتیاق، حافظ محمد نسیم رضا۔ مولانا زاہد رضا، مولانا محمد اسلم ،مولانا جاوید احمد، حافظ جنید اور محمد قاسم کے علاوہ فرزندان توحید کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ آخر میں قرآن کریم سنانے والے حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی اور انھیں انعامات سے بھی نوازا گیا۔پروگرام کا اختتام صلواتہ و سلام اور پوری دنیا میں آپسی بھائی چارہ اور بحالی امن کیلئے رقت آمیز دعا پر ہوا۔
 
 
 
 

سحر شکیل رینہ کو پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // وائس چانسلر شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی پروفیسر آر کے سنہا اور سنڈیکیٹ ارکان کی جانب سے سحر شکیل رینہ کو ڈاکٹر آف فلاسفی (پی ایچ ڈی) کی ڈگری سے نوازا گیا۔ سحر شکیل رینہ نے ڈاکٹر اے کے داس، فیکلٹی،شعبہ ریاضی شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی کی نگرانی میں ’’A Study on Some Relative Topological Properties‘‘ کے عنوان سے اس موضوع پر کام کیا ہے۔ ان کا تحقیقی کام SCI/SCIE جرائد میں شائع ہوا ہے۔ سحر شکیل رینہ کی کامیابی پر انکے والد ریٹائرڈ پرنسپل گورنمنٹ پی جی کالج راجوری پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمد رینہ کے علاوہ دیگر تمام رشتہ داروں اور اساتذہ نے خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن اور تابناک مستقبل کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔ سحر نے ڈپارٹمنٹ آف سائنس اور ٹیکنالوجی (DST) گورنمنٹ آف انڈیا کی جانب سے تمام سہولیات بہم پہنچانے اور پی ایچ ڈی کے دوران انھیں انسپائر فیلوشپ کے علاوہ ضروری تعاون فراہم کرنے کے لئے شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پروفیسر آر کے سنہا، وائس چانسلر، ایس ایم وی ڈی یو نے بھی سحر رینہ کو بے دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کی خواہش کی۔
 
 
 
 
 
 

دارالعلوم محمودیہ مینڈھر میں سالانہ جلسہ دستار بندی کا انعقاد

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر کی مشہور و معروف دینی علمی دانشگاہ دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھر ضلع پونچھ میں سالانہ تعلیمی، اصلاحی و روحانی اجلاس اور جلسہ دستار بند ی شب برات کے موقعہ پر منعقد ہوا جس میں منڈی، پونچھ، حویلی، سرنکوٹ، ہاڑی سمیت مینڈھر کے مختلف علاقوں؛ کھیتاں، اڑی، ہرنی، گلہوتہ، کیری، کانگڑہ، اوچھاد، منکوٹ، کالابن، نڑول، چھترال، گوہلد،بالاکوٹ وغیرہ مختلف جگہوں سے مختلف دینی، علمی، ادبی، سماجی شخصیات شامل ہوئیں۔ اجلاس جمعہ کے روز عصر سے شروع ہوکر رات دیر گئے جاری رہا۔ اس اجلاس کی نظامت کے فرائض مدرسہ کے استاذ مفتی طارق محمود رحیمی، اور مدرسہ کے سابق طالبعلم وحیدالزماں نے انجام دی ۔اجلاس کے دوران دارالعلوم محمودیہ مینڈھر کے سات منتخب طلبہ نے مختلف دینی، علمی فکری موضوعات پر قرآن و حدیث پر مشتمل اپنی اپنی تقریریں پیش کیں۔اس کے علاوہ اجلاس میں تلاوت کلام پاک، حمد، نعت و مناجات کا حسیں گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔پروگرام کی نشست اول کے مہمان خصوصی مولانا عابد حسین رحمانی پلانگڑھ راجوری جن کو سب سے پہلے گوجری زبان میں ترجمہ کرنے کا اعزاز حاصل ہے،نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں نے بہترین پروگرام پیش کیا ہے ۔ پروگرام کے اختتام پر پونہ مہاراشٹر سے آئے ہوئے مولانا مفتی محمد نعیم نے معاشرے کے اندر پائی جانے والی دین سے دوری، و بے راہ روی، اور معاشرے کی خرابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کی اصلاح کے طریق کو واضح کیا اور امت کو قرآنی تعلیمات اور سنت نبوی سے اپنا تعلق استوار رکھنے اور اہتمام کے ساتھ سیرت نبوی کا مطالعہ کرنے کی جانب توجہ مبذول کرائی، مہمان موصوف نے تلاوت، ذکر و اذکار، درود شریف کے اہتمام کی جانب خصوصی توجہ دلاتے ہوئے ان کی کثرت کرنے کی بار بار تلقین کی۔ مہمان موصوف کے پرمغز خطاب سے تمام حاضرین مستفیض ہوئے، اور مہمان موصوف کی تلقین پر توبہ و استغفار کے کلمات ادا کئے۔ اس کے بعد دارالعلوم محمودیہ کے تین شعبوں؛ انجمن اصلاح البیان، بزم حمد و نعت، لجن القراء و التجوید کے سالانہ پروگراموں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے درمیان ٹرافیز کی تقسیم کاری کا عمل شروع کیا گیا۔ شعبہ انجمن اصلاح البیان میں دو طلبہ؛ طارق محمود خان اڑی، ساجد اقبال بالاکوٹ نے اول پوزیشن ،محمد عابد خان بالاکوٹ، زاہد احمد خان کوٹاں نے دوم اور شعیب سلیم دھڑہ، بشارت حسین منجا کوٹ نے سوم پوزیشن حاصل اور ان کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ۔اس کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔اس دوران طارق محمود خان اڑی، محمد عابد خان بالاکوٹ، شعیب سلیم دھڑہ، عبیداللہ رضوان قاسم نگر مینڈھر کی دستاربندی بھی کی گئی ۔صدرِ اجلاس مولانا فتح محمد سینئر نائب صدر تنظیم علماء اہلسنت والجماعت ضلع پونچھ نے صدارتی خطاب کے دوران مدرسے کی مالیاتی روپورٹ پیش کی اور مدارس کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔
 
 
 
 

پونچھ کے نوجوان تربیت کے بعد ملازمت کیلئے منتخب 

پونچھ//پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے دیہاتوں کے متعدد طلباء کو ملازمت کے کچھ باوقار مواقعے فراہم کرنے کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ایک سرکاری بیان میںفوج نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں اور مقامی آبادی کو تعمیری سرگرمیوں میں شامل کرنے اور خطے کو ترقی کی طرف لے جانے کیلئے فوج ہمیشہ متعدد اقدامات اٹھاتی رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کرشنا گھاٹی بریگیڈ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے جس میں ضلع پونچھ کے سرحدی علاقوں کے نوجوانوں کو بڑی تعداد میں پیشہ ورانہ کورسز اور ملازمت کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ فوج نے مزید کہا کہ ایسے ہی ایک موقع پر فوڈ اینڈ کرافٹ انسٹی ٹیوٹ، نگروٹا کے اشتراک سے ’دی ہاسپیٹلیٹی مینجمنٹ کورس‘ کا انعقاد کیا گیا۔21 دسمبر 2021 سے 08 مارچ 2022 تک فوڈ اینڈ کرافٹ انسٹی ٹیوٹ میں دس ہفتے کا یہ کورس کرایا گیا جس کے ساتھ ضلع پونچھ کے سرحدی دیہات کھڑی کرمارہ، اجوٹے، جھلاس اور مینڈھر سے کل اکتیس طلباء کا انتخاب کیا گیا۔اب تک’ باربی کیو نیشن‘ دہلی کی طرف سے آٹھ طلباء کو انٹرن شپ کیلئے منتخب کیا گیا ہے اور پانچ طلباء کو رٹز مینور ہوٹل، جموں میں صنعتی تربیت کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔اس میں مزید کہا گیا کہ ان کی حوصلہ افزائی اور محنت کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے گلپور میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں ان کے تجربات اس علاقے کے دیگر لڑکوں اور لڑکیوں کے ساتھ شیئر کئے گئے۔
 
 
 
 

گندگی کے ڈھیر سے نوزائیدہ بچے کی لاش برآمد

سمت بھارگو
راجوری//راجوری قصبہ کے گوجرمنڈی علاقے میں ہفتہ کی شام ایک نوزائیدہ بچے کی لاش ندی کے قریب کچرا پھینکنے والی جگہ پر پڑی ہوئی ملی جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔پولیس کے مطابق کچھ لوگوں نے دیکھا کہ راجوری شہر کے عبداللہ پل کے نیچے درہالی ندی کے کنارے کچرے میں ایک نوزائیدہ بچے کی لاش پڑی ہے۔پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور بچے کی لاش کو قبضے میں لے کر گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں طبی و قانونی کارروائیاں جاری ہیں اور تحقیقاتی عمل کو حرکت میں لایا گیا ہے۔سٹیشن ہاؤس آفیسر راجوری فرید احمد نے بتایا کہ بچے کی لاش کو قبضے میں لے لیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔