مزید خبریں

لداخ میں کووِڈ-  19 کے3نئے کیس ظاہر

لیہہ//لداخ میں کووِڈ- 19کے مزید تین نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی اس وباء کے پھوٹ سے اب تک خطے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 28205 ہوگئی ہے۔اس دوران دس مریضوں کو اسپتالوں سے صحتیاب ہوکر گھروں کور وانہ کیاگیااوراس طرح خطے میں کووِڈ- 19سے متاثرہ لوگوں کے شفایاب ہونے کی تعداد27944ہوگئی ۔حکام کے مطابق اتوار کوبھی خطے میں اس وباء سے کسی کے فوت ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔خطے میں اب تک اس وباسے228لوگ فوت ہوئے ہیں جن میں 168کاتعلق لیہہ سے تھاجبکہ60افراد کرگل کے تھے۔تین نئے معاملے لیہہ میں پائے گئے جبکہ ضلع میں فعال کورونا مریضوں کی تعداد31ہے اورکرگل میں دوفعال مریض ہیں۔
 
 

ڈائریکٹراکائونٹس اینڈٹریجریززیرالتواء ادائیگیوں پرابہام کودور کریں:فیڈریشن چیمبرآف انڈسٹریزکشمیر

سرینگر// حکومت کی طرف سے ’سپلائی اورکاموں کی ادائیگی ‘نہ ہونے کی وجہ سے صنعتی شعبے کو اس وقت سخت مشکلات کا سامنا ہے۔اس بات کااظہار فیڈریشن چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریزکشمیر نے ایک بیان میں کیا ہے۔حکومت نے متعلقہ یونٹ ہولڈروں سے مختلف کام کروائے جن کی ابھی تک ادائیگی نہیں ہوئی ۔اس کے علاوہ انتظامی یاتیکنیکی منظوری کے بغیر محکموں کی طرف سے کئے گئے کاموں کی ادائیگی بھی التوامیں ہے ۔بیان میں کہاگیا ہے کہ ڈائریکٹر اکائونٹس اینڈٹریجریز نے حال ہی میں ٹریجری افسروں کے ساتھ ادائیگیوں کے معاملے پر میٹنگ کی ۔ میٹنگ کے دوران تمام ٹریجری افسروں پرزوردیاگیا کہ وہ ادائیگیاں جی ایف آر اورحکومت کے محکمہ خزانہ کی طرف سے وقت وقت پر جاری کئے گئے ضوابط کے تحت کریں تاکہ شفافیت لائی جائے۔اس کے علاوہ انہیں بتایا گیا کہ وہ  مالی ڈسپلن کوفروغ دینے کیلئے اخراجات کی کیپ سے متعلق حکومتی احکامات پر عمل کریں اورخریداری جی ای ایم ،انتظامی منظوری اور تیکنیکی منظوری کے بعد کریں۔ فیڈریشن چیمبرآف انڈسٹریز کشمیر نے کہا کہ ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ حکومت نے کام کروائے جن کی ادائیگی نہیں ہوئی اورپہلے ہی کام اور سپلائز کے کام کروائے گئے جن کی انتظامی اور تیکنیکی منظوری حاصل نہیں تھی ۔یونٹ ہولڈروں نے اچھی نیت کے ساتھ  حکومت کے محکموں کے احکامات کی تعمیل میںکام کیا  اور اس کی ادائیگی ابھی تک حکومت کے ذمہ ہے ۔ایک طرف ڈائریکٹر اکائونٹس اینڈٹریجزیزحکم جاری کرتے ہیں کہ ایسے کاموں کیلئے کوئی ادائیگی نہیں ہوگی ۔ان احکامات سے تجارتی طبقہ کاحکومت پر سے اعتماداوربھروسہ ختم ہوا ہے جہاں حکومت کی ضمانت بے معنی ثابت ہوئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتی احکامات کے تحت کنٹریکٹ اورسپلائز کی ادائیگی کے شیڈول پر عمل کیاجانا چاہیے.۔تاخیر سے ادائیگی کے قانون کے لاگو ہونے کے باوجود کاروباریوں کووقت پرادائیگیاں نہیں کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے انہیں بھاری نقصان اُٹھاناپڑرہا ہے اورقرض خواہوں اوربینکوں کے پاس ان کی شہرت کو دھچکا لگتا ہے۔فیڈریشن چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹریزکشمیر نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈائریکٹر اکائونٹس اینڈٹریجزیززیرالتواء ادائیگوں کے معاملوں کو دیکھیں ۔
 

کورونا  کے17اضلاع میں صفر کیسز

۔3اضلاع میں کل 12،جموں7، سرینگر میں5

پرویز احمد 
 
سرینگر //جموں و کشمیر میں کے 17اضلاع میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر  3اضلاع میں 12افراد کی رپورٹیں مثبت قرار دی گئی ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 53ہزار 562افراد تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران مسلسل 8دن بھی وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4750بنی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ سوموار کو کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے26ہزار 47ٹیسٹ کئے گئے جن میں 12افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں جموں میں 7جبکہ کشمیر میں 5افراد کی رپورٹیں مثبت قرار دی گئی ہیں۔ کشمیر صوبے کے  9اضلاع جن میں بارہمولہ، بڈگام ، اننت ناگ ، کپوارہ بانڈی پورہ، پلوامہ، کولگام ،گاندربل اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ سرینگر شہر میں 5افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ سرینگر شہر میں مثبت قرار دئے گئے 5افراد میں سے 4بیرون ریاستوں سے سفر کرکے کشمیر پہنچے جبکہ دیگر ایک مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوا ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 87ہزار 334ہوگئی ہے۔ اس دوران وادی میں مسلسل 24ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2423بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے ادھمپور ، راجوری، پونچھ، کشتواڑ، سانبہ، رام بن، کٹھوعہ اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 2اضلاع میں 7افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے سبھی 7افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متاثر ہونے والے 7افراد میں ضلع جموں میں 6جبکہ ڈوڈہ میں ایک متاثر ہوا ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 66ہزار 228ہوگئی ہے۔ جموںصوبے میں مسلسل 9ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2327بنی ہوئی ہے۔ 
 

بھارت میں تعداد1,549، ہلاکتیں31

یو این آئی
 
نئی دہلی//ملک میں ہلاکت خیز عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ تعداد 1,134 سے گھٹ کر 25,106 رہ گئی۔ 181 کروڑ 24 لاکھ 97 ہزار 303 افراد کو کووڈ ویکسین دی جاچکی ہے ۔ کووڈ وائرس کے ایک ہزار 549 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 25 ہزار 106 تک پہنچ گئی ہے ۔ اسی مدت میں 31 ہلاکتیں بھی ہوئیں۔
 
 
 

میر اور درخشاں اندرابی کی نوروز پر لوگوں کومبارکباد

سرینگر// جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی)کے صدر جی اے میرنے پیر کو لوگوں کو نوروز کے موقع پر مبارکباد دی۔اپنے پیغام میں میر نے کہا کہ نوروز ایک خاص موقع ہے جو ملک میں بالعموم اور جموں و کشمیر میں خاص طور پر دوستانہ ثقافت کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ملک میں رہنے والے مختلف طبقوں کے درمیان اتحاد کے رشتے کو بھی تازہ کرتا ہے، جس سے بھائی چارے اور اتحاد کو تقویت ملتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ’ مجھے امید ہے یہ امن، استحکام اور لوگوں کی خوشحالی کا باعث بنے گا۔ جے کے پی سی سی صدر نے دعا کی کہ نوروز کا موقع جموں، کشمیر اور لداخ کے لوگوں کے لیے خوشی اور خوشحالی لائے۔ادھر جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے نوروز کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی اور خواہش کی کہ یہ دن پوری دنیا میں امن، خوشحالی اور خیر سگالی کے دور کا آغاز ہو۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے امن اور ترقی کے لیے دعا کی۔ ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا کہ’ہم سب کو ان مواقع پر امن اور ہم آہنگی کے لیے اپنے آپ کو دوبارہ وقف کرنے کی ضرورت ہے‘۔
 
 
 

ایس بی ہسپتال ریگی پورہ میں داندان شعبہ کا افتاح 

اشرف چراغ 
 
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ میں سالہاسال سے قائم ایس بی اسپتال ریگی پورہ میں جدید آلات سے لیس شعبہ دندان کا افتاح کیا گیا۔اس موقع پر ضلع کے معزز لوگو ں کے علاوہ سول سوسائٹی اور ٹریڈرس فیڈریشن کے زعماء نے شر کت کی ۔افتاحی تقریب اس وقت وہا ں پر موجود شرکا کی توجہ کی مرکز بن گئی جب ایک کمسن بچی نے ربن کاٹ کراس کا افتتاح کیا ۔اسپتال کے سر براہ اور معروف ڈاکٹر غلام محمد شیخ نے کہا کہ ان کا مقصد ہے کہ اس دور دراز ضلع کے لوگو ں کو اسپتال سے براہ راست فائدہ پہنچ سکے اور اب تک یہا ں پر ہزارو ں مریضوں کا علاج و معالجہ کیا گیا جبکہ ماہر ڈاکٹر وں کی خدمات حاصل کر کے سینکڑوں مریضوں کی سر جری انجام دی گئی ۔انہو ں نے کہا کہ آج بھی اسی مقصد کے تحت ایس بی اسپتال میں جدید آلات سے لیس دندان شعبہ کا افتاح کیا گیا اور اس میں ڈینٹل سر جن تعینات کیا گیا ۔
 
 

ادارہ اسلامی یتیم خانہ باتر گام میں کئی حفاظ کی دستار بندی 

اشرف چراغ 
 
کپوارہ//کپوارہ قصبہ سے 3کلو میٹر دور باتر گام میں قائم ادارہ اسلامی یتیم خانہ بیت الیتامیٰ والمساکین میں سالانہ اجتماع منعقد کیا گیا جس میں وادی اور بیرون وادی کے مقتدر علماکے علاوہ لوگو ں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر کئی حفاظ کی دستار بندی کی گئی ۔اس موقع پر مہتم مدرسہ کاشف العلوم گوس قاری محمد حسین دانش نے اجتماع کی صدارت کی ۔مدرسہ میں زیر تعلیم یتیم بچوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کر کے سامعین کو محظوظ کیا جبکہ حفاظ کی دستار بندی کی گئی ۔ناظم اعلیٰ ادارہ اسلامی یتیم خانہ بیت الیتامیٰ والمساکین مفتی موسیٰ نے کہا کہ انہو ں نے اس ادارے کو رضائے الٰہی کے لئے قائم کیا ہے اور اب تک اس ادارے میں درجنو ں یتیم بچوں نے اسلامی تعلیم حاصل کرنے کے علاوہ قرآن پاک حفظ کیا ۔مفتی موسیٰ نے کہا کہ اسلامی تعلیم کا مقصد یہ ہے کہ انسانی معاشرے کو ایک ایسا ضابطہ حیات ملے جو اللہ اور اس کے رسول پر کامل ایمان و اعتقاد سے ہم آہنگ ہو ۔قاری دانش نے کہا کہ اسلامی تعلیم یہی ہے کہ وہ نوجوانو ں میں ذہنی ،علمی اور دماغی صلاحیتو ں کو اعلیٰ انسامی اقدار پر استوار کرتا ہے ۔اسلامی نظام تعلیم ایک بلند نصب العین رکھتا ہے اور وہ یہ ہے کہ معاشرے میں نیکی کے رویے کو رائج کریں۔