مزید خبریں

منڈی کے بالائی علاقوں میں برفباری 

میدانی علاقوں میں بارش،سردی کی شدید لہر شروع 

عشرت حسین بٹ
منڈی// جمعہ کو ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ میدان علاقوں میں بارش کا سلسلہ رہا جسکی وجہ سے سردی میں کافی زیادہ شدت محسوس کی گئی اور عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔جمعہ کومنڈی کے بالائی علاقوں جن میں لورن ساوجیاں گگڑیاں ڈنہ اور آڑاء شامل ہیں میں ہلکی برف باری ہوئی جبکہ تحصیل کے میدانی علاقوں میں جمعہ کی صبح سے ہی برسات کا سلسلہ شروع ہواْ جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں کافی کمی آگئی اور تیز ہواؤں کی وجہ سے سردی میں کافی شدت محسوس کی گئی۔ سردی سے بچنے کیلئے عام لوگوں نے گرم ملبوسات بھی زیب تن کئے۔ اس دوران بازاروں میں بھی لوگوں کی چہل پہل کافی کم دیکھنے کو ملی۔ بارش کی وجہ سے عام لوگوں کی زندگی جہاں مفلوج ہو کر رہ گئی وہیں پر بعد دوپہر موسم نے اپنا مزاج پھر بدلہ اور بارش کا سلسلہ تھمتے ہی دھوپ نکل آئی۔ ادھر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے موسمْ سرما کے باضابطہ طور پر شروع ہونے سے قبل ہی آفسروں کا ایک اجلاس طلب کر کے ضلع کے بالائی علاقوں میں عوام کے لئے راشن تیل خاکی ،رسوئی گیس کا پیشگی انتظامات رکھنے کیلئے آفسروں کو ہدایات دیں تاکہ آنے والے وقت میں برف باری اور بارشوں کی وجہ سے ضلع کے دور دراز علاقوں میں رہ رہے لوگوں کو کسی بھی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ رواں برس میں قبل از وقت بدلتے موسم کے پیش نظر تحصیل منڈی کے بالائی علاقوں میں رہنے والی عوام نے بھی انتظامیہ سے بجلی راشن تیل خاکی اور بالن کو مہیا کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
 
   
 
 

دیوالی پر منڈی میں بجلی غائب رہی 

عشرت حسین بٹ
منڈی//دیوالی کے تہوار پر محکمہ بجلی کی جانب سے ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں نا معلوم وجوہات کی بنا پر بجلی سپلائی بند رکھی گئی جس کی وجہ سے روشنی کا یہ تہوار محض چراغوں سے روشن رہا۔منڈی تحصیل میں محکمہ بجلی کی جانب سے نامعلوم وجوہات کی بنا پر بجلی سپلائی بند رکھی گئی جس کی وجہ سے عام لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور روشنی کا یہ تہوار اندھیر کے مترادف رہا۔ سرپنچ منڈی مبشر حسین بانڈے نے بتایا کہ جمعرات کو دیوالی کا تہوار تھا جسے منڈی تحصیل کے ہندو مسلم سکھ مل کر مناتے ہیں اور ہر طرف چراغاں کر کے روشنی کرتے ہیں جہاں روشنی کا تہوار تھا وہیں پر محکمہ بجلی کی جانب سے جمعرات کو پورے دن اور شب میں بھی بجلی کی سپلائی بند رہی جس کی وجہ سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ اس تہوار کو مذہبی عقیدت و احترام سے منانے والے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ان کا کہنا تھا کہ جب بھی کبھی اس طرح کے تہوار ہوتے ہیں تو محکمہ بجلی غفلت شعاری برتا ہے جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
 
   
 
 

  ضلع انتظامیہ نے ترقیاتی عمل کی پیش رفت کا جائزہ لیا 

پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے ضلع افسران کے ساتھ اجلاس منعقد کر کے فلیگ شپ پروگرام بیک ٹو ولیج کے تحت منظور شدہ کاموں کی مالی حالت پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران انہوں نے بیک ٹو ولیج دو کے کاموں سے متعلق مختلف امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا جس میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت گرامین مکانوں کی تکمیل اور منریگا کے کاموں کی حالت، تمام زیر التوا کاموں کی تکمیل، اور ترقیاتی کاموں سے متعلق دیگر مختلف مسائل شامل ہیں۔ میٹنگ کے دوران، ڈی ڈی سی نے بیک ٹو ولیج کے تیسرے دور کے کاموں کے تخمینہ، ٹینڈرنگ، الاٹمنٹ اور تکمیل کے حوالے سے بلاک کے حساب سے تفصیلی اور اپ ڈیٹ کردہ اعداد و شمار طلب کیے، اس کے علاوہ اگر کہیں کاموں کی انجام دہی میں رکاوٹ بن رہا ہے تو ان مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں مختلف ایجنسیوں میں کل 825 کاموں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں آر ڈی ڈی کے 526، پی ڈبلیو ڈی کے 13، پی ڈی ڈی کے 237، جل شکتی کے 27 اور جی ڈبلیو ڈی کے 22 کاموں کی اب تک 819 ٹینڈرز کی جاچکی ہیں۔ 580 الاٹ اور 188 مکمل ہو چکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بی ڈی اوز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ مقررہ مدت کے اندر صد فیصد اہداف حاصل کریں اور متعلقہ ایگزیکٹو ایجنسیوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ تمام پی ایم اے وائی مکانات مکمل کریں اور تمام بے گھر دیہاتیوں کو مارچ 2022 تک فراہم کریں اور مقررہ مدت میں اس کی تکمیل کریں۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر پنچایت شفیق میر، اے ڈی پلاننگ ایم اے خان، ایکسئن پی ڈبلیو ڈی پرویز ملک، ایکسئن پی ڈی ڈی ارشاد حسین، تمام بی ڈی اوز، اے ای ای، جے ای ای کے علاوہ تمام متعلقہ افراد نے شرکت کی۔