مزید خبریں

اپنی پارٹی خواتین ونگ کا وفد صلاحکار بھٹناگر سے ملاقی 

نمبرتہ نے اسمبلی حلقہ گاندھی نگر میں سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ کیا

جموں//اپنی پارٹی خواتین ونگ کا ایک وفد صوبائی صدر جموں نمرتہ شرما کی قیادت میں کل لیفٹیننٹ گورنر کے صلاحکار راجیو رائے بھٹناگر سے ملاقی ہوا۔ وفد میں نائب صدر پونیت کور، جیوتی وید، ضلع صدر سربجیت کور، ضلع نائب صدر امت چوہدری اور صوبائی سیکریٹری پروندر کور شامل تھیں۔ میٹنگ کے دوران نمرتہ نے اسمبلی حلقہ گاندھی نگر میں لوگوں کو درپیش متعدد ترقیاتی مسائل کو اُجاگر کیا۔ موصوفہ نے سینک کالونی، جیون نگر، نئی بستی اور دیگر علاقہ جات میں بھی سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ کیا اور کہاکہ حکومت کے رہنما خطوط کے مطابق سڑکوں کی تعمیر ومرمت اور بلیک ٹاپنگ نہیں ہورہی جس وجہ سے خزانہ عامرہ کا غلط استعمال ہورہا ہے۔ عوامی بہبود کے لئے ٹھیکیداروں کی اِس سا ز باز کو ایکسپوز کرنے کی ضرورت ہے۔ نمرتہ شرما نے عوامی نوعیت کے دیگر کئی امور بھی ایل جی صلاحکار کی نوٹس میں لائے جنہیں موصوف نے مرحلہ وار طریقے سے حل کرانے کا یقین دلایا۔
 

این سی جموں وکشمیر کے سیکولر تانے بانے کو مضبوط رکھنے کیلئے پرعزم :بابو رام پال 

جموں //نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کے سیکولر تانے بانے کو مضبوط رکھنے کیلئے پرعزم ہے اور اس کیلئے پارٹی کے لیڈران اور ورکران محنت اور لگن سے اپنا کام انجام دیتے رہیں گئے ۔ان باتوں کا اظہار سابق وزیر اور نیشنل کانفرنس کے نئے سنٹرل زون (جموں، سانبہ اور کٹھوعہ) کے صدر نے عہدیداروں کے ساتھ اپنی پہلی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔بابو رام پال نے اپنے خطاب کے دوران سنٹرل زون کے تمام نئے نامزد عہدیداروں کا خیرمقدم کیا اور انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے انہیں اہم سیاسی منظر نامے کے بیچ ایک انتہائی مشکل کام سونپا ہے اور اب سب پر نظر ہے کہ وہ پارٹی کو گراس روٹ لیول پر مضبوط کرنے کیلئے دیانتداری اور لگن سے کام کریں۔
انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے حقیقی مسائل کو اجاگر کریں جو عام آدمی کی معمول کی زندگی کو بری طرح متاثر کررہے ہیں۔
؎انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس سیکولرازم، سوشلزم اور جمہوری اقدار کی حمایت کرتی ہے اور خطے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش کا پوری طاقت سے مقابلہ کیا جائے گا۔ رام پال نے مزید کہا ’’ہمیں متحد ہو کر جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے اتحاد، سالمیت، امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے۔‘‘ انہوں نے پارٹی کیڈر پر زور دیا کہ وہ نیشنل کانفرنس کے سیاسی اخلاق کو برقرار رکھنے کے لیے جوش اور لگن کے ساتھ کام کریں۔
 

کالی ماتا مندر کٹھوعہ میں کلچرل اکیڈمی کا کلچرل پروگرام منعقد 

نیوز ڈیسک 
جموں // جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگوئجز کی جانب سے کٹھوعہ کے جسروٹا کالی ماتا مندر میں ایک کلچرل پروگرام کا اہتمام کیا گیا’ یہ پروگرام ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کے سلسلے میں پیش کیا گیا۔اس پروگرام میں مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کر کے فنکاروں کو سنا اور ان کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر کالی ماتا مندر مینجمنٹ کمیٹی کے صدر جگدیش سنگھ جسروٹیا مہمان خصوصی تھے ،جنہوں نے جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگوئجز کی طرف سے ثقافتی پروگرام کو مذہبی مقام تک پہنچانے کی کوششوں کی ستائش کی۔ فنکاروں کے کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر فنکار نے اپنی  جادوئی اداکاری سے سب کا دل جیت لیا ہے ۔اس موقع پرجموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگوئجز سب آفس کٹھوعہ کے سنجیو گپتانے کہا کہ ہم جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے فن اور ثقافت کے تحفظ اور فروغ کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد اپنی ثقافت کو ہر گھر تک پہنچانا ہے تاکہ نوجوان نسل اس سے واقف ہو۔انہوں نے کہا کہ کٹھوعہ میں یہ دوسرا پروگرام ہے اور ہم نے آنے والے دنوں میں کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع میں مزید ثقافتی پروگرام کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔